ہندوستان
سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر وکست بھارت کے ہدف کے لیے متحد ہو کر کام کریں: صدرِ جمہوریہ مرمو
نئی دہلی، صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے قومی مفاد کو سب سے اہم قرار دیتے ہوئے اراکینِ پارلیمنٹ سے زور دار اپیل کی ہے کہ وہ سیاسی اختلافات سے اوپر اٹھ کر ’’وکست بھارت‘‘ جیسے قومی اہمیت کے موضوعات پر باہمی اتفاق کے ساتھ کام کریں اور ملک کی ترقی کو نئی توانائی فراہم کریں۔
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ قوم سے جڑے اہم معاملات پر اراکینِ پارلیمنٹ کا یک زبان ہونا ضروری ہے اور یہی آئین کی روح بھی ہے۔ انہوں نے گزشتہ 11 برسوں کے دوران حکومت کے کام کاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک نے مختلف شعبوں میں تیز رفتار ترقی کی ہے اور ہندوستان ہر میدان میں تیزی سے خود کفالت کی سمت بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے دفاع، صحت، تعلیم، خلائی تحقیق، بنیادی ڈھانچے اور زراعت جیسے شعبوں میں حکومت کی کامیابیوں کا خصوصی ذکر کیا۔ ساتھ ہی کہا کہ حکومت بدعنوانی کے خاتمے، سماجی انصاف اور خواتین کے بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ وکست بھارت کا ہدف کسی ایک حکومت یا نسل تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک مسلسل سفر ہے، جس میں سب کی کوششیں اور تسلسل نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا “مختلف نظریات اور خیالات کے درمیان یہ بات سب کو تسلیم کرنی چاہئے کہ ملک سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ وکست بھارت کا عزم، ہندوستان کی سلامتی، خود انحصاری، سوَدیشی کی مہم، اتحاد کی کوششیں، صفائی اور قوم سے جڑے ایسے موضوعات پر اراکینِ پارلیمنٹ کو متحد ہونا ہی چاہیے اور یہی آئین کی روح ہے۔”
صدرِ جمہوریہ مرمو نے مہاتما گاندھی، پنڈت نہرو، بابا صاحب امبیڈکر، سردار پٹیل، جے پی لوہیا، پنڈت دین دیال اپادھیائے اور اٹل بہاری واجپئی جیسی عظیم شخصیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سب کا یہی نظریہ تھا کہ جمہوریت میں اختلافِ رائے فطری ہے، مگر کچھ معاملات اختلافات سے بالاتر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا:“میری آپ سب سے گزارش ہے کہ ہر رکنِ پارلیمنٹ قومی مفاد کے موضوعات پر متحد ہو کر، ملک کی ترقی کا حصہ بنے اور ملک کی ترقی میں نئی توانائی بھرے۔”
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مستقبل کے ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے اور آج کئے گئے فیصلوں کا اثر آنے والے برسوں میں نظر آئے گا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پارلیمنٹ، حکومت اور عوام تینوں مل کر وکست بھارت کے عزم کو پورا کریں گے اور آئینی اقدار کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان (وکست بھارت) کے عزم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے حکومت ’’ریفارم ایکسپریس‘‘ کی رفتار کو مسلسل تیز کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بدعنوانی اور گھوٹالوں سے پاک نظام قائم کرنے میں کامیاب ہو رہی ہے، جس کے باعث ٹیکس دہندگان کی ایک ایک پائی ملک کی ترقی اور عوامی فلاح پر خرچ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان جدید بنیادی ڈھانچے میں بے مثال سرمایہ کاری کر رہا ہے اور زمین، سمندر اور فضا ہر شعبے میں ملک کی تیز رفتار پیش رفت عالمی سطح پر موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔
صدرِ جمہوریہ نے ماؤ نواز دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جہاں کبھی 126 اضلاع میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول تھا، وہ اب سکڑ کر آٹھ اضلاع تک محدود رہ گیا ہے، جن میں سے صرف تین اضلاع ہی اب شدید طور پر متاثر ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب ملک سے ماؤ نوازوں کی دہشت گردی مکمل طور پر ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس نظریے نے کئی نسلوں کا مستقبل تاریک کیا اور اس کا سب سے زیادہ نقصان نوجوانوں، آدیواسیوں اور دلت بھائی بہنوں کو ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال میں ماؤنوازوں سے وابستہ تقریباً دو ہزار افراد نے خودسپردگی کی ہے جس سے لاکھوں شہریوں کی زندگی میں امن لوٹا ہے اور ماؤ نواز سے پاک علاقوں میں تبدیلی واضح نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیجاپور کے ایک گاؤں میں 25 سال بعد بس پہنچی تو لوگوں نے اسے تہوار کی طرح منایا، بستر اولمپک میں نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور ہتھیار چھوڑنے والے افراد جگدل پور کے پنڈم کیفے میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ حکومت کی ترقی پسند سوچ اور پالیسیوں کے سبب خواتین نے ہر شعبے میں تیز رفتار ترقی کی ہے۔ لکھ پتی دیدی اسکیم کے تحت مستفید خواتین کی تعداد دو کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جسے جلد ہی تین کروڑ تک پہنچانے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے سے خواتین کیڈٹس کے پہلے بیچ کی پاس آؤٹ تقریب نے اس یقین کو مزید مضبوط کیا ہے کہ ملک کی ترقی میں ’’ناری شکتی‘‘ کا کردار مرکزی ہے۔
انہوں نے عدالتی نظام، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے غلط استعمال سے پیدا ہونے والے خطرات، عالمی چیلنجز کے باوجود ہندوستان کی مضبوط اقتصادی پیش رفت، قبائلی، درج فہرست ذاتوں اور پسماندہ طبقات کی فلاحی اسکیموں، توانائی، زراعت، صنعت، مینوفیکچرنگ، بنیادی ڈھانچے، ڈیجیٹل معیشت اور سماجی تحفظ سے متعلق حکومت کی کامیابیوں کا تفصیلی ذکر کیا۔
صدرِ جمہوریہ نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں ہندوستان نے اپنی ترقی کی بنیاد کو مضبوط کیا ہے، کروڑوں لوگوں کو غربت سے باہر نکالا گیا ہے اور ملک مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مشترکہ عزم، نظم و ضبط اور مسلسل کوششوں سے ہندوستان ترقی یافتہ ملک بن کر ابھرے گا۔
یواین آئی۔ م س
ہندوستان
جنتر منتر پر مظاہرے کے لیے 10 دن پہلے درخواست کی شرط بے تکی: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے جنتر منتر پر مظاہرے کے لیے 10 دن پہلے درخواست دینے کی شرط پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی واقعے پر فوری احتجاج کے لیے لوگوں کو اتنے دن انتظار کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
کانگریس کے اتر پردیش انچارج راجندر پال گوتم نے بدھ کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ خبر حیران کن ہے کہ جنتر منتر پر کسی بھی مظاہرے کے لیے کم از کم 10 دن پہلے درخواست دینی ہوگی۔ انہوں نے دہلی پولیس کے اس فرمان پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج کسی کے ساتھ ظلم ہو جائے، کسی کا بے رحمی سے قتل ہو جائے یا جمہوریت پر حملہ کر دیا جائے تو کیا لوگوں کو اس کے احتجاج کے لیے 10 دن انتظار کرنا ہوگا؟
انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ سپریم کورٹ یا کسی حکومت نے ایسا کوئی قانون بنایا ہے یا بنا سکتی ہے کہ ایک آزاد ملک میں لوگ اپنے بنیادی حقوق کا استعمال کرنے کے لیے اتنے دن انتظار کریں۔
کانگریسی رہنما نے کہا کہ آئین شہریوں کو اظہارِ رائے کی آزادی دیتا ہے اور دھرنا- مظاہرے کے ذریعے حکومت پر دباؤ بنانے کا حق بھی دیتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی تحقیاقی ایجنسیوں کا استعمال کر رہی ہے اور الیکشن کمیشن کو بی جے پی کی ‘بی ٹیم’ بنا دیا گیا ہے۔
مسٹر گوتم نے کہا کہ جواب دہی سے بچنے کے لیے وزیرِ داخلہ امت شاہ پولیس کو آگے کر دیتے ہیں اور گزشتہ دو دنوں میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ پولیس نے جس طرح کا سلوک کیا، وہ شرمناک ہے۔
