ہندوستان
اقتصادی صورتحال سے گھبرائی حکومت کی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے آرڈیننس لانے کی تیاری: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ ملک کی معیشت سست سرمایہ کاری، کمزور مانگ اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں کم ہوتی دلچسپی جیسے چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہے اور حکومت ان مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کے بجائے فارن پورٹ فولیو انویسٹرز (ایف پی آئی) کو راحت دینے کے لیے انکم ٹیکس قانون میں ترمیم سے متعلق آرڈیننس لانے کی تیاری میں ہے پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ قدم معیشت کے بنیادی مسائل کو حل نہیں کر سکتا، اس لیے حکومت کو اقتصادی صورتحال کے تعلق سے گھبراہٹ میں اقدامات کرنے کے بجائے ٹھوس اقدامات کرنے کی سمت میں پہل کر کے طویل مدتی حل تلاش کرنے چاہئیں۔ کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ایک نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، سرکاری تمسکات (گورنمنٹ سکیورٹیز) میں سرمایہ کاری کرنے والے فارن پورٹ فولیو انویسٹرز پر لگنے والے 12.5 فیصد لانگ ٹرم کیپٹل گینز ٹیکس کو ختم کرنے کے لیے حکومت انکم ٹیکس ایکٹ میں ترمیم سے متعلق آرڈیننس لانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ یہ ٹیکس کی شرح جولائی 2024 کے مرکزی بجٹ میں طے کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ ملک میں نجی کارپوریٹ سرمایہ کاری انتہائی کمزور بنی ہوئی ہے۔ جن کمپنیوں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے، وہ یا تو بیرون ملک سرمایہ کاری کر رہی ہیں یا پھر گھریلو سرمایہ کاری کو ٹال رہی ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ کارپوریٹ منافع ریکارڈ سطح پر ہونے کے باوجود مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں نجی کارپوریٹ سرمایہ کاری کے حصے میں نمایاں گراوٹ آئی ہے۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ آرڈیننس جیسے فوری اقدامات صرف سرخیاں بٹور سکتے ہیں، لیکن نجی سرمایہ کاری میں گراوٹ کی ساختی (اسٹرکچرل) وجوہات کا حل نہیں کر سکتے۔ حقیقی اجرتوں میں جمود، آمدنی اور اثاثوں کی بڑھتی ہوئی عدم مساوات، اقتصادی طاقت کے بڑھتے ہوئے ارتکاز اور جانچ ایجنسیوں کے مبینہ غلط استعمال سے پیدا ہونے والے خوف کے ماحول کو انہوں نے اس کی بڑی وجوہات بتایا۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ چین سے بڑھتی ہوئی درآمدات نے گھریلو سرمایہ کاری کے مسائل کو مزید بڑھا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کارپوریٹ آمدنی اور منافع بڑھنے کے باوجود سرمایہ کاری کی متوقع سطح نظر نہیں آ رہی ہے، جس سے روزگار کی فراہمی اور اقتصادی سرگرمیوں پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو فوری اقدامات کے بجائے سرمایہ کاری، پیداوار اور مانگ کو فروغ دینے والی پالیسیوں پر توجہ دینی چاہیے، تاکہ معیشت کو پائیدار رفتار مل سکے۔
یواین آئی۔ایف اے
ہندوستان
جنتر منتر پر مظاہرے کے لیے 10 دن پہلے درخواست کی شرط بے تکی: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے جنتر منتر پر مظاہرے کے لیے 10 دن پہلے درخواست دینے کی شرط پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی واقعے پر فوری احتجاج کے لیے لوگوں کو اتنے دن انتظار کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
کانگریس کے اتر پردیش انچارج راجندر پال گوتم نے بدھ کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ خبر حیران کن ہے کہ جنتر منتر پر کسی بھی مظاہرے کے لیے کم از کم 10 دن پہلے درخواست دینی ہوگی۔ انہوں نے دہلی پولیس کے اس فرمان پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج کسی کے ساتھ ظلم ہو جائے، کسی کا بے رحمی سے قتل ہو جائے یا جمہوریت پر حملہ کر دیا جائے تو کیا لوگوں کو اس کے احتجاج کے لیے 10 دن انتظار کرنا ہوگا؟
انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ سپریم کورٹ یا کسی حکومت نے ایسا کوئی قانون بنایا ہے یا بنا سکتی ہے کہ ایک آزاد ملک میں لوگ اپنے بنیادی حقوق کا استعمال کرنے کے لیے اتنے دن انتظار کریں۔
کانگریسی رہنما نے کہا کہ آئین شہریوں کو اظہارِ رائے کی آزادی دیتا ہے اور دھرنا- مظاہرے کے ذریعے حکومت پر دباؤ بنانے کا حق بھی دیتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی تحقیاقی ایجنسیوں کا استعمال کر رہی ہے اور الیکشن کمیشن کو بی جے پی کی ‘بی ٹیم’ بنا دیا گیا ہے۔
مسٹر گوتم نے کہا کہ جواب دہی سے بچنے کے لیے وزیرِ داخلہ امت شاہ پولیس کو آگے کر دیتے ہیں اور گزشتہ دو دنوں میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ پولیس نے جس طرح کا سلوک کیا، وہ شرمناک ہے۔
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حملوں کی ہندوستان نے شدید مذمت کی
نئی دہلی، ہندوستان نے سعودی عرب کے ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے اور ریاض کے کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنا کر گزشتہ چند دنوں میں کیے گئے حملوں کی مذمت کی ہے۔
وزارتِ خارجہ نے جمعرات کے روز ایک بیان جاری کر کے کہا کہ ان حملوں میں شہریوں کی موت اور کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ہندوستان نے کہا کہ شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے۔
ہندوستان نے حملوں میں جاں بحق ہونے والے لوگوں کے خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ ہندوستان نے سعودی عرب کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعادہ کیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ منگل اور بدھ کے روز مبینہ طور پر حوثی باغیوں کے حملوں میں جان و مال کا کافی نقصان ہوا ہے۔
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
جنتر منتر پر مظاہرے کی اجازت کے تعلق سے یوتھ کانگریس کی عرضی پر جمعہ کو سماعت
نئی دہلی، دہلی ہائی کورٹ میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف جنتر منتر پر مظاہرے کی اجازت دینے سے دہلی پولیس کے انکار کو چیلنج کرنے والی یوتھ کانگریس کی عرضی پر جمعہ کے روز سماعت ہو سکتی ہے۔
یوتھ کانگریس نے بتایا کہ تنظیم کے سینئر ایڈوکیٹ سنجے گھوش نے بدھ کے روز دہلی ہائی کورٹ کے کارگزار چیف جسٹس نتن واسودیو سامبرے کی بنچ کے سامنے عرضی کا ذکر کیا تھا۔ عدالت نے اس کے بعد معاملے کو جمعہ کے روز سماعت کے لیے فہرست بند کیا ہے۔ یوتھ کانگریس نے امید ظاہر کی ہے کہ معاملے پر جمعہ کے روز سماعت ہوگی۔
عرضی یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چب کے ذریعے تنظیم کے لیگل سیل کے چیئرمین ایڈوکیٹ روپیش سنگھ بھدوریا نے دائر کی ہے۔ اس میں دہلی پولیس کے یکم اکتوبر کے اس حکم کو چیلنج کیا گیا ہے جس میں 25 ستمبر کو مجوزہ 100 سے 150 لوگوں کے پرامن مظاہرے کی اجازت دینے سے انکار کیا گیا تھا۔
یوتھ کانگریس نے کہا کہ اس نے مظاہرے کے دوران سکیورٹی، ٹریفک، نظم و ضبط اور امن و قانون سے جڑی تمام شرائط پر عمل کرنے کا یقین دلایا تھا۔
عرضی کے مطابق پرامن اجتماع اور اظہارِ رائے کے بنیادی حق کو انتظامی صوابدید کی بنیاد پر من مانے طریقے سے پابند نہیں کیا جا سکتا۔ یوتھ کانگریس نے کہا ہے کہ ایسے امتناع آئینی، ضرورت کے مطابق اور متناسب ہونے چاہئیں۔
یواین آئی ایف اے
-
جموں و کشمیر1 week agoسری نگر پولیس نے بین ریاستی منشیات نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، آٹھ افراد گرفتار
-
دنیا1 week agoقطری ثالثی کی امریکہ، ایران کے درمیان مذاکرات میں معمولی پیش رفت
-
دنیا7 days agoروس پر براہِ راست حملے کی صورت میں ہر قسم کے ہتھیار استعمال کرنےکا معاملہ ایجنڈے پر ہو گا :پوتن
-
ہندوستان7 days agoوندے بھارت نے چِناب پل اور کیبل اسٹڈ انجی پل کو 100 کلومیٹر کی رفتار سے عبور کیا
-
دنیا1 week agoہیگستھ امریکی جنرل اور ایڈمرل کے عہدوں میں 20 فیصد کمی کریں گے
-
جموں و کشمیر7 days agoگاندھی کے عدم تشدد اور سودیشی کے نظریات آج بھی اہم ہیں: جموں کے ڈویژنل کمشنر
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میراتھن اتحاد اور نوجوانوں کے متبادل خواہشات کا پیغام دیتی ہے: ایل جی سنہا
-
دنیا6 days agoخمیس مشیط کی جانب داغے گئے تین حوثی بیلسٹک میزائل تباہ
-
ہندوستان1 week agoگیانیش کمار استعفیٰ دیں، ہٹائے گئے ووٹروں کی فہرست عام کی جائے: کھرگے
-
ہندوستان1 week agoشیئر بازاروں میں گراوٹ جاری، سینسیکس 49 پوائنٹس پھسلا
-
ہندوستان7 days agoکھرگے- راہل نے گاندھی اور شاستری کو یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا
-
جموں و کشمیر1 week agoبڈگام کے یوسمرگ میں پاکستانی لشکر طیبہ کا جنگجو جھڑپ میں ہلاک
