جموں و کشمیر
کشمیر: سیاحوں کی تعداد میں روز افزوں اضافہ، اس شعبے سے جڑے لوگوں کا اظہار اطمینان
سری نگر، جموں و کشمیر حکومت اور فریقوں کی کاشوں کے نتیجے میں وادی کشمیر کے سیاحتی مقامات میں غیر مقامی سیاحوں کی تعداد میں روز افزوں اضافہ درج ہو رہا ہے جس سے اس شعبے سے وابستہ لوگوں کے مایوس چہروں پر ایک بار پھر خوشی دیکھی جا رہی ہے۔
وادی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقامات کے ساتھ ساتھ سری نگر کے دلکش جھیل ڈل میں بھی سیاح قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ پہلگام میں ہونے والے حملے کی وجہ سے وادی کشمیر کے سیاحتی شعبے کو شدید نقصان پہنچا تھا اور سیاحوں کی آمد تقریباً رک گئی تھی۔ تاہم، گذشتہ ایک ہفتے سے سیاحتی سرگرمیوں میں دوبارہ جان پڑ گئی ہے اور مختلف علاقوں میں سیاحوں کی آمد جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق گلمرگ، سونہ مرگ، پہلگام اور دیگر معروف سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور ہوٹلوں اور رہائش گاہوں میں بکنگز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سیاحتی شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ امن و امان کی بہتر صورتحال سے اعتماد پیدا ہوا ہے اور توقع ہے کہ آنے والے مہینوں میں وادی میں سیاحت کے شعبے کو نمایاں ترقی حاصل ہوگی۔
یہ پیش رفت نہ صرف مقامی معیشت کے لیے باعثِ امید ہے بلکہ وادی کی خوبصورتی کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ حکومت اور متعلقہ ادارے سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں تاکہ وادی کشمیر کو ایک پرامن اور محفوظ سیاحتی مرکز کے طور پر قائم کیا جا سکے۔
دریں اثنا وادی کشمیر کے سیاحتی شعبے کے حوصلے کو بڑھانے کے لیے پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ کے آٹھ ججز اپنے اہل خانہ کے ہمراہ وادی کے معروف سیاحتی مقامات کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دورے کو علاقے کی سلامتی، پرامن فضا اور قدرتی حسن پر ایک مضبوط اعتماد کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
دورے پر آنے والے معزز ججز میں جسٹس ونود ایس بھاردواج، جسٹس پنکج جین، جسٹس جسجیت سنگھ بیدی، جسٹس ندھی گپتا، جسٹس ہرکیش منوجا، جسٹس امان چودھری، جسٹس این ایس شیخاوت اور جسٹس وکرام اگروال شامل ہیں۔ ان کا شیڈول وادی کے مشہور سیاحتی مقامات کی سیر پر مشتمل ہے جس میں شالیمار اور نشاط باغات کی خوبصورت سیر، دلکش ڈل جھیل پر شیکارا کی پرسکون سواری، پری محل کی تاریخی سیر اور مقامی مارکیٹ ‘پولو ویو’ کی شام شامل ہے۔
پہلگام میں حالیہ واقعے کے بعد جو وادی کی سیاحت پر منفی اثرات مرتب کر گیا تھا، اس دورے کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سیاحوں کے لیے بھی ایک مثبت پیغام سمجھا جا رہا ہے۔ وادی کے ہوٹل مالکان، ٹریول ایجنٹس، دستکاروں اور مقامی گائیڈز نے بھی بکنگ اور سیاحوں کی دلچسپی میں اضافہ رپورٹ کیا ہے۔
سری نگر کے ایک ٹور آپریٹر نے کہا، ’ان معزز شخصیات کی موجودگی محض علامتی نہیں بلکہ ایک مضبوط پیغام ہے کہ کشمیر سب کے لیے محفوظ، خوش آمدید کہنے والا اور پرامن مقام ہے۔‘
پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ کے جسٹس وکرام اگروال نے وادی کی سکیورٹی انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملک بھر کے سیاحوں کو کشمیر کے دلکش مناظر اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔
یہ دورہ مقامی سیاحت کی معیشت کے لیے ایک اہم حوصلہ افزائی قرار دیا جا رہا ہے، جسے حالیہ بحران کے بعد اعتماد کی بحالی کا آغاز سمجھا جا رہا ہے۔ جیسے جیسے کشمیر کے قدرتی مناظر اور ثقافتی ورثہ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے، ایسے اقدامات و اہم شخصیات کے دورے اس خطے کو ہندوستان کے ممتاز سیاحتی مقامات میں شامل رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ادھر حکومتی سطح پر بھی سیاحت کی بحالی کے لئے مختلف النوع اقدام کئے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں دو کابینی میٹنگوں کا انعقاد عمل میں لاکر سیاحوں کو ایک مثبت پیغام دیا۔
قابل ذکر ہے کہ شعبہ سیاحت کو کشمیر کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی مانا جاتا ہے جس پر یہاں کی ایک اچھی خاصی آبادی کی روزی روٹی منحصر ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس شعبے سے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی بڑی گنجائش ہے۔
یو این آئی ارشید بٹ، ایم افضل
جموں و کشمیر
دہلی میں مودی کے حامی کشمیری نوجوان پر حملے کے خلاف سری نگر میں احتجاج
سری نگر، نئی دہلی کے کناٹ پلیس میں کانگریس کے احتجاج کے دوران سری نگر کے رہائشی فہیم نذیر شاہ پر مبینہ حملے کے خلاف جمعہ کو کشمیری نوجوانوں کے ایک گروپ نے سری نگر میں احتجاج کیا اور اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی نوجوان ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے اور کانگریس کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ انہوں نے شہر کے مرکزی علاقے کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے انہیں روک دیا۔
وزیراعظم نریندر مودی کے حامی فہیم نذیر شاہ پر مبینہ طور پر جمعرات کو اس وقت حملہ کیا گیا، جب وہ ایک پلے کارڈ لے کر کانگریس کے احتجاجی مقام پر پہنچے۔ پلے کارڈ پر ”وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے معافی مانگو” درج تھا۔ وہاں انہوں نے نعرے بھی لگائے۔ اس واقعے کے بعد، بالخصوص بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔
سری نگر میں احتجاج کرنے والوں نے سوال کیا کہ سیاسی خیالات کا اظہار کرنے پر فہیم شاہ کو نشانہ کیوں بنایا گیا؟ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو تشدد کے خوف کے بغیر اپنی رائے ظاہر کرنے کا حق حاصل ہے۔
ایک احتجاجی نے سوال کیاکہ ”کیا ان کا قصور یہ تھا کہ وہ کشمیری یا مسلمان ہیں، یا انہوں نے وزیراعظم کی حمایت میں بینر اٹھایا تھا؟” انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کا احترام کیا جائے اور وہ جہاں بھی جائیں، ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
ایک دوسرے احتجاجی نے کہا کہ فہیم شاہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور انہیں انصاف دلانے کے مطالبے کے لیے یہ مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ اور دہلی انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
مشتبہ افراد اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں: جموں و کشمیر پولیس کی عوام سے اپیل
جموں، جموں و کشمیر پولیس نے پونچھ ضلع کے بفلیاز میں پولیس-عوام شراکت داری گروپ (پی سی پی جی) کے اجلاس کے دوران شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص یا دہشت گردانہ سرگرمی کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
یہ اجلاس ایڈیشنل ایس پی پونچھ ڈاکٹر اجے شرما کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں عوامی نمائندوں، سماجی کارکنوں، سابق فوجیوں، مذہبی نمائندوں اور مقامی باشندوں نے شرکت کی۔ اس کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانا اور منشیات، دہشت گردی کے خلاف کارروائی، خواتین و بچوں کی حفاظت، سائبر جرائم اور عوامی مسائل سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کرنا تھا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی پونچھ ڈاکٹر اجے شرما نے عوام کی فعال شرکت کو سراہا اور کہا کہ امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے شہریوں کی جانب سے بروقت اور قابل اعتماد معلومات فراہم کرنا انتہائی اہم ہے۔
منشیات کی لعنت کے حوالے سے انہوں نے زور دیا کہ اس کاروبار میں ملوث اصل سپلائرز اور منشیات فروخت کرنے والوں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی نشے کی لت سے چھٹکارا دلانے، بحالی اور کونسلنگ کے اقدامات کو بھی فروغ دیا جائے، تاکہ اصلاح کے خواہش مند افراد کو مدد فراہم کی جاسکے۔
دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے موضوع پر ایڈیشنل ایس پی نے خبردار کیا کہ ملک دشمن عناصر نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے لیے منشیات، ہتھیاروں، دہشت گردی، مذہب اور دیگر جذباتی معاملات کا استحصال کرسکتے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص، نقل و حرکت، آمد و رفت یا دہشت گردانہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ دہشت گردوں کو پناہ، حمایت یا کسی بھی قسم کی مدد فراہم نہ کی جائے۔
انہوں نے ماضی میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں، بشمول آپریشن سرپ وناش، میں مقامی باشندوں کے اہم کردار کو بھی تسلیم کیا۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں میں درپیش سلامتی کے چیلنجوں کے پیش نظر نگرانی مزید سخت کرنے، مؤثر معلومات جمع کرنے اور انہیں بروقت متعلقہ حکام تک پہنچانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے عوام سے غیر قانونی کان کنی، درختوں کی غیر مجاز کٹائی، تجاوزات اور جنگلاتی یا پہاڑی زمین کو غیر قانونی طور پر صاف کرنے کے واقعات کی اطلاع دینے کی اپیل کی۔
مویشیوں کی اسمگلنگ پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ اس معاملے میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔
مقامی تنازعات کے حوالے سے انہوں نے باشندوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایف آئی آر اور جوابی ایف آئی آر درج کرانے کے ذریعے معمولی معاملات کو بلاوجہ طول دینے سے گریز کریں اور جہاں ممکن ہو، چھوٹے تنازعات کو پُرامن طریقے سے حل کریں۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر میں سی جی ڈی پالیسی نافذ، تمام 20 اضلاع میں گیس کنکٹیویٹی اور سنگل ونڈو منظوری
سری نگر، جموں و کشمیر حکومت نے جموں و کشمیر سٹی گیس ڈسٹری بیوشن (سی جی ڈی) پالیسی 2026 کو نافذ کردیا ہے، جس کے تحت تمام 20 اضلاع میں مرحلہ وار سی جی ڈی نیٹ ورک کی توسیع، مقررہ مدت میں سنگل ونڈو منظوری اور بڑے صنعتی علاقوں کو ترجیحی بنیاد پر گیس کنکٹیویٹی فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو پالیسی کے نوٹیفکیشن کو جموں و کشمیر میں صاف ایندھن تک رسائی بڑھانے، صنعتی مسابقت کو مضبوط بنانے اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ وزرا کی کونسل کی منظوری کے بعد جاری کی گئی اس پالیسی میں گھریلو صارفین، تجارتی اداروں، صنعتوں اور ٹرانسپورٹ شعبے میں پائپڈ نیچرل گیس (پی این جی) اور کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے واضح، سرمایہ کار دوست اور مقررہ مدت پر مبنی فریم ورک قائم کیا گیا ہے۔
