تازہ ترین
سرینگر بٹہ مالو جھڑپ : ایک سیکورٹی اہلکار ہلاک ، چار زخمی ، جنگجو فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیا ب
خبر اردو
15اگست سے 3روز قبل سرینگر کے ہائی سیکورٹی زون بتہ مالو علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین مسلح تصادم میں سیکورٹی فورسز کے 5اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک ایس او جی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ اس دوران محاصرے میں پھنسے جنگجو سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جبکہ جھڑپ کے دوران مالک مکان بھی زخمی ہوگیا۔ پولیس نے جائے واردات سے غیر قانونی مواد اورچند دستاویز برآمد کرنے کے علاوہ جنگجوؤں کے 2معاونین کو بھی حراست میں لے لیا۔ اس دوران انتظامیہ نے شہرسرینگر میں کسی بھی امکانی گڑ بھڑسے نمٹنے اور افواہ بازی پر روک لگانے کے لیے موبائل انٹرنیٹ سروس خدمات کو کئی گھنٹوں تک معطل رکھا۔
15اگست سے 3روز قبل شہرسرینگر کے ہائی سیکورٹی زون بتہ مالو علاقے میں جنگجوؤں نے اپنی موجودگی کا پھر ایک باراُس وقت احساس دلایا جب یہاں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان گھماسان کی لڑائی شروع ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق فورسز کی مشترکہ جمعیت نے مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر بتہ مالو علاقے کا علی الصبح محاصرہ عمل میں لایا جس دوران یونانی ہسپتال کی نزدیکی بستی میں فورسز اہلکاروں نے گھر گھر تلاشی آپریشن کا باضابطہ آغاز کیا۔ اس دوران جونہی فورسز مشتبہ مکان کے نزدیک پہنچے تو یہاں چھپے بیٹھے جنگجوؤں نے سیکورٹی اہلکاروں پر خودکار ہتھیاروں سے شدید فائرنگ شروع کی جس کے ساتھ ہی علاقہ گولیوں کی گن گرج سے لرز اُٹھا۔ اس دوران فورسز اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ تنگ کرتے ہوئے جنگجوؤں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ فورسز اہلکارنے جونہی مکان کے اندر چھپے بیٹھے جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کی غرض سے تو طرفین کی شدید فائرنگ کے نتیجے میں 5فورسز اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جنگجوؤں کی ابتدائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار، ایک ایس اوجی اور سی آر پی ایف کے 3اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں شدید فائرنگ کے دوران انتہائی سیکورٹی حصار کے بیچ یہاں سے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران زخمی اہلکاروں میں ایس او جی سے وابستہ سلیکشن گریڈ کانسٹیبل پرویز احمد ساکن ڈنڈوٹ تحصیل بدھل ضلع راجوری زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔
انہوں نے بتایا ابھی جھڑپ جارہی ہی تھی کہ بتہ مالو اور ملحقہ علاقوں سے نوجوانوں کی مختلف ٹولیوں نے جنگجو مخالف آپریشن میں خلل ڈالنے کے لیے سیکورٹی فورسز پر سنگ باری کی جس دوران یہاں افرا تفری کا ماحول پیدا ہوا۔ بتہ مالو کے اندرونی علاقوں سے نوجوانوں نے مختلف ٹولیوں میں بٹ کر فورسز پر چہار سو پتھراؤ کیا تاہم فورسز نے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا لیکن علاقے میں وقفے وقفے سے نوجونواں نے فورسز پر سنگ باری کی۔ اس دوران طرفین کے فائرنگ کے نتیجے میں مالک مکان نیاز احمد بٹ بھی زخمی ہوگیا جنہیں علاج و معالجے کی خاطر ایس ایم ایچ ایس ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔اس دوران کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپ میں کمین گاہ سے جنگجوؤں نے فورسز کو چکمہ دے کر فرار اختیار کی۔ سیکورٹی فورسز نے اگر چہ جائے جھڑپ کو کڑے حصار میں لیا تھا تاہم گھماسان کی فائرنگ کے دوران جنگجوؤں یہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ اس سلسلے میں پولیس نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی مشترکہ جما عت نے مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر بتہ مالو علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے جنگجوؤں مخالف آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے یونانی ہسپتال کے قریب گھر گھر تلاشی شروع کی جس دوران یہاں ایک مکان میں چھپے بیٹھے جنگجوؤں نے فورسز اہلکاروں پر جدید اور خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ابتدائی فائرنگ کے دوران 3فورسز اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں علاج و معالجے کی غرض سے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم یہاں پرویز احمد ساکن راجوری جو کہ ایس او جی سے وابستہ تھے زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔ پولیس نے بتایا کہ سیکورٹی اہلکاروں نے یہاں رہائشی مکانات اور سرکاری دفاتر کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑی احتیاط کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جھڑپ کے دوران شدید گولیوں کے تبادلے کے نتیجے میں فورسز کو قومی امکان ہے کہ جنگجو بھی اس دوران زخمی ہوئے ہوں گے جنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لیے یہاں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران جنگجوؤں کی کمین گاہ سے کچھ غیر قانونی مواد اور دستاویزات برآمدکرنے کے علاوہ جنگجوؤں کے کام کرنے والے 2معاونین بھی گرفتار کئے گئے جن سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے جبکہ تحقیقات بھی شروع کی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق اس موقعہ پر مالک مکان نیاز احمد بھی زخمی ہوگئے جنہیں ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ادھر انتظامیہ نے شہر سرینگر میں کسی بھی امکانی گڑ بڑ سے نمٹنے اور افواہ بازی پر روک لگانے کے لیے اتوار صبح کو ہی موبائل انٹرنیٹ سروس خدمات کو معطل رکھا تاہم اتوار دوپہر کو انٹرنیٹ سروس کو بحال کیا گیا۔ ادھر جھڑپ میں مارے گئے پولیس اہلکار کی آخری رسومات ڈسٹرکٹ پولیس لائنز سرینگر میں ادا کی گئی جس دوران یہاں فوج، پولیس، سی آر پی ایف اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کرتے ہوئے مہلوک اہلکار کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
اطلاعات کے مطابق اس موقعہ پر ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آرمڈ (جے اینڈ کے) ڈائریکٹر ویجی لینس (جے اینڈ کے)، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (سی آئی ڈی)، اے ڈی جی پی (سیکورٹی، لاء اینڈ آرڈر، ہوم گارڈس)، آئی جی سی آر پی ایف (آپریشنز)، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی (جے اینڈ کے)، آئی جی بی ایس ایف، ڈیوژنل کمشنر کشمیر، آئی جی پی آرمڈ کشمیر، آئی جی پی کشمیر، ایڈیشنل کمشنر، آئی جی سی آر پی ایف، ڈی آئی جی وسطی کشمیر، ڈی آئی جی ایس ایس بی، ڈپٹی کمشنر سرینگر، ایس ایس پی سرینگر، کمانڈنٹ آئی آر پی 6بٹالین کے علاوہ دیگر افسران اور اہلکار شامل تھے ۔ KNS
جموں و کشمیر
دہلی میں مودی کے حامی کشمیری نوجوان پر حملے کے خلاف سری نگر میں احتجاج
سری نگر، نئی دہلی کے کناٹ پلیس میں کانگریس کے احتجاج کے دوران سری نگر کے رہائشی فہیم نذیر شاہ پر مبینہ حملے کے خلاف جمعہ کو کشمیری نوجوانوں کے ایک گروپ نے سری نگر میں احتجاج کیا اور اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی نوجوان ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے اور کانگریس کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ انہوں نے شہر کے مرکزی علاقے کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے انہیں روک دیا۔
وزیراعظم نریندر مودی کے حامی فہیم نذیر شاہ پر مبینہ طور پر جمعرات کو اس وقت حملہ کیا گیا، جب وہ ایک پلے کارڈ لے کر کانگریس کے احتجاجی مقام پر پہنچے۔ پلے کارڈ پر ”وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے معافی مانگو” درج تھا۔ وہاں انہوں نے نعرے بھی لگائے۔ اس واقعے کے بعد، بالخصوص بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔
سری نگر میں احتجاج کرنے والوں نے سوال کیا کہ سیاسی خیالات کا اظہار کرنے پر فہیم شاہ کو نشانہ کیوں بنایا گیا؟ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو تشدد کے خوف کے بغیر اپنی رائے ظاہر کرنے کا حق حاصل ہے۔
ایک احتجاجی نے سوال کیاکہ ”کیا ان کا قصور یہ تھا کہ وہ کشمیری یا مسلمان ہیں، یا انہوں نے وزیراعظم کی حمایت میں بینر اٹھایا تھا؟” انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کا احترام کیا جائے اور وہ جہاں بھی جائیں، ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
ایک دوسرے احتجاجی نے کہا کہ فہیم شاہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور انہیں انصاف دلانے کے مطالبے کے لیے یہ مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ اور دہلی انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
یواین آئی۔ ظ ا
ہندوستان
اتر پردیش میں راجیہ سبھا کی تمام 10 نشستوں پر بلا مقابلہ انتخاب، بی جے پی کے 8 اور سماجوادی پارٹی کے 2 امیدوار کامیاب
لکھنؤ، اتر پردیش میں راجیہ سبھا کی تمام 10 سیٹوں پر بلامقابلہ انتخاب ہو گیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے آٹھ اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے دو امیدواروں کو منتخب قرار دیا گیا ہے۔ ووٹنگ کی ضرورت نہیں تھی کیوں کہ تمام نشستوں پر امیدواروں کی تعداد نشستوں کی تعداد کے برابر تھی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور دستبرداری کا عمل مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے تمام 10 امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب قرار دے دیا۔
بعد ازاں اسمبلی میں منتخب اراکین اسمبلی کو سرٹیفکیٹ پیش کیے گئے۔ بی جے پی کے منتخب امیدواروں میں ودیا ساگر سونکر، پرینکا سنگھ راوت، گوپی کرشنا پانڈے، دھرمپال سنگھ، رادھاکانت اوجھا، پرکاش پال، رام پرتاپ سنگھ چوہان اور شروتی گنگوار شامل ہیں، جب کہ سماج وادی پارٹی کے پروفیسر رام گوپال یادو اور دھن راج پریمل ناتھوپوانی راجپوت سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔ چوں کہ ان راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے کوئی اور امیدوار مقابلہ نہیں کر رہا تھا، اس لیے الیکشن بغیر ووٹ کے ختم ہو گیا۔ الیکشن کے بعد اتر پردیش سے بی جے پی کے آٹھ اور سماج وادی پارٹی کے دو نمائندے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔
یو این آئی۔ این یو۔ م الف
فن و ادب
ریکھا کی ادکاری ہندی سنیما کی تاریخ کا ایک یادگار باب
ممبئی،
ریکھا محض ایک اداکارہ نہیں بلکہ ہندی سنیما کی تاریخ کا ایک یادگار باب ہیں۔ ان کی اداکاری، شخصیت اور فن آنے والی نسلوں کے لیے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کا فلمی سفر اس حقیقت کی گواہی دیتا ہے کہ اصل عظمت صرف شہرت حاصل کرنے میں نہیں، بلکہ اپنے فن کے ذریعے وقت کی حدود سے آگے نکل جانے میں ہے۔
ریکھا کی زندگی کامیابی، جدوجہد، تنہائی، شہرت اور خود کو نئے انداز میں پیش کرنے کی ایک طویل داستان ہے۔ انہوں نے بچپن کی مشکلات سے نکل کر ہندوستانی فلمی دنیا میں وہ مقام حاصل کیا جس تک پہنچنا ہر فنکار کے لیے ممکن نہیں ہوتا۔
‘خوب صورت’ کی زندہ دل منجو ہو، ‘امراو جان’ کی غم زدہ شاعرہ، ‘گھر’ کی دکھ سہنے والی عورت یا ‘خون بھری مانگ’ کی مضبوط کردار والی ہیروئن، ریکھا نے ہر کردار میں اپنی الگ شناخت قائم کی۔
بالی وڈ کی امراؤ جان، قاتل نگاہیں اور نمکین رنگت والی مشہور اداکارہ ریکھا دس اکتوبر 1954 کو مدراس کے ایک گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ اُن کا حقیقی نام بھانو ریکھا گنیشن ہے۔ان کے والد جیمنی گنیشن اور ان کی ماں تیلگو اداکارہ پشپ دیوی نے باقاعدہ شادی نہیں کی تھی۔ بچپن سے ہی تیلگو فلموں سے اپنا فلمی سفر شروع کرنے والی ریکھا کو کافی جدوجہد کرنی پڑی۔
ریکھا نے محض گیارہ سال کی عمر میں تیلگو فلم میں اداکاری سے اپنےکیرئیر کاآغاز کیا، 1969 میں ہندی فلم ‘دو شکاری’ کی ہیروئن کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں اور جلد ہی فلمی دنیا پر راج کرنے لگیں۔
سال 1976 میں انہوں نے پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ‘دو انجانے’ میں کام کیا اور فلم کو امر کردیا۔ اس کے بعد یہ جوڑی نٹور لال، خون پسینہ، مقدر کا سکندر اور بہت سی فلموں میں ایک ساتھ نظر آئی ۔
1978 میں فلم ‘مقدرکا سکندر’ نے ریکھا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا اورانہیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
جاری یو این آئی۔ ایم جے
-
جموں و کشمیر1 week agoسری نگر پولیس نے بین ریاستی منشیات نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، آٹھ افراد گرفتار
-
دنیا1 week agoروس پر براہِ راست حملے کی صورت میں ہر قسم کے ہتھیار استعمال کرنےکا معاملہ ایجنڈے پر ہو گا :پوتن
-
ہندوستان1 week agoوندے بھارت نے چِناب پل اور کیبل اسٹڈ انجی پل کو 100 کلومیٹر کی رفتار سے عبور کیا
-
جموں و کشمیر1 week agoگاندھی کے عدم تشدد اور سودیشی کے نظریات آج بھی اہم ہیں: جموں کے ڈویژنل کمشنر
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میراتھن اتحاد اور نوجوانوں کے متبادل خواہشات کا پیغام دیتی ہے: ایل جی سنہا
-
دنیا7 days agoخمیس مشیط کی جانب داغے گئے تین حوثی بیلسٹک میزائل تباہ
-
دنیا1 week agoایران امریکہ سے مذاکرات کی کوشش جاری رکھے گا: پیزشکیان
-
دنیا1 week agoامریکہ، ایران جنگ بندی معاہدے کی راہ میں بداعتمادی اور گہرے اختلافات حائل
-
ہندوستان1 week agoکھرگے- راہل نے گاندھی اور شاستری کو یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا
-
دنیا1 week agoیمن میں تعز کی لڑائی تیز، حوثی ٹھکانوں پر تین گھنٹے میں 20 فضائی حملے
-
دنیا1 week agoمتحدہ عرب امارات کا فلائی دبئی کے طیارے میں کاک پٹ چاقو زنی کی تحقیقات کا حکم
-
دنیا6 days agoیمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائیاں، 1540 ہلاک و زخمی ہونے کا دعویٰ
