جموں و کشمیر
ٹنل کے آرپارخشک اورگرم ترین موسمی صورتحال کاازالہ،دوران شب سے موسلا دار بارش
سڑکیں وگلی کوچے زیرآب،معمول کی سرگرمیاں اثرانداز
کچھ بالائی مقامات پر ہلکی برف باری،مغل روڈ اور بانڈی پورہ گریز سڑک پرٹریفک معطل
سری نگر :جے کے این ایس : موسمیاتی ماہرین کی پیشگوئی کے عین مطابق جموں وکشمیرمیں کہیں جمعہ کو شام دیر گئے توکہیں دوران شب تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ اس دوران رازدان ٹاپ،پیرکی گلی ،سنتھن ٹاپ اور دیگر کچھ بالائی مقامات پر ہلکی برف باری ہوئی۔تازہ برف وباراں سے جہاں جموں وکشمیرکو خشک اور گرم ترین موسم سے راحت ملی اورآبی ذخائر مالامال نیز کھیت کھلیان خوشحال ہوئے،وہیں ہفتہ کی صبح اور پھردن بھر سری نگرسمیت بیشتر علاقوںمیں بارشوں کا پانی جگہ جگہ جمع ہونے سے معمول کی سرگرمیاں اورنقل وحمل اثرانداز ہوئی۔تازہ برف باری کے پیش نظر حکام نے مغل روڈ اورگریز،بانڈی پورہ روڈکے ساتھ ساتھ سری نگر لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کو بطور احتیاطی اقدام کے جزوی طور پر معطل کردیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق سری نگرسمیت کشمیر وادی کے بیشتر میدانی علاقوں اور بالائی مقامات پر بارش اور برف باری کاتازہ سلسلہ جمعہ کو رات دیر گئے شروع ہوا ،پوری رات تیز اور موسلا دار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا،اور ہفتہ کی صبح کچھ وقت تک موسم خشک رہنے کے بعد بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا۔اس دوران رات کے وقت رازدان ٹاپ،پیر کی گلی اوردیگر کچھ بالائی مقامات پر تازہ مگر ہلکی برف باری ہوئی جبکہ سنتھن ٹاپ پر ہفتہ کی صبح برف باری شروع ہوگئی ۔اُدھر کشتواڑضلع کے سکھانی وڑون گاﺅںمیں کئی اینچ برف باری ہونے کی اطلاع ملی جبکہ خراب موسم کے درمیان راجوری میں ہفتہ کو تمام پرائمری و مڈل اسکول بند رہے۔اُدھر جموںخطے کے بیشتر علاقوںمیں بھی دوران شب سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا اور ہفتے کو جاری رہا۔ برف باری اور موسلا دھار بارش کے ایک تازہ سپیل نے ہفتے کے روز جموں و کشمیر میں معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا، جبکہ ابترموسم نے حکام کو اہم راستوں پر ٹریفک معطل کرنے اور موسمی حکام کو لینڈ سلائیڈنگ، تیز سیلاب اور تیز ہواو ¿ں کی وارننگ جاری کرنے پر مجبور کر دیا۔شمالی کشمیر میں رازدان ٹاپ اور مغل روڈ کے ساتھ پیر کی گلی میں برف باری کی وجہ سے بالترتیب گریزبانڈی پورہ روڈ اور پونچھ وراجوری کوشوپیان سے جوڑنے والے مغل روڈ ٹریفک معطل ہو گئی۔ حکام نے بتایا کہ پھسلن اور برفانی تودے گرنے کے خطرے کی وجہ سے بندش احتیاطی تھی۔محکمہ ٹریفک کے ایک اہلکار نے بتایا کہ رازدان ٹاپ پر برف باری کی وجہ سے احتیاطی اقدام کے طور پر گریزبانڈی پورہ سڑک پر نقل و حرکت روک دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک اگلے احکامات تک معطل رہے گی۔
دریں اثناءحکام نے تصدیق کی کہ مغل روڈ، جو پونچھ اور راجوری کو شوپیاں سے جوڑتی ہے، پیر کی گلی میں تازہ برف باری کی وجہ سے بند ہو گئی ہے، ۔تاہم رام بن اور بانہال میں بارشوںکا سلسلہ جاری رہنے کے باوجود سری نگرجموں قومی شاہراہ پر گاڑیوںکی آمدورفت جاری رہی ۔ایک سرکاری عہدیدار نے مزید کہا کہ مسافروں کی آمدورفت دونوں ا طراف یعنی جموں سے سری نگر اور سری نگر سے جموں کی طرف چل رہی ہے ۔حکام نے بتایاکہ پورے قومی شاہراہ شدید بارش ہورہی ہے۔ سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ مسافروں کو لین کے نظم و ضبط پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، کیونکہ اوور ٹیکنگ سے بھیڑ ہو گی۔حکام نے بتایاکہ رام بن ضلع میں، ژالہ باری کے ساتھ موسلا دھار بارش نے ٹریفک کو درہم برہم کر دیا، نشیبی علاقوں میں سیلاب آ گیا اور روزمرہ کی زندگی درہم برہم ہو گئی۔ سرینگر شہر کے کچھ حصوں میں بھی ہلکی سے موسلادھار بارش ہوئی جس سے مسافروں کو پناہ لینے پر مجبور کیا گیا اور معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔دریں اثنا، وادی کشمیر اور لداخ کے درمیان اسٹریٹجک گیٹ وے زوجیلا پاس پر بھی برف باری ہوئی اور اسے گاڑیوں کی آمدورفت کےلئے بند کر دیا گیا۔ بندش سے سرحدی علاقے میں اور جانے والی ضروری سپلائی لائنز متاثر ہو سکتی ہیں۔موسمیاتی مرکز سری نگرکے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختاراحمد نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔انہوںنے بتایاکہ سری نگرسمیت کشمیرکے بیشتر علاقوںمیں اوسط 20 سے22ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی جبکہ پونچھ میں 39 ملی میٹر ، بارہمولہ میں22 ملی میٹربارش ہوئی اورادھر سانبہ میں72 کلومیٹر فی گھنٹہ، جموں میں 65 کلومیٹر فی گھنٹہ اور کٹھوعہ میں 58 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں۔
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر پولیس کی خاتون فالوور سمیت تین افراد منشیات اور پستول کے ساتھ گرفتار
جموں، جموں ضلع میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران پولیس نے ایک خاتون فالوور سمیت تین افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ہیروئن اور پستول برآمد کیے ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ شہر کے مضافاتی علاقے میران صاحب میں اندرا نگر کے قریب بالول ناکہ پر گاڑیوں کی تلاشی کے دوران تقریباً 15 گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ معمول کی چیکنگ کے دوران پولیس ٹیم نے ایک اسکوٹی کو روکا، جسے شمیم بیگم چلا رہی تھیں۔ وہ ڈک بنگلو، مرالیان کی رہائشی ہیں۔
تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے تقریباً 15 گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد ہوا۔ شمیم بیگم جموں و کشمیر پولیس میں فالوور کے عہدے پر تعینات ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اس کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ جموں پولیس کسی بھی شخص کے عہدے یا وابستگی سے قطع نظر قانون پر غیر جانب دارانہ عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے پابند عہد ہے۔
دریں اثنا، گاندھی نگر علاقے کے دگیانہ صنعتی علاقے میں گشت کے دوران دو دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کی ایک ٹیم ہائی وے روڈ کے قریب گشت کررہی تھی کہ اس نے دو افراد کو مشتبہ حالت میں گھومتے ہوئے دیکھا۔ پولیس کو دیکھ کر دونوں نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم انہیں پکڑ لیا گیا۔
تلاشی کے دوران سامبا ضلع کی تحصیل بڑی برہمنہ کے پلی گاؤں کے رہائشی ونسھ شرما کے قبضے سے ایک پستول، جیب میں رکھنے والی ڈیجیٹل ترازو مشین اور تقریباً 100 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
اسی طرح سامبا ضلع کی تحصیل بڑی برہمنہ کے پلی ٹانڈہ کے رہائشی یوگیشور سنگھ کے قبضے سے ایک دیسی ساختہ پستول (دیسی کٹا) اور تقریباً 13 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
پولیس نے برآمد شدہ منشیات اور ہتھیاروں کو ضبط کرلیا ہے، جبکہ گاندھی نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مزید تفتیش جاری ہے، تاکہ منشیات اور غیر قانونی ہتھیاروں کے ذرائع کا پتہ لگانے کے ساتھ ساتھ اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی شناخت بھی کی جاسکے۔
