تازہ ترین
پاکستان نے سخت مقابلے میں نیدرلینڈز کو تین وکٹوں سے شکست دی
کولمبو، سلمان مرزا (تین وکٹ) کی قیادت میں گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کے بعد صاحبزادہ فرحان (47) اور فہیم اشرف (29) کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے ہفتہ کو ٹی-20 ورلڈ کپ کے سخت مقابلے میں نیدرلینڈز پر تین گیندیں باقی رہتے ہوئے تین وکٹوں سے جیت حاصل کی۔
ایک سو اڑتالیس رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری پاکستان کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے تیسرے ہی اوور میں صائم ایوب 13 گیندوں میں (24) کا وکٹ گنوا دیا۔ انہیں آرین دت نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے کپتان آغا سلمان نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ اسی دوران پانچویں اوور میں آرین دت نے آغا سلمان (12) کو شکار بنایا۔
ایک وقت میں جب ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان یہ میچ آسانی سے جیت لے گا لیکن 12ویں اوور میں پال وین میکرین نے پہلی ہی گیند پر صاحبزادہ فرحان کو آؤٹ کر کے پاکستان کو تیسرا دھچکا دیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 31 گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسی اوور کی تیسری گیند پر انہوں نے عثمان خواجہ (صفر) کو بھی پویلین بھیج دیا۔ اگلے اوور میں رولوف وین ڈیر مروے نے بابر اعظم (15) کا بھی شکار کر کے پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا۔
سولہویں اوور میں کائل کلین نے محمد نواز (چھ) کو آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر لوگن وین بیک نے شاداب خان (آٹھ) کو چلتا کر دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے فہیم اشرف نے محاذ سنبھالا اور 19ویں اوور میں تین چھکے اور ایک چوکا لگا کر پاکستان کی جیت کو یقینی بنایا۔ پاکستان نے 19.3 اوورز میں 148 رنز بنا کر مقابلہ اپنے نام کیا۔ فہیم اشرف نے 11 گیندوں میں دو چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ شاہین شاہ آفریدی پانچ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیدرلینڈز کے لیے آرین دت اور پال وین میکرین نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ لوگن وین بیک، کائل کلین اور رولوف وین ڈیر مروے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے آج یہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری نیدرلینڈز پاکستانی بالنگ اٹیک کے سامنے 19.5 اوورز میں 147 رنز کے اسکور پر سمٹ گئی۔ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 29 گیندوں میں (37)، باس ڈی لیڈے نے 25 گیندوں میں (30)، مائیکل لیویٹ نے 15 گیندوں میں (24)، کولن ایکرمین نے 14 گیندوں میں (20) اور آرین دت نے آٹھ گیندوں میں 13 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کے بالنگ اٹیک کے سامنے نیدرلینڈز کے چھ بلے باز دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکے۔
پاکستان کے لیے سلمان مرزا نے تین وکٹ حاصل کئے۔ محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب کو دو دو وکٹ ملے۔ شاہین شاہ آفریدی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
یو این آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر
انتخابی شکست کے خوف سے جموں و کشمیر میں پنچایت انتخابات ٹال رہی ہے نیشنل کانفرنس: سنیل شرما
سری نگر، جموں و کشمیر اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما سنیل شرما نے جمعرات کو نیشنل کانفرنس حکومت پر انتخابی شکست کے خوف سے پنچایت اور بلدیاتی انتخابات میں جان بوجھ کر تاخیر کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکمراں جماعت نہیں چاہتی کہ دوسری جماعتوں کو زمینی سطح پر نمائندگی ملے۔
بی جے پی کے سابق تنظیمی جنرل سکریٹری اشوک کول کے اعزاز میں پارٹی کی جموں و کشمیر شاخ کی جانب سے منعقدہ الوداعی تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر شرما نے کہا کہ مقامی بلدیاتی انتخابات عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے لیے ‘لٹمس ٹیسٹ’ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے حکومت پر بجلی، ایل پی جی سلنڈر، ملازمتوں اور راشن کے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا۔
مسٹر شرما نے کہاکہ ”عبداللہ خاندان کے تکبر اور ‘دبنگئی’ کی وجہ سے جموں و کشمیر میں پنچایت انتخابات نہیں ہونے دیے جا رہے ہیں۔ یہاں تک کہ وزیر اعلیٰ نے اسمبلی میں کہا کہ وہ انتخابات نہیں کرائیں گے۔ ان کے والد فاروق عبداللہ صاحب بھی 2 سے 3 بار کہہ چکے ہیں کہ پنچایت انتخابات نہیں ہوں گے۔ نیشنل کانفرنس نہیں چاہتی کہ کوئی اور یہاں کے عوام کی نمائندگی کرے۔ وہ جانتے ہیں کہ انہیں منہ کی کھانی پڑے گی اور انہیں ڈر ہے کہ عوام ان سے ان کے دھوکے کا حساب مانگیں گے۔”
لداخ میں پنچایت انتخابات کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر شرما نے سوال کیا کہ جموں و کشمیر میں ایسے انتخابات کیوں نہیں کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ”یہ اس حکومت کے لیے ایک سخت امتحان ہوگا۔ جس حکومت نے بجلی، سلنڈر، ملازمت اور راشن کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیا ہے، اس کا امتحان پنچایتی راج اور بلدیاتی انتخابات کے ذریعے لیا جانا چاہیے۔”
مرکزی وزیر داخلہ کے اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے، جس میں کہا گیا تھا کہ کشمیر میں دہشت گردی ختم ہو گئی ہے، مسٹر شرما نے کہا کہ گزشتہ 5 سال میں دہشت گردی میں زبردست کمی آئی ہے۔ انہوں نے اس کا سہرا مرکزی حکومت اور خاص طور پر وزارت داخلہ کے سر باندھا۔ مسٹر شرما نے کہا کہ ”گزشتہ 2 سال میں ایک بھی کشمیری نوجوان کسی دہشت گرد تنظیم میں شامل نہیں ہوا ہے، جو دہشت گردی کے خاتمے کی ایک بڑی علامت ہے۔”
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا لداخ کی طرح کشمیر میں بھی مظاہرین کے خلاف درج مقدمات واپس لیے جا سکتے ہیں، مسٹر شرما نے دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ملزم افراد کا لداخ کے مظاہرین سے موازنہ کرنے کی کوشش کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جو لوگ اس وقت جیل میں ہیں، ان کے خلاف سابقہ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس حکومتوں کے دور میں عوامی تحفظ قانون کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔
مسٹر شرما نے واضح کیا کہ بی جے پی بے گناہوں کو انصاف دلانے کی حمایت کرے گی، لیکن ملک کے خلاف تشدد کرنے والوں کو بے قصور نہیں کہا جا سکتا۔
یو این آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر
بارہمولہ میں 2 مشتبہ اوور گراؤنڈ کارکن گرفتار، آئی ای ڈی اور پستول برآمد
سری نگر، شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں سکیورٹی کارروائی کے دوران 2 مشتبہ اوور گراؤنڈ کارکنوں (او جی ڈبلیوز) کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ ان کے قبضے سے 2 دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی) اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ برآمدگیاں گزشتہ شام بارہمولہ کے ڈیلینا علاقے میں کی گئیں۔ گرفتار کیے گئے دونوں افراد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ شمالی کشمیر کے سوپور کے چنکی پورہ علاقے کے رہنے والے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایاکہ ”ان کے قبضے سے 2 آئی ای ڈی، ایک پستول، گولہ بارود کے 10 کارتوس اور 6500 روپے برآمد کیے گئے ہیں۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے مبینہ روابط کا پتہ لگانے اور معاملے کی دیگر تفصیلات معلوم کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
گرفتاریوں اور برآمدگی کے سلسلے میں پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔.
یو این آئی۔ این یو۔
دنیا
ٹرمپ کا ایران کو شکست دینے کا دعویٰ، جے سی پی او اے سے نکلنے کے فیصلے کا دفاع
ماسکو، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک ریلی میں دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ایران کو فوجی، اقتصادی اور دیگر شعبوں میں شکست دے دی ہے اور واشنگٹن جلد اس تنازع سے باہر نکل سکتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ابھی اس تنازع سے نکل سکتا ہے، تاہم وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ حاصل شدہ نتائج طویل عرصے تک برقرار رہیں۔
امریکی صدر نے اپنی پہلی مدتِ صدارت کے دوران مشترکہ جامع منصوبہ عمل (جے سی پی او اے) سے امریکہ کو الگ کرنے کے اپنے فیصلے کا بھی دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے سی پی او اے ایران کے لیے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا راستہ تھا اور انہوں نے اسے ختم کردیا۔
ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی دہرایا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا اور ایرانی جوہری تنصیبات کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کی تعریف کی۔
یو این آئی۔ م س
-
ہندوستان1 week agoمرکزی حکومت نے جنوبی بحر ہند ماہی گیری معاہدے میں شمولیت کو دی منظوری
-
دنیا1 week agoجاپانی صحافی کی روس میں گرفتاری: دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کیوں بڑھ رہی ہے
-
دنیا1 week agoامریکہ کے شکاگو کے قریب بڑے ہندو مندر پر اجتماعی فائرنگ کی سازش ناکام، سفید فام نسل پرست نوجوان گرفتار
-
ہندوستان1 week agoانکیتا بھنڈاری کے والدین کو انڈیا گیٹ سے حراست میں لیے جانے پر کانگریس کی شدید مذمت
-
ہندوستان1 week agoمظاہرین پر تشدد کرنے والوں کو ثبوتوں کی بنیاد پر سزا ملے گی: راہل
-
ہندوستان1 week ago16 سالہ معصوم لڑکی اور 50 سالہ دولہے کی پانچ لاکھ روپے میں منگنی، بروقت ٹیم نے شادی کو روک دیا
-
دنیا1 week agoگرین لینڈ میں تیل، گیس اور معدنیات کی بڑے پیمانے پر تلاش جلد شروع ہوگی: ٹرمپ
-
دنیا1 week agoروس سے ٹرمپ کی رعایتوں پر ریپبلکنز دفاعی پوزیشن میں، وسط مدتی انتخابات سے قبل دباؤ بڑھ گیا
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میں 15 اکتوبر سے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی
-
دنیا6 days agoٹرمپ کا ایران پر جوہری حملہ کرنے سے انکار
-
ہندوستان1 week agoویشالی میں کشتی الٹنے سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 2-2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا
-
ہندوستان1 week agoپنجاب، ہریانہ اور دہلی میں بھاری بارش، ژالہ باری اور 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی