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حملوں کی ہندوستان نے شدید مذمت کی
نئی دہلی، ہندوستان نے سعودی عرب کے ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے اور ریاض کے کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنا کر گزشتہ چند دنوں میں کیے گئے حملوں کی مذمت کی ہے۔
وزارتِ خارجہ نے جمعرات کے روز ایک بیان جاری کر کے کہا کہ ان حملوں میں شہریوں کی موت اور کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ہندوستان نے کہا کہ شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے۔
ہندوستان نے حملوں میں جاں بحق ہونے والے لوگوں کے خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ ہندوستان نے سعودی عرب کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعادہ کیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ منگل اور بدھ کے روز مبینہ طور پر حوثی باغیوں کے حملوں میں جان و مال کا کافی نقصان ہوا ہے۔
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
جنتر منتر پر مظاہرے کی اجازت کے تعلق سے یوتھ کانگریس کی عرضی پر جمعہ کو سماعت
نئی دہلی، دہلی ہائی کورٹ میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف جنتر منتر پر مظاہرے کی اجازت دینے سے دہلی پولیس کے انکار کو چیلنج کرنے والی یوتھ کانگریس کی عرضی پر جمعہ کے روز سماعت ہو سکتی ہے۔
یوتھ کانگریس نے بتایا کہ تنظیم کے سینئر ایڈوکیٹ سنجے گھوش نے بدھ کے روز دہلی ہائی کورٹ کے کارگزار چیف جسٹس نتن واسودیو سامبرے کی بنچ کے سامنے عرضی کا ذکر کیا تھا۔ عدالت نے اس کے بعد معاملے کو جمعہ کے روز سماعت کے لیے فہرست بند کیا ہے۔ یوتھ کانگریس نے امید ظاہر کی ہے کہ معاملے پر جمعہ کے روز سماعت ہوگی۔
عرضی یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چب کے ذریعے تنظیم کے لیگل سیل کے چیئرمین ایڈوکیٹ روپیش سنگھ بھدوریا نے دائر کی ہے۔ اس میں دہلی پولیس کے یکم اکتوبر کے اس حکم کو چیلنج کیا گیا ہے جس میں 25 ستمبر کو مجوزہ 100 سے 150 لوگوں کے پرامن مظاہرے کی اجازت دینے سے انکار کیا گیا تھا۔
یوتھ کانگریس نے کہا کہ اس نے مظاہرے کے دوران سکیورٹی، ٹریفک، نظم و ضبط اور امن و قانون سے جڑی تمام شرائط پر عمل کرنے کا یقین دلایا تھا۔
عرضی کے مطابق پرامن اجتماع اور اظہارِ رائے کے بنیادی حق کو انتظامی صوابدید کی بنیاد پر من مانے طریقے سے پابند نہیں کیا جا سکتا۔ یوتھ کانگریس نے کہا ہے کہ ایسے امتناع آئینی، ضرورت کے مطابق اور متناسب ہونے چاہئیں۔
یواین آئی ایف اے
-
جموں و کشمیر1 week agoسری نگر پولیس نے بین ریاستی منشیات نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، آٹھ افراد گرفتار
-
دنیا1 week agoقطری ثالثی کی امریکہ، ایران کے درمیان مذاکرات میں معمولی پیش رفت
-
دنیا7 days agoروس پر براہِ راست حملے کی صورت میں ہر قسم کے ہتھیار استعمال کرنےکا معاملہ ایجنڈے پر ہو گا :پوتن
-
ہندوستان7 days agoوندے بھارت نے چِناب پل اور کیبل اسٹڈ انجی پل کو 100 کلومیٹر کی رفتار سے عبور کیا
-
دنیا1 week agoہیگستھ امریکی جنرل اور ایڈمرل کے عہدوں میں 20 فیصد کمی کریں گے
-
جموں و کشمیر7 days agoگاندھی کے عدم تشدد اور سودیشی کے نظریات آج بھی اہم ہیں: جموں کے ڈویژنل کمشنر
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میراتھن اتحاد اور نوجوانوں کے متبادل خواہشات کا پیغام دیتی ہے: ایل جی سنہا
-
دنیا6 days agoخمیس مشیط کی جانب داغے گئے تین حوثی بیلسٹک میزائل تباہ
-
ہندوستان1 week agoگیانیش کمار استعفیٰ دیں، ہٹائے گئے ووٹروں کی فہرست عام کی جائے: کھرگے
-
جموں و کشمیر1 week agoجاوید ڈار نے اسمبلی میں سی اے جی کی رپورٹیں پیش کیں
-
ہندوستان1 week agoشیئر بازاروں میں گراوٹ جاری، سینسیکس 49 پوائنٹس پھسلا
-
ہندوستان7 days agoکھرگے- راہل نے گاندھی اور شاستری کو یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا
