جموں و کشمیر
جموں و کشمیر میں صوتحال تشویشناک:مونسون کا دباﺅ جاری:منگل کی شام سے جموں ،خطہ پیرپنچال کے آرپار اوروسطی کشمیرمیں موسلا داربارش
ندی نالوںمیں طغیانی، جہلم میں فی گھنٹہ پانی کی سطح میں ڈیڑھ فٹ اضافہ
جنوبی کشمیرمیں سیلاب کا الرٹ جاری ،سری نگرمیں بھی سرکاری مشینری کمربستہ،رات دیرتک جہلم کے خطرے کے نشان کو کو عبورکرنے کااندیشہ
توی ،راوی ،چناب ،اوجھ اور چناب میں پانی کی سطح بڑھ جانے کے بعد جموں ،اودھم پور،کٹھوعہ ،سانبہ اور دیگر علاقوںسے لوگوں کی ہنگامی منتقلی
سری نگر: جے کے این ایس : منگل کی شام سے رات بھر اور پھر بدھ کی دوپہرتک بغیر کسی وقفے سے موسلا دار بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث جنوبی اور وسطی کشمیرمیں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا جبکہ اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں آبی ذخائرکے نزدیک واقع کئی بستیوں میں پانی داخل ہونے کے بعد حکام نے جنوبی کشمیرمیں متوقع سیلاب سے متعلق الرٹ جاری کردیا اورجنوبی کشمیرکو سیلاب زدہ علاقہ قرار دیاگیا۔اس دوران نالہ ویشو،نالہ لدر اور دیگر کئی ندی نالوںمیں طغیانی آنے کے بعد دریائے جہلم میں یکایک پانی کی سطح منگل کی صبح کے مقابلے میں بدھ کو بعدددوپہرتک تقریباً6تا8فٹ تک بڑھ گئی ،سنگم اوررام منشی باغ سری نگرکے مقام پر جہلم نے خطرے کے نشانات کو عبور کرلیا ۔حکام نے بدھ کی شام تک جہلم میں پانی کی سطح مزید بڑھ جانے کااندیشہ ظاہر کرتے ہوئے بچاﺅ کارروائیوں کیلئے کمر کس لیا اور مشینری کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاررکھاگیا۔ادھر شمالی کشمیرمیں گرچہ جہلم ابھی خطرے کے نشان سے نیچے ہے لیکن جھیل وولرمیں پانی کی سطح خطرے کے نشان کو عبور کر گئی ،جسکے نتیجے میں بانڈی پورہ اور سوپورکی کئی بستیوں میں بھی سیلاب کا خطرہ بڑھ گیاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق موسمیاتی ماہرین کے ایک نجی گروپ کشمیر ویدر نے بدھ کی سہ پہر یہ جانکاری فراہم کی کہ سنگم کے مقام پر جہلم کے پانی کی سطح میں مزید چند فٹ اضافے کا امکان ہے۔اور شام سے رات تک اوپر کا رُجحان ممکن ہے۔کشمیر ویدر کے مطابق سری نگرمیںرام منشی باغ کے مقام پرجہلم میں پانی کی سطح پہلے ہی سیلاب کے اعلان کے نشان کو عبور کر چکی ہے۔ پانی کی سطح3 گھنٹے میں خطرے کے نشان کو عبور کرسکتی ہے۔
جبکہ جہلم میںپانی کی سطح دیر رات یاکل صبح تک بڑھ سکتی ہے۔عشم سونہ واری کے مقام پر جہلم میں پانی کی سطح بھی رات گئے تک سیلاب کے اعلان کے نشان تک پہنچنے کا امکان ہے۔محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کشمیرنے اپنی تازہ جانکاری میں بتایاکہ بدھ کی صبح سے پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہونے کے بعد سہ پہر 3بجے دریائے جہلم میں سنگم کے مقام پرپانی کی سطح یا اونچائی 26.94فٹ تھی ،جو خطرے کے نشان21تا25فٹ سے زیادہ ہے ۔پانپورمیں پانی کی سطح 5.99میٹر ریکارڈ کی گئی ،جو خطرے کے نشان سے اوپرہے ۔سری نگرمیں بدھ کی سہ پہر5 بجے رام منشی باغ کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی سطح20.06فٹ تھی ،جو سیلابی اعلان کے نشان 21فٹ سے ابھی نیچے ہے لیکن شام سے رات دیر تک پانی کی سطح خطرے کے نشان کو عبور کرسکتی ہے ۔محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کشمیر کے مطابق اس دوران عشم سونہ واری کے مقام پر جہلم میں پانی کی سطح 10.06فٹ تھی جبکہ یہاں خطرے کانشان 16.5فٹ رکھاگیا ہے ۔تاہم جھیل وولر میں پورااُبال آچکاہے اور یہاں پانی کی سطح بدھ کی سپہرتین بجے1576.54میٹر تھی ،جو خطر ے کے مقررہ نشان1578.00میٹر سے کچھ کم ہے ۔محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کشمیرکے مطابق بدھ کی سہ پہر5 بجے کھڈونی کولگام کے مقام پر نالہ ویشو میں پانی کی سطح10.95میٹر تھی ،جو خطرے کے نشان8.50میٹر سے کہیں زیادہ ہے ۔جنوبی کشمیرکے دیگر بڑے نالوں بشمول رامبیاروچی ،بٹہ کوٹ پہلگام میں لدراور گاندربل میں سندھ نالے میں بھی بارشوں کے بعد پانی کی سطح میں کافی اضافہ ہوگیا ہے ۔اس دوران حکام نے تازہ موسمی صورتحال کے بارے میں بتایاکہ بدھ کو سہ پہر ساڑھے تین بجے اننت ناگ ضلع کے کئی علاقوں میں بارش، دیگر مقامات پر ابر آلودموسم ہے۔کولگام ضلع ہلکی سے اعتدال پسندبارش جاری ہے جبکہ ضلع شوپیان بھی ہلکی بارش ہورہی ہے تاہم پلوامہ ضلع میں ابر آلودموسم تھا۔وسطی اور شمالی کشمیرمیںجزوی دھوپ کے بعدمطلع ابر آلودہوگیااور کسی بھی وقت بارش ہونے کاامکان ہے ۔محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کشمیرنے سنگم کے مقام پر جہلم میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہونے پر سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔کمزور مقامات کی نگرانی کیلئے ہنگامی ٹیموں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے؛ عوام سے گزارش ہے کہ دریاو ¿ں سے گریز کریں۔ حکام نے بدھ کے روز کہا کہ کشمیر میں صورتحال نازک ہوتی جا رہی ہے کیونکہ دریائے جہلم سنگم میں سیلاب کے خطرے کے نشان کو عبور کر گیا ہے، جبکہ رام منشی باغ فی الحال معمول کی سطح پر ہے۔حکام نے بتایا کہ محکمہ ہائی الرٹ پر ہے اور تمام ٹیموں کو متحرک کردیا گیا ہے۔ کمزور جگہوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، اور دیگر احتیاطی تدابیر کے ساتھ ریت کے تھیلے بھی رکھے گئے ہیں۔محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کشمیر کے چیف انجینئر ای آر شوکت حسین نے کہا کہ سنگم میں پانی تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس میں تقریباً 1.5 فٹ فی گھنٹہ اضافہ ہو رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کشمیرہائی الرٹ ہے اور تمام ٹیموں کو متحرک کردیا گیا ہے۔
کمزور مقامات کی نگرانی کی جا رہی ہے اور دیگر احتیاطی تدابیر کے ساتھ سینڈ بیگز بھی موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کولگام کے ویچو نالہ میں ایک معمولی کے علاوہ اب تک کوئی بڑی شگاف نہیں ہوئی ہے جس کا پہلے ہی ازالہ کیا جا چکا ہے۔اس دوران محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کشمیر نے فلڈ ڈیوٹی پر موجود تمام افسران کو فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔عہدیدار نے کہا کہ تمام ٹیمیں چوکس ہیں، اور صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے۔محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کشمیر کے ایک اہلکار نے کہا کہ تمام افسران کو فوری طور پر ڈیوٹیوں پر رپورٹ کرنے کے لیے سیلاب کی ڈیوٹیاں سونپی گئی ہیں۔عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ تمام ٹیمیں الرٹ ہیں اور صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے۔حکام نے بتایاکہ محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کشمیرکا صورتحال پر نظر رکھنے اور بچاو اور امدادی کارروائیوں کو انجام دینے کے لیے ہندوستانی فوج اور سول انتظامیہ سمیت دیگر ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ کر رہا ہے۔حکام نے بتایا کہ اگرچہ دریائے جہلم اور اس کی معاون ندیاں خطرے کے نشان سے کافی نیچے بہہ رہی ہیں، تاہم منگل کو بارش شروع ہونے کے بعد سے سری نگر سمیت جنوبی اور وسطی کشمیر کے کچھ حصوں میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول نے کہا کہ پانی کی سطح بڑھ رہی ہے اور مسلسل بارش کی وجہ سے مزید بڑھ سکتی ہے۔محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کشمیر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ تمام متعلقہ حکام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور ضروری اقدامات کریں۔ عام لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آبی ذخائر کے قریب نہ جائیں اور احتیاط برتیں۔ سیلاب کی ڈیوٹی تفویض کیے گئے تمام افسران کو فوری طور پر اپنی پوسٹوں پر رپورٹ کرنا چاہیے۔دریں اثناءجموں خطے کے کئی اضلاع بشمول جموں شہر میں دوران شب مسلسل موسلا دار بارش ہونے کے بعد بدھ کو سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔حکام نے بتایاکہ دریائے توی ،راوی ،چناب ،اوجھ اور دیگر ندیوں میں پانی کی سطح بڑھ جانے کے بعد جموں ،اودھم پور،کٹھوعہ ،سانبہ اور دیگر علاقوںسے لوگوں کی نقل مکانی شروع کردی جبکہ کئی سیلاب زدہ علاقوں سے سینکڑوں لوگوںکو محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا۔انہوںنے بتایاکہ دریائے توی ،راوی ،چناب ،اوجھ اور دیگر ندیوں میں پانی کی سطح بڑھ جانے کے بعد نزدیکی علاقوںمیں الرٹ جاری کیاگیا ہے اور ہنگامی بنیادوں پر بچاﺅ ٹیموںکو متحرک کیاگیا،جنہوں نے تقریباً2000ہزار لوگوں کو خطرناک علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامامات پر منتقل کردیا ۔حکام نے بتایاکہ مزید بارشوں سے متعلق پیش گوئی کے پیش نظر پوری انتظامیہ کو متحرک رکھاگیا ہے تاکہ کسی بھی صورتحال سے بروقت نمٹ کر لوگوںکے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایاجاسکے ۔
جموں و کشمیر
دہلی میں مودی کے حامی کشمیری نوجوان پر حملے کے خلاف سری نگر میں احتجاج
سری نگر، نئی دہلی کے کناٹ پلیس میں کانگریس کے احتجاج کے دوران سری نگر کے رہائشی فہیم نذیر شاہ پر مبینہ حملے کے خلاف جمعہ کو کشمیری نوجوانوں کے ایک گروپ نے سری نگر میں احتجاج کیا اور اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی نوجوان ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے اور کانگریس کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ انہوں نے شہر کے مرکزی علاقے کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے انہیں روک دیا۔
وزیراعظم نریندر مودی کے حامی فہیم نذیر شاہ پر مبینہ طور پر جمعرات کو اس وقت حملہ کیا گیا، جب وہ ایک پلے کارڈ لے کر کانگریس کے احتجاجی مقام پر پہنچے۔ پلے کارڈ پر ”وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے معافی مانگو” درج تھا۔ وہاں انہوں نے نعرے بھی لگائے۔ اس واقعے کے بعد، بالخصوص بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔
سری نگر میں احتجاج کرنے والوں نے سوال کیا کہ سیاسی خیالات کا اظہار کرنے پر فہیم شاہ کو نشانہ کیوں بنایا گیا؟ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو تشدد کے خوف کے بغیر اپنی رائے ظاہر کرنے کا حق حاصل ہے۔
ایک احتجاجی نے سوال کیاکہ ”کیا ان کا قصور یہ تھا کہ وہ کشمیری یا مسلمان ہیں، یا انہوں نے وزیراعظم کی حمایت میں بینر اٹھایا تھا؟” انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کا احترام کیا جائے اور وہ جہاں بھی جائیں، ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
ایک دوسرے احتجاجی نے کہا کہ فہیم شاہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور انہیں انصاف دلانے کے مطالبے کے لیے یہ مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ اور دہلی انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
مشتبہ افراد اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں: جموں و کشمیر پولیس کی عوام سے اپیل
جموں، جموں و کشمیر پولیس نے پونچھ ضلع کے بفلیاز میں پولیس-عوام شراکت داری گروپ (پی سی پی جی) کے اجلاس کے دوران شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص یا دہشت گردانہ سرگرمی کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
یہ اجلاس ایڈیشنل ایس پی پونچھ ڈاکٹر اجے شرما کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں عوامی نمائندوں، سماجی کارکنوں، سابق فوجیوں، مذہبی نمائندوں اور مقامی باشندوں نے شرکت کی۔ اس کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانا اور منشیات، دہشت گردی کے خلاف کارروائی، خواتین و بچوں کی حفاظت، سائبر جرائم اور عوامی مسائل سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کرنا تھا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی پونچھ ڈاکٹر اجے شرما نے عوام کی فعال شرکت کو سراہا اور کہا کہ امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے شہریوں کی جانب سے بروقت اور قابل اعتماد معلومات فراہم کرنا انتہائی اہم ہے۔
منشیات کی لعنت کے حوالے سے انہوں نے زور دیا کہ اس کاروبار میں ملوث اصل سپلائرز اور منشیات فروخت کرنے والوں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی نشے کی لت سے چھٹکارا دلانے، بحالی اور کونسلنگ کے اقدامات کو بھی فروغ دیا جائے، تاکہ اصلاح کے خواہش مند افراد کو مدد فراہم کی جاسکے۔
دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے موضوع پر ایڈیشنل ایس پی نے خبردار کیا کہ ملک دشمن عناصر نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے لیے منشیات، ہتھیاروں، دہشت گردی، مذہب اور دیگر جذباتی معاملات کا استحصال کرسکتے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص، نقل و حرکت، آمد و رفت یا دہشت گردانہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ دہشت گردوں کو پناہ، حمایت یا کسی بھی قسم کی مدد فراہم نہ کی جائے۔
انہوں نے ماضی میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں، بشمول آپریشن سرپ وناش، میں مقامی باشندوں کے اہم کردار کو بھی تسلیم کیا۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں میں درپیش سلامتی کے چیلنجوں کے پیش نظر نگرانی مزید سخت کرنے، مؤثر معلومات جمع کرنے اور انہیں بروقت متعلقہ حکام تک پہنچانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے عوام سے غیر قانونی کان کنی، درختوں کی غیر مجاز کٹائی، تجاوزات اور جنگلاتی یا پہاڑی زمین کو غیر قانونی طور پر صاف کرنے کے واقعات کی اطلاع دینے کی اپیل کی۔
مویشیوں کی اسمگلنگ پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ اس معاملے میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔
مقامی تنازعات کے حوالے سے انہوں نے باشندوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایف آئی آر اور جوابی ایف آئی آر درج کرانے کے ذریعے معمولی معاملات کو بلاوجہ طول دینے سے گریز کریں اور جہاں ممکن ہو، چھوٹے تنازعات کو پُرامن طریقے سے حل کریں۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر میں سی جی ڈی پالیسی نافذ، تمام 20 اضلاع میں گیس کنکٹیویٹی اور سنگل ونڈو منظوری
سری نگر، جموں و کشمیر حکومت نے جموں و کشمیر سٹی گیس ڈسٹری بیوشن (سی جی ڈی) پالیسی 2026 کو نافذ کردیا ہے، جس کے تحت تمام 20 اضلاع میں مرحلہ وار سی جی ڈی نیٹ ورک کی توسیع، مقررہ مدت میں سنگل ونڈو منظوری اور بڑے صنعتی علاقوں کو ترجیحی بنیاد پر گیس کنکٹیویٹی فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو پالیسی کے نوٹیفکیشن کو جموں و کشمیر میں صاف ایندھن تک رسائی بڑھانے، صنعتی مسابقت کو مضبوط بنانے اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ وزرا کی کونسل کی منظوری کے بعد جاری کی گئی اس پالیسی میں گھریلو صارفین، تجارتی اداروں، صنعتوں اور ٹرانسپورٹ شعبے میں پائپڈ نیچرل گیس (پی این جی) اور کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے واضح، سرمایہ کار دوست اور مقررہ مدت پر مبنی فریم ورک قائم کیا گیا ہے۔
پالیسی کے تحت جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع میں سٹی گیس ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو مرحلہ وار توسیع دی جائے گی، جس سے صارفین تک زیادہ صاف اور قابل اعتماد قدرتی گیس پہنچے گی اور روایتی ایندھن سے منتقلی میں مدد ملے گی۔
پالیسی کا ایک اہم مقصد سنگل ونڈو اور مقررہ مدت میں منظوری کے نظام کے ذریعے منصوبوں کے نفاذ کو آسان اور تیز بنانا، سی این جی اسٹیشن قائم کرنے کے طریقہ کار کو ہموار کرنا اور رائٹ آف وے کے معیارات کو یکساں بنانا ہے۔ اس کے علاوہ بڑے صنعتی علاقوں، جن میں کٹھوعہ، سانبہ اور پلوامہ کے صنعتی علاقے شامل ہیں، کو ترجیحی بنیاد پر گیس کنکٹیویٹی فراہم کی جائے گی، تاکہ صنعتی ترقی کو فروغ ملے اور قابل اعتماد توانائی تک رسائی بہتر ہو۔
پی این جی اور سی این جی کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع سے محفوظ، صاف اور زیادہ سستی توانائی کے متبادل دستیاب ہونے، ایندھن کی لاگت کم کرنے، صنعتی کارکردگی اور مسابقت بہتر بنانے اور ابھرتے ہوئے صاف توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی توقع ہے۔
پالیسی میں مقامی روزگار، اپرنٹس شپ اور ہنرمندی کی ترقی کو بھی فروغ دینے کا انتظام کیا گیا ہے، جس سے گیس ڈسٹری بیوشن کے بنیادی ڈھانچے اور متعلقہ خدمات کی تعمیر، آپریشن اور دیکھ بھال کے شعبوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر برائے خوراک، شہری رسد و امور صارفین ستیش شرما اور متعلقہ محکمہ کو پالیسی کے نوٹیفکیشن پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے جموں و کشمیر میں صاف ستھری ترقی، پائیدار ترقی اور جدید توانائی کے نظام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ”سٹی گیس ڈسٹری بیوشن پالیسی سے صاف اور قابل اعتماد توانائی تک رسائی کو وسعت دینے میں مدد ملے گی، جبکہ صنعت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بھی پیدا ہوگا۔ یہ جموں و کشمیر کے لیے زیادہ صاف، مؤثر اور پائیدار توانائی کے مستقبل کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔”
یواین آئی۔ ط ا
-
جموں و کشمیر1 week agoسری نگر پولیس نے بین ریاستی منشیات نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، آٹھ افراد گرفتار
-
دنیا1 week agoروس پر براہِ راست حملے کی صورت میں ہر قسم کے ہتھیار استعمال کرنےکا معاملہ ایجنڈے پر ہو گا :پوتن
-
جموں و کشمیر1 week agoگاندھی کے عدم تشدد اور سودیشی کے نظریات آج بھی اہم ہیں: جموں کے ڈویژنل کمشنر
-
ہندوستان1 week agoوندے بھارت نے چِناب پل اور کیبل اسٹڈ انجی پل کو 100 کلومیٹر کی رفتار سے عبور کیا
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میراتھن اتحاد اور نوجوانوں کے متبادل خواہشات کا پیغام دیتی ہے: ایل جی سنہا
-
دنیا7 days agoخمیس مشیط کی جانب داغے گئے تین حوثی بیلسٹک میزائل تباہ
-
ہندوستان1 week agoکھرگے- راہل نے گاندھی اور شاستری کو یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا
-
دنیا1 week agoایران امریکہ سے مذاکرات کی کوشش جاری رکھے گا: پیزشکیان
-
دنیا1 week agoامریکہ، ایران جنگ بندی معاہدے کی راہ میں بداعتمادی اور گہرے اختلافات حائل
-
دنیا1 week agoمعاہدہ نہ ہونے پر وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ فوجی کارروائی ممکن: ٹرمپ
-
دنیا1 week agoفلائی دبئی طیارے کے کاک پٹ حملے میں ایران کا تعلق ثابت ہوا تو ’بہت سخت‘ کارروائی ہوگی: ٹرمپ
-
دنیا1 week agoیمن میں تعز کی لڑائی تیز، حوثی ٹھکانوں پر تین گھنٹے میں 20 فضائی حملے
