تازہ ترین
جموں کے گھنے جنگلات میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن ناگزیر : امت شاہ
جموں، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کے روز جموں میں ایک نہایت اہم اور اعلیٰ سطحی سکیورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے واضح اور دو ٹوک ہدایت دی کہ بین الاقوامی سرحد سے کسی بھی قسم کی دراندازی کو ہر حال میں روکنا ہوگا اور جموں کے بالائی علاقوں میں چھپے پاکستانی دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن اور جارحانہ کارروائیاں تیز کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی سپلائی لائنز کو منقطع کرنا اب اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور کارروائیوں کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔
ہیرانگر کے دورے سے واپسی کے فوراً بعد وزیر داخلہ نے جموں کے لوک بھون میں اس اہم سکیورٹی میٹنگ کی سربراہی کی۔
میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، آرمی چیف جنرل اوپیندرا دیویدی، یونین ہوم سکریٹری گووند موہن، چیف سکریٹری اتول ڈولو، ناردرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، وائٹ نائٹ کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا، ڈی جی پی نالین پربھات، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر تپن ڈیکا، بی ایس ایف کے ڈی جی پروین کمار، سی آر پی ایف کے ڈی جی جی پی سنگھ سمیت فوج، پولیس، انٹیلی جنس اور سول انتظامیہ کے سینیئر افسران شریک تھے۔
گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کٹھوعہ، ادھم پور اور کشتواڑ میں ہونے والی کئی جھڑپوں نے سیکیورٹی اداروں کو انتہا درجے پر متحرک کر دیا ہے، جن میں جیشِ محمد کے تین پاکستانی دہشت گرد مارے گئے۔ ان سرگرمیوں نے نہ صرف دہشت گردی کے نیٹ ورک کے دوبارہ فعال ہونے کے شبہات کو جنم دیا ہے بلکہ سرحد پار سے ڈرون سرگرمیوں کے بڑھنے نے سکیورٹی ایجنسیوں کے لیے چیلنجز میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، سرحدی نگرانی اور ڈرون سرگرمیوں کے تدارک کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح ہدایت دی کہ سیکورٹی فورسز سرحد پار سے کسی بھی قیمت پر دراندازی کو روکیں۔
امت شاہ نے بالائی علاقوں میں روپوش پاکستانی دہشت گردوں کے خلاف فوری اور جارحانہ آپریشنز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو کسی بھی صورت سپلائی، رابطہ یا رسد کی سہولت نہ ملنے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس، ہائبرڈ سرگرمیوں اور سرحد پار موجود لانچ پیڈز کے خلاف آپریشنز کو ’تیز رفتار اور نتیجہ خیز‘ بنایا جائے۔
وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس کیے گئے آپریشنز، خاص طور پر دہشت گردی کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں نے دہشت گرد تنظیموں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت مندانہ حکمتِ عملی نے جموں و کشمیر میں مجموعی امن و امان کے ماحول کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
اجلاس میں موجود اعلیٰ فوجی افسران نے وزیر داخلہ کو حالیہ انٹیلی جنس اطلاعات، دہشت گرد گروپوں کی سرگرمیوں، سرحدی نقل و حرکت، اور ڈرون کے ذریعے ہتھیار و منشیات کی اسمگلنگ کے تازہ رجحانات پر بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ نے زور دے کر کہا کہ مرکزی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فورسز کو ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’جموں و کشمیر مکمل طور پر دہشت گردی سے پاک ہوگا۔‘ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ ملک کی سرحدوں اور حساس پہاڑی علاقوں میں جدید ٹیکنالوجی کو تیزی سے شامل کیا جا رہا ہے، اور فورسز کی آپریشنل رَیچ بڑھانے کے لیے جدید آلات، جدید سرویلنس سسٹمز اور ہائی ٹیک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز فراہم کیے جا رہے ہیں۔
