پاکستان
پاکستان نے جنگ بندی میں مدد کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا
اسلام آباد، پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی (سیز فائر) کرانے میں مدد کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر چین، سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے جنگ بندی تک پہنچنے میں بھرپور اور کلیدی مدد فراہم کی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ان ممالک کی حمایت سے امن کے لیے جاری کوششوں کو تقویت ملی اور مذاکرات کے ذریعے اس تنازع کو ختم کرنے کا راستہ کھلا۔
مسٹر شہباز شریف نے خلیج تعاون کونسل کے ممالک کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کا مسلسل تعاون اس پورے عمل میں انتہائی ضروری رہا۔ مغربی ایشیا میں قیامِ امن کی یہ کوششیں ہندوستان سمیت پوری دنیا کے لیے اطمینان کا باعث ہیں، کیونکہ اس سے خطے کی استحکام والی پہچان بحال ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔
وہیں پاکستان کے صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بروقت اور مثبت قدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔
مسٹر زرداری نے شہباز شریف، عاصم منیر اور اسحاق ڈار سمیت عالمی قیادت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔
یواین آئی۔ م س
پاکستان
پاکستان کے شمال مغربی علاقے میں اسکول کی چھت گرنے سے کم از کم 29 افراد ہلاک
اسلام آباد، پاکستان کے شمال مغربی شہر پشاور میں ایک اسکول کی چھت گرنے سے کم از کم 28 طلبہ اور ایک استاد ہلاک، جبکہ 20 سے زائد دیگر افراد زخمی ہوگئے۔
اسپتال کے ترجمان نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔
یہ حادثہ جمعرات کو خیبر پختونخوا کی راجدھانی پشاور میں واقع نجی اسکول الخیر ایجوکیشن سینٹر میں پیش آیا۔ حادثے کے بعد راحت اور بچاؤ کی ٹیمیں ملبے میں دبے افراد کی تلاش اور زندہ بچ جانے والوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
اسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے بتایا کہ حادثے میں ہلاک یا زخمی ہونے والے تمام بچوں کی عمر 13 سال یا اس سے کم ہے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زخمیوں کے علاج کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
اسلام آباد سے رپورٹنگ کرتے ہوئے الجزیرہ کے نمائندے کمال حیدر نے بتایا کہ گنجان آبادی والے علاقے میں اسکول واقع ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا، ”بھاری مشینری، جو امدادی کارروائیوں میں اہم ثابت ہوسکتی تھی، جائے حادثہ تک نہیں پہنچ سکی۔ مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور اس کے نیچے دبے لوگوں کو نکالنے کے لیے بالٹیوں اور دیگر برتنوں کا استعمال کر رہی ہیں۔ اس اسکول میں تقریباً 350 طلبہ رجسٹرڈ ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ زخمی طلبہ کی بڑی تعداد اسپتال میں زیر علاج ہے، جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔
حکام نے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ”ہمارے بچے ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور اس طرح کا ہر نقصان پورے ملک کے لیے ایک سانحہ ہے۔ میری دلی تعزیت اور دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا، ”وزیر اعظم اور حکومت نے اس صورت حال کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔ ہمارے بچوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانا اولین ترجیح رہنی چاہیے۔”
یو این آئی۔ ع ا۔
پاکستان
عمران خان کی پی ٹی آئی خیبر پختونخوا پر وفاقی قبضے کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کے لیے تیار
