ہندوستان
منگولیا کے شہریوں کو مفت ای-ویزا، روحانی تعلقات بھی مضبوط ہوں گے: مودی
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کو منگولیا کی ترقی میں ایک مضبوط اور قابل اعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کے موقع پر منگولیا کے شہریوں کے لیے مفت ای-ویزا کا اعلان کیا اور کہا کہ دونوں کے درمیان روحانی تعلقات اور روایات کو مضبوط بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
مسٹر مودی نے ہندوستان کے دورے پر آئے منگولیا کے صدرہوریل سُکھ اُکھنا کے ساتھ یہاں دوطرفہ بات چیت کے بعد مشترکہ بیان میں کہا کہ ہندوستان منگولیا کی ترقی میں ایک مضبوط اور قابل اعتماد شراکت دار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ہوریل سُکھ اُکھنا کا یہ دورہ ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب ہندوستان اور منگولیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال اور اسٹریٹجک شراکت داری کے 10 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے مشترکہ ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا، جو مشترکہ وراثت، تنوع اور گہرے تاریخی تعلقات کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھ سال کے بعد منگولیا کے صدر کا ہندوستان آنا اپنے آپ میں ایک خاص موقع ہے۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان منگولیا کے شہریوں کو مفت ای-ویزا فراہم کرے گا اور ہر سال منگولیا سے نوجوان ’’کلچرل ایمبیسیڈرز‘‘ کی ہندوستان دورے کا انتظام بھی کرے گا۔ انہوں نے کہا،’’ہماری سرحدیں بھلے ہی جڑی ہوئی نہیں ہیں، لیکن ہندوستان نے منگولیا کو ہمیشہ ایک پڑوسی کے طور پر دیکھا ہے۔ اسی سوچ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘
مسٹر مودی نے کہا کہ گزشتہ دس سال میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کا دائرہ بڑھا ہے اور یہ مزید گہرا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سلامتی سے متعلق تعاون بھی مسلسل مضبوط ہو رہا ہے اور ہندوستان منگولیا کے سرحدی حفاظتی اداروں کے لیے نئے صلاحیت سازی پروگرام بھی شروع کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’ہندوستان اور منگولیا کے تعلقات صرف سفارتی نہیں ہیں، یہ ہمارے درمیان دوستانہ اور روحانی تعلقات ہیں۔ ہمارے تعلقات کی اصل گہرائی اور وسعت ہمارے عوام کے درمیان رابطے میں ظاہر ہوتی ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان روحانی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال بھگوان بدھ کے دو عظیم شاگردوں — سارِپُتر اور مودرلیا-ین کے پوتر باقیات ہندوستان سے منگولیا بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان منگولیا کی ’’گندن مونیسٹری‘‘ میں ایک سنسکرت استاد بھی بھیجے گا تاکہ وہاں کے بدھ مت کے متون کا گہرائی سے مطالعہ کیا جا سکے اور قدیم علمی روایت کو آگے بڑھایا جا سکے۔
مسٹر مودی نے منگولیا میں بدھ مت کے لیے نالندہ یونیورسٹی کے اہم کردار کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نالندہ اور ’’گندن مونیسٹری‘‘ کے باہمی اشتراک سے ہم اس تاریخی تعلق میں نئی توانائی لائیں گے۔
منگولیا کے صوبے اور لداخ کی ہِل ڈیولپمنٹ کونسل کے درمیان معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’ہمارے تعلقات صرف مرکزی حکومتوں تک محدود نہیں ہیں — آج لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل اور منگولیا کے ’آر-کھانگائے صوبے‘ کے درمیان معاہدے سے ہمارے ثقافتی تعلقات کو نئی توانائی ملے گی۔‘‘
عالمی مسائل پر دونوں ممالک کے مشترکہ اقدار پر مبنی نقطۂ نظر کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر دونوں قریبی شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک آزاد، شفاف، جامع اور قواعد پر مبنی انڈو پیسفک کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک گلوبل ساؤتھ کی آواز کو مضبوط کرنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے درخت بھی لگائے ۔ مسٹر مودی نے کہا، ’’صدر ہوریل سُکھ نے اپنی آنجہانی والدہ کے نام پر جو درخت لگایا ہے، وہ آنے والی کئی نسلوں تک ہماری گہری دوستی اور ماحولیات کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی علامت رہے گا۔‘‘
یو این آئی- م ک۔ایس وائی
ہندوستان
اتر پردیش میں راجیہ سبھا کی تمام 10 نشستوں پر بلا مقابلہ انتخاب، بی جے پی کے 8 اور سماجوادی پارٹی کے 2 امیدوار کامیاب
لکھنؤ، اتر پردیش میں راجیہ سبھا کی تمام 10 سیٹوں پر بلامقابلہ انتخاب ہو گیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے آٹھ اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے دو امیدواروں کو منتخب قرار دیا گیا ہے۔ ووٹنگ کی ضرورت نہیں تھی کیوں کہ تمام نشستوں پر امیدواروں کی تعداد نشستوں کی تعداد کے برابر تھی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور دستبرداری کا عمل مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے تمام 10 امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب قرار دے دیا۔
بعد ازاں اسمبلی میں منتخب اراکین اسمبلی کو سرٹیفکیٹ پیش کیے گئے۔ بی جے پی کے منتخب امیدواروں میں ودیا ساگر سونکر، پرینکا سنگھ راوت، گوپی کرشنا پانڈے، دھرمپال سنگھ، رادھاکانت اوجھا، پرکاش پال، رام پرتاپ سنگھ چوہان اور شروتی گنگوار شامل ہیں، جب کہ سماج وادی پارٹی کے پروفیسر رام گوپال یادو اور دھن راج پریمل ناتھوپوانی راجپوت سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔ چوں کہ ان راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے کوئی اور امیدوار مقابلہ نہیں کر رہا تھا، اس لیے الیکشن بغیر ووٹ کے ختم ہو گیا۔ الیکشن کے بعد اتر پردیش سے بی جے پی کے آٹھ اور سماج وادی پارٹی کے دو نمائندے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔
یو این آئی۔ این یو۔ م الف
ہندوستان
مودی حکومت کی پالیسیوں نے معاشی لبرلائزیشن کو برباد کر دیا: کھرگے
نئی دہلی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مودی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حکومت نے عام لوگوں کے مفادات کو نظر انداز کر کے صارفین کے لیے متعدد اختیارات کی مسابقت کو ختم کر دیا ہے اور منتخب سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے، جس سے معاشی لبرلائزیشن کی بنیاد برباد ہو گئی ہے۔
مسٹر کھرگے نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر لکھا کہ مودی حکومت کی معاشی پالیسیوں کا مقصد معیشت کا کنٹرول اپنے چہیتے سرمایہ دار دوستوں کے ہاتھوں میں سونپنا ہے، تاکہ بدلے میں منافع میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا حصہ برقرار رہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسابقت کو ختم کر کے اجارہ داری اور دو کمپنیوں کے غلبے والے نظام کو نافذ کر کے بی جے پی کے خزانے کو بھرنے کا کام کیا گیا ہے۔
کانگریس صدر نے کہا کہ ٹیلی کام کے شعبے میں 2014 سے پہلے 13 کمپنیاں تھیں، جبکہ اب صرف تین بڑی نجی کمپنیاں رہ گئی ہیں۔ اسی طرح اندرونِ ملک ہوا بازی کے شعبے میں 2014 سے پہلے سات کمپنیوں کے مقابلے اب صرف دو بڑی کمپنیاں رہ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی، سیمنٹ اور فوڈ ڈیلیوری ایپس سمیت مختلف شعبوں میں حکومت کی ترجیح مسابقت کو ختم کرنا رہی ہے۔ مسٹر کھرگے نے کہا کہ کانگریس معاشی لبرلائزیشن کی بانی ہے، جبکہ بی جے پی پر اپنے منافع کے لیے ‘معاشی دہشت گردی’ نافذ کرنے کا الزام لگایا۔
