تازہ ترین
کشمیر: سیاحوں کی آمد میں غیر معمولی اضافہ، مارچ میں ایک لاکھ اسی ہزار سیاح وارد وادی: حکام
سری نگر،09 اپریل(یو این آئی) اپنے منفرد قدرتی حسن و جمال کے لئے دنیا بھر میں مشہور وادی کشمیر میں سال رواں کے ابتدائی مہینوں کے دوران سیاحوں کی ریکارڈ ساز آمد درج کی جا رہی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق ماہ مارچ میں قریب ایک لاکھ اسی ہزار سیاح وادی کے حسین نظاروں سے محظوظ ہوئے ہیں جو گذشتہ ایک دہائینکے دوران ایک ریکارڈ ہے۔سیاحوں کی تعداد میں درج ہو رہے غیر معمولی اضافے کے پیش نظر سری نگر ہوائی اڈے پر روزانہ قریب 92 پروازیں آپریٹ کر رہی ہیں جن میں روز آٹھ سے نو ہزار سیاح وارد وادی ہوجاتے ہیں۔
ادھر سری نگر اور وادی کے سیاحتی مقامات جیسے گلمرگ، پہلگام وغیرہ میں ہوٹلوں کے تمام کمروں کی بکنگ ہوئی ہے جبکہ دیگر گیسٹ ہاؤسز اور ہاؤس بوٹس بھی گنجائش کے مطابق بھرے ہوئے ہیں۔محکمہ سیاحت کے ذرائع کے مطابق رواں سیزن کے دوران اب تک زائد از تین لاکھ سیاح وارد وادی ہو کر یہاں کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں پہلی بار امسال سیاحوں کی اتنی بڑی تعداد وارد وادی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماہ مارچ کے دوران ہی ایک لاکھ اسی ہزار سیاحوں نے کشمیر کی سیر کی جو گزشتہ دس برسوں کے دوران ایک ریکارڈ ہے۔
مذکورہ ذرائع نے کہا کہ ماہ اپریل کے پہلے ہفتے کے دوران زائد از 58 ہزار سیاح وادی کی سیر کو پہنچ گئے۔اس دوران سری نگر میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ سیاحوں کی دلچسپی کا خاص مرکز ہے۔ باغ کے انچارج انعام الرحمان نے یو این آئی کو بتایا کہ اب تک 2 لاکھ95 ہزار سیاح اس باغ میں لگے 68 قسموں کے 15 لاکھ ٹیولپس سے محظوظ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان سیاحوں میں سے قریب ایک لاکھ غیر مقامی جبکہ 78 غیر ملکی سیاح تھے۔موصوف انچارج نے کہا کہ یہ باغ جس کو 23 مارچ کو لوگوں کے لئے کھول دیا گیا تھا، ابھی ایک ہفتے کھلا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ امسال سیاحوں کی تعداد تین لاکھ کے نشانے کو پار کرنے کی توقع ہے جبکہ سال گذشتہ صرف دو لاکھ چھبیس ہزار سیاح یہاں آئے تھے۔سیاحتی مقام دودھ پتھری کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر سْریا نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ رواں سال جنوری سے مارچ تک 22 ہزار 456 سیلانیوں نے صحت افزا مقام کی سیر وتفریح کی۔ انہوں نے بتایا کہ آے والے دنوں کے دوران سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔یوسمرگ ڈیلوپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بلال خورشید نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ رواں سال مارچ تک 8 ہزار 520 غیر مقامی سیاح یوسمرگ کے قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ آنے والے مہینوں میں سیاحوں کیتعداد میں مزید اضافے کا امکان ہے کیونکہ آئے روز ٹوریسٹ سیاحتی مقامات کی سیر وتفریح پر آرہے ہیں جو نیک شگون ہے۔سرکاری اعداد شمار کے مطابق سال2021 میں زائد از ساڑھے چھ لاکھ سیاحوں نے کشمیر کی سیر کی تھی جبکہ سال 2020 میں صرف 41 ہزار 2 سو 67 سیاح کی وادی کے سیاحتی مقامات کی سیر سے لطف اندوز ہوسکے تھے۔کورونا وبا ان دو برسوں کے دوران سیاحوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہونے کا بنیادی وجہ تھا۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے غیر ملکی سیاحوں کے کشمیر آنے کی تعداد میں کافی کمی واقع ہوئی ہے۔
دریں اثنا وادی میں سیاحوں کی ریکارڈ ساز آمد سے سیاحت سے جڑے لوگ انتہائی خوش دکھائی دے رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ امسال کئی برسوں کے بعد ہمارا کاروبار پٹری پر آکر ایک بار پھر رفتار پکڑنے لگا ہے۔قابل ذکر ہے کہ شعبہ سیاحت کشمیر کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڑی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے ساتھ یہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی روزی روٹی جڑی ہوئی ہے۔اقتصادی ماہرین کا ماننا ہے کہ اس شعبے کا استحکام وادی میں بے روزگاری کے مسئلے کو کافی حد تک دور کرنے کی گنجائش ہے۔یو این آئی
دنیا
فرانس میں طلبہ کے احتجاج میں شدت، تقریباً 400 اسکول بند، پولیس سے جھڑپیں
پیرس، فرانس میں عملے کی کمی، کلاس رومز میں گنجائش سے زیادہ طلبہ اور اسکولوں کی خراب حالت کے خلاف ہائی اسکول طلبہ کا ملک گیر احتجاج جمعہ کو مزید شدت اختیار کر گیا۔ اس دوران تقریباً 400 اسکول بند رہے اور کئی شہروں میں طلبہ اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق احتجاج شروع ہونے کے بعد سے تقریباً 3,000 لائسِی طلبہ کو پولیس حراست میں لیا جا چکا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق صرف جمعرات کو 1,949 طلبہ کو حراست میں لیا گیا۔
گزشتہ ہفتے پیرس کے علاقے سے شروع ہونے والا یہ احتجاج اب ملک بھر میں پھیل گیا ہے اور اس میں تشدد کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ فرانس 24 کے مطابق وزیر تعلیم ایڈوارڈ گفری نے کہا کہ فرانس کے 3,700 ہائی اسکولوں میں سے تقریباً 400 جمعہ کو بند رہنے کی توقع ہے، جبکہ تقریباً 100 اسکولوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
پیرس میں دو ہائی اسکولوں کے داخلی راستوں کو آگ لگنے سے نقصان پہنچا، جبکہ بریسٹ میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
اسٹراسبرگ، مارسی، نانٹ اور دیگر شہروں میں بھی پولیس اور طلبہ کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔
وزیر انصاف ژیرالڈ دارماناں نے پراسیکیوٹرز پر زور دیا ہے کہ مبینہ طور پر طلبہ کی جانب سے کیے گئے نقصانات کے سلسلے میں ان کے والدین کے خلاف دیوانی ذمہ داری کے دعوے دائر کیے جائیں۔
وزیر تعلیم گفری نے بتایا کہ کم از کم 65 ملازمین، جن میں 40 ہائی اسکولوں کے پرنسپل بھی شامل ہیں، زخمی ہوئے ہیں، جبکہ تقریباً 170 طلبہ بھی زخمی ہوئے۔ انہوں نے تشدد کو ’’انتہائی پرتشدد عناصر‘‘ کی جانب سے طلبہ تحریک پر قبضہ کرنے کی کوشش قرار دیا۔
طلبہ نے اسکولوں میں طویل اوقاتِ کار، گنجائش سے زیادہ کلاسیں، اساتذہ کی کمی، عملے کی غیر حاضری اور ناکافی سہولیات پر تشویش ظاہر کی ہے۔ ان میں ہیٹ ویو کے دوران کلاس رومز کا حد سے زیادہ گرم ہو جانا بھی شامل ہے۔
طلبہ نے اسکولوں کی بندش کو اپنی کامیابی قرار دیا ہے اور پولیس پر ضرورت سے زیادہ طاقت استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
فرانس کے 2027 کے صدارتی انتخابات سے قبل احتجاج نے سیاسی رنگ بھی اختیار کر لیا ہے۔ حکومت نے بائیں بازو کی جماعت ’’فرانس اَن بووڈ‘‘ (ایل ایف آئی) پر طلبہ تحریک کی حوصلہ افزائی کا الزام عائد کیا ہے۔ ایل ایف آئی کے رہنما مینوئل بومپار نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ’’سازشی نظریات کی طرف جا رہی ہے‘‘۔
وزیر تعلیم گفری جمعہ کو تعلیمی شعبے کی یونینوں اور ہائی اسکول طلبہ کی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے تاکہ بات چیت کا آغاز کیا جا سکے اور کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی جائے۔
یو این آئی ۔ ع ا۔
ہندوستان
مودی حکومت کمر توڑ مہنگائی سے عوام کو کب نجات دلائے گی: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے کہا ہے کہ مہنگائی صرف بازار کے اعداد و شمار میں نہیں بڑھ رہی ہے بلکہ اس کا اثر ہر متوسط طبقے اور غریب خاندان کے باورچی خانے میں محسوس کیا جا رہا ہے اور حالات یہ ہو گئے ہیں کہ تہواروں کے موسم میں باورچی خانے کا بجٹ تین مہینوں میں 25 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔
کانگریس کے ے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہا کہ ایک خبر میں ایک گھریلو خاتون نے بتایا ہے کہ ان کی آمدنی صرف 35,000 روپے ہے اور اتنی محدود آمدنی میں باورچی خانے کا خرچ سنبھالنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وزیرِ اعظم نریندر مودی کو احساس ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں خاندان اپنے گھر کا بجٹ کیسے سنبھال رہے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ارہر کی دال 105 روپے سے بڑھ کر 140-150 روپے فی کلو، مونگ 95 روپے سے 120 روپے، چاول 42-45 روپے سے 53-55 روپے اور سرسوں کا تیل 165 روپے سے 190 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اگست میں غذائی مہنگائی 5.95 فیصد رہی۔ پیاز 48.27 فیصد، ادرک 73.82 فیصد اور لہسن 43.60 فیصد مہنگا ہوا ہے۔ دال، مصالحے، سبزیاں اور تیل سمیت ضروری اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے سے عام خاندان متاثر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ گھریلو بچت میں کمی آ رہی ہے اور خاندانوں پر قرض بڑھ رہا ہے۔ عام خاندان کے سامنے سوال صرف بڑھتے ہوئے اخراجات کا نہیں، بلکہ گھٹتی ہوئی بچت اور محدود آمدنی میں گھر چلانے کا بھی ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت کے لیے یہ محض اعداد و شمار ہو سکتے ہیں، لیکن عوام کے لیے یہ ہر ماہ بگڑتا ہوا گھریلو بجٹ ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس کمر توڑ مہنگائی سے اہل وطن کو کب نجات ملے گی۔
یواین آئی۔الف الف
کھیل
رضوان کو این سی سی آئی اے کا پراسس فالو کرنا چاہیے: یونس خان
کراچی، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ وہ بطور کرکٹر محمد رضوان کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم رضوان سے متعلق جاری معاملے پر بات کرتے ہوئے احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق یونس خان نے ایک پروگرام میں کہا کہ کرکٹرز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بڑے نہیں ہوسکتے اور اس معاملے میں محتاط انداز میں گفتگو کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) ایک معتبر ادارہ ہے اور محمد رضوان کو متعلقہ قانونی طریقہ کار پر عمل کرنا چاہیے۔ ان کے بقول، ”ہم کسی کے وکیل نہیں ہیں اور نہ ہی ہمیں اس کیس سے متعلق مکمل معلومات ہیں۔”
یونس خان نے کہا کہ محمد رضوان سے متعلق معاملہ ایک سرکاری دورے کے دوران پیش آیا ہے، اس لیے کیس کا نتیجہ سامنے آنے تک اس پر گفتگو میں احتیاط ضروری ہے۔
سابق کپتان نے بتایا کہ ماضی میں انہیں بھی اسی نوعیت کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ان کے معاملات تقریباً چار ماہ تک جاری رہے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں محمد رضوان اور امام الحق سے متعلق این سی سی آئی اے کی تحقیقات جاری ہیں۔
یو این آئی۔ م س
-
ہندوستان1 week agoہندوستان نے جموں و کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ کے بیان کو مسترد کر دیا
-
دنیا1 week agoایران کی وارننگ، امریکہ کے دوبارہ حملے کی صورت میں جنگ بحر ہند تک پھیل سکتی ہے
-
ہندوستان1 week agoانتخابی کمیشن میں مبینہ اختلافات کی رپورٹ پر اپوزیشن کا چیف الیکشن کمشنر سے استعفیٰ کا مطالبہ
-
ہندوستان1 week agoلداخ میں چھٹے شیڈول کو نافذ کر کے پولیس فائرنگ میں شہید نوجوانوں کو ملے انصاف: کانگریس
-
دنیا1 week agoایران جنگ کے ساتویں ماہ میں عالمی تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد اضافہ، برینٹ 106.24 ڈالر فی بیرل
-
دنیا1 week agoایرانی صدر مسعود پزشکیان کا امریکہ سے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار، طاقت کے دباؤ کو مسترد کردیا
-
ہندوستان7 days agoہندوستان دنیا کے لیے بھی مصنوعات تیار کرسکتا ہے : مودی
-
دنیا1 week agoکینیڈین وزیراعظم کارنی کا امریکہ کی ممکنہ فوجی کارروائی کے خطرے پر غور
-
دنیا1 week agoحوثیوں کے حملے بڑھنے پر سعودی عرب کے اتحادی مدد کے لیے آگے آئے
-
دنیا1 week agoہم فتح کے قریب : نیتن یاہو نے بڑے پیمانے پر واک آؤٹ کے باوجود نسل کشی کے الزام کو مسترد کردیا
-
دنیا1 week agoامریکہ-چین سربراہ اجلاس کے آغاز پر ٹرمپ کا شی جن پنگ کا شاندار استقبال
-
دنیا1 week agoیو ایس ایس ابراہم لنکن اسٹرائیک گروپ میں خودکشی کی آٹھ سے زائد کوششیں
