جموں و کشمیر
سیاحت اور تجارت کی بحالی کیلئے حقیقت پسندانہ اور قابلِ عمل منصوبہ تیار کریں گے: عمر عبداللہ
سری نگر،جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو سول سیکریٹریٹ سری نگر میں کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ حکومت ایک حقیقت پسندانہ اور قابلِ عمل منصوبہ تیار کرے گی تاکہ وادی میں سیاحت اور تجارت کی بحالی کو ممکن بنایا جا سکے۔
’کے سی سی آئی‘ کے صدر جاوید احمد ٹینگا کی قیادت میں وفد نے صنعت و تجارت، سیاحت، زراعت، باغبانی، تعلیم، صحت، شہری ترقی اور ٹرانسپورٹ سمیت کئی اہم شعبوں سے وابستہ مسائل اور مشکلات وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھے۔
وزیر اعلیٰ نے وفد کو مکمل سرکاری تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا، ’جو بھی مسائل آپ نے ہمارے سامنے رکھے ہیں، ان کا ہم سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں اور ضرورت پڑی تو مرکز سے بھی مدد طلب کریں گے۔‘
انہوں نے موجودہ معاشی سست روی کو محض حالیہ معاملہ نہ مانتے ہوئے اسے سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا اور کہا کہ اس صورتحال کا حل نکالنے کے لیے ایک مخصوص، بامقصد اور شراکت داری پر مبنی پیکیج تیار کیا جائے گا۔
’کے سی سی آئی‘ کی طرف سے قرضوں کی ادائیگی پر مہلت، سود میں نرمی، اکاؤنٹس کو این پی ایس قرار دینے سے تحفظ، ایمرجنسی کریڈٹ لائن، ٹرانسپورٹ سیکٹر کیلئے نرم قرضے، زمین کی الاٹمنٹ میں قانونی پیچیدگیاں، ملٹی ایئرلائنز کے ذریعے برآمدات کی سہولت، ویٹ لینڈز کا تحفظ، اور سرینگر کے پرانے شہر میں پارکنگ جیسے مسائل پر خاص طور پر زور دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ ان مسائل کو نہ صرف ریاستی بلکہ مرکزی سطح پر، بالخصوص مرکزی وزارتِ خزانہ کے ساتھ مؤثر انداز میں اٹھایا جائے گا۔
وادی میں سیاحت پر پڑنے والے منفی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ سیاحوں کی آمد پر لگی پابندیوں کو بتدریج ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مقامی سیاحت کو فروغ دینے اور اسکول و کالجوں کو وادی کے اندر ہی تعلیمی و تفریحی دورے منعقد کرانے کی بھی تجویز دی۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم اور پارلیمانی امور کے محکمے سے کشمیر میں پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹیوں اور مشاورتی اجلاسوں کے انعقاد کی درخواست کی ہے تاکہ اعتماد سازی اور کشمیر کی مثبت شبیہ اجاگر کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جموں و کشمیر آئندہ کولکتہ اور احمد آباد میں ہونے والی ٹریول اینڈ ٹورازم فیئرز میں بھرپور شرکت کرے گی تاکہ ملک بھر سے سیاحوں کی توجہ وادی کی جانب مبذول کی جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت کا فوکس ان چھوٹے تاجروں اور کارکنوں پر ہے جنہوں نے حال ہی میں ٹرانسپورٹ اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی تھی۔
“مجھے اس سومو ڈرائیور کی فکر ہے جس نے قرض لے کر انووا گاڑی خریدی، اس ہوم اسٹے مالک کی جو 15 کمروں کا ہوٹل بنارہا ہے، یا اس دکاندار کی جو روز کی کمائی سے اپنے بچوں کو کھانا کھلاتا ہے۔”
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چھوٹے کاروباری، خود روزگار یافتہ افراد اور گھریلو صنعتکاروں کو بڑے سرمایہ داروں کے مقابلے میں ترجیح دی جانی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ غیر منصفانہ تجارتی سرگرمیوں جیسے گمراہ کن اشیاء کی فروخت، جعلی مصنوعات اور سیاحوں سے زیادہ قیمتیں وصولنے جیسے عوامل کشمیر کی سیاحت اور مصنوعات کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ ریاستی حکومت زرعی اور باغبانی مصنوعات کی نقل و حمل بہتر بنانے کیلئے وزارت ریلوے کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اور اُمید ظاہر کی کہ جلد ہی اس شعبے میں بہتری آئے گی۔
آخر میں عمر عبداللہ نے کہا، ’ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک جامع منصوبہ تیار کریں گے اور مرکز کے سامنے اپنی بات مضبوطی سے رکھیں گے۔ مرکزی وزیر خزانہ سے میری بات ہوئی ہے اور اُن کا ردعمل حوصلہ افزا تھا۔‘
انہوں نے تاجر برادری سے کہا کہ وہ حوصلہ نہ ہاریں، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ایک پائیدار، خود انحصار اور ترقی پسند مستقبل کی سمت بڑھنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری اتل دولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری دیراج گپتا، پرنسپل سیکریٹری خزانہ شیلندر کمار، کمشنر سیکریٹری صنعت و تجارت وکرم جیت سنگھ، کمشنر سیکریٹری کھیل سرمد حفیظ، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر راجہ یعقوب اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
یو این آئی، ارشید بٹ
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر پولیس کی خاتون فالوور سمیت تین افراد منشیات اور پستول کے ساتھ گرفتار
جموں، جموں ضلع میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران پولیس نے ایک خاتون فالوور سمیت تین افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ہیروئن اور پستول برآمد کیے ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ شہر کے مضافاتی علاقے میران صاحب میں اندرا نگر کے قریب بالول ناکہ پر گاڑیوں کی تلاشی کے دوران تقریباً 15 گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ معمول کی چیکنگ کے دوران پولیس ٹیم نے ایک اسکوٹی کو روکا، جسے شمیم بیگم چلا رہی تھیں۔ وہ ڈک بنگلو، مرالیان کی رہائشی ہیں۔
تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے تقریباً 15 گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد ہوا۔ شمیم بیگم جموں و کشمیر پولیس میں فالوور کے عہدے پر تعینات ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اس کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ جموں پولیس کسی بھی شخص کے عہدے یا وابستگی سے قطع نظر قانون پر غیر جانب دارانہ عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے پابند عہد ہے۔
دریں اثنا، گاندھی نگر علاقے کے دگیانہ صنعتی علاقے میں گشت کے دوران دو دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کی ایک ٹیم ہائی وے روڈ کے قریب گشت کررہی تھی کہ اس نے دو افراد کو مشتبہ حالت میں گھومتے ہوئے دیکھا۔ پولیس کو دیکھ کر دونوں نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم انہیں پکڑ لیا گیا۔
تلاشی کے دوران سامبا ضلع کی تحصیل بڑی برہمنہ کے پلی گاؤں کے رہائشی ونسھ شرما کے قبضے سے ایک پستول، جیب میں رکھنے والی ڈیجیٹل ترازو مشین اور تقریباً 100 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
اسی طرح سامبا ضلع کی تحصیل بڑی برہمنہ کے پلی ٹانڈہ کے رہائشی یوگیشور سنگھ کے قبضے سے ایک دیسی ساختہ پستول (دیسی کٹا) اور تقریباً 13 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
پولیس نے برآمد شدہ منشیات اور ہتھیاروں کو ضبط کرلیا ہے، جبکہ گاندھی نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مزید تفتیش جاری ہے، تاکہ منشیات اور غیر قانونی ہتھیاروں کے ذرائع کا پتہ لگانے کے ساتھ ساتھ اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی شناخت بھی کی جاسکے۔