جموں پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ معاشرے کو منشیات اور جرائم سے پاک رکھنے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر: ہانگل کے افزائشی موسم کے دوران داچی گام نیشنل پارک سیاحوں کے لیے بند
سرینگر، خطرے سے دوچار کشمیری ہرن ہانگل کو اس کے افزائشی موسم کے دوران انسانی مداخلت سے بچانے کے لیے داچی گام نیشنل پارک میں اکتوبر کے مہینے کے دوران سیاحوں اور دیگر افراد کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ایک حکم نامے کے مطابق، نیشنل پارک میں داخلے کی اجازت 31 اکتوبر تک معطل کردی گئی ہے۔
یہ حکم سرینگر کے وائلڈ لائف وارڈن، سینٹرل ڈویژن کی سفارش پر جاری کیا گیا، جس کی کشمیر ریجن کے ریجنل وائلڈ لائف وارڈن نے توثیق کی۔
ایک ماہ تک نافذ رہنے والی اس پابندی کا اطلاق تمام سیاحوں، زائرین اور دیگر افراد پر ہوگا۔ تاہم، ضروری محکمہ جاتی فرائض انجام دینے والے اہلکاروں، جنگلی حیات کے تحفظ اور انتظامی کارروائیوں میں مصروف افراد، ہنگامی حالات میں کام کرنے والوں اور مجاز اتھارٹی کی خصوصی اجازت سے سرگرمیاں انجام دینے والے افراد کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اس مدت کے دوران داخلے کی اجازت صرف سخت نگرانی میں اور ضرورت کے مطابق کم سے کم تعداد میں دی جائے گی۔
سرینگر کے وائلڈ لائف وارڈن، سینٹرل ڈویژن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ داخلی دروازوں، چیک پوسٹوں اور فیلڈ عملے کو ضروری ہدایات دے کر حکم نامے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں، غیر مجاز داخلے کو روکیں اور پابندی کے بارے میں وسیع پیمانے پر لوگوں کو مطلع کریں۔
حکام نے بتایا کہ داچی گام نیشنل پارک میں اکتوبر کے دوران عائد کی گئی پابندی کا مقصد ہانگل کے افزائشی موسم میں انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنا ہے۔ یہ مدت ہانگل کے افزائش نسل کے دور میں انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ اس اقدام سے اس نایاب نسل کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔
داچی گام نیشنل پارک ہانگل کی بقا کا سب سے اہم مرکز ہے، تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ یہاں کی آبادی کا ترال کے شکار گاہ علاقے، ترال وائلڈ لائف سینکچری اور اننت ناگ کی اوویرا وائلڈ لائف سینکچری میں موجود ہانگل کے چھوٹے گروہوں سے رابطہ بڑی حد تک منقطع ہوچکا ہے۔
نیشنل پارک کی عارضی بندش ہانگل، جسے کشمیری ہرن بھی کہا جاتا ہے، کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کے درمیان عمل میں آئی ہے۔ یہ ہرن خطے کی نمایاں اور معدومیت کے شدید خطرے سے دوچار جنگلی حیات کی نسلوں میں شمار ہوتا ہے۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہانگل کی آبادی میں حوصلہ افزا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس کی تعداد 2015 میں 183 تھی، جو 2025 میں بڑھ کر 323 ہوگئی۔ تاہم، اس نسل کو اب بھی تحفظ کے حوالے سے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ اسے وائلڈ لائف (پروٹیکشن) ایکٹ، 1972 کے شیڈول اوّل میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (آئی یو سی این) نے اسے معدومیت کے انتہائی شدید خطرے سے دوچار نسل قرار دیا ہے۔
گزشتہ چار سے پانچ دہائیوں کے دوران ہانگل کی آبادی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ غیر قانونی شکار، مویشیوں کے ساتھ خوراک اور وسائل کے لیے مسابقت، قدرتی مسکن کی تباہی اور اس کے مختلف حصوں میں تقسیم ہوجانے کو اس کمی کی اہم وجوہات قرار دیا گیا ہے۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
سوپور کے جنگلات سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد
سری نگر، شمالی کشمیر کے سوپور سب ڈویژن میں ہفتہ کے روز پولیس نے جنگلاتی علاقے سے اسلحہ، گولہ بارود، دستی بم اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی) کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کیا۔
پولیس کے مطابق، مخصوص خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سوپور پولیس نے مکہم چرہار کے جنگلاتی علاقے میں محاصرہ اور تلاشی کی کارروائی (کاسو) شروع کی۔ یہ علاقہ پولیس اسٹیشن بومئی کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تلاشی کے دوران ایک بڑے پتھر کے نیچے چھپایا گیا نیلے رنگ کا ڈرم اور ایک بیگ ملا، جس میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد رکھا ہوا تھا۔ اس کے بعد مشتبہ دھماکہ خیز مواد کی جانچ اور اسے محفوظ طریقے سے سنبھالنے کے لیے بم ناکارہ بنانے والے دستے کو طلب کیا گیا۔
برآمد شدہ مواد میں دو اسالٹ رائفلیں، ایک اے کے 47 اور ایک اے کے 76، سات میگزین اور گولہ بارود، چار پستول بمعہ میگزین اور گولہ بارود، پانچ راؤنڈ کے ساتھ ایک ملٹی گرینیڈ لانچر اور 11 دستی بم شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ریموٹ کنٹرول سے لیس تین دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی)، آٹھ ڈیٹونیٹر، دو ٹائمر اور دھماکہ خیز مواد تیار کرنے میں استعمال ہونے والے دیگر اجزا، جن میں پرائما کورڈز، تاریں اور بیٹری سیل شامل ہیں، بھی برآمد کیے گئے۔ ایک وائی ایس ایم ایس سیٹ اور دیگر لوازمات بھی ضبط کیے گئے۔
پولیس نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کی دفعات 13، 18، 20 اور 23، آرمز ایکٹ کی دفعات 7/25 اور ایکسپلوسیو سبسٹینسز ایکٹ کی دفعہ 5 کے تحت پولیس اسٹیشن بومئی میں ایف آئی آر نمبر 66/2026 درج کرلی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ برآمد شدہ مواد کے ماخذ اور اس کے ممکنہ استعمال کا پتہ لگانے، اسے چھپانے کے ذمہ دار افراد کی شناخت کرنے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں سے اس کے ممکنہ روابط کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یواین آئی۔ ط ا
-
کھیل1 week agoپاکستان کو 19 رن سے شکست دے کر ہندوستان نے ایشیائی کھیلوں کی کرکٹ کا طلائی تمغہ جیتا
-
ہندوستان1 week agoمودی حکومت غیر قانونی ہے، دوبارہ انتخابات کرائے جائیں: کھڑگے
-
دنیا1 week agoیمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائیاں، 1540 ہلاک و زخمی ہونے کا دعویٰ
-
دنیا1 week agoایران کا مسئلہ حل ہو جائے تو پٹرول کی قیمتیں گر جائیں گی :ٹرمپ
-
جموں و کشمیر1 week agoریاستی حیثیت سے متعلق قرارداد این سی کی حکمرانی کی ناکامی چھپانے کی سیاسی چال: چگ
-
دنیا7 days agoایرانی وزیر تیل مستعفی، نیشنل آئل کمپنی کے سربراہ قائم مقام وزیر مقرر
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر میں سڑک حادثہ، مغربی بنگال کی ایک خاتون ہلاک، 37 زخمی
-
جموں و کشمیر7 days agoکشمیر سے تقریباً 150 بنگلہ دیشی شہری ملک بدر
-
دنیا7 days agoیمن کی سرکاری فوج کا حوثیوں کے خلاف بڑا حملہ، باب المندب کے قریب ذباب پر قبضہ
-
دنیا1 week agoامریکہ اور جاپان نے سائنس و ٹیکنالوجی معاہدے میں غیر معینہ مدت تک توسیع کردی
-
ہندوستان7 days agoجی ایس ٹی میں اگلی نسل کی اصلاحات سے کاروبار میں آسانی بڑھے گی، اعتماد مضبوط ہوگا: مودی
-
جموں و کشمیر1 week agoمرکزی وزیر وی سومنا نے ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے آبی تحفظ سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا
