تازہ ترین
عوام کو نام بدلنے سے زیادہ بہتر حکمرانی چاہیے: عمر عبداللہ
سری نگر، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو واضح کیا کہ ریاست کی عوام محض اداروں کے نام بدلنے سے زیادہ بہتر طرزِ حکمرانی، شفافیت اور عملی کارکردگی کے خواہش مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی دلچسپی ناموں میں نہیں بلکہ حکومت کے کام میں ہوتی ہے، اس لیے کارکردگی میں بہتری بنیادی ترجیح ہونی چاہیے۔
سری نگر میں تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران وزیرا علیٰ نے کہا کہ نام بدلنا ٹھیک ہے، لیکن عوام کو ناموں سے زیادہ اس بات کی فکر ہے کہ حکومت کیا کام کر رہی ہے۔ لوگ نام نہیں دیکھتے، کام دیکھتے ہیں۔
انہوں نے مرکزی حکومت کے اس فیصلے پر تبصرہ کیا جس کے تحت ملک بھر میں راج بھون کا نام تبدیل کر کے لوک بھون رکھا جا رہا ہے۔
عمر عبداللہ نے نیم مزاحیہ لیکن معنی خیز انداز میں کہا:’اگر نام بدلنے سے عوامی خدمت میں اضافہ ہوتا ہے تو اچھی بات ہے، لیکن لوگوں کو اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ میں خود کو چیف منسٹر کہوں، مکھ منتری یا وزیرِ اعلیٰ۔ اصل بات یہ ہے کہ ہم ان کے لیے کیا کر رہے ہیں۔‘
ریزرویشن سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں ریزرویشن پالیسی کے تازہ جائزے سے متعلق فائل بدھ کی شام لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر کو بھیج دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی منظوری ملے گی، اس سلسلے میں آگے کے اقدامات متوقع ہیں۔ وادی کشمیر میں درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پییک ونٹر سپلائی شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا:’ہم پوری کوشش کریں گے کہ بجلی کے طے شدہ شیڈول پر سختی سے عمل ہو۔ عوام کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔‘
عمر عبداللہ نے محکمہ بجلی کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ لائن لاس، اوورلوڈنگ اور غیر اعلانیہ کٹنگ سے بچنے کے لیے مربوط انتظامات کریں تاکہ عوام کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
نوگام پولیس اسٹیشن دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو ہمدردی کی بنیاد پر سرکاری ملازمت فراہم کیے جانے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے بتایا کہ تمام کیسز مختلف محکموں میں زیرِ غور ہیں۔
انہوں نے کہا:’جو لوگ قواعد کے مطابق اہل ہیں انہیں ان کا حق ضرور دیا جائے گا۔ جہاں بھی قواعد میں نرمی کی ضرورت ہوگی، حکومت اس میں بھی سہولت فراہم کرے گی۔ جیسے ہی تمام رسمی کارروائیاں مکمل ہوں گی، تقرری نامے متاثرہ خاندانوں کے حوالے کیے جائیں گے۔‘
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کا مقصد ایسے خاندانوں کو معقول اور دیرپا سہارا فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے پیاروں کے غم اور مالی مشکلات سے نمٹنے میں مدد حاصل کرسکیں۔
یو این آئی۔ ارشید بٹ
ہندوستان
چین کے معاملے پر مودی ملک اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں: کھرگے
نئی دہلی، کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے چین کی سرحد پر کشیدگی اور چین کے ساتھ بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو براہِ راست نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے معاملے پر گمراہ کرنے کے بجائے انہیں پارلیمنٹ اور ملک کو اعتماد میں لینا چاہیے۔
مسٹر کھرگے نے جمعہ کو کہا کہ اروناچل پردیش میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان مسلسل آمنے سامنے کی صورتِ حال برقرار رہنے کی خبریں ہیں، جو انتہائی تشویش ناک ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ڈوکلام اور گلوان کے بعد ایک اور سنگین تصادم کی صورتِ حال پیدا ہو رہی ہے؟
انہوں نے کہا کہ اگست میں توانگ علاقے کے قریب تاکسنگ میں چینی دراندازی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ بڑا سوال یہ ہے کہ واچا-دمئی میں کور کمانڈر سطح کی بات چیت کے 47 دن بعد بھی تصادم کی صورتِ حال کیوں برقرار ہے؟ اروناچل پردیش کو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں ہندوستان کی گشت کرنے کی رسائی متاثر ہونے کی خبریں ہیں اور حکومت کو اس معاملے میں صورتِ حال واضح کرنی چاہیے۔
کانگریس صدر نے کہا کہ گلوان میں 20 ہندوستانی فوجیوں کی قربانی کے بعد مالی سال 2020-21 سے چین سے ہندوستان کی درآمدات میں 102 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ چین کے ساتھ تجارتی خسارہ بڑھ کر 112.16 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن بھی یہ تسلیم کر چکی ہیں کہ چین ہندوستانی برآمدات میں رکاوٹیں ڈالتا ہے۔ اس کے باوجود حکومت چینی سرمایہ کاری پر پابندیوں میں نرمی کر رہی ہے اور چین سے وابستہ اہل کمپنیوں کو پیداوار سے منسلک ترغیبات (پی ایل آئی) دینے پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اب ‘میک اِن انڈیا’ کا مطلب ‘چین سے درآمدات’ رہ گیا ہے؟
مسٹر مودی اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان کم از کم 23 ملاقاتوں اور بات چیت، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کی شرکت والے خصوصی نمائندوں کے 25 ادوار اور ورکنگ میکانزم (ڈبلیو ایم سی سی) کی 36 میٹنگوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ ان ملاقاتوں اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اور برکس سربراہ اجلاسوں میں شرکت سے ہندوستان کو کیا ٹھوس نتائج حاصل ہوئے ہیں؟ انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ کیا مئی 2020 سے پہلے ہندوستانی فوج کی گشت کرنے کی رسائی مکمل طور پر بحال ہو گئی ہے؟
کانگریس صدر نے کہا کہ ملک کو مسلح افواج پر پورا بھروسہ ہے، لیکن قومی سلامتی کے معاملے میں جواب دہی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسٹر مودی کو اپوزیشن پر حملے کرنے کے بجائے پارلیمنٹ اور ملک کے سامنے صورتِ حال واضح کرنی چاہیے۔
یواین آئی ۔ ایف اے
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر: کشتواڑ میں ہندوستانی فوج نے طلبہ اور فوج میں بھرتی کے خواہش مند نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی
جموں، سابقہ ڈوڈہ ضلع کے نوجوانوں سے رابطہ قائم کرنے اور ان کی رہنمائی و معاونت کی مسلسل کوششوں کے تحت آرمی ریکروٹنگ آفس (اے آر او)، جموں نے جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے گورنمنٹ ڈگری کالج میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور عوامی رابطے کا ایک خصوصی پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کیا۔
اے آر او، جالندھر کے ہیڈکوارٹر ریکروٹنگ زون کا حصہ ہے۔
وزارت دفاع، جموں کے تعلقات عامہ کے افسر اور ترجمان لیفٹیننٹ کرنل سنیل برتوال نے ایک سرکاری بیان میں بتایا کہ ہندوستانی فوج کی اس پہل کو طلبہ کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی، جبکہ کالج انتظامیہ نے بھی اس کی بھرپور ستائش کی۔
انہوں نے کہاکہ ”اس پروگرام کا بنیادی مقصد ہندوستانی فوج میں بھرتی کے طریقۂ کار سے متعلق ابہام دور کرنا اور دفاعی شعبے میں کریئر بنانے کے خواہش مند نوجوانوں کے جوش و جذبے کو ایک منظم اور قابلِ عمل منصوبے کی شکل دینا تھا۔”
انہوں نے بتایا کہ مسلح افواج میں شمولیت کے طریقوں کے بارے میں واضح رہنمائی فراہم کرتے ہوئے اس رابطہ پروگرام کا مقصد مقامی نوجوانوں کو قومی خدمت کے لیے وقف کریئر اختیار کرنے اور ”ایک غیر معمولی زندگی گزارنے” کی ترغیب دینا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کے دوران منعقدہ باہمی تبادلۂ خیال کے اجلاسوں میں فوجی افسران نے بھرتی کی مختلف اسکیموں، اہلیت کے معیار اور امتحانات کے طریقۂ کار کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ اس طرح فوج میں شمولیت کے خواہش مند نوجوانوں کو دستیاب مواقع سے واقف کرانے اور ان کے درمیان موجود فاصلے کو کم کرنے کی کوشش کی گئی۔
تعلقات عامہ کے افسر نے کہاکہ ”ہندوستانی فوج خطے کے تمام دلچسپی رکھنے والے امیدواروں اور نوجوان قائدین کی حوصلہ افزائی کرتی ہے کہ وہ اپنے کریئر کے سفر میں اگلا قدم اٹھانے کے لیے بھرتی کے سرکاری پورٹل www.joinindianarmy.nic.in پر جائیں، جہاں آئندہ بھرتی مہمات، رجسٹریشن اور درخواست دینے کے طریقۂ کار سے متعلق تفصیلی معلومات دستیاب ہیں۔”
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر کے پونچھ میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
جموں، جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں سکیورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے جمعہ کو دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مخصوص خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں واقع کس بلاری میں تلاشی مہم شروع کی اور دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کیا۔
تلاشی کے دوران ٹیم نے ایک بیگ، ٹیپ سے لپٹے ہوئے چھ کنٹینر، جن میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی) ہونے کا شبہ ہے، ایک جنگی سازوسامان کا پاؤچ، ایک لوہے کا ڈبہ جس میں میگزین ہونے کا امکان ہے، ٹیپ سے لپٹا ایک اور کنٹینر، 7.62 ایم ایم لائٹ مشین گن (ایل ایم جی) کا ایک میگزین، ایک ایلومینیم کنٹینر، دو اڈاپٹر اور ایک ٹفن برآمد کیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
یواین آئی۔ ط ا
-
دنیا1 week agoجاپانی صحافی کی روس میں گرفتاری: دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کیوں بڑھ رہی ہے
-
ہندوستان1 week agoمرکزی حکومت نے جنوبی بحر ہند ماہی گیری معاہدے میں شمولیت کو دی منظوری
-
ہندوستان1 week agoانکیتا بھنڈاری کے والدین کو انڈیا گیٹ سے حراست میں لیے جانے پر کانگریس کی شدید مذمت
-
دنیا1 week agoامریکہ کے شکاگو کے قریب بڑے ہندو مندر پر اجتماعی فائرنگ کی سازش ناکام، سفید فام نسل پرست نوجوان گرفتار
-
ہندوستان1 week agoمظاہرین پر تشدد کرنے والوں کو ثبوتوں کی بنیاد پر سزا ملے گی: راہل
-
دنیا1 week agoٹرمپ کا ایران پر جوہری حملہ کرنے سے انکار
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میں 15 اکتوبر سے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی
-
جموں و کشمیر6 days agoجموں و کشمیر: اے ایس آئی کو ایک ماہ کے لیے نشہ چھڑانے کے مرکز بھیجنے کا حکم
-
ہندوستان1 week ago16 سالہ معصوم لڑکی اور 50 سالہ دولہے کی پانچ لاکھ روپے میں منگنی، بروقت ٹیم نے شادی کو روک دیا
-
ہندوستان1 week agoپنجاب، ہریانہ اور دہلی میں بھاری بارش، ژالہ باری اور 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی
-
دنیا6 days agoآج ہم اپنی توانائی کی تاریخ میں ایک نیا صفحہ کھول رہے ہیں : طيب ایردوان
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری، وادی میں بارش سے سردی میں اضافہ
