جموں و کشمیر
کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری، وادی میں بارش سے سردی میں اضافہ
سری نگر، کشمیر کے بالائی علاقوں میں جمعرات کو مسلسل دوسرے دن ہلکی برف باری ہوئی، جبکہ میدانی علاقوں کے کئی حصوں میں بارش سے موسم سرد ہوگیا۔
حکام کے مطابق، سنتھن پاس، مغل روڈ، کپواڑہ کے بالائی علاقوں، بانڈی پورہ کے گریز اور تولیل علاقوں کے علاوہ زوجیلا-گمری محور پر بھی برف باری ہوئی۔ لداخ کے کئی بلند مقامات، جن میں دراس، زنسکار اور سنکو شامل ہیں، میں بھی برف باری ریکارڈ کی گئی۔
موسم میں تبدیلی کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج کی گئی، خصوصاً زیادہ بلندی پر واقع علاقوں میں سردی بڑھ گئی۔
محکمہ موسمیات کے مرکز سری نگر کے مطابق، جمعرات کی صبح 8 بج کر 30 منٹ پر ختم ہونے والے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کپواڑہ میں سب سے زیادہ 26.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بعد قاضی گنڈ میں 23.6 ملی میٹر اور گلمرگ میں 20.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسی مدت کے دوران پہلگام میں 16.8 ملی میٹر، جبکہ سری نگر میں 16.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق، جمعرات کو جموں و کشمیر میں موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ طوفان، تیز ہوائیں اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ 16 اکتوبر کو موسم عموماً خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض مقامات پر مختصر وقفے کے لیے ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ 17 سے 24 اکتوبر تک جموں و کشمیر میں موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
خطبوں کے مشترکہ خاکے پر تنازع کے درمیان میرواعظ چرار شریف میں جمعہ کا خطبہ دیں گے
سری نگر، جمعہ کے خطبوں کے لیے مشترکہ خاکہ متعارف کرانے کی تجویز پر سیاسی اور مذہبی حلقوں میں مخالفت کے درمیان کشمیر کے میرواعظ عمر فاروق چرار شریف کی درگاہ میں جمعہ کا خطبہ دیں گے۔
چرار شریف کی درگاہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات میں شمار ہوتی ہے۔ اس کا انتظام جموں و کشمیر وقف بورڈ کے پاس ہے، جس کی سربراہی بی جے پی کی سینئر لیڈر درخشاں اندرابی کر رہی ہیں۔
میرواعظ کی سربراہی میں قائم انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے اعلان کیا ہے کہ روایت کے مطابق کشمیر کے میرواعظ جمعہ کو چرار شریف کی درگاہ میں خصوصی خطاب کریں گے۔؎
انجمن کے مطابق، میرواعظ اس موقع پر صوفی بزرگ شیخ نورالدین نورانی، المعروف شیخ العالم، کی تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے۔
انجمن نے کہا کہ میرواعظ اپنے خطاب میں ایمان، اتحاد اور اخلاقی تجدید سے متعلق شیخ العالم کی تعلیمات اور موجودہ معاشرے میں ان کی دیرپا اہمیت پر اظہار خیال کریں گے۔ انجمن نے عقیدت مندوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اس اجتماع میں شرکت کریں۔
میرواعظ کا یہ خطاب ایسے وقت میں ہورہا ہے جب مساجد اور درگاہوں میں جمعہ کے خطبوں کے لیے مشترکہ موضوعات متعارف کرانے کی وقف بورڈ کی تجویز کی مخالفت بڑھتی جارہی ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور مذہبی رہنماؤں نے اس پہل پر تنقید کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔ عمر عبداللہ نے اس اقدام کو ”بی جے پی کی جانب سے مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت کی ناقابل قبول کوشش” قرار دیا۔
تاہم، وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشاں اندرابی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کوئی باضابطہ حکم جاری نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا کہ بورڈ سے وابستہ خطیب اس معاملے میں خود فیصلہ کرسکتے ہیں۔
اس تنازع نے وقف بورڈ، جس کی سربراہی بی جے پی رہنما درخشاں اندرابی کررہی ہیں، اور کشمیر کی روایتی اسلامی قیادت کے درمیان اس وسیع تر کشمکش کو نمایاں کردیا ہے کہ وادی کے مذہبی معاملات کی رہنمائی اور ان کی سمت متعین کرنے کا اختیار کس کے پاس ہونا چاہیے۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
کشمیر میں 15 اکتوبر سے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی
سرینگر، محکمہ تعلیم کشمیر نے بدھ کو وادیٔ کشمیر کے تمام سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کا حکم جاری کیا ہے۔ نئے اوقات کا اطلاق 15 اکتوبر سے ہوگا۔
حکم کے مطابق، سرینگر شہر کی میونسپل حدود میں واقع اسکول صبح 10 بجے سے دوپہر 3:30 بجے تک کھلیں گے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سرینگر کی میونسپل حدود سے باہر واقع اسکولوں سمیت وادیٔ کشمیر ڈویژن کے دیگر علاقوں کے اسکول صبح 10:30 بجے سے شام 4 بجے تک کام کریں گے۔
محکمہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئے اوقات پر سختی سے عمل کریں اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کریں۔
یہ حکم ایسے دن جاری کیا گیا جب تازہ مغربی ہواؤں کے اثر سے کشمیر میں سردی بڑھ گئی۔ ان ہواؤں کے سبب میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی۔
یو این آئی، ایم جے
جموں و کشمیر
کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری، میدانی علاقوں میں بارش
سری نگر، کشمیر کے کئی بالائی علاقوں میں منگل کو تازہ برف باری ہوئی، جبکہ سری نگر سمیت میدانی علاقوں میں بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں جمعرات تک بڑے پیمانے پر بارش اور دیگر موسمی سرگرمیوں کی پیش گوئی کی ہے۔
حکام کے مطابق، مغربی ہواؤں کے زیر اثر سیاحتی مقامات گلمرگ اور سونا مرگ کے علاوہ زوجیلا محور پر بھی تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔ ادھر جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر سمیت میدانی علاقوں میں بارش ہوئی، جو آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بونداباندی کا امکان ہے۔ محکمہ نے آئندہ چند روز کے لیے بھی اسی طرح کے موسمی حالات کی پیش گوئی کی ہے۔
14 اکتوبر کی پیش گوئی کے مطابق، بعض علاقوں میں گرج چمک اور آسمانی بجلی کے ساتھ 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ کچھ مقامات پر تیز بارش، گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ اسی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
موجودہ موسمی حالات کے باعث بالائی علاقوں میں سردی اور نمی برقرار رہنے کا امکان ہے، جب کہ میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر 13 سے 15 اکتوبر کے درمیان سیب، دھان اور دیگر فصلوں کی کٹائی کے بعد انہیں محفوظ طریقے سے ذخیرہ کرنے کے انتظامات کریں۔
خراب موسم کے امکان کے پیش نظر مسافروں، ٹرانسپورٹروں اور عام لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی احتیاط سے کریں اور کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے ٹریفک سے متعلق جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
یواین آئی۔ ط ا
-
ہندوستان1 week agoجے شنکر گھانا، کوٹ ڈی آئیوائر اور ایتھوپیا کے چھ روزہ دورے پر
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر کے بارہمولہ میں افضل گورو کے خاندان سے مبینہ طور پر وابستہ ڈیری شیڈ منہدم
-
ہندوستان1 week agoوزیر اعظم مودی نے یوم فضائیہ پر جانبازوں کو سلام پیش کیا، ہندوستان کے آسمان کی حفاظت میں ان کی بہادری کو سراہا
-
جموں و کشمیر1 week agoعمر عبداللہ نے ایس آئی آر پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا جموں و کشمیر پہلے ہی انتخابی ‘ہیرا پھیری’ دیکھ چکا ہے
-
ہندوستان5 days agoدفاعی شعبے میں خود انحصاری اور دوست ممالک کے درمیان تکنیکی تعاون ضروری: راج ناتھ
-
دنیا1 week agoوسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کامیابی ہی امریکہ کو دیوالیہ ہونے سے بچا سکتی ہے:ٹرمپ کا دعویٰ
-
دنیا6 days agoروس اور یوکرین کے دو طرفہ حملوں میں کم از کم 38 افراد ہلاک، 100 سے زیادہ زخمی
-
دنیا1 week agoوائٹ ہاؤس نے پینٹاگون کو ایران پر حملوں کے لیے اختیارات تیار کرنے کی ہدایت دی: رپورٹ
-
دنیا6 days agoفورٹ ہُڈ حملے کے مجرم کو ‘فائرنگ اسکواڈ’ سے دی جانے والی سزائے موت کی لائیو اسٹریمنگ کی جائے گی: پینٹاگن
-
جموں و کشمیر5 days agoسوپور کے جنگلات سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد
-
جموں و کشمیر5 days agoسی ای سی اور بی جے پی حکومت کے خلاف سری نگر میں انڈیا اتحاد کا مشترکہ احتجاج
-
دنیا1 week agoاسرائیل نے فوج کو غزہ پر حملوں کے لئے تیاری کا حکم دے دیا
