جموں و کشمیر
بانڈی پورہ میں لشکرِ طیبہ کے نیٹ ورک کا پردہ فاش، 4 ملی ٹینٹ معاونین اسلحہ و گولہ بارود سمیت گرفتار
سری نگر، بانڈی پورہ پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران لشکرِ طیبہ سے وابستہ ملی ٹینٹ معاونین کے ایک سرگرم نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار شدگان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق انہیں مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ چند ملی ٹینٹ اعانت کار، اپنے ہینڈلرز کی ہدایات پر، سیکیورٹی فورسز اور غیر مقامی افراد پر حملے کی سازش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی سیکورٹی فورسز نے بانڈی پورہ میں مختلف مقامات پر خصوصی ناکے قائم کئے۔
موصوف ترجمان کے مطابق بانڈی پورہ پولیس، 45 بٹالین سی آر پی ایف (ڈی-کمپنی) اور 13 راشٹریہ رائفلز (ای-کمپنی) نے مشترکہ طورپر کانی نائد کھائی سمبل میں ناکہ لگایا جس دوران دو مشتبہ افراد جن کی شناخت محمد رفیق کھانڈے ولد محمد افضل کھانڈے ساکن کھانڈے محلہ واتل پائیرہ بانیاری اور مختار احمد ڈار ولد محمد یوسف ڈار ساکن بُن پورہ محلہ ایس کے بالا کو حراست میں لیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتاری شدگان کے قبضے سے دو چینی ہینڈ گرینیڈ، ایک 7.62 ایم ایم میگزین، اور 30 گولیوں کے راونڈ برآمد کئے گئے۔
اس حوالے سے پولیس اسٹیشن سمبل میں یواے پی اے کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 88/2025 درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایک اور کارروائی میں بانڈی پورہ پولیس نے 3 بٹالین سی آر پی ایف (ایف-کمپنی) اور 13 راشٹریہ رائفلز اجس کیمپ کے ہمراہ صدونارہ اجس میں ایک اور مشترکہ ناکہ قائم کیا۔ چیکنگ کے دوران دومزید مشتبہ افراد، رئیس احمد ڈار ولد ثنا اللہ ڈار ساکن صدرکوٹ بالا، اور محمد شفیع ڈار ولد محمد سلطان ڈار ساکن بانیاری کو حراست میں لیا گیا۔ترجمان کے مطابق گرفتار کئے گئے مشتبہ افراد کے قبضے سے ایک چینی ہینڈ گرینیڈ، ایک 7.62 ایم ایم میگزین، اور 30 راؤنڈز 7.62 ایم ایم گولیاں برآمد ہوئیں۔اس معاملے میں بھی پولیس اسٹیشن سمبل میں یو اے پی اے کے تحت ایف آئی آر نمبر 87/2025 درج کی گئی ہے اور تفتیش جاری ہے۔پولیس کے مطابق، ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے بتایا کہ وہ ممنوعہ تنظیم لشکرِ طیبہ کے سرگرم بالائی زمین ورکر ہیں، جنہیں اجس، نائدکھائی، سمبل اور ملحقہ علاقوں میں پولیس، سیکیورٹی فورسز اور غیر مقامی افراد کو نشانہ بنانے کا کام سونپا گیا تھا۔پولیس نے کہا ہے کہ اس نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے سے ایک بڑے حملے کی سازش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق لشکر طیبہ کے مدد گاروں سے پوچھ تاچھ ہو رہی ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
یو این آئی، ارشید بٹ
جموں و کشمیر
پی ڈی پی نے وزیرِ اعظم کے خواتین ریزرویشن کے مطالبے پر سوال اٹھایا، کہا 2023 کا قانون نافذ کیا جائے
سری نگر، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے ہفتہ کے روز وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے خواتین کے لیے ریزرویشن کی حمایت میں دیے گئے بیان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس وقت توجہ آئینی اقدار کے تحفظ پر ہونی چاہیے۔
سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’’میری نظر میں آج کا دن ریزرویشن سے کہیں زیادہ بڑے مسئلے سے متعلق ہے۔ اس ملک کے لاکھوں اور کروڑوں لوگوں نے ہمیں جو آزادی حاصل ہوئی، اس کے لیے قربانیاں دی ہیں۔‘‘
ان کا یہ بیان وزیرِ اعظم مودی کی یومِ آزادی کی تقریر کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے ریزرویشن کے نفاذ کی حمایت کرنے کی اپیل کی تھی۔
جموں و کشمیر کی سابق وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، مولانا ابوالکلام آزاد، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر جیسے رہنماؤں نے ایسے ہندوستان کا تصور پیش کیا تھا جہاں لوگ آزادی کے ساتھ زندگی گزار سکیں، اپنی مرضی سے طرزِ زندگی اختیار کر سکیں اور مساوی حقوق سے لطف اندوز ہوں۔
انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت سے غور کرنے کی اپیل کی کہ آیا ہندوستان واقعی آئین میں بیان کردہ اصولوں کی عکاسی کرتا ہے۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی قیادت میں اور اُس وقت کی کانگریس قیادت کی حمایت سے تیار کیے گئے آئین نے تمام شہریوں کے لیے انصاف اور مساوات کی ضمانت دی ہے اور مذہب و ذات کی بنیاد پر امتیاز کو مسترد کیا ہے۔
پی ڈی پی صدر نے کہا کہ آئین مساوات کی ضمانت دیتا ہے اور مذہب یا ذات کی بنیاد پر امتیاز کی ممانعت کرتا ہے۔
انہوں نے سوال کیاکہ ’’تو میں محسوس کرتی ہوں کہ 80 سال بعد کیا ہمیں پیچھے کی جانب لے جایا جا رہا ہے؟ کیا ہمیں 1947 کی طرف لے جایا جا رہا ہے، جب ہندو مسلم تنازعات تھے، برطانوی حکومت تھی، ہمارے پاس کوئی حقوق نہیں تھے اور آمریت تھی؟‘‘
جموں و کشمیر کی سابق وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ وقت میں آئینی اقدار کا تحفظ زیادہ اہم اور فوری مسئلہ ہے۔
خواتین کے لیے ریزرویشن کے معاملے پر محبوبہ مفتی نے کہا کہ ان کی پارٹی اس اقدام کی حمایت کرتی ہے اور نشاندہی کی کہ پارلیمنٹ پہلے ہی 2023 میں متعلقہ قانون منظور کر چکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’جہاں تک ریزرویشن کا تعلق ہے، ہم ریزرویشن چاہتے ہیں اور اس کے لیے 2023 میں قانون پہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے۔ اب صرف اسے نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ تو اپوزیشن کو اس پر کیا اعتراض ہے؟‘‘
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
یومِ آزادی کے موقع پر وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے بلیدان استمبھ پر پھول چڑھائے
سری نگر، ملک کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز سری نگر میں واقع بلیدان استمبھ پر پھول چڑھا کر شہیدوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
حکام نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ نے شہر کے مرکزی علاقے میں واقع یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک کی خدمت میں اپنی جانیں قربان کرنے والوں کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
اس موقع پر جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ نلن پربھات، اے ڈی جی پی ہیڈکوارٹرز، کشمیر کے ڈویژنل کمشنر، اعلیٰ افسران، سکیورٹی اہلکار اور دیگر افراد موجود تھے۔
یواین آئی۔ظ ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر: کشتواڑ میں ایس یو وی نالے میں جاگری، پانچ افراد ہلاک
جموں، جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع کے دچھن علاقے میں ایک ایس یو وی کے حادثے کا شکار ہوکر نالے میں جا گرنے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ ایس یو وی کشتواڑ سے دچھن کی جانب جارہی تھی کہ ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی مدوسر نالہ میں جاگری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فوج کے اہلکاروں اور مقامی باشندوں نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کردی۔
حکام نے بتایاکہ ’’پانچ لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ امدادی کارروائی جاری ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا
-
جموں و کشمیر3 days agoاسپورٹس کوٹا پر مبنی ملازمتیں: جے اینڈ کے بی جے پی نے اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ کیا، احتجاجی کھلاڑیوں کی حمایت کی
-
جموں و کشمیر4 days agoیومِ آزادی سے قبل جموں و کشمیر پولیس نے سرحدی سامبا میں طویل فاصلے کی گشت اور فرضی انسدادِ دہشت گردی مشق کی
-
دنیا6 days agoسعودی عرب میں فیکٹری میں آگ کے سبب 16 بنگلہ دیشی مزدور ہلاک
-
ہندوستان6 days agoطلبہ پر کارروائی کے معاملے پر حکومت کو گھیرتے ہوئے راہل کا مضمون، کھڑگے اور پرینکا نے حمایت کی
-
دنیا6 days agoٹرمپ جوہری معاہدے کے بغیر ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے پر تیار: رپورٹ
-
دنیا5 days agoایران کا فی الحال امریکہ کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں: ایرانی وزیر خارجہ
-
دنیا5 days agoکیسپین سمندر معاہدے کا مستقبل ایران کی پارلیمنٹ طے کرے گی: اسماعیل بقائی
-
دنیا5 days agoتجربہ کار آئی آر جی سی کمانڈر محسن رضائی ایران کے قومی سلامتی کے سربراہ مقرر
-
دنیا4 days agoشام کے سابق صدر بشار الاسد کو سزائے موت سنادی گئی
-
دنیا4 days agoایران نے خود کو ایک ‘ناقابل تسخیر طاقت’ ثابت کیا ہے: عراقچی
-
دنیا5 days agoایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز پر مذاکرات جاری
-
دنیا5 days agoآبنائے ہرمز کے مستقبل پر ایرانی مطالبات سے غیر یقینی بڑھنے کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ
