جموں و کشمیر
پہلگام میں دہشت گردانہ حملے سے سیاحت کو شدید دھچکا، ہزاروں افراد روزگار سے محروم
سری نگر، وادی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے نے علاقے کی معیشت پر کاری ضرب لگائی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے روزگار ہو گئے ہیں۔
کشمیر کے سیاحتی مقامات پہلگام، سونہ مرگ اور گلمرگ اس وقت ویرانی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ صرف پہلگام میں پانچ سے چھ ہزار گھوڑے بان اور سات ہزار کے قریب گاڑی مالکان سمیت دیگر ہزاروں خاندان معاشی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔
شہر کے وسط میں واقع ڈل جھیل، جو عام طور پر شام کے اوقات میں ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کا مرکز ہوا کرتی تھی، اس وقت خالی دکھائی دیتی ہے۔ شکارے کنارے لگے ہیں اور سیاحوں کی چہل پہل مکمل طور پر غائب ہو چکی ہے۔
مقامی سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد نے بتایا کہ پہلگام حملے کے بعد سے صورتحال مسلسل بگڑتی جا رہی ہے۔ ایک شکارا چلانے والے نے بتایا:’رواں سیزن مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ حملے سے پہلے ہمارے پاس بکنگز تھیں، ہوٹل بھرے ہوئے تھے، شکارے مسلسل چل رہے تھے، لیکن اب سب کچھ رک گیا ہے۔‘
ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد سیاحوں نے اپنی بکنگ منسوخ کر دی ہیں اور نئے سیاح آنے سے کترا رہے ہیں۔’ہمارے ہوٹل خالی پڑے ہیں، عملہ فارغ بیٹھا ہے، اور کوئی نئی بکنگ نہیں ہو رہی‘۔
ایک ہوٹل مالک نے بتایا’سیاحت پر منحصر ہزاروں خاندان اس وقت شدید مالی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقامی دکانداروں، دستکاروں، گائیڈز، فوٹوگرافرز اور ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والوں کی روزی روٹی خطرے میں ہے۔‘
مقامی یونینز کے مطابق سینکڑوں ہوٹل ملازمین بے روزگار ہو چکے ہیں اور اگر حالات بہتر نہ ہوئے تو ہزاروں کی تعداد میں مزید لوگ اپنی نوکریاں گنوا سکتے ہیں۔
ڈل جھیل کے ایک شکارا والے کا کہنا تھا:’یہ پہلا موقع ہے جب مئی کے مہینے میں جھیل پر ایسی ویرانی دیکھی گئی ہے۔ پہلے سیاحوں سے بات کرنے کا وقت نہیں ملتا تھا، اب دن بھر شکارہ کنارے بندھا رہتا ہے۔‘
مقامی شہریوں اور سیاحت سے وابستہ تنظیموں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اعتماد سازی کے اقدامات کیے جائیں اور وادی میں سیاحوں کی واپسی کو ممکن بنانے کے لیے پالیسی مرتب کی جائے۔
ادھر پہلگام میں اس سے بھی برا حال ہے ، بازار ویران اور سنسان دکھائی دے رہے ہیں۔
سیاحت سے جڑے افراد کا کہنا ہے کہ ’پہلگام کے 13 دیہاتوں کا انحصار صرف اور صرف سیاحت پر ہے۔ اس حملے نے پانچ ہزار گھوڑا برداروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ہم ہندوستان کے شہری ہیں اور اگر سیاح یہاں آنا بند کر دیں تو اس کا فائدہ دشمنوں کو ہو گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ جن عناصر نے بے گناہوں پر حملہ کیا، ان کا مقصد امن کو نقصان پہنچانا تھا۔”سیاحوں کو یہاں آ کر ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا چاہیے۔ فوٹوگرافرز، ہوٹل مالکان، ڈرائیورز، کاریگر، سب کے سب متاثر ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر ایسے اقدامات اٹھانے چاہیے جن سے کشمیر میں سیاحت کا احیاء ممکن ہو۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پہلگام، جسے “منی سوئٹزرلینڈ” بھی کہا جاتا ہے، اب ایک سنسان وادی میں بدل چکا ہے جہاں ہوٹل، بازار، سڑکیں اور سیاحتی مقامات سنّاٹے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
یو این آئی- ارشید بٹ
جموں و کشمیر
پی ڈی پی نے وزیرِ اعظم کے خواتین ریزرویشن کے مطالبے پر سوال اٹھایا، کہا 2023 کا قانون نافذ کیا جائے
سری نگر، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے ہفتہ کے روز وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے خواتین کے لیے ریزرویشن کی حمایت میں دیے گئے بیان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس وقت توجہ آئینی اقدار کے تحفظ پر ہونی چاہیے۔
سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’’میری نظر میں آج کا دن ریزرویشن سے کہیں زیادہ بڑے مسئلے سے متعلق ہے۔ اس ملک کے لاکھوں اور کروڑوں لوگوں نے ہمیں جو آزادی حاصل ہوئی، اس کے لیے قربانیاں دی ہیں۔‘‘
ان کا یہ بیان وزیرِ اعظم مودی کی یومِ آزادی کی تقریر کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے ریزرویشن کے نفاذ کی حمایت کرنے کی اپیل کی تھی۔
جموں و کشمیر کی سابق وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، مولانا ابوالکلام آزاد، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر جیسے رہنماؤں نے ایسے ہندوستان کا تصور پیش کیا تھا جہاں لوگ آزادی کے ساتھ زندگی گزار سکیں، اپنی مرضی سے طرزِ زندگی اختیار کر سکیں اور مساوی حقوق سے لطف اندوز ہوں۔
انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت سے غور کرنے کی اپیل کی کہ آیا ہندوستان واقعی آئین میں بیان کردہ اصولوں کی عکاسی کرتا ہے۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی قیادت میں اور اُس وقت کی کانگریس قیادت کی حمایت سے تیار کیے گئے آئین نے تمام شہریوں کے لیے انصاف اور مساوات کی ضمانت دی ہے اور مذہب و ذات کی بنیاد پر امتیاز کو مسترد کیا ہے۔
پی ڈی پی صدر نے کہا کہ آئین مساوات کی ضمانت دیتا ہے اور مذہب یا ذات کی بنیاد پر امتیاز کی ممانعت کرتا ہے۔
انہوں نے سوال کیاکہ ’’تو میں محسوس کرتی ہوں کہ 80 سال بعد کیا ہمیں پیچھے کی جانب لے جایا جا رہا ہے؟ کیا ہمیں 1947 کی طرف لے جایا جا رہا ہے، جب ہندو مسلم تنازعات تھے، برطانوی حکومت تھی، ہمارے پاس کوئی حقوق نہیں تھے اور آمریت تھی؟‘‘
جموں و کشمیر کی سابق وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ وقت میں آئینی اقدار کا تحفظ زیادہ اہم اور فوری مسئلہ ہے۔
خواتین کے لیے ریزرویشن کے معاملے پر محبوبہ مفتی نے کہا کہ ان کی پارٹی اس اقدام کی حمایت کرتی ہے اور نشاندہی کی کہ پارلیمنٹ پہلے ہی 2023 میں متعلقہ قانون منظور کر چکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’جہاں تک ریزرویشن کا تعلق ہے، ہم ریزرویشن چاہتے ہیں اور اس کے لیے 2023 میں قانون پہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے۔ اب صرف اسے نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ تو اپوزیشن کو اس پر کیا اعتراض ہے؟‘‘
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
یومِ آزادی کے موقع پر وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے بلیدان استمبھ پر پھول چڑھائے
سری نگر، ملک کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز سری نگر میں واقع بلیدان استمبھ پر پھول چڑھا کر شہیدوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
حکام نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ نے شہر کے مرکزی علاقے میں واقع یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک کی خدمت میں اپنی جانیں قربان کرنے والوں کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
اس موقع پر جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ نلن پربھات، اے ڈی جی پی ہیڈکوارٹرز، کشمیر کے ڈویژنل کمشنر، اعلیٰ افسران، سکیورٹی اہلکار اور دیگر افراد موجود تھے۔
یواین آئی۔ظ ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر: کشتواڑ میں ایس یو وی نالے میں جاگری، پانچ افراد ہلاک
جموں، جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع کے دچھن علاقے میں ایک ایس یو وی کے حادثے کا شکار ہوکر نالے میں جا گرنے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ ایس یو وی کشتواڑ سے دچھن کی جانب جارہی تھی کہ ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی مدوسر نالہ میں جاگری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فوج کے اہلکاروں اور مقامی باشندوں نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کردی۔
حکام نے بتایاکہ ’’پانچ لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ امدادی کارروائی جاری ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا
-
جموں و کشمیر5 days agoاسپورٹس کوٹا پر مبنی ملازمتیں: جے اینڈ کے بی جے پی نے اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ کیا، احتجاجی کھلاڑیوں کی حمایت کی
-
جموں و کشمیر6 days agoیومِ آزادی سے قبل جموں و کشمیر پولیس نے سرحدی سامبا میں طویل فاصلے کی گشت اور فرضی انسدادِ دہشت گردی مشق کی
-
دنیا7 days agoایران کا فی الحال امریکہ کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں: ایرانی وزیر خارجہ
-
ہندوستان7 days agoطلبہ پر کارروائی کے معاملے پر حکومت کو گھیرتے ہوئے راہل کا مضمون، کھڑگے اور پرینکا نے حمایت کی
-
دنیا7 days agoسعودی عرب میں فیکٹری میں آگ کے سبب 16 بنگلہ دیشی مزدور ہلاک
-
دنیا6 days agoشام کے سابق صدر بشار الاسد کو سزائے موت سنادی گئی
-
دنیا7 days agoٹرمپ جوہری معاہدے کے بغیر ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے پر تیار: رپورٹ
-
دنیا7 days agoتجربہ کار آئی آر جی سی کمانڈر محسن رضائی ایران کے قومی سلامتی کے سربراہ مقرر
-
دنیا6 days agoایران نے خود کو ایک ‘ناقابل تسخیر طاقت’ ثابت کیا ہے: عراقچی
-
دنیا7 days agoکیسپین سمندر معاہدے کا مستقبل ایران کی پارلیمنٹ طے کرے گی: اسماعیل بقائی
-
دنیا6 days agoموساد کے سابق سربراہ کا انکشاف، ماضی میں ایران کی فردو جوہری تنصیب کا کئی بار دورہ کیا
-
دنیا6 days agoایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز پر مذاکرات جاری
