ہندوستان
آگرہ میں دو سڑک حادثات میں چھ لوگوں کی موت
آگرہ، اتر پردیش کے ضلع آگرہ میں منگل کی رات اور بدھ کی صبح پیش آنے والے دو مختلف سڑک حادثات میں چھ لوگوں کی موت ہو گئی اور تقریباً 33 لوگ زخمی ہوگئے۔
صبح کی سیر کے لیے نکلنے والے لوگوں پر ایک میکس گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں چار لوگوں کی موت ہوگئی۔ اس سے پہلے لکھنؤ ایکسپریس وے پر کھڑے ٹرک کے پیچھے سے بس کے ٹکرانے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی۔
پولس ذرائع نے بتایا کہ ٹرانس یمنا تھانہ علاقہ میں بدھ کی صبح ایک میکس (منی ٹرک) الٹ گیا۔ حادثے میں سیر کرنے والے تین لوگوں اور میکس ڈرائیور کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ شاہدرہ فلائی اوور پر پیش آیا۔ لکھنؤ منڈی سے آم لے جانے والی میکس گاڑی اچانک بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ ہائی وے کے کنارے چہل قدمی کے لیے نکلنے والے تین افراد میکس کے نیچے دب گئے۔ ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جہاں چاروں نے دم توڑ دیا۔
میکس گاڑی کا خلاصی بھی شدید زخمی ہوا ہے جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے پیش آیا۔ اس حادثے میں شاہدرہ کے باشندے راجیش (55)، رامیشور (60)، ہری بابو (63) اور ڈرائیور کرشنا کی موت ہوگئی۔ خوفناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی اے سی پی ہیمنت کمار پولس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ حادثے کے بعد شاہراہ پر طویل جام لگ گیا۔ پولس نے کرین کی مدد سے گاڑی کو ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی۔
اس سے پہلے آگرہ -لکھنؤ ایکسپریس وے پر ضلع کے فتح آباد علاقے میں علی الصبح تقریباً 1.10 بجے پیش آنے والے سڑک حادثے میں ایک مسافر بس کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں دو افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے۔ حادثے میں بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر ٹوٹ گیا اور متعدد لوگ خون میں لت پت سیٹوں پر پھنس گئے۔ یہ حادثہ فتح آباد تھانہ علاقے میں ٹول نمبر 21 کے قریب پیش آیا۔ مسافر بس دہلی سے بہار جا رہی تھی۔ جیسے ہی بس ٹول نمبر 21 کے قریب پہنچی تو کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔
اطلاع ملتے ہی یوپی ڈی اے کی ریسکیو ٹیم، پولس اور ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی۔ بس کی سیٹوں اور کھڑکیوں کے شیشے کاٹ کر ڈیڑھ درجن سے زائد مسافروں کو باہر نکالا گیا۔ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے نزدیکی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے میں دو افراد کی موت ہو گئی۔ ان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔
یو این آئی۔ م ش۔
ہندوستان
سونیا-راہل نے منموہن سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کیا
نئی دہلی، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر محترمہ سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے یومِ پیدائش پر انہیں گلہائے عقیدت نذر کر کے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
محترمہ گاندھی نے ڈاکٹر سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کی دانشمندی، عاجزی اور قوم کے لیے غیر متزلزل عزم کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی معاشی تبدیلی میں ان کا تعاون اور ملک کے لیے ان کی خدمات تاریخ کا ایک دائمی حصہ ہیں۔
مسٹر گاندھی نے ڈاکٹر سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں معاشی اصلاحات کا معمار قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے دانشمندی، ایمانداری اور عاجزی کے ساتھ ملک کی خدمت کی نیز ان کے پرسکون عزم اور مدبرانہ بصیرت نے چیلنجنگ اوقات میں ملک کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمہ گیر ترقی اور عوامی خدمت کے لیے ڈاکٹر سنگھ کا عزم لوگوں کو تحریک دیتا رہے گا۔
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
ہندوستان- خلیجی کونسل تجارتی بات چیت آگے بڑھی، تجارت اور توانائی کے تعاون کو مضبوط کرنے پر زور
نئی دہلی، ہندوستان اور خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے درمیان وزرا کی سطح کی میٹنگ میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، سکیورٹی اور عوامی رابطوں کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں فریقوں نے ہندوستان-جی سی سی آزادانہ تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کی بات چیت کو آگے بڑھانے اور 2024-28 کے مشترکہ عمل کے منصوبے پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز بتایا کہ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کی قیادت میں جمعہ کے روز نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کے حاشیے پر منعقدہ میٹنگ میں رکن ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ دونوں فریقوں نے بتایا کہ مالیاتی سال 2025-26 میں ہندوستان اور جی سی سی کے درمیان کل تجارت 178.66 ارب ڈالر رہی۔
میٹنگ میں ہندوستان-جی سی سی مشترکہ عمل کا منصوبہ 2024-28 کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس میں تجارت اور سرمایہ کاری، غذائی تحفظ، نقل و حمل، توانائی، صحت، ثقافت اور تعلیم جیسے شعبے شامل ہیں۔
ہندوستان اور جی سی سی نے اس سال فروری میں آزادانہ تجارتی معاہدے کے لیے شرائط و ضوابط اور دائرہ کار طے ہونے کے بعد شروع ہونے والی بات چیت کا خیرمقدم کیا۔ دونوں فریقوں نے کہا کہ معاہدے سے تجارت بڑھانے اور برآمدات میں تنوع لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
ڈاکٹر جے شنکر نے مغربی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے دوران توانائی اور کھاد کی سپلائی جاری رکھنے کے لیے خلیجی ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ قابلِ تجدید توانائی، بایو فیول اور گرین ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔
میٹنگ میں مغربی ایشیا کی صورت حال، بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں تجارتی جہازوں کی سکیورٹی، کثیر ملکی اداروں میں اصلاحات، استحکام اور دہشت گردی جیسے مسائل پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اگلی ہندوستان-جی سی سی اسٹریٹجک ڈائیلاگ میٹنگ جلد منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
ڈاکٹر منموہن سنگھ کے یوم پیدائش پر کھرگے اور پرینکا کا خراج عقیدت
نئی دہلی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہفتہ کو سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کی تعمیر، اقتصادی اصلاحات اور ملک کی ترقی میں ان کی خدمات کو یاد کیا۔
مسٹر کھرگے نے سوشل میڈیا ایکس پر کہاکہ ’’ڈاکٹر منموہن سنگھ کی تاریخی اقتصادی اصلاحات نے ہندوستان کے ترقی کے سفر کو بدل دیا، نئے مواقع پیدا کیے اور لاکھوں لوگوں کو غریبی سے باہر نکالنے میں مدد کی۔ ان کی عاجزی، ایمانداری اور دانش مندی ان کی عوامی زندگی کی پہچان رہی ہے۔ انہوں نے پُرسکون وقار اور حساسیت کے ساتھ قیادت کی اور جامع ترقی اور سب سے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کو حکمرانی کے مرکز میں رکھا۔‘‘
کانگریس صدر نے کہا کہ ان کی حکومت کا حقوق پر مبنی ڈھانچہ اس نظریے کی مستقل مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیانت دار عوامی خدمت، جامع ترقی اور تبدیلی لانے والی اصلاحات کی ڈاکٹر منموہن سنگھ کی وراثت آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔
محترمہ گاندھی نے کہا کہ ماہر اقتصادیات اور کامیاب سیاست دان کے طور پر ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ہندوستان کی ترقی کو غیر معمولی رفتار دی اور ملک کی خوشحالی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی دوراندیش اور جامع اقتصادی پالیسیوں کے ذریعے ڈاکٹر سنگھ نے ہر طبقے کو خوشحال کیا اور ملک کی ترقی میں ان کی بے مثال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یو این آئی۔ این یو۔
-
جموں و کشمیر1 week agoگوریز میں مجوزہ ’تنتر سائلنس‘ ریٹریٹ پر تنازع
-
دنیا1 week agoجنوبی کوریا کا آبنائے ہرمز میں جنگی کردار سنبھالنے سے انکار ، جنگی مقاصد کی تعنیاتی نہیں ہو گی
-
جموں و کشمیر1 week agoاپوزیشن لیڈر سنیل شرما کا جموں و کشمیر اسمبلی تحلیل کرنے کا مطالبہ
-
دنیا1 week agoباب المندب سے بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے اٹلی جنگی بحری جہاز تعینات کرے گا
-
دنیا1 week agoایران میں جنگ چھڑنے کے بعد حکومت کے حق میں بڑی ترین ریلی، لاکھوں ایرانی شہری یکجا ہوئے
-
دنیا1 week agoامریکی ویزا سے انکار کے بعد اقوام متحدہ نے فلسطینی صدر عباس کو ویڈیو خطاب کی اجازت دی
-
دنیا1 week agoامریکہ کی سعودی عرب کو 48 ایف-35 طیارے فروخت کرنے کی ممکنہ منظوری
-
دنیا7 days agoایرانی وزیر خارجہ عراقچی کا بین الاقوامی قانون کے بلاامتیاز نفاذ پر زور
-
دنیا5 days agoمیں پورے ایران کو ہوا میں اڑا سکتا ہوں:ٹرمپ
-
جموں و کشمیر1 week agoہائی کورٹ نے معزول حضرت بل امام کی عرضی پر نوٹس جاری کیا، 2024 کی عرضداشت پر غور کی ہدایت
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں میں سالگرہ کی تقریب کے دوران 35 سالہ شخص قتل، 2 گرفتار
-
جموں و کشمیر1 week agoنو قائم شدہ جے کے فور سی متاثرین پر مرکوز طریقہ کار اختیار کرے گا