مسٹر کھرگے نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں سے مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای) اور دیگر چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو نقصان پہنچا ہے نیز ملک کے نوجوانوں کو شدید بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
انڈیا اتحاد کے رہنماؤں سے جمعہ کی رات آٹھ بجے ملاقات کریں گی مرمو
نئی دہلی، انڈیا اتحاد کے رہنما جمعہ کی رات آٹھ بجے صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کر کے ووٹر لسٹ کی خصوصی تفصیلی نظرثانی (ایس آئی آر) کےعمل کے ذریعے دھاندلی کرنے اور الیکشن کمیشن کے طریقہ کار سے متعلق مسائل پر اپنے خدشات پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق انڈیا اتحاد کے رہنماؤں نے 30 ستمبر کو یہاں منعقدہ میٹنگ میں صدرِ جمہوریہ سے ملاقات کر کے ان مسائل پر ان کے سامنے اپنا موقف رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اتحاد کے رہنما ایس آئی آر کے عمل اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے طریقہ کار سے متعلق اپنے خدشات سے صدرِ جمہوریہ کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔
اس سلسلے میں صدرِ جمہوریہ سے ملاقات کے لیے پہلی بار دو اکتوبر کو مکتوب بھیج کر وقت مانگا گیا تھا۔ راشٹرپتی بھون کی طرف سے وفد میں شامل ہونے والے رہنماؤں کے نام مانگے جانے کے بعد اتحاد نے پانچ اکتوبر کو دوبارہ مکتوب بھیجا اور سات، آٹھ یا نو اکتوبر میں سے کسی بھی دن ملاقات کا وقت دینے کی درخواست کی تھی۔
انڈیا اتحاد کے رہنما چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر ووٹر لسٹ میں مبینہ دھاندلیوں کے تعلق سے سوال اٹھاتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس معاملے پر اتحاد کے اراکینِ پارلیمنٹ نے مظاہرے اور مارچ بھی نکالے ہیں۔
کانگریس نے الیکشن کمیشن کے خلاف اپنے احتجاج کو تیز کرنے کے لیے تقریباً ڈیڑھ ماہ تک جاری رہنے والی تحریک کے پروگرام کی بھی توثیق کی ہے۔ کانگریسی رہنما راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا کو پولیس مظاہرے کے دوران مسلسل دو بار حراست میں بھی لے چکی ہے۔
یواین آئی ایف اے
-
جموں و کشمیر1 week agoسری نگر پولیس نے بین ریاستی منشیات نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، آٹھ افراد گرفتار
-
دنیا1 week agoروس پر براہِ راست حملے کی صورت میں ہر قسم کے ہتھیار استعمال کرنےکا معاملہ ایجنڈے پر ہو گا :پوتن
-
ہندوستان1 week agoوندے بھارت نے چِناب پل اور کیبل اسٹڈ انجی پل کو 100 کلومیٹر کی رفتار سے عبور کیا
-
جموں و کشمیر1 week agoگاندھی کے عدم تشدد اور سودیشی کے نظریات آج بھی اہم ہیں: جموں کے ڈویژنل کمشنر
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میراتھن اتحاد اور نوجوانوں کے متبادل خواہشات کا پیغام دیتی ہے: ایل جی سنہا
-
دنیا7 days agoخمیس مشیط کی جانب داغے گئے تین حوثی بیلسٹک میزائل تباہ
-
دنیا1 week agoایران امریکہ سے مذاکرات کی کوشش جاری رکھے گا: پیزشکیان
-
دنیا1 week agoامریکہ، ایران جنگ بندی معاہدے کی راہ میں بداعتمادی اور گہرے اختلافات حائل
-
ہندوستان1 week agoکھرگے- راہل نے گاندھی اور شاستری کو یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا
-
دنیا1 week agoیمن میں تعز کی لڑائی تیز، حوثی ٹھکانوں پر تین گھنٹے میں 20 فضائی حملے
-
دنیا1 week agoمتحدہ عرب امارات کا فلائی دبئی کے طیارے میں کاک پٹ چاقو زنی کی تحقیقات کا حکم
-
دنیا6 days agoیمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائیاں، 1540 ہلاک و زخمی ہونے کا دعویٰ
