تازہ ترین
ترال جھڑپ: مکان زمین بوس ، سی آر پی ایف اہلکار زخمی جھڑپ کی جگہ سے کوئی لاش ابھی تک برآمد نہیں کی گئی ،
خبراردو:
پلوامہ کے آری پل نامی گاؤں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان گھماسان کی لڑائی ہوئی جس دوران آدھے دن تک طرفین کے درمیان شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کا ایک اہلکار زخمی ہوا جسے علاج و معالجے کی خاطر فوجی ہسپتال واقع بادامی باغ منتقل کیا گیا۔ ادھر رہائشی مکان کو بعد دوپہر بارودی مواد سے زمین بوس کردینے کے بعد فورسز کو کسی بھی جنگجو کی لاش نہیں ملی تاہم غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق جنگجو ممکنہ طور پر جائے جھڑپ سے فورسز کو چکمہ دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ادھر جنگجو مخالف آپریشن میں رخنہ ڈالنے کی خاطر آری پل اور ملحقہ دیہات سے نوجوانوں کی مختلف ٹولیوں نے فورسز پر چہار سو پتھراؤ کیا جس کے بعد فوج و فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی خاطر پیلٹ فائرنگ اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔اس دوران جائے جھڑپ سے 13کلومیٹر دور شیر آباد گاؤں میں اُس وقت افرا تفری کا ماحول پیدا ہوا جب یہاں سے گزر رہی سی آر پی ایف کی گاڑی نے تعزیت سے واپس لوٹ رہے لوگوں پر شلنگ کی جس کے نتیجے میں یہاں 23نوجوان کے سر پر گہری چوٹ آئی۔ ادھر انتظامیہ نے ضلع میں امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے موبائل انٹرنیٹ خدمات کو معطل کردیا۔ 
جنگجو مخالف آپریشنوں کو جاری رکھتے ہوئے فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی کی مشترکہ پارٹی نے جنوبی کشمیر پلوامہ کے آری پل نامی گاؤں کا علی الصبح محاصرہ عمل میں لایا جس دوران یہاں گھر گھر تلاشیوں کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ پولیس نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی مشترکہ جمعیت نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد آری پل نامی گاؤں کا علی الصبح محاصرہ کیا جس دوران یہاں چھپے بیٹھے جنگجوؤں کو ڈھونڈ نکالنے کے لیے آپریشن شروع کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ یہاں حزب المجاہدین کے سرکردہ کمانڈر عمر فیاض ولد فیاض احمد لون عرف حماد خان ساکن سیر جاگیر ترال چھپا بیٹھا ہے جس کے بعد ہی فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی کی بھاری جمعیت نے گاؤں کے چاروں اطراف محاصرہ عمل میں لاتے ہوئے یہاں گھر گھر تلاشی کا آغاز کیا۔
پولیس کے مطابق اس موقعے پر فورسز نے گاؤں کے اندرون و بیرون راستوں پر فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کرنے کے علاوہ جگہ جگہ فوج کی بکتر بند گاڑیوں کو تعینات کیا ۔سیکورٹی فورسز نے جونہی علاقے میں تلاشی کارروائی شروع کی تو اسی دوران یہاں مکان میں پناہ لیے ہوئے جنگجوؤں نے تلاشی پارٹی پر جدید ہتھیاروں سے شدید فائرنگ شروع کردی جس کے بعد فورسز نے مورچہ سنبھالتے ہوئے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ مکان کے اندر سے جنگجوؤں نے وقفے وقفے سے فورسز پر فائرنگ جاری رکھی تاہم دوپہر ایک بجے کے قریب فورسز نے جنگجوؤں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے مکان کو بارودی موادسے اُڑادیا جس کے بعد یہاں گولیوں کی گن گرج تھم گئی۔پولیس نے بتایا کہ طرفین کی شدید فائرنگ کے نتیجے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار بھی زخمی ہوگیا جسے فوری علاج و معالجے کی خاطر فوجی ہسپتال واقع بادامی باغ سرینگر منتقل کردیا گیا۔
اس دوران سیکورٹی فورسز نے شام دیر گئے تک جائے جھڑپ پر ملبے کی تلاشی عمل میں لائی تاہم یہاں سے کسی بھی جنگجو کی لاش برآمد نہیں ہوئی۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق طرفین کی شدید گولہ باری کے بعد ہی جنگجو جائے جھڑپ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تاہم علاقے میں شام دیر گئے تک حزب المجاہدین کے سرکردہ کمانڈرحماد خان کی ہلاکت پر تذبذب برقرار تھا جبکہ پولیس نے بھی اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ اس دوران جنگجوؤں مخالف آپریشن میں رخنہ ڈالنے کی خاطر آری پل ، پستونہ، سیر، گلشن پورہ، لرو اور ہندورہ نامی گاؤں سے لوگوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر فورسز پر سنگ باری شروع کردی جس کے بعد یہاں افرا تفری کا ماحول پیدا ہوا۔ پولیس کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے جنگجو مخالف کارروائی میں رخنہ ڈالنے کی خاطر سیکورٹی فورسز پر پتھراؤ کیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی خاطر پیلٹ فائرنگ اور آنسو گیس کے درجنوں گولے داغے جس کے نتیجے میں یہاں قیامت صغریٰ کا ماحول پیدا ہوا۔ ادھر جائے جھڑپ سے 13کلومیٹر دور شیر آباد نامی گاؤں میں بھی اُس وقت خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوا جب یہاں ایک خاتون کو دفنانے کے بعد جنازے میں شامل لوگوں پر سی آر پی ایف اہلکاروں نے آنسو گیس کے کئی گولے داغے جس کے بعد یہاں صورتحال نے سنگین رخ اختیار کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق سی آر پی ایف اہلکاروں نے اُس وقت آنسو گیس کے کئی گولے داغے جب یہاں لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایک خاتون کودفنانے کے بعد واپس گھروں کو لوٹ رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں پر نہ تو کوئی احتجاجی مظاہرہ ہورہا تھا اور نہ ہی کوئی سنگ باری مگر سی آر پی ایف نے بلاوجہ پرامن لوگوں پر تشدد ڈھایا ۔ معلوم ہوا ہے کہ سی آر پی ایف کی کارروائی کے نتیجے میں یہاں 23سالہ نوجوان سر میں شل لگنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوگیا ہے جسے علاج و معالجے کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ادھر جھڑپ میں مارے گئے جنگجو کی شناخت سے متعلق پولیس نے شام دیر گئے تک کوئی بھی تصدیق نہیں کی جس کے نتیجے میں پلوامہ اور مضافات میں جاں بحق جنگجو سے متعلق تذبذب کی کیفیت چھائی رہی۔ادھر ضلع انتظامیہ نے سنیچر کی صبح شروع ہوئی جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی ضلع بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس کو منقطع کردیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ضلع بھر میں امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور بے لگام افواہ بازی پر روک لگانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے احتیاطی طور پر موبائل سروس کو اگلے احکامات تک معطل رکھنے کا فیصلہ کرلیا ۔خیال رہے جمعرات کو ہی پلوامہ کے گلشن پورہ ترال میں بھی فوج اور جنگجوؤں کے مابین ایک خونین معرکہ آرائی ہوئی جس میں حز ب المجاہدین سے وابستہ 3مقامی جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
ہندوستان
انڈیا اتحاد کے رہنماؤں سے جمعہ کی رات آٹھ بجے ملاقات کریں گی مرمو
نئی دہلی، انڈیا اتحاد کے رہنما جمعہ کی رات آٹھ بجے صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کر کے ووٹر لسٹ کی خصوصی تفصیلی نظرثانی (ایس آئی آر) کےعمل کے ذریعے دھاندلی کرنے اور الیکشن کمیشن کے طریقہ کار سے متعلق مسائل پر اپنے خدشات پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق انڈیا اتحاد کے رہنماؤں نے 30 ستمبر کو یہاں منعقدہ میٹنگ میں صدرِ جمہوریہ سے ملاقات کر کے ان مسائل پر ان کے سامنے اپنا موقف رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اتحاد کے رہنما ایس آئی آر کے عمل اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے طریقہ کار سے متعلق اپنے خدشات سے صدرِ جمہوریہ کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔
اس سلسلے میں صدرِ جمہوریہ سے ملاقات کے لیے پہلی بار دو اکتوبر کو مکتوب بھیج کر وقت مانگا گیا تھا۔ راشٹرپتی بھون کی طرف سے وفد میں شامل ہونے والے رہنماؤں کے نام مانگے جانے کے بعد اتحاد نے پانچ اکتوبر کو دوبارہ مکتوب بھیجا اور سات، آٹھ یا نو اکتوبر میں سے کسی بھی دن ملاقات کا وقت دینے کی درخواست کی تھی۔
انڈیا اتحاد کے رہنما چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر ووٹر لسٹ میں مبینہ دھاندلیوں کے تعلق سے سوال اٹھاتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس معاملے پر اتحاد کے اراکینِ پارلیمنٹ نے مظاہرے اور مارچ بھی نکالے ہیں۔
کانگریس نے الیکشن کمیشن کے خلاف اپنے احتجاج کو تیز کرنے کے لیے تقریباً ڈیڑھ ماہ تک جاری رہنے والی تحریک کے پروگرام کی بھی توثیق کی ہے۔ کانگریسی رہنما راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا کو پولیس مظاہرے کے دوران مسلسل دو بار حراست میں بھی لے چکی ہے۔
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
ہندوستان نے امریکہ کے پی ای آر ایم پروگرام پر روک پر تشویش کا اظہار کیا، کہا – یہ دونوں ممالک کے مفادات کے خلاف
نئی دہلی، ہندوستان نے امریکی محکمہ محنت کے مستقل لیبر سرٹیفیکیشن پروگرام (پی ای آر ایم) سے جڑے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے مفادات کے خلاف بتایا ہے۔
امریکہ کی جانب سے جمعرات کی رات اس قدم کے اعلان کے بعد وزارتِ خارجہ نے جمعہ کے روز ایک بیان جاری کر کے کہا کہ اس قدم سے متاثرہ کمپنیوں کے اہل ملازمین کے گرین کارڈ کے عمل پر اثر پڑ سکتا ہے۔ تاہم پی ای آر ایم درخواستوں پر روک سے موجودہ ایچ-1بی ویزا یا ویزا ہولڈرز اور ان کے زیرِ کفالت افراد کی حیثیت پر خود بخود کوئی اثر نہیں پڑتا۔
ہندوستان نے کہا کہ پی ای آر ایم پروگرام، ایچ-1بی ویزا پروگرام سے مختلف ہے۔ متاثرہ کمپنیوں کے اہل ملازمین کی مستقل رہائش یعنی گرین کارڈ حاصل کرنے کے عمل پر اس کا کچھ اثر ہو سکتا ہے، لیکن اس سے موجودہ ایچ-1بی ویزا کی میعاد اپنے آپ ختم نہیں ہوتی۔
وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیلنٹ کے امریکہ جانے سے دونوں ممالک کی معیشتوں کو فائدہ ہوتا ہے۔ اس سے ہندوستانیوں کو مواقع ملتے ہیں، جبکہ امریکی کمپنیوں کو ہنر مند ملازمین، نئی ٹیکنالوجی، تحقیق، جدت طرازی، پیداواری صلاحیت اور مسابقتی صلاحیت بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔ اس سے امریکہ میں روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور شیئر ہولڈرز کے اثاثوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
ہندوستان نے کہا کہ امریکہ کا یہ قدم دونوں ممالک کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے میں مدد نہیں کرتا۔ ہندوستان نے امریکی نائب صدر کے اس معاملے پر کیے گئے تبصروں پر بھی اعتراض ظاہر کیا۔ ہندوستان کے مطابق ایسے تبصرے غیر مناسب ہیں اور امریکہ کی معیشت نیز جدت طرازی میں ہندوستانی پیشہ ور افراد کی خدمات کو نظر انداز کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی پیشہ ور افراد امریکہ کی معیشت اور جدت طرازی کے نظام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ امریکہ کی تاریخ بھی ایسے تارکینِ وطن کی خدمات سے بنی ہے جنہوں نے اپنے کام، کاروبار اور نئے خیالات سے ملک کی ترقی میں مدد کی ہے۔ ہندوستان نے کہا کہ دردناک تاریخی اور نوآبادیاتی دور کی یاد دلانے والے الفاظ کا استعمال انتہائی قابلِ اعتراض ہے۔
وزارتِ خارجہ نے کہا کہ وہ اس معاملے سے جڑی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
یواین آئی ایف اے
جموں و کشمیر
مشتبہ افراد اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں: جموں و کشمیر پولیس کی عوام سے اپیل
جموں، جموں و کشمیر پولیس نے پونچھ ضلع کے بفلیاز میں پولیس-عوام شراکت داری گروپ (پی سی پی جی) کے اجلاس کے دوران شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص یا دہشت گردانہ سرگرمی کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
یہ اجلاس ایڈیشنل ایس پی پونچھ ڈاکٹر اجے شرما کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں عوامی نمائندوں، سماجی کارکنوں، سابق فوجیوں، مذہبی نمائندوں اور مقامی باشندوں نے شرکت کی۔ اس کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانا اور منشیات، دہشت گردی کے خلاف کارروائی، خواتین و بچوں کی حفاظت، سائبر جرائم اور عوامی مسائل سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کرنا تھا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی پونچھ ڈاکٹر اجے شرما نے عوام کی فعال شرکت کو سراہا اور کہا کہ امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے شہریوں کی جانب سے بروقت اور قابل اعتماد معلومات فراہم کرنا انتہائی اہم ہے۔
منشیات کی لعنت کے حوالے سے انہوں نے زور دیا کہ اس کاروبار میں ملوث اصل سپلائرز اور منشیات فروخت کرنے والوں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی نشے کی لت سے چھٹکارا دلانے، بحالی اور کونسلنگ کے اقدامات کو بھی فروغ دیا جائے، تاکہ اصلاح کے خواہش مند افراد کو مدد فراہم کی جاسکے۔
دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے موضوع پر ایڈیشنل ایس پی نے خبردار کیا کہ ملک دشمن عناصر نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے لیے منشیات، ہتھیاروں، دہشت گردی، مذہب اور دیگر جذباتی معاملات کا استحصال کرسکتے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص، نقل و حرکت، آمد و رفت یا دہشت گردانہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ دہشت گردوں کو پناہ، حمایت یا کسی بھی قسم کی مدد فراہم نہ کی جائے۔
انہوں نے ماضی میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں، بشمول آپریشن سرپ وناش، میں مقامی باشندوں کے اہم کردار کو بھی تسلیم کیا۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں میں درپیش سلامتی کے چیلنجوں کے پیش نظر نگرانی مزید سخت کرنے، مؤثر معلومات جمع کرنے اور انہیں بروقت متعلقہ حکام تک پہنچانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے عوام سے غیر قانونی کان کنی، درختوں کی غیر مجاز کٹائی، تجاوزات اور جنگلاتی یا پہاڑی زمین کو غیر قانونی طور پر صاف کرنے کے واقعات کی اطلاع دینے کی اپیل کی۔
مویشیوں کی اسمگلنگ پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ اس معاملے میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔
مقامی تنازعات کے حوالے سے انہوں نے باشندوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایف آئی آر اور جوابی ایف آئی آر درج کرانے کے ذریعے معمولی معاملات کو بلاوجہ طول دینے سے گریز کریں اور جہاں ممکن ہو، چھوٹے تنازعات کو پُرامن طریقے سے حل کریں۔
یواین آئی۔ ظ ا
-
جموں و کشمیر1 week agoسری نگر پولیس نے بین ریاستی منشیات نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، آٹھ افراد گرفتار
-
دنیا1 week agoقطری ثالثی کی امریکہ، ایران کے درمیان مذاکرات میں معمولی پیش رفت
-
دنیا1 week agoروس پر براہِ راست حملے کی صورت میں ہر قسم کے ہتھیار استعمال کرنےکا معاملہ ایجنڈے پر ہو گا :پوتن
-
ہندوستان1 week agoوندے بھارت نے چِناب پل اور کیبل اسٹڈ انجی پل کو 100 کلومیٹر کی رفتار سے عبور کیا
-
جموں و کشمیر7 days agoگاندھی کے عدم تشدد اور سودیشی کے نظریات آج بھی اہم ہیں: جموں کے ڈویژنل کمشنر
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میراتھن اتحاد اور نوجوانوں کے متبادل خواہشات کا پیغام دیتی ہے: ایل جی سنہا
-
دنیا6 days agoخمیس مشیط کی جانب داغے گئے تین حوثی بیلسٹک میزائل تباہ
-
ہندوستان1 week agoڈیفنس اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ کے 279ویں سالانہ دن پر کئی نئی پہل کی شروعات کریں گے راج ناتھ
-
جموں و کشمیر1 week agoجاوید ڈار نے اسمبلی میں سی اے جی کی رپورٹیں پیش کیں
-
ہندوستان1 week agoشیئر بازاروں میں گراوٹ جاری، سینسیکس 49 پوائنٹس پھسلا
-
ہندوستان1 week agoکھرگے- راہل نے گاندھی اور شاستری کو یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا
-
دنیا1 week agoایران امریکہ سے مذاکرات کی کوشش جاری رکھے گا: پیزشکیان
