جموں و کشمیر
بابر قادری قتل معاملہ: کشمیر بار ایسو سی ایشن کے سابق صدر میاں قیوم گرفتار
سری نگر، سرکاری ذرائع کے مطابق سینئر ایڈوکیٹ اور کشمیر بار ایسو سی ایشن کے سابق صدر میاں قیوم کو منگل کے روز پولیس نے سال 2020 میں ایڈوکیٹ بابر قادری کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا۔
بتادیں کہ بابر قادری کو 24 ستمبر 2020 کو سری نگر کے حول علاقے میں واقع ان کی رہائش گاہ پر دو اسلحہ برداروں، جو گاہک کے روپ میں وہاں آئے تھے، نے گولی مار کر ابدی نیند سلا دیا تھا۔ اس کیس کی تحقیقات جموں وکشمیر پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ایجنسی(ایس آئی اے) کر رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا: ‘میاں قیوم کو آج صبح ایس آئی اے کے دفتر میں طلب کیا گیا جہاں اس کو باضابطہ طور پر گرفتار کیا گیا’۔
تاہم ان کی گرفتاری کے متعلق اب تک سرکاری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ موت سے چند گھنٹے قبل فیس بک پر ایک ویڈیو میں بابر قادری جو ٹی وی نیوز چینلز پر ایک معروف پینلسٹ بھی تھے، نے میاں قیوم پر تنقید کی تھی اور ان پر اختلاف رائے کو دبانے کا الزام لگایا تھا۔
بابر قادری کے قتل کے فوراً بعد پولیس اسٹیشن لال بازار سری نگر میں ایک کیس درج کیا گیا تھا اور بعد میں جموں و کشمیر پولیس نے اس کیس کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔
اگست 2021 میں جب سیکورٹی فورسز نے لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم ٹی آر ایف کے چیف کماننڈر عباس شیخ اور اس کے نائب ثاقب منظور کو ہلاک کر دیا تو پولیس نے اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ ثاقب منظور ایڈوکیٹ قادری کی ہلاکت میں ملوث تھا۔ بعد ازاں پولیس نے ثاقب سمیت پانچ ملزموں کے خلاف مقدمے درج کئے۔
بعد میں بابر قادری کے کیس کو ایس آئی اے کے سپرد کیا گیا جس نے سال 2022 میں سری نگر میں میاں قیوم اور دو دیگر وکیلوں کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے۔
میاں قیوم کئی بار کشمیر بار ایسو سی ایشن کے صدر رہے ہیں اور قبل ازیں انہیں متعدد بار پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔
یو این آئی ایم افضل
جموں و کشمیر
خصوصی جج انسدادِ بدعنوانی، سری نگر نے رشوت کے معاملے میں سابق ایگزیکٹو انجینئر سمیت 2 افراد کو قصوروار قرار دے دیا
سری نگر، خصوصی جج انسدادِ بدعنوانی عدالت، سری نگر نے بدعنوانی کے ایک معاملے میں دو سابق سرکاری افسران کو قصوروار قرار دیا ہے۔ یہ معاملہ اس وقت کی ویجی لینس آرگنائزیشن کشمیر (وی او کے)، جو اب انسدادِ بدعنوانی بیورو (اے سی بی) سری نگر ہے، نے درج کیا تھا۔ قصوروار قرار دیے گئے افسران کی شناخت غلام نبی ڈار، جو اس وقت دیہی انجینئرنگ وِنگ (آر ای ڈبلیو)، گاندربل کے ایگزیکٹو انجینئر تھے اور محمد شمیم پرہ، جو اس وقت اردلی کے عہدے پر تعینات تھے، کے طور پر ہوئی ہے۔
اے سی بی نے بتایا کہ یہ معاملہ 2014 میں وی او کے تھانے میں ایک ٹھیکیدار کے بل کی کارروائی کے دوران غیر قانونی رقم طلب کرنے اور قبول کرنے کے سلسلے میں درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو جموں و کشمیر انسدادِ بدعنوانی قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت قصوروار قرار دیا۔ ان میں جموں و کشمیر انسدادِ بدعنوانی قانون کی دفعہ 5(2) بمعہ دفعہ 5(1)(d) کے تحت مجرمانہ بدعنوانی، اسی قانون کی دفعہ 4-اے کے تحت غیر قانونی رقم قبول کرنا اور رنبیر پینل کوڈ کی دفعہ 120-بی کے تحت مجرمانہ سازش شامل ہے۔
عدالت نے دونوں قصورواروں کو 4 سال کی سادہ قید کی سزا سنائی اور ہر دفعہ کے تحت 10,000 روپے جرمانہ عائد کیا۔
تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی۔ یہ فیصلہ جمعہ کو خصوصی جج انسدادِ بدعنوانی، سری نگر تسلیم عارف نے سنایا۔ اے سی بی کی جانب سے اس مقدمے کی عدالت میں پیروی خصوصی سرکاری وکیل وجاہت جمیل نے کی۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
جموں و کشمیر
کشمیری پنڈتوں کے لیے ’گھر سے کام‘ کا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا: ڈویژنل کمشنر
سری نگر، ڈویژنل کمشنر کشمیر انشول گرگ نے جمعہ کو ان اطلاعات کی تردید کی کہ سوشل میڈیا پر مبینہ دھمکی آمیز خط گردش کرنے کے بعد انتظامیہ نے کشمیری پنڈت ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی کوئی زبانی ہدایت جاری کی ہے۔
گرگ نے کہا کہ ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات پر بھروسہ کریں۔
گرگ نے نامہ نگاروں سے کہاکہ ’’دیکھیں، اس طرح کا کوئی حکم کسی بھی صورت میں جاری نہیں کیا گیا ہے۔‘‘
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کی جانے والی مستند اطلاعات پر ہی اعتماد کریں۔
انہوں نے کہاکہ ’’ہم سب کو اطلاعات کے محکمے، حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے مستند ذرائع پر ہی انحصار کرنا چاہیے۔ ہمیں ان پر بھروسہ کرنا چاہیے۔‘‘
سکیورٹی سے متعلق خدشات پر ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ سرکاری ملازمین، رہائشیوں اور 15 اگست کی یومِ آزادی تقریبات میں شرکت کرنے والوں کے لیے مناسب سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ’’جہاں تک سکیورٹی کا تعلق ہے، ملازمین، رہائشیوں یا 15 اگست کی یومِ آزادی تقریبات میں شرکت کرنے والوں، سب کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔‘‘
یواین آئی۔ظ ا
جموں و کشمیر
یومِ آزادی سے قبل جموں میں عظیم الشان ترنگا ریلی نکالی گئی
جموں، یومِ آزادی سے قبل ضلع انتظامیہ جموں نے جمعہ کو ایک عظیم الشان ترنگا ریلی کا انعقاد کیا۔ اس کا مقصد ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے پیغام کو مضبوط بنانا، شہریوں کو اپنے گھروں پر فخر کے ساتھ قومی پرچم لہرانے اور یومِ آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کی ترغیب دینا تھا۔
ریلی گلشن گراؤنڈ سے شروع ہوئی اور تاوی پل سے ہوتی ہوئی شری مہاراجہ ہری سنگھ جی پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
سینکڑوں طلبہ اور عام شہریوں پر مشتمل اس عظیم الشان جلوس میں لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ جگل کشور شرما، باہو کے رکن اسمبلی وکرم رندھاوا، نگروٹہ کی رکن اسمبلی دویانی رانا، ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار، انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون بھیم سین ٹوٹی، ڈی آئی جی جے ایس کے رینج، ڈپٹی کمشنر جموں، کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن، ایس ایس پیز، محکمۂ سربراہان، اے ڈی سیز اور سول و پولیس انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
شرکاء نے ترنگا ہاتھوں میں اٹھا رکھا تھا اور حب الوطنی کے نعرے بلند کرتے ہوئے مقررہ راستے پر مارچ کیا، جس سے قومی فخر، اتحاد اور جوش و خروش کا ماحول پیدا ہوگیا۔
اس موقع پر ڈویژنل کمشنر رمیش کمار نے کہا کہ ترنگا ریلی کا انعقاد یومِ آزادی کی پُرجوش تقریبات کا ماحول بنانے، ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے پیغام کو مضبوط کرنے اور قومی گیت ’وندے ماترم‘ کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’وندے ماترم‘ کی لازوال روح آج بھی ہر شہری کو متاثر کرتی ہے اور یہ حب الوطنی، قربانی، اتحاد اور ملک سے وابستگی کی اقدار کی نمائندگی کرتی ہے۔
ڈویژنل کمشنر نے معاشرے کے تمام طبقات کے لوگوں کی پُرجوش شرکت کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں قومی اتحاد، بھائی چارے اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے جموں ڈویژن کے اضلاع کی جانب سے فعال شرکت اور ’وندے ماترم‘ کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں پروگراموں کے انعقاد کے لیے کی جانے والی مشترکہ کوششوں کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے سول انتظامیہ، پولیس، تعلیمی اداروں اور عوام کی مربوط کوششوں کو سراہا، جن کی بدولت تقریبات کو بامعنی اور کامیاب بنایا گیا۔
ڈویژنل کمشنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ’وندے ماترم‘ میں موجود حب الوطنی کی اقدار سے تحریک حاصل کریں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، سماجی ہم آہنگی، نظم و ضبط اور ذمہ دار شہری ہونے کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔
ترنگا ریلی مہاراجہ ہری سنگھ جی پارک میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے ملک کے اتحاد، سالمیت اور ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
اس تقریب کے ذریعے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے پیغام کو بھی مزید تقویت ملی اور شہریوں کو یومِ آزادی فخر کے ساتھ منانے اور ہر شہری کے دل میں حب الوطنی کے جذبے کو زندہ رکھنے کی ترغیب دی گئی۔
یواین آئی۔ ظ ا
-
جموں و کشمیر2 days agoاسپورٹس کوٹا پر مبنی ملازمتیں: جے اینڈ کے بی جے پی نے اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ کیا، احتجاجی کھلاڑیوں کی حمایت کی
-
ہندوستان5 days agoطلبہ پر کارروائی کے معاملے پر حکومت کو گھیرتے ہوئے راہل کا مضمون، کھڑگے اور پرینکا نے حمایت کی
-
دنیا5 days agoسعودی عرب میں فیکٹری میں آگ کے سبب 16 بنگلہ دیشی مزدور ہلاک
-
دنیا4 days agoایران کا فی الحال امریکہ کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں: ایرانی وزیر خارجہ
-
دنیا5 days agoٹرمپ جوہری معاہدے کے بغیر ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے پر تیار: رپورٹ
-
جموں و کشمیر3 days agoیومِ آزادی سے قبل جموں و کشمیر پولیس نے سرحدی سامبا میں طویل فاصلے کی گشت اور فرضی انسدادِ دہشت گردی مشق کی
-
دنیا4 days agoتجربہ کار آئی آر جی سی کمانڈر محسن رضائی ایران کے قومی سلامتی کے سربراہ مقرر
-
دنیا3 days agoایران نے خود کو ایک ‘ناقابل تسخیر طاقت’ ثابت کیا ہے: عراقچی
-
دنیا4 days agoآبنائے ہرمز کے مستقبل پر ایرانی مطالبات سے غیر یقینی بڑھنے کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ
-
دنیا3 days agoشام کے سابق صدر بشار الاسد کو سزائے موت سنادی گئی
-
دنیا4 days agoکیسپین سمندر معاہدے کا مستقبل ایران کی پارلیمنٹ طے کرے گی: اسماعیل بقائی
-
دنیا4 days agoایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز پر مذاکرات جاری
