کھیل
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 81 رن سے شکست دی،3 میچز کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کی
کیپ ٹاؤن ، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 81 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں 330 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 43.1 اوورز میں 248 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کلاسن تھے جنہوں نے 97 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کرسکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 47 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نسیم شاہ نے 3، ابرار احمد نے 2 اور سلمان آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں پاکستان کی جانب سے 32 بالز پر برق رفتار 63 رنز بنانے والے کامران غلام کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
پاکستانی ٹیم نے تیسری مرتبہ جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز اپنے نام کی ہے۔
پاکستان اکیسویں صدی میں جنوبی افریقہ میں تین مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی، پاکستان نے 2013، 2021 اور 2024 میں جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز جیتیں۔
اس سے قبل کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے میچ کی طرح اس مرتبہ پھر پاکستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوا اور اوپنر عبداللّٰہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور گزشتہ میچ کے ہیرو اور سنچورین صائم ایوب نے 48 رنز جوڑے۔ صائم اس میچ میں بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 25 رنز بنائے۔
تیسری وکٹ پر بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا دونوں کے درمیان 115 رنز کی پارٹنرشپ بنی اور ٹیم کا ٹوٹل 168 تک پہنچایا۔
اس دوران بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی 34ویں جبکہ محمد رضوان نے 14ویں نصف سنچری مکمل کی۔
بابر اعظم 168 کے مجموعے پر 73 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ انہیں ایڈن مارکرم نے زبردست کیچ لے کر پویلین بدر کیا۔ اس بعد محمد رضوان نے جارحانہ کھیل شروع کیا تاہم وہ 192 کے مجموعے پر 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں مفاکا نے اپنی ہی گیند پر زبردست کیچ لے کر آؤٹ کیا۔
سلمان علی آغا اور کامران غلام کے درمیان برق رفتار 50 رنز کی شراکت بنی۔ تاہم 242 کے مجموعے پر سلمان علی آغا 30 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
تاہم کامران غلام نے اپنا جارحانہ انداز جاری رکھا، وہ آخری اوور میں 32 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ انکی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
پاکستان کی ٹیم آخری اوور میں 329 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ اختتامی لمحات میں عرفان خان نے 15، شاہین آفریدی نے 16، حارث رؤف نے 6 جبکہ ابرار احمد نے 4 رنز کے ساتھ ٹیم کے ٹوٹل میں اپنا حصہ ڈالا۔تین میچوں کی سیریز میں پاکستان ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ ٹیم نے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو دلچسپ مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے زیر کیا تھا۔
پاکستان کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کا 240 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا۔ صائم ایوب نے شاندار سنچری بنائی تھی جبکہ مین آف دا میچ سلما علی آغا 82 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے تھے۔اس سے قبل تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جنوبی افریقہ نے 0-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
یواین آئی۔ م س
کھیل
سروچی سنگھ اور کمل جیت سنگھ نے ہندوستان کو ایشیائی کھیلوں میں دوسرا طلائی تمغہ دلایا
آئیچی-ناگویا (جاپان)، ہندوستان کی سروچی سنگھ اور کمل جیت سنگھ کی جوڑی نے جمعہ کو ایشیائی کھیلوں کے نشانہ بازی مقابلے میں 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ مقابلے میں جنوبی کوریا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ یہ ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان کا دوسرا تمغہ ہے۔
آج یہاں ہوئے مقابلے میں ہندوستانی جوڑی نے مجموعی طور پر 484.6 اسکور کے ساتھ سرفہرست مقام حاصل کیا۔ کمل جیت اور سروچی نے شروعات سے ہی اچھی برتری بنا لی تھی، لیکن جنوبی کوریا مسلسل ہندوستانی نشانہ بازوں پر دباؤ بنائے ہوئے تھا۔ تاہم ہندوستانی جوڑی نے دباؤ میں کوئی غلطی نہیں کی اور جنوبی کوریا کو 6.6 پوائنٹس کے فرق سے شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔ جنوبی کوریا 478 اسکور کے ساتھ دوسرے جبکہ ایران 415.8 اسکور کے ساتھ تیسرے مقام پر رہا۔
یو این آئی۔ ایم جے
کھیل
سلطان واریئرز بارہمولہ نے افتتاحی چنار پریمیئر لیگ کا خطاب جیت لیا
سری نگر، سلطان واریئرز بارہمولہ نے افتتاحی چنار پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کرکٹ ٹورنامنٹ 2026 کا خطاب جیت لیا۔ اس نے بارہمولہ کے جنرل بپن راوت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے شاندار فائنل میں رمزی اسپورٹس سری نگر کو شکست دی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سلطان واریئرز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، جس کے جواب میں رمزی اسپورٹس سری نگر کی پوری ٹیم 142 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح سلطان واریئرز نے شاندار کامیابی کے ساتھ خطاب اپنے نام کر لیا۔
سلطان واریئرز کے عاقب کھانڈے کو میچ جیتنے والی کارکردگی پر ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا، جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑی عاصم بشیر کو پورے ٹورنامنٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی پر ’مین آف دی سیریز‘ کا اعزاز دیا گیا۔
فوج کی سری نگر چنار کور کی جانب سے منعقد کیے گئے اس ٹورنامنٹ میں ریکارڈ تعداد میں ٹیموں نے شرکت کی۔ مقابلے کے لیے 130 ٹیموں نے رجسٹریشن کرائی تھی، جن میں سے کشمیر وادی کے مختلف علاقوں سے 79 ٹیموں کا انتخاب کیا گیا۔
تقریب میں جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری اتل ڈلو کے علاوہ بارہمولہ میں تعینات ڈیگر ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اور مقامی برادری کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
منتظمین نے کہا کہ سی پی ایل 2026 نے پوری کشمیر وادی کے کرکٹ ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا اور خاص طور پر نوجوانوں کے درمیان ہندوستانی فوج اور مقامی برادری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔
دفاعی ترجمان نے کہا کہ سی پی ایل 2026 کا کامیاب انعقاد خطے کے کھیلوں کے کیلنڈر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس کے ذریعے وادی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا۔
یواین آئی۔ ظ ا
کھیل
بابر اعظم کی سات سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی
اسلام آباد، پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم موجودہ پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی نمائندگی کریں گے۔ انہیں ٹیم نے بطور گیسٹ کھلاڑی شامل کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بابر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے درخواست کی تھی کہ انہیں کسی ٹیم میں شامل کیا جائے تاکہ وہ طویل فارمیٹ میں اپنی فارم بہتر کرسکیں۔ اس کے بعد بورڈ نے انہیں او جی ڈی سی ایل کے ساتھ جوڑ دیا۔ بابر نے دسمبر 2022 کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ میں کوئی سنچری نہیں بنائی۔ اس کے بعد سے 39 اننگز میں وہ صرف آٹھ نصف سنچریاں بناسکے ہیں، جبکہ 2023 کے آغاز سے ٹیسٹ میں ان کی اوسط 30.43 رہی ہے۔
ان کی خراب فارم پاکستان کرکٹ میں مسلسل بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔ حالیہ انگلینڈ دورے میں پاکستان کو تین ٹیسٹ کی سیریز میں 0-3 سے شکست ہوئی، جبکہ لارڈز اور ایجبسٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ کے تیز گیندبازوں نے شارٹ گیند کے خلاف بابر کی کمزوری کا فائدہ اٹھایا۔ تاہم گزشتہ پانچ ٹیسٹ میں وہ چار نصف سنچریاں بناچکے ہیں اور گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ان کا اسکور 88 رنز رہا، جس سے پاکستان نے جولائی 2023 کے بعد پہلی بار بیرون ملک ٹیسٹ جیتا۔
بابر نے آخری بار 2019 میں ڈومیسٹک فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کھیلا تھا، جب انہوں نے سینٹرل پنجاب کی کپتانی کرتے ہوئے فائنل میں ناردرن کو شکست دے کر قائداعظم ٹرافی جیتی تھی۔ حالیہ برسوں میں ٹیسٹ اور آئی سی سی ٹورنامنٹس میں پاکستان کی خراب کارکردگی کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں زیادہ حصہ لینے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔ اس سیزن میں شاہین شاہ آفریدی اور سلمان آغا سمیت کئی دیگر بین الاقوامی کھلاڑی بھی پریذیڈنٹس ٹرافی میں حصہ لے رہے ہیں۔
پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت اے کیٹیگری کے ٹیسٹ ماہر کھلاڑیوں کے لیے سالانہ کم از کم چھ، اے بی کیٹیگری کے ٹیسٹ اور ون ڈے ماہر کھلاڑیوں کے لیے چار، جبکہ بی سی کیٹیگری کے وائٹ بال ماہر کھلاڑیوں کے لیے کم از کم دو فرسٹ کلاس میچ کھیلنا ضروری ہے۔ پاکستان اس وقت آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نویں نمبر پر ہے اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی نو ٹیموں کی جدول میں آخری مقام پر ہے۔ وہ گزشتہ چار آئی سی سی ٹورنامنٹس میں ناک آؤٹ مرحلے تک بھی نہیں پہنچ سکا ہے۔
یو این آئی۔ م س
-
دنیا1 week agoمیں پورے ایران کو ہوا میں اڑا سکتا ہوں:ٹرمپ
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر کے ایل جی نے جاں بحق پی ایس آئی کی اہلیہ کو تقرری نامہ دیا
-
دنیا1 week agoروبیو کی آرکٹک اتحادی ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات، سلامتی اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال
-
دنیا1 week agoکم جونگ ان نے شمالی کوریا کے نظریاتی طریقہ کار کو جدید بنانے پر زور دیا
-
ہندوستان1 week agoعالمی کشیدگی کے وقت کثیرالجہتی کو مضبوط کرنا ضروری: جے شنکر
-
جموں و کشمیر1 week agoوقفہ صفر میں جنوبی کشمیر میں شاہراہ پر پابندیوں کا معاملہ اٹھایا گیا
-
ہندوستان1 week agoخواتین کی سکیورٹی یقینی بنائے بغیر بڑے منصوبوں کا کوئی مطلب نہیں : پرینکا
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر میں سرکاری ملازمتوں کی 40,672 آسامیاں خالی
-
دنیا1 week agoسعودی اپیل کے بعد حوثیوں پر حملوں کے لیے امریکی جنگی طیاروں کی تیاری شروع ہو گئی تھی، لیکن ٹرمپ نے فیصلہ بدل دیا
-
دنیا7 days agoروس-یوکرین امن معاہدے کی شرائط پر بات چیت جاری : ٹرمپ
-
ہندوستان6 days agoہندوستان نے جموں و کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ کے بیان کو مسترد کر دیا
-
ہندوستان5 days agoلداخ میں چھٹے شیڈول کو نافذ کر کے پولیس فائرنگ میں شہید نوجوانوں کو ملے انصاف: کانگریس