میٹنگ کے بعد وزیر داخلہ نے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے ورثا کو تقرری نامے بھی حوالے کیے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان کی قربانیوں کا احترام کرنا ملک کا فرض ہے۔
یہ رواں ماہ کے اندر وزیر داخلہ کی جانب سے سکیورٹی کا دوسرا جامع جائزہ ہے۔ 8 جنوری کو دہلی میں ایک اہم میٹنگ میں انہوں نے ہدایت دی تھی کہ دہشت گردی کے ڈھانچے، نیٹ ورک اور مالی سہولیات کو ’مشن موڈ‘ میں ختم کیا جائے۔ اس کے علاوہ جنوری کے وسط میں ہوم سکریٹری نے بھی جموں میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔
وزیر داخلہ ہفتے کی صبح 10:30 بجے لوک بھون میں جموں و کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیں گے۔ اس میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، چیف سیکریٹری اتول ڈولو اور دیگر سینئر افسران شریک ہوں گے۔
اجلاس میں انفراسٹرکچر، فلاحی اسکیموں، نئی حکمتِ عملیوں اور ترقیاتی اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیر داخلہ کل دوپہر نئی دہلی روانہ ہوں گے۔
یو این آئی، ارشید بٹ۔
ہندوستان
جنتر منتر پر مظاہرے کے لیے 10 دن پہلے درخواست کی شرط بے تکی: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے جنتر منتر پر مظاہرے کے لیے 10 دن پہلے درخواست دینے کی شرط پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی واقعے پر فوری احتجاج کے لیے لوگوں کو اتنے دن انتظار کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
کانگریس کے اتر پردیش انچارج راجندر پال گوتم نے بدھ کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ خبر حیران کن ہے کہ جنتر منتر پر کسی بھی مظاہرے کے لیے کم از کم 10 دن پہلے درخواست دینی ہوگی۔ انہوں نے دہلی پولیس کے اس فرمان پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج کسی کے ساتھ ظلم ہو جائے، کسی کا بے رحمی سے قتل ہو جائے یا جمہوریت پر حملہ کر دیا جائے تو کیا لوگوں کو اس کے احتجاج کے لیے 10 دن انتظار کرنا ہوگا؟
انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ سپریم کورٹ یا کسی حکومت نے ایسا کوئی قانون بنایا ہے یا بنا سکتی ہے کہ ایک آزاد ملک میں لوگ اپنے بنیادی حقوق کا استعمال کرنے کے لیے اتنے دن انتظار کریں۔
کانگریسی رہنما نے کہا کہ آئین شہریوں کو اظہارِ رائے کی آزادی دیتا ہے اور دھرنا- مظاہرے کے ذریعے حکومت پر دباؤ بنانے کا حق بھی دیتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی تحقیاقی ایجنسیوں کا استعمال کر رہی ہے اور الیکشن کمیشن کو بی جے پی کی ‘بی ٹیم’ بنا دیا گیا ہے۔
مسٹر گوتم نے کہا کہ جواب دہی سے بچنے کے لیے وزیرِ داخلہ امت شاہ پولیس کو آگے کر دیتے ہیں اور گزشتہ دو دنوں میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ پولیس نے جس طرح کا سلوک کیا، وہ شرمناک ہے۔
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حملوں کی ہندوستان نے شدید مذمت کی
نئی دہلی، ہندوستان نے سعودی عرب کے ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے اور ریاض کے کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنا کر گزشتہ چند دنوں میں کیے گئے حملوں کی مذمت کی ہے۔
وزارتِ خارجہ نے جمعرات کے روز ایک بیان جاری کر کے کہا کہ ان حملوں میں شہریوں کی موت اور کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ہندوستان نے کہا کہ شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے۔
ہندوستان نے حملوں میں جاں بحق ہونے والے لوگوں کے خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ ہندوستان نے سعودی عرب کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعادہ کیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ منگل اور بدھ کے روز مبینہ طور پر حوثی باغیوں کے حملوں میں جان و مال کا کافی نقصان ہوا ہے۔
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
جنتر منتر پر مظاہرے کی اجازت کے تعلق سے یوتھ کانگریس کی عرضی پر جمعہ کو سماعت
نئی دہلی، دہلی ہائی کورٹ میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف جنتر منتر پر مظاہرے کی اجازت دینے سے دہلی پولیس کے انکار کو چیلنج کرنے والی یوتھ کانگریس کی عرضی پر جمعہ کے روز سماعت ہو سکتی ہے۔
یوتھ کانگریس نے بتایا کہ تنظیم کے سینئر ایڈوکیٹ سنجے گھوش نے بدھ کے روز دہلی ہائی کورٹ کے کارگزار چیف جسٹس نتن واسودیو سامبرے کی بنچ کے سامنے عرضی کا ذکر کیا تھا۔ عدالت نے اس کے بعد معاملے کو جمعہ کے روز سماعت کے لیے فہرست بند کیا ہے۔ یوتھ کانگریس نے امید ظاہر کی ہے کہ معاملے پر جمعہ کے روز سماعت ہوگی۔
عرضی یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چب کے ذریعے تنظیم کے لیگل سیل کے چیئرمین ایڈوکیٹ روپیش سنگھ بھدوریا نے دائر کی ہے۔ اس میں دہلی پولیس کے یکم اکتوبر کے اس حکم کو چیلنج کیا گیا ہے جس میں 25 ستمبر کو مجوزہ 100 سے 150 لوگوں کے پرامن مظاہرے کی اجازت دینے سے انکار کیا گیا تھا۔
یوتھ کانگریس نے کہا کہ اس نے مظاہرے کے دوران سکیورٹی، ٹریفک، نظم و ضبط اور امن و قانون سے جڑی تمام شرائط پر عمل کرنے کا یقین دلایا تھا۔
عرضی کے مطابق پرامن اجتماع اور اظہارِ رائے کے بنیادی حق کو انتظامی صوابدید کی بنیاد پر من مانے طریقے سے پابند نہیں کیا جا سکتا۔ یوتھ کانگریس نے کہا ہے کہ ایسے امتناع آئینی، ضرورت کے مطابق اور متناسب ہونے چاہئیں۔
یواین آئی ایف اے
-
جموں و کشمیر1 week agoسری نگر پولیس نے بین ریاستی منشیات نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، آٹھ افراد گرفتار
-
دنیا1 week agoقطری ثالثی کی امریکہ، ایران کے درمیان مذاکرات میں معمولی پیش رفت
-
دنیا7 days agoروس پر براہِ راست حملے کی صورت میں ہر قسم کے ہتھیار استعمال کرنےکا معاملہ ایجنڈے پر ہو گا :پوتن
-
ہندوستان7 days agoوندے بھارت نے چِناب پل اور کیبل اسٹڈ انجی پل کو 100 کلومیٹر کی رفتار سے عبور کیا
-
دنیا1 week agoہیگستھ امریکی جنرل اور ایڈمرل کے عہدوں میں 20 فیصد کمی کریں گے
-
جموں و کشمیر6 days agoگاندھی کے عدم تشدد اور سودیشی کے نظریات آج بھی اہم ہیں: جموں کے ڈویژنل کمشنر
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میراتھن اتحاد اور نوجوانوں کے متبادل خواہشات کا پیغام دیتی ہے: ایل جی سنہا
-
ہندوستان1 week agoگیانیش کمار استعفیٰ دیں، ہٹائے گئے ووٹروں کی فہرست عام کی جائے: کھرگے
-
دنیا6 days agoخمیس مشیط کی جانب داغے گئے تین حوثی بیلسٹک میزائل تباہ
-
ہندوستان1 week agoڈیفنس اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ کے 279ویں سالانہ دن پر کئی نئی پہل کی شروعات کریں گے راج ناتھ
-
ہندوستان1 week agoشیئر بازاروں میں گراوٹ جاری، سینسیکس 49 پوائنٹس پھسلا
-
ہندوستان7 days agoکھرگے- راہل نے گاندھی اور شاستری کو یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا
