جموں و کشمیر
پونچھ شہری ہلاکتیں: سری نگر میں نیشنل کانفرنس اور اپنی پارٹی کا احتجاج
سری نگر،جموں وکشمیر کے بفلیاز پونچھ میں مبینہ شہری ہلاکتوں کے خلاف ہفتے کے روز نیشنل کانفرنس اور اپنی پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں نے احتجاج جلوس نکالا تاہم پولیس نے ریلی کے شرکاء کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔
اس موقع پر نیشنل کانفرنس اور اپنی پارٹی نے معصوم شہریوں کی مبینہ طورپر حراستی ہلاکتوں کی تحقیقات اور ملوثین کو قرارواقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔
اطلاعات کے مطابق بفلیاز پونچھ میں مبینہ شہری ہلاکتوں کے خلاف نیشنل کانفرنس نے ہفتے کے روز پارٹی ہیڈ کواٹر سے ایک احتجاجی جلوس نکالا تاہم پولیس نے دفتر کے مین گیٹ کو پہلے ہی بند کیا جس وجہ سے جلوس کے شرکاء باہر نہیں آسکے۔
احتجاج کررہے پارٹی لیڈران اور عہدیداران نے بفلیاز میں دھیرہ کی گلی علاقے میں معصوم شہریوں کی مبینہ طور پر حراستی ہلاکتوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور خاطیوں کو قرارواقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے ہلاکتوں کی جوڈیشل تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اصل حقائق کو عوام کے سامنے لایا جائے۔
انہوں نے گورنر انتظامیہ کیساتھ ساتھ مرکزی سرکار پر زور دیا ہے کہ کشمیر میں ایسے خون ناحق اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کو روکنے کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات اُٹھانے کے ساتھ ساتھ اس سانحہ میں ملوثین کو نشاندہی کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بفلیاز واقعہ سے منسلک سوشل میڈیا پر وائرل مبینہ ویڈیو نے عوام کے دل مجروح کردیئے ہیں اور ایسے میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرا کے مہلوکین کے لواحقین کو انصاف فراہم کرے۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس بفلیاز حملے میں 5فوجیوں کی ہلاکت کی بھی مذمت کرتی ہے اور ایسے واقعات کی کبھی بھی حامی نہیں رہی ہے۔ ہماری جماعت ہمیشہ عدم تشدد کی حامی رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حالات ٹھیک ہوجائیں لیکن حالات دن بہ دن بدتر ہوتے جارہے ہیں۔
پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے پولیس کی طرف سے نیشنل کانفرنس کی ریلی پر قدغن کی مذمت کی اور کہا کہ ہم پُرامن طریقے سے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کیخلاف احتجاج کرنا چاہتے تھے اور ہم پُرامن طریقے سے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کررہے تھے لیکن ہمیں طاقت کے بلبوتے ہر پُرامن احتجاج کرنے سے بھی باز رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی تشویشناک صورتحال ہیں۔
اس سے قبل پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک اجلاس میں بھی بفلیاز حملے کی مذمت کے ساتھ ساتھ ایک قرارداد کے ذریعے 3عام شہریوں کی ہلاکتوں کی جوڈیشل تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔
دریں اثنا اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر اشرف میر کی سربراہی میں سری نگر کے پارٹی دفتر سے ایک جلوس نکالنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے جلوس کے شرکاءکو آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر اشرف میر نے کہا :”بفلیاز میں ہوئے ملی ٹینٹ حملے کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں لیکن جن عام شہریوں کا قتل کیا گیا ان کے گھر والوں کو بھی انصاف ملنا چاہئے۔“
انہوں نے کہاکہ بفلیاز کے لوگ خوفزدہ ہیں، وہاں سے ویڈیز وائرل ہو رہے ہیں، انٹرنیٹ بند ہے جس وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
اشرف میر نے کہاکہ ہفتے کے رو ز شہری ہلاکتوں کے خلاف اپنی پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے پر امن طورپر احتجاج جلوس نکالنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے مین گیٹ کو ہی بند کیا اور اس طرح سے ہمیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔
یو این آئی- ارشید بٹ
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر اسمبلی کو پاکستان کے ایجنڈے کا پلیٹ فارم نہیں بننے دیں گے: سنیل شرما
سری نگر، جموں و کشمیر اسمبلی کی جانب سے ریاستی حیثیت کی بحالی کے مطالبے سے متعلق قرارداد منظور کیے جانے کے چند گھنٹے بعد اپوزیشن لیڈر سنیل شرما نے پیر کو کہا کہ بی جے پی اسمبلی کو ان کے بقول پاکستان کے ایجنڈے کے لیے پلیٹ فارم نہیں بننے دے گی۔
سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا کہ پارٹی جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرنے کی حمایت کرتی ہے، لیکن اسمبلی سے منظور قرارداد میں دفعہ 370، دفعہ 35 اے اور 1953 سے قبل کی آئینی پوزیشن کے حوالوں کی سخت مخالفت کرتی ہے۔
جموں و کشمیر اسمبلی نے پیر کو بی جے پی ارکان کے احتجاج کے درمیان ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے قرارداد منظور کی۔
ریاستی حیثیت کی بحالی سے متعلق قرارداد منظور ہونے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شرما نے کہا کہ اگر قرارداد صرف ریاستی حیثیت کی بحالی کے مطالبے تک محدود رہتی تو بی جے پی اس کا خیرمقدم کرتی۔
انہوں نے کہاکہ ’’بی جے پی محض مخالفت برائے مخالفت نہیں کرتی۔ ہم ریاستی حیثیت کی بحالی کے حق میں ہیں۔ اگر قرارداد صرف ریاستی حیثیت کے نام پر پیش کی جاتی تو ہم اس کا خیرمقدم کرتے۔‘‘
شرما نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک حساس خطہ ہے اور اپوزیشن کے لیے حکومت کی ہر تجویز کی مخالفت کرنا ضروری نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’اس ایوان سے غریب عوام کو بہت سی توقعات ہیں۔ اسمبلی کا یہ پانچواں دن ہے اور کئی ایسے مسائل ہیں جن پر اتفاق رائے ہونا چاہیے۔ یہ ضروری نہیں کہ اپوزیشن ہر معاملے کی مخالفت کرے۔‘‘
تاہم، انہوں نے نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت پر ان کے بقول ایسے مسائل دوبارہ اٹھانے کی کوشش کا
الزام لگایا جو پہلے ہی طے ہوچکے ہیں۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
اچن میں 361 کروڑ روپے کا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ ٹینڈر کے مرحلے میں
سری نگر، جموں و کشمیر حکومت نے پیر کو قانون ساز اسمبلی کو بتایا کہ سری نگر کے اچن میں مجوزہ 800 ٹن یومیہ (ٹی پی ڈی) مربوط سالڈ ویسٹ مینجمنٹ (آئی ایس ڈبلیو ایم) پروجیکٹ، جس کی تخمینی لاگت 361 کروڑ روپے ہے، فی الحال ٹینڈر کے مرحلے میں ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جو ہاؤسنگ و اربن ڈیولپمنٹ کا قلمدان بھی سنبھالتے ہیں، نے جاری خزاں اجلاس کے دوران وقفۂ سوالات میں رکن اسمبلی مبارک گل کے سوال کے جواب میں یہ اطلاع دی۔
وزیر اعلیٰ نے ایوان کو بتایا کہ ابھی تک کسی ایجنسی یا ٹھیکیدار کو یہ پروجیکٹ الاٹ نہیں کیا گیا ہے، کیونکہ یہ فی الحال ٹینڈر کے عمل سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مجوزہ پروجیکٹ میں روزانہ 800 ٹن کچرے کو پروسیس کرنے کی صلاحیت ہوگی اور اس کی مدت 25 سال مقرر کی گئی ہے، جس میں تعمیراتی کام کے لیے 24 ماہ شامل ہیں۔
مجوزہ مربوط پروجیکٹ میں کمپوسٹنگ سہولیات، بایو-سی بی جی پلانٹ، میٹریل ریکوری فیسیلٹیز (ایم آر ایف)، ریفیوز ڈیریوڈ فیول (آر ڈی ایف) سہولت، سائنسی سینیٹری لینڈ فل، ٹرانسفر اسٹیشنز، لیچیٹ مینجمنٹ انفراسٹرکچر اور دیگر ماحولیاتی بنیادی سہولیات شامل ہوں گی۔
دریں اثنا، ایوان کو بتایا گیا کہ نئے مربوط پروجیکٹ کے شروع ہونے تک سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کی جانب سے اچن میں میونسپل کچرے کے سائنسی انتظام، ماحولیات کے تحفظ اور پرانے جمع شدہ کچرے کی صفائی کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یواین آئی۔ طا۔
جموں و کشمیر
کپواڑہ میں اسکارپیو کھائی میں جا گری، پانچ افراد ہلاک، سات زخمی
سری نگر، شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے ٹنگڈھر علاقے میں پیر کو ایک اسکارپیو گاڑی سڑک سے پھسل کر دریا میں جا گری، جس کے نتیجے میں نو ماہ کے شیر خوار بچے سمیت پانچ افراد ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ حادثہ لائن آف کنٹرول کے قریب اس وقت پیش آیا جب اسکارپیو گاڑی ٹیٹوال سے سمیری کی جانب جارہی تھی۔ راستے میں گاڑی سڑک سے پھسل گئی اور نیچے جا کر کشن گنگا دریا میں جا گری۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت محمد ادریس (30)، حمزہ (نو ماہ)، سعیدہ بیگم (28)، شبیر احمد (50)، سمیری کے تمام رہائشی، اور ٹیٹوال کے رہائشی راجہ ارشد (30) کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے میں ڈرائیور سمیت چھ دیگر مسافر زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال (ایس ڈی ایچ) ٹنگڈھر منتقل کیا گیا، جہاں سے پانچ زخمیوں کو مزید بہتر علاج کے لیے اعلیٰ طبی مرکز منتقل کرنے کی سفارش کی گئی۔
پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 281 اور 125(a) کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ وہ حادثے میں لوگوں کی جان جانے سے ’’شدید رنجیدہ‘‘ ہیں اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور ضلعی انتظامیہ کو انہیں بہترین ممکنہ علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے کرناہ-ٹنگڈھر علاقے میں پیش آنے والا ایک المناک واقعہ قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحومین کی روح کے سکون اور غم زدہ خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی قوت عطا ہونے کے لیے دعا کی۔
عمر عبداللہ نے ضلعی انتظامیہ اور طبی حکام کو زخمیوں کو بہترین ممکنہ علاج اور تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے حکام سے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو بھی کہا۔
جیل میں قید رکن پارلیمنٹ اور عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے رہنما انجینئر رشید نے بھی اس المناک سڑک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
پارٹی کے ترجمان انعام النبی نے حکام سے اپیل کی کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو ہر ضروری مدد فراہم کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ حادثے کے بعد کسی بھی متاثرہ خاندان کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یواین آئی۔ ط ا
-
دنیا1 week agoمیں پورے ایران کو ہوا میں اڑا سکتا ہوں:ٹرمپ
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر کے ایل جی نے جاں بحق پی ایس آئی کی اہلیہ کو تقرری نامہ دیا
-
دنیا6 days agoروبیو کی آرکٹک اتحادی ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات، سلامتی اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال
-
ہندوستان7 days agoعالمی کشیدگی کے وقت کثیرالجہتی کو مضبوط کرنا ضروری: جے شنکر
-
دنیا6 days agoکم جونگ ان نے شمالی کوریا کے نظریاتی طریقہ کار کو جدید بنانے پر زور دیا
-
ہندوستان6 days agoخواتین کی سکیورٹی یقینی بنائے بغیر بڑے منصوبوں کا کوئی مطلب نہیں : پرینکا
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر میں سرکاری ملازمتوں کی 40,672 آسامیاں خالی
-
دنیا1 week agoسعودی اپیل کے بعد حوثیوں پر حملوں کے لیے امریکی جنگی طیاروں کی تیاری شروع ہو گئی تھی، لیکن ٹرمپ نے فیصلہ بدل دیا
-
جموں و کشمیر6 days agoوقفہ صفر میں جنوبی کشمیر میں شاہراہ پر پابندیوں کا معاملہ اٹھایا گیا
-
ہندوستان5 days agoہندوستان نے جموں و کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ کے بیان کو مسترد کر دیا
-
دنیا6 days agoروس-یوکرین امن معاہدے کی شرائط پر بات چیت جاری : ٹرمپ
-
جموں و کشمیر1 week agoلیفٹیننٹ جنرل موہت سیٹھ جموں میں وائٹ نائٹ کور کے نئے جی او سی ہوں گے