اسلام آباد، پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا پر وفاقی حکومت کے کنٹرول کے خلاف قانونی چیلنج دینے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس صوبے میں اب تک پی ٹی آئی کی حکومت تھی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے الجزیرہ کو بتایا کہ پارٹی منگل کو عدالت میں صوبے میں ایمرجنسی قوانین کے نفاذ، شہری آزادیوں کی معطلی اور گورنر راج کے خلاف درخواست دائر کرے گی۔ پارٹی کے سکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کی سربراہی میں قانونی کمیٹی نے درخواست تیار کر لی ہے، تاہم اکرم نے یہ نہیں بتایا کہ اسے سپریم کورٹ میں دائر کیا جائے گا یا وفاقی آئینی عدالت میں۔
وفاقی حکومت کے اس اقدام سے پاکستان میں سیاسی کشیدگی کا ایک نیا محاذ کھل گیا ہے۔ حکومت اور پی ٹی آئی اس معاملے پر ایک دوسرے سے مختلف موقف اختیار کیے ہوئے ہیں۔ یہ پیش رفت ایسے وقت ہوئی ہے جب پی ٹی آئی اپنے قید رہنما عمران خان کی رہائی کے لیے حکام پر دباؤ ڈالنے کی غرض سے اسلام آباد کی جانب تاخیر سے شروع ہونے والے لانگ مارچ میں مصروف تھی۔ عمران خان تین سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیر کو حکومتی اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے ملحقہ سرحد رکھنے والے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے وفاقی کنٹرول ضروری ہے۔
انہوں نے پیر کو پشاور میں کہا، ”آپ جتنے بھی وسائل لے آئیں اور کچھ بھی کر لیں، جب تک وہاں کی حکومت اس لڑائی کی قیادت نہیں کرے گی، کوئی جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔”
اتوار کو صدر آصف علی زرداری نے صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کرتے ہوئے پی ٹی آئی حکومت معطل کر دی تھی۔ پارٹی 2013 سے خیبر پختونخوا میں حکومت کر رہی ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پیر کو تصدیق کی کہ معطل وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور ان کی کابینہ کے بعض ارکان کو احتیاطی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ سہیل آفریدی عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے ساتھ اسلام آباد کی جانب مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔ تاہم، ان مشکلات کے باوجود پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ احتجاج جاری رہے گا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا، ”لانگ مارچ ختم نہیں ہوا ہے، لیکن پارٹی کے خلاف ایک تاریخی کریک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔”
اتوار کو جاری کیے گئے اعلان کے مطابق، صوبائی حکومت ”دہشت گردی کے خطرے سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے مطلوبہ ذمہ داری، عزم اور ارادے کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔”
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈیولپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کی جوائنٹ ڈائریکٹر آسیہ ریاض نے الجزیرہ کو بتایا کہ وفاقی حکومت کا موقف واضح ہے۔ ان کے مطابق، کابینہ کے اجلاس کے بعد صوبائی حکومت پر دہشت گردی کے خلاف لڑائی سے ”جان بوجھ کر الگ ہونے” کا الزام لگایا گیا، جسے ایمرجنسی کے نفاذ کی آئینی بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ تاہم، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے اعزازی فیکلٹی رکن اور وکیل حسن عبداللہ نیازی نے اس دلیل سے اختلاف کیا۔
جاری۔ یو این آئی۔ ع ا۔
پاکستان
پاکستان کے سابق فوجیوں کے مبینہ بیان میں فرعون کا حوالہ، 1971 کی تاریخ دہرانے سے خبردار
خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ہنگامی اقدامات پر تنقید، فوجی وردی کو اقتدار نہیں بلکہ امانت قرار دیا؛ بیان کی صداقت کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی
اسلام آباد: پاکستان کے سابق فوجیوں کی تنظیم سے منسوب ایک مبینہ پریس ریلیز میں قرآنی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے ملک میں سیاسی مخالفین کے خلاف مبینہ کارروائیوں اور اختیارات کے استعمال پر تنقید کی گئی ہے۔ بیان میں فرعون کی مثال پیش کرتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ پاکستان کو 1971 جیسے تاریخی بحران کی جانب دھکیلنے والے اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے۔
11 اکتوبر 2026 کی تاریخ درج اس پریس ریلیز میں تنظیم ویٹرنز آف پاکستان (VOP) کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ہنگامی اقدامات کی مذمت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق، تنظیم کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی نے ایک ہنگامی اجلاس میں ان اقدامات کو آئین، وفاق اور عوام کی خواہشات کے منافی قرار دیا۔ اس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ منتخب حکومت کو برطرف کرنے اور اس کے رہنماؤں کو حراست میں لینے جیسے اقدامات سے لاکھوں پشتونوں کی آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پریس ریلیز میں قرآن مجید کی سورۃ القصص کی آیت 4 کا حوالہ دیتے ہوئے فرعون کے طرزِ حکمرانی کا ذکر کیا گیا ہے، جس میں اس کے زمین میں سرکشی کرنے اور لوگوں کو گروہوں میں تقسیم کرکے ایک طبقے پر ظلم ڈھانے کا بیان ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ماضی میں بھی ایسے حالات کا سامنا کرچکا ہے۔ اس ضمن میں 1971 کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ سیاسی اختلافات کا جواب طاقت کے بجائے مکالمے سے دیا جانا چاہیے۔
مبینہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملک نے 1971 میں سیاسی بحران اور طاقت کے استعمال کی بھاری قیمت ادا کی تھی، جب مشرقی پاکستان الگ ہوکر بنگلہ دیش بن گیا۔ بیان میں متنبہ کیا گیا ہے کہ ماضی کی غلطیوں کو دہرانے سے ملک کے اتحاد اور استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
بیان میں فوج، عدلیہ اور بیوروکریسی سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ آئینی حدود اور جمہوری اصولوں کو مقدم رکھیں۔ اس میں فوجی وردی کے حوالے سے کہا گیا ہے:
’’وردی ایک امانت ہے، تخت نہیں۔‘‘
تنظیم سے منسوب بیان میں سیاسی بحران کے حل کے لیے آئینی طریقہ کار، قومی اتحاد اور پُرامن جدوجہد پر زور دیا گیا ہے۔
-
ہندوستان1 week agoوزیر اعظم مودی نے یوم فضائیہ پر جانبازوں کو سلام پیش کیا، ہندوستان کے آسمان کی حفاظت میں ان کی بہادری کو سراہا
-
جموں و کشمیر1 week agoعمر عبداللہ نے ایس آئی آر پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا جموں و کشمیر پہلے ہی انتخابی ‘ہیرا پھیری’ دیکھ چکا ہے
-
دنیا1 week agoوائٹ ہاؤس نے پینٹاگون کو ایران پر حملوں کے لیے اختیارات تیار کرنے کی ہدایت دی: رپورٹ
-
دنیا1 week agoروس اور یوکرین کے دو طرفہ حملوں میں کم از کم 38 افراد ہلاک، 100 سے زیادہ زخمی
-
ہندوستان6 days agoدفاعی شعبے میں خود انحصاری اور دوست ممالک کے درمیان تکنیکی تعاون ضروری: راج ناتھ
-
دنیا1 week agoفورٹ ہُڈ حملے کے مجرم کو ‘فائرنگ اسکواڈ’ سے دی جانے والی سزائے موت کی لائیو اسٹریمنگ کی جائے گی: پینٹاگن
-
ہندوستان1 week agoہندستان اور لائبیریا نے سمندری جہازوں اور ملاحوں پر حملوں کی شدید مذمت کی، فوری طور پرروک لگانے کا مطالبہ کیا
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر کے ڈوڈہ کے شخص کی لاش نیوزی لینڈ سے واپس لانے کی کوششیں جاری: جتیندرسنگھ
-
فن و ادب1 week agoنانا پاٹیکر: انسانی سچائی کی بے مثال آواز خاموش ہو گئی
-
جموں و کشمیر6 days agoسوپور کے جنگلات سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد
-
ہندوستان1 week agoانڈیا اتحاد کے رہنماؤں سے جمعہ کی رات آٹھ بجے ملاقات کریں گی مرمو
-
دنیا7 days agoہزیشکیان نے پوتن کو ایران اور امریکہ کے مابین نئی مذاکراتی تجاویز سے آگاہی کرائی