جموں پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ معاشرے کو منشیات اور جرائم سے پاک رکھنے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر: ہانگل کے افزائشی موسم کے دوران داچی گام نیشنل پارک سیاحوں کے لیے بند
سرینگر، خطرے سے دوچار کشمیری ہرن ہانگل کو اس کے افزائشی موسم کے دوران انسانی مداخلت سے بچانے کے لیے داچی گام نیشنل پارک میں اکتوبر کے مہینے کے دوران سیاحوں اور دیگر افراد کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ایک حکم نامے کے مطابق، نیشنل پارک میں داخلے کی اجازت 31 اکتوبر تک معطل کردی گئی ہے۔
یہ حکم سرینگر کے وائلڈ لائف وارڈن، سینٹرل ڈویژن کی سفارش پر جاری کیا گیا، جس کی کشمیر ریجن کے ریجنل وائلڈ لائف وارڈن نے توثیق کی۔
ایک ماہ تک نافذ رہنے والی اس پابندی کا اطلاق تمام سیاحوں، زائرین اور دیگر افراد پر ہوگا۔ تاہم، ضروری محکمہ جاتی فرائض انجام دینے والے اہلکاروں، جنگلی حیات کے تحفظ اور انتظامی کارروائیوں میں مصروف افراد، ہنگامی حالات میں کام کرنے والوں اور مجاز اتھارٹی کی خصوصی اجازت سے سرگرمیاں انجام دینے والے افراد کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اس مدت کے دوران داخلے کی اجازت صرف سخت نگرانی میں اور ضرورت کے مطابق کم سے کم تعداد میں دی جائے گی۔
سرینگر کے وائلڈ لائف وارڈن، سینٹرل ڈویژن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ داخلی دروازوں، چیک پوسٹوں اور فیلڈ عملے کو ضروری ہدایات دے کر حکم نامے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں، غیر مجاز داخلے کو روکیں اور پابندی کے بارے میں وسیع پیمانے پر لوگوں کو مطلع کریں۔
حکام نے بتایا کہ داچی گام نیشنل پارک میں اکتوبر کے دوران عائد کی گئی پابندی کا مقصد ہانگل کے افزائشی موسم میں انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنا ہے۔ یہ مدت ہانگل کے افزائش نسل کے دور میں انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ اس اقدام سے اس نایاب نسل کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔
داچی گام نیشنل پارک ہانگل کی بقا کا سب سے اہم مرکز ہے، تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ یہاں کی آبادی کا ترال کے شکار گاہ علاقے، ترال وائلڈ لائف سینکچری اور اننت ناگ کی اوویرا وائلڈ لائف سینکچری میں موجود ہانگل کے چھوٹے گروہوں سے رابطہ بڑی حد تک منقطع ہوچکا ہے۔
نیشنل پارک کی عارضی بندش ہانگل، جسے کشمیری ہرن بھی کہا جاتا ہے، کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کے درمیان عمل میں آئی ہے۔ یہ ہرن خطے کی نمایاں اور معدومیت کے شدید خطرے سے دوچار جنگلی حیات کی نسلوں میں شمار ہوتا ہے۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہانگل کی آبادی میں حوصلہ افزا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس کی تعداد 2015 میں 183 تھی، جو 2025 میں بڑھ کر 323 ہوگئی۔ تاہم، اس نسل کو اب بھی تحفظ کے حوالے سے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ اسے وائلڈ لائف (پروٹیکشن) ایکٹ، 1972 کے شیڈول اوّل میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (آئی یو سی این) نے اسے معدومیت کے انتہائی شدید خطرے سے دوچار نسل قرار دیا ہے۔
گزشتہ چار سے پانچ دہائیوں کے دوران ہانگل کی آبادی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ غیر قانونی شکار، مویشیوں کے ساتھ خوراک اور وسائل کے لیے مسابقت، قدرتی مسکن کی تباہی اور اس کے مختلف حصوں میں تقسیم ہوجانے کو اس کمی کی اہم وجوہات قرار دیا گیا ہے۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
سوپور کے جنگلات سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد
سری نگر، شمالی کشمیر کے سوپور سب ڈویژن میں ہفتہ کے روز پولیس نے جنگلاتی علاقے سے اسلحہ، گولہ بارود، دستی بم اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی) کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کیا۔
پولیس کے مطابق، مخصوص خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سوپور پولیس نے مکہم چرہار کے جنگلاتی علاقے میں محاصرہ اور تلاشی کی کارروائی (کاسو) شروع کی۔ یہ علاقہ پولیس اسٹیشن بومئی کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تلاشی کے دوران ایک بڑے پتھر کے نیچے چھپایا گیا نیلے رنگ کا ڈرم اور ایک بیگ ملا، جس میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد رکھا ہوا تھا۔ اس کے بعد مشتبہ دھماکہ خیز مواد کی جانچ اور اسے محفوظ طریقے سے سنبھالنے کے لیے بم ناکارہ بنانے والے دستے کو طلب کیا گیا۔
برآمد شدہ مواد میں دو اسالٹ رائفلیں، ایک اے کے 47 اور ایک اے کے 76، سات میگزین اور گولہ بارود، چار پستول بمعہ میگزین اور گولہ بارود، پانچ راؤنڈ کے ساتھ ایک ملٹی گرینیڈ لانچر اور 11 دستی بم شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ریموٹ کنٹرول سے لیس تین دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی)، آٹھ ڈیٹونیٹر، دو ٹائمر اور دھماکہ خیز مواد تیار کرنے میں استعمال ہونے والے دیگر اجزا، جن میں پرائما کورڈز، تاریں اور بیٹری سیل شامل ہیں، بھی برآمد کیے گئے۔ ایک وائی ایس ایم ایس سیٹ اور دیگر لوازمات بھی ضبط کیے گئے۔
پولیس نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کی دفعات 13، 18، 20 اور 23، آرمز ایکٹ کی دفعات 7/25 اور ایکسپلوسیو سبسٹینسز ایکٹ کی دفعہ 5 کے تحت پولیس اسٹیشن بومئی میں ایف آئی آر نمبر 66/2026 درج کرلی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ برآمد شدہ مواد کے ماخذ اور اس کے ممکنہ استعمال کا پتہ لگانے، اسے چھپانے کے ذمہ دار افراد کی شناخت کرنے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں سے اس کے ممکنہ روابط کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یواین آئی۔ ط ا
-
کھیل1 week agoپاکستان کو 19 رن سے شکست دے کر ہندوستان نے ایشیائی کھیلوں کی کرکٹ کا طلائی تمغہ جیتا
-
دنیا1 week agoیمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائیاں، 1540 ہلاک و زخمی ہونے کا دعویٰ
-
ہندوستان1 week agoمودی حکومت غیر قانونی ہے، دوبارہ انتخابات کرائے جائیں: کھڑگے
-
دنیا1 week agoایرانی وزیر تیل مستعفی، نیشنل آئل کمپنی کے سربراہ قائم مقام وزیر مقرر
-
جموں و کشمیر1 week agoریاستی حیثیت سے متعلق قرارداد این سی کی حکمرانی کی ناکامی چھپانے کی سیاسی چال: چگ
-
جموں و کشمیر7 days agoکشمیر سے تقریباً 150 بنگلہ دیشی شہری ملک بدر
-
دنیا7 days agoیمن کی سرکاری فوج کا حوثیوں کے خلاف بڑا حملہ، باب المندب کے قریب ذباب پر قبضہ
-
جموں و کشمیر1 week agoمرکزی وزیر وی سومنا نے ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے آبی تحفظ سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا
-
ہندوستان1 week agoسی ای سی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی درخواست پر سپریم کورٹ غور کرے گی
-
ہندوستان7 days agoجی ایس ٹی میں اگلی نسل کی اصلاحات سے کاروبار میں آسانی بڑھے گی، اعتماد مضبوط ہوگا: مودی
-
جموں و کشمیر7 days agoجموں و کشمیر: بارہمولہ میں پولیس نے موبائل، سم اور جراثیم کش دوا کی دکانوں پر جانچ مہم چلائی
-
جموں و کشمیر6 days agoجموں و کشمیر کے بارہمولہ میں افضل گورو کے خاندان سے مبینہ طور پر وابستہ ڈیری شیڈ منہدم
