تازہ ترین
فروغ اردو کے لیے موجودہ حکومت کے اقدامات قابلِ قدر :پروفیسر شاہد اختر
نئی دہلی، یکم فروری (یو این آئی) قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کے سابق وائس چیئر مین اور مائناریٹی ایجوکیشن انسٹی ٹیوشن کے ممبر پروفیسر شاہد اختر نے اپنے ایک بیان میں موجودہ حکومت کے ذریعے مسلمانوں کی فلاح و ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں یہ حکومت سب کا ساتھ،سب کا وکاس اور سب کا وشواس کے نعرے اور نصب العین کےساتھ سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر طبقے تک پہنچنے اور تمام شہریوں کی تعلیمی،معاشی و سماجی ترقی کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں مصروف ہے جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انھوں نے خصوصاً اردو کے حوالے سے حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان ملک کی تمام زبانوں کو آگے بڑھانے اور ان کے تحفظ و فروغ کے ساتھ اردو کے فروغ پر بھی خاص توجہ دے رہے ہیں اور انھوں نے بارہا اس زبان کی دلکشی اور شیرینی کا اعتراف بھی کیا ہے، اسی وجہ سے وہ چاہتے ہیں کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نہ صرف ہندوستان کی سطح پر اردو کے کاز کو آگے بڑھانے والا سب سے بڑا ادارہ بنے بلکہ وہ عالمی سطح پر بھی لوگوں کو اس زبان اور اس کے ادب سے مربوط کرے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی سربراہی میں کونسل نے پچھلے سات سال میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور اس کی اسکیمیں کشمیر سے کنیاکماری تک کے دور دراز علاقوں تک پہنچ رہی ہیں۔ کونسل کے زیر اہتمام اردو،عربی و فارسی زبانوں میں سرٹیفکٹ و ڈپلوما کے پورے ملک میں سیکڑوں سینٹرز چلتے ہیں،جن سے اب تک ہزاروں طلبہ و طالبات نے استفادہ کیا ہے،اس کے علاوہ ملک بھر کے ہزاروں اسکالرز،مصنفین اور اداروں کی ہر سال مالی مدد کی جاتی ہے،تاکہ وہ مختلف علمی و ادبی موضوعات پر ریسرچ کرسکیں،اپنی کتابیں شائع کرواسکیں اور سمینار و کانفرنسز کا انعقاد کر سکیں۔ خود قومی کونسل کے زیر اہتمام اب تک کم و بیش دو ہزار درسی و غیر درسی علمی و ادبی کتابیں شائع ہوچکی ہیں،جنھیں بہت رعایتی قیمتوں پر قارئین تک پہنچایا جاتا ہے،نیز کونسل کے زیر اہتمام سال میں کئی مذاکرات اور سمیناروں کا انعقاد بھی ہوتا ہے،ہر سال ایک ورلڈ اردو کانفرنس بھی منعقد کی جاتی ہے،جس میں ہندوستان کے علاوہ درجنوں ممالک کے سکالرز اور دانشوران شریک ہوتے ہیں اور اہم ادبی و تحقیقی موضوعات پر مقالات پیش کیے جاتے ہیں ۔ ’بکس آن وہیل‘ پروگرام کے تحت قومی اردو کونسل درو دراز کے علاقوں میں موبائل وین کے ذریعے قارئین تک کتابیں پہنچا رہی ہے،حال ہی میں ۵۴؍ویں دورے کے تحت تلنگانہ،آندھرا پردیش اور کرناٹک میں گشت کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ کونسل نے پچھلے سال بہت سے علمی و ادبی پروگرام کیے ہیں۔ جن میں سے ایک اہم قومی اردو کتاب میلہ تھا جو ۱۸؍سے ۲۶؍ دسمبر ۲۰۲۱ء کے درمیان مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں لگایا گیا،یہ میلہ بہت کامیاب رہا اور اس میں ایک کروڑ سے زیادہ کی اردو کتابیں خریدی گئیں،دوسرا اہم پروگرام یوپی اردو اکیڈمی کے اشتراک سے دسمبر میں ہی جشن اردو کے عنوان سے کیا تھا جس میں مرکزی و ریاستی حکومت کے اشتراک سے رنگا رنگ ادبی و ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ یوپی کی یوگی سرکار بھی اردو کے فروغ کے تئیں سنجیدہ ہے چنانچہ موجودہ سکریٹری زہیر بن صغیر کی رہنمائی میں یوپی اردو اکیڈمی نے بھی کئی اہم پروگرام شروع کیے ہیں جن سے ہر طبقہ فائدہ اٹھا رہا ہے۔
پروفیسر شاہد اختر نے نئی قومی تعلیمی پالیسی کے حوالے سے کہا کہ طویل عرصے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ایک جامع اور مفید تعلیمی پالیسی تیار کی گئی ہے ، جس کا تمام طبقات کو خیر مقدم کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ اس پالیسی میں آٹھویں شیڈول میں درج تمام زبانوں کے تحفظ اور فروغ کی ضمانت دی گئی ہے، جن میں اردو بھی شامل ہے ۔ اس پالیسی میں مادری زبان کے فروغ اور تعلیم پر خاص توجہ دی گئی ہے،جس سے یقیناً اردو زبان کو بھی فائدہ ہوگا ۔ اب یہ اردو والوں کی ذمے داری ہے کہ وہ مادری زبان میں نئی نسل کی تعلیم پر ہر حال میں توجہ دیں۔ انھوں نے بتایا کہ کونسل کی جانب سے اردو اساتذہ کی تربیت اور مختلف ریاستوں کے سرکاری اسکولوں میں اردو طلبہ کو پرائمری تعلیم مادری زبان میں فراہم کرنے کے لیے بھی باقاعدہ کوشش کی جارہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اردو کونسل اردو زبان کے فروغ کے ساتھ ساتھ حکومت ہند کی دوسری فلاحی اسکیموں کو بھی اردو حلقوں تک پہنچانے کا کام رہی ہے جس سے پورے ملک کے لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں اور آیندہ بھی تمام وزارتوں اور سرکاری محکموں کی اسکیموں سے لوگوں کو باخبر کرنے اور ان کے اندر بیداری پیدا کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ہندوستان
ووٹ چوری کے خلاف نوجوانوں کے احتجاج کی راہل نے حمایت کی
نئی دہلی، کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر جمعہ کو ’ووٹ چوری‘ کے خلاف نوجوانوں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو اب عہدہ چھوڑنا ہی ہوگا۔
مسٹر گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ہزاروں نوجوان ’ووٹ چوری‘ کے خلاف پرامن اور بغیر تشدد کے اپنے آئینی حق کا استعمال کرتے ہوئے سڑکوں پر ہیں اور ان کا مطالبہ واضح ہے کہ گیانیش کمار استعفیٰ دیں اور جمہوریت کو بچایا جائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی-شاہ حکومت کے جواب میں لڑکے اور لڑکیوں کو سڑکوں پر گھسیٹا جا رہا ہے اور سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان کا قصور صرف اتنا ہے کہ انہوں نے ووٹ چوری پر سوال اٹھایا۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے۔ سی۔ وینوگوپال نے کہا کہ یہ ملک کی جمہوریت کو بچانے اور عام آدمی کے ووٹ کے تحفظ کی لڑائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ذریعے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ عام لوگوں کے ووٹ چھین رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس، انڈیا اتحاد اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے لیے یہ فیصلہ کن لڑائی ہے اور جمہوریت کو بچانے کے لیے وہ جیل جانے کو بھی تیار ہیں۔
اس دوران کانگریس نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل ایکس پر کہاکہ ’’جمہوریت کے قاتل گیانیش کمار کی خیر نہیں ہے۔ عوام ’ووٹ چوروں‘ کا اطمینان سے حساب لے گی۔‘‘
یواین آئی۔ ظ ا
کھیل
ڈوگرا اور مظفر نے جموں و کشمیر کی اننگز کو سنبھالا
سری نگر، موجودہ رنجی ٹرافی چیمپئن جموں و کشمیر نے سری نگر میں ایرانی کپ کے دوسرے دن زبردست حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو مشکل حالات سے نکل کر ’ریسٹ آف انڈیا‘ کے خلاف پہلی اننگز میں 41 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
صبح 37 رنز پر چار وکٹ اور لنچ کے بعد 166 رنز پر آٹھ وکٹ کے مشکل مرحلے سے گزرنے والی موجودہ رنجی ٹرافی چیمپئن ٹیم کو تجربہ کار پارس ڈوگرا (75 رنز) اور نمبر 10 پر کھیلنے والے لون ناصر مظفر (58 گیندوں پر جارحانہ 64 رنز) نے سنبھالا اور ٹیم کو 278 رنز تک پہنچا دیا۔
’ریسٹ آف انڈیا‘ کی ٹیم پہلے دن 237 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ جموں و کشمیر کی برتری حاصل کرنے کی امیدوں کو اس وقت ابتدائی دھچکا لگا جب مکیش چودھری نے اوور نائٹ بلے باز شبھم کھجوریہ اور کامران اقبال کو پہلے ہی پانچ اووروں میں آؤٹ کر دیا۔
اس کے بعد ڈوگرا اور عبدالصمد نے 97 رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کو سنبھالا اور لنچ تک جموں و کشمیر کا اسکور 134 رنز پر چار وکٹ تک پہنچا دیا۔ صمد (57 رنز) اس جوڑی میں زیادہ جارحانہ رہے اور وقفے سے عین قبل انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی 12ویں نصف سنچری مکمل کی۔
تاہم لنچ کے بعد ’ریسٹ آف انڈیا‘ نے واپسی کرتے ہوئے صمد کو آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد کنہیا ودھاون، عابد مشتاق اور ساحل لوٹرا بھی 11 اوور کے دوران آؤٹ ہوگئے۔ 166 رنز پر آٹھ وکٹ گرنے کے بعد بھی جموں و کشمیر 71 رنز پیچھے تھی۔
اس کے بعد ڈوگرا اور مظفر نے نویں وکٹ کے لیے 64 رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کا رخ بدل دیا۔
ڈوگرا 75 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے ساتھ ہی چودھری نے اننگز میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی، لیکن مظفر نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور آخری وکٹ کے لیے سنیل کمار کے ساتھ 48 رنز جوڑ کر جموں و کشمیر کو برتری دلا دی۔ مظفر بالآخر 64 رنز پر آؤٹ ہوئے اور جموں و کشمیر کی پوری ٹیم 278 رنز پر سمٹ گئی۔ چودھری نے 78 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کیے، جبکہ آکاش دیپ نے 43 رنز دے کر تین وکٹ لیے۔
جواب میں ’ریسٹ آف انڈیا‘ نے اسٹمپس تک ایک وکٹ پر 24 رنز بنا لیے تھے اور وہ اب بھی 17 رنز پیچھے تھی۔ سودیپ گھرامی اور سَنَت سانگوان ناٹ آؤٹ تھے، جبکہ سست اوور ریٹ کے باعث 15 اوورز کا کھیل نہیں ہو سکا۔
مختصر اسکور:
ریسٹ آف انڈیا: 237 اور 1/24 (سنیل کمار 1/9)، جموں و کشمیر: 278 (پارس ڈوگرا 75، لون ناصر مظفر 64، عبدالصمد 57؛ مکیش چودھری 5/78، آکاش دیپ 3/43) — 17 رنز پیچھے۔
یواین آئی۔ ظ ا
دنیا
یمن میں تعز کی لڑائی تیز، حوثی ٹھکانوں پر تین گھنٹے میں 20 فضائی حملے
صنعا، 2 یمن کی مسلح افواج نے جمعہ کو تعز صوبے میں ایران نواز حوثی فورسز کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے تین گھنٹے کے دوران حوثی جنگجوؤں، کمک اور فوجی تنصیبات پر 20 فضائی حملے کیے۔ اس دوران صوبے کے کئی محاذوں پر شدید لڑائی جاری رہی۔
یمنی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ فضائیہ نے تعز میں حوثیوں کی نقل و حرکت، کمک، اجتماعات، گاڑیوں اور فوجی سازوسامان کو نشانہ بناتے ہوئے 20 ’’درست فضائی حملے‘‘ کیے۔ ان کے مطابق حملوں میں اہداف کو براہ راست نشانہ بنایا گیا اور حوثی جنگجوؤں، سازوسامان اور فوجی نقل و حرکت کو نقصان پہنچا۔
تعز میں حالیہ دنوں لڑائی میں نمایاں شدت آئی ہے۔ یمنی حکومتی فورسز حوثی ٹھکانوں اور ان کی سپلائی لائنوں کے خلاف زمینی و فضائی کارروائیاں کر رہی ہیں، جبکہ حوثیوں نے بھی کئی محاذوں پر حملے تیز کیے ہیں اور سمیعہ ضلع میں نیا محاذ کھولا ہے۔
یمنی فوج کے مطابق صنعا، صعدہ اور تعز میں بھی حوثی ٹھکانوں کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔ فوج نے صنعا میں کارروائی کو ’’اعلیٰ اہمیت کے اہداف‘‘ کے خلاف آپریشن قرار دیتے ہوئے صعدہ میں 11 اہداف کو نشانہ بنانے اور تعز میں حوثیوں کے ایک ’’مکمل فوجی نظام‘‘ پر 27 فضائی حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔
یمنی حکومت کے مطابق مشرقی محاذوں، البیضاء اور مغربی تعز کے الوازعیہ ضلع کے المنصورہ میں حوثی جنگجوؤں اور فوجی سازوسامان کے خلاف 468 حملے کیے گئے، جن میں سیکڑوں حوثی جنگجوؤں کے ہلاک یا زخمی ہونے اور فوجی سازوسامان کی تباہی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، تعز کے مختلف علاقوں میں شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ حکومتی فورسز نے تعز شہر کے شمال میں الاربعین میں حوثیوں کا بڑا حملہ پسپا کرنے اور شہر کے مشرقی مضافات میں دراندازی کی کوششیں ناکام بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
یہ کشیدگی ایسے وقت بڑھی ہے جب چند روز قبل حوثیوں کے ڈرون حملے نے سعودی عرب کے مدینہ میں طیبہ بجلی تقسیم مرکز کو نشانہ بنایا تھا۔ سعودی عرب کے اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے حملے کی ذمہ داری حوثیوں پر عائد کرتے ہوئے اسے ’’بزدلانہ دہشت گردانہ کارروائی‘‘ قرار دیا تھا۔
یو این آئی۔ ع ا ۔
-
دنیا1 week agoایران کی وارننگ، امریکہ کے دوبارہ حملے کی صورت میں جنگ بحر ہند تک پھیل سکتی ہے
-
ہندوستان1 week agoلداخ میں چھٹے شیڈول کو نافذ کر کے پولیس فائرنگ میں شہید نوجوانوں کو ملے انصاف: کانگریس
-
دنیا1 week agoایران جنگ کے ساتویں ماہ میں عالمی تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد اضافہ، برینٹ 106.24 ڈالر فی بیرل
-
دنیا1 week agoہم فتح کے قریب : نیتن یاہو نے بڑے پیمانے پر واک آؤٹ کے باوجود نسل کشی کے الزام کو مسترد کردیا
-
ہندوستان1 week agoہندوستان دنیا کے لیے بھی مصنوعات تیار کرسکتا ہے : مودی
-
دنیا1 week agoکینیڈین وزیراعظم کارنی کا امریکہ کی ممکنہ فوجی کارروائی کے خطرے پر غور
-
دنیا1 week agoحوثیوں کے حملے بڑھنے پر سعودی عرب کے اتحادی مدد کے لیے آگے آئے
-
جموں و کشمیر1 week agoبی جے پی نے عمر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کی قرارداد کی مخالفت کی، 2000 کی خود مختاری قرارداد کے حوالہ پر سوال اٹھایا
-
دنیا1 week agoامریکہ-چین سربراہ اجلاس کے آغاز پر ٹرمپ کا شی جن پنگ کا شاندار استقبال
-
دنیا1 week agoیو ایس ایس ابراہم لنکن اسٹرائیک گروپ میں خودکشی کی آٹھ سے زائد کوششیں
-
ہندوستان1 week agoگیانیش کمار نے دو دنوں میں استعفیٰ نہیں دیا تو ملک گیر تحریک ہوگی: سی جے پی
-
کھیل1 week agoسروچی سنگھ اور کمل جیت سنگھ نے ہندوستان کو ایشیائی کھیلوں میں دوسرا طلائی تمغہ دلایا