پالیسی کے تحت جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع میں سٹی گیس ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو مرحلہ وار توسیع دی جائے گی، جس سے صارفین تک زیادہ صاف اور قابل اعتماد قدرتی گیس پہنچے گی اور روایتی ایندھن سے منتقلی میں مدد ملے گی۔
پالیسی کا ایک اہم مقصد سنگل ونڈو اور مقررہ مدت میں منظوری کے نظام کے ذریعے منصوبوں کے نفاذ کو آسان اور تیز بنانا، سی این جی اسٹیشن قائم کرنے کے طریقہ کار کو ہموار کرنا اور رائٹ آف وے کے معیارات کو یکساں بنانا ہے۔ اس کے علاوہ بڑے صنعتی علاقوں، جن میں کٹھوعہ، سانبہ اور پلوامہ کے صنعتی علاقے شامل ہیں، کو ترجیحی بنیاد پر گیس کنکٹیویٹی فراہم کی جائے گی، تاکہ صنعتی ترقی کو فروغ ملے اور قابل اعتماد توانائی تک رسائی بہتر ہو۔
پی این جی اور سی این جی کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع سے محفوظ، صاف اور زیادہ سستی توانائی کے متبادل دستیاب ہونے، ایندھن کی لاگت کم کرنے، صنعتی کارکردگی اور مسابقت بہتر بنانے اور ابھرتے ہوئے صاف توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی توقع ہے۔
پالیسی میں مقامی روزگار، اپرنٹس شپ اور ہنرمندی کی ترقی کو بھی فروغ دینے کا انتظام کیا گیا ہے، جس سے گیس ڈسٹری بیوشن کے بنیادی ڈھانچے اور متعلقہ خدمات کی تعمیر، آپریشن اور دیکھ بھال کے شعبوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر برائے خوراک، شہری رسد و امور صارفین ستیش شرما اور متعلقہ محکمہ کو پالیسی کے نوٹیفکیشن پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے جموں و کشمیر میں صاف ستھری ترقی، پائیدار ترقی اور جدید توانائی کے نظام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ”سٹی گیس ڈسٹری بیوشن پالیسی سے صاف اور قابل اعتماد توانائی تک رسائی کو وسعت دینے میں مدد ملے گی، جبکہ صنعت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بھی پیدا ہوگا۔ یہ جموں و کشمیر کے لیے زیادہ صاف، مؤثر اور پائیدار توانائی کے مستقبل کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔”
یواین آئی۔ ط ا
-
جموں و کشمیر1 week agoسری نگر پولیس نے بین ریاستی منشیات نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، آٹھ افراد گرفتار
-
دنیا1 week agoروس پر براہِ راست حملے کی صورت میں ہر قسم کے ہتھیار استعمال کرنےکا معاملہ ایجنڈے پر ہو گا :پوتن
-
جموں و کشمیر1 week agoگاندھی کے عدم تشدد اور سودیشی کے نظریات آج بھی اہم ہیں: جموں کے ڈویژنل کمشنر
-
ہندوستان1 week agoوندے بھارت نے چِناب پل اور کیبل اسٹڈ انجی پل کو 100 کلومیٹر کی رفتار سے عبور کیا
-
دنیا1 week agoخمیس مشیط کی جانب داغے گئے تین حوثی بیلسٹک میزائل تباہ
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میراتھن اتحاد اور نوجوانوں کے متبادل خواہشات کا پیغام دیتی ہے: ایل جی سنہا
-
دنیا1 week agoمعاہدہ نہ ہونے پر وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ فوجی کارروائی ممکن: ٹرمپ
-
ہندوستان1 week agoکھرگے- راہل نے گاندھی اور شاستری کو یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا
-
دنیا1 week agoایران امریکہ سے مذاکرات کی کوشش جاری رکھے گا: پیزشکیان
-
دنیا1 week agoامریکہ، ایران جنگ بندی معاہدے کی راہ میں بداعتمادی اور گہرے اختلافات حائل
-
دنیا1 week agoیمن میں تعز کی لڑائی تیز، حوثی ٹھکانوں پر تین گھنٹے میں 20 فضائی حملے
-
کھیل1 week agoڈوگرا اور مظفر نے جموں و کشمیر کی اننگز کو سنبھالا
