ہندوستان
ڈیریک او برائن کا بی جے پی اور ایجنسیوں کے ذریعے ممتا بنرجی کو ‘نشانہ بنانے’ کا الزام
نئی دہلی، ترنمول کانگریس کے رہنما ڈیریک او برائن نے منگل کے روز مرکز اور متعدد اداروں پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ سب مل کر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو نشانہ بنا رہے ہیں سوشل میڈیا پر ایک سخت الفاظ میں لکھی گئی پوسٹ میں او برائن نے لکھا، “سب ایک عورت کے خلاف متحد ہو گئے ہیں،” اور انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع، کئی وزرائے اعلیٰ اور مرکزی ایجنسیوں کا نام لیتے ہوئے اسے ایک مربوط کوشش قرار دیا۔
انہوں نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور الیکشن کمیشن آف انڈیا جیسے اداروں کا حوالہ دینے کے ساتھ ساتھ “سی اے پی ایف کے 2400 پلاٹونوں” کی تعیناتی کا ذکر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ “سب” بنرجی کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں۔
یہ ریمارکس حکمراں آل انڈیا ترنمول کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے دوران سامنے آئے ہیں، خاص طور پر انتخابات کے دوران جب قانون نافذ کرنے والے اداروں، مرکزی افواج کی تعیناتی اور آئینی اداروں کا کردار اکثر تنازع کا مرکز بن جاتا ہے۔
بی جے پی ماضی میں اس طرح کے الزامات کو بارہا مسترد کر چکی ہے، اس کا موقف ہے کہ مرکزی ایجنسیاں آزادانہ طور پر کام کرتی ہیں اور سکیورٹی کی تعیناتی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق کی جاتی ہے تاکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔
یواین آئی ۔ایف اے
ہندوستان
ووٹ چوری کے خلاف نوجوانوں کے احتجاج کی راہل نے حمایت کی
نئی دہلی، کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر جمعہ کو ’ووٹ چوری‘ کے خلاف نوجوانوں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو اب عہدہ چھوڑنا ہی ہوگا۔
مسٹر گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ہزاروں نوجوان ’ووٹ چوری‘ کے خلاف پرامن اور بغیر تشدد کے اپنے آئینی حق کا استعمال کرتے ہوئے سڑکوں پر ہیں اور ان کا مطالبہ واضح ہے کہ گیانیش کمار استعفیٰ دیں اور جمہوریت کو بچایا جائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی-شاہ حکومت کے جواب میں لڑکے اور لڑکیوں کو سڑکوں پر گھسیٹا جا رہا ہے اور سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان کا قصور صرف اتنا ہے کہ انہوں نے ووٹ چوری پر سوال اٹھایا۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے۔ سی۔ وینوگوپال نے کہا کہ یہ ملک کی جمہوریت کو بچانے اور عام آدمی کے ووٹ کے تحفظ کی لڑائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ذریعے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ عام لوگوں کے ووٹ چھین رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس، انڈیا اتحاد اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے لیے یہ فیصلہ کن لڑائی ہے اور جمہوریت کو بچانے کے لیے وہ جیل جانے کو بھی تیار ہیں۔
اس دوران کانگریس نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل ایکس پر کہاکہ ’’جمہوریت کے قاتل گیانیش کمار کی خیر نہیں ہے۔ عوام ’ووٹ چوروں‘ کا اطمینان سے حساب لے گی۔‘‘
یواین آئی۔ ظ ا
ہندوستان
مودی حکومت کمر توڑ مہنگائی سے عوام کو کب نجات دلائے گی: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے کہا ہے کہ مہنگائی صرف بازار کے اعداد و شمار میں نہیں بڑھ رہی ہے بلکہ اس کا اثر ہر متوسط طبقے اور غریب خاندان کے باورچی خانے میں محسوس کیا جا رہا ہے اور حالات یہ ہو گئے ہیں کہ تہواروں کے موسم میں باورچی خانے کا بجٹ تین مہینوں میں 25 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔
کانگریس کے ے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہا کہ ایک خبر میں ایک گھریلو خاتون نے بتایا ہے کہ ان کی آمدنی صرف 35,000 روپے ہے اور اتنی محدود آمدنی میں باورچی خانے کا خرچ سنبھالنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وزیرِ اعظم نریندر مودی کو احساس ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں خاندان اپنے گھر کا بجٹ کیسے سنبھال رہے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ارہر کی دال 105 روپے سے بڑھ کر 140-150 روپے فی کلو، مونگ 95 روپے سے 120 روپے، چاول 42-45 روپے سے 53-55 روپے اور سرسوں کا تیل 165 روپے سے 190 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اگست میں غذائی مہنگائی 5.95 فیصد رہی۔ پیاز 48.27 فیصد، ادرک 73.82 فیصد اور لہسن 43.60 فیصد مہنگا ہوا ہے۔ دال، مصالحے، سبزیاں اور تیل سمیت ضروری اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے سے عام خاندان متاثر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ گھریلو بچت میں کمی آ رہی ہے اور خاندانوں پر قرض بڑھ رہا ہے۔ عام خاندان کے سامنے سوال صرف بڑھتے ہوئے اخراجات کا نہیں، بلکہ گھٹتی ہوئی بچت اور محدود آمدنی میں گھر چلانے کا بھی ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت کے لیے یہ محض اعداد و شمار ہو سکتے ہیں، لیکن عوام کے لیے یہ ہر ماہ بگڑتا ہوا گھریلو بجٹ ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس کمر توڑ مہنگائی سے اہل وطن کو کب نجات ملے گی۔
یواین آئی۔الف الف
ہندوستان
وندے بھارت نے چِناب پل اور کیبل اسٹڈ انجی پل کو 100 کلومیٹر کی رفتار سے عبور کیا
نئی دہلی، جموں و کشمیر میں شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا-بنہال ریل سیکشن پر ٹرینیں اب زیادہ سے زیادہ 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پٹریوں پر دوڑ سکیں گی۔
ریلوے نے اس ریل سیکشن پر ٹرینوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 75 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھا کر 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ 111 کلومیٹر طویل اس ریل سیکشن پر بڑھی ہوئی رفتار کا جمعہ کے روز ٹیسٹ کیا گیا۔ وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اس ٹیسٹ کی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے، جس میں وندے بھارت ایکسپریس (26401/26404) 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دنیا کے سب سے اونچے چناب پل اور ہندستان کے پہلے کیبل اسٹڈ انجی پل کو پار کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
ریلوے کے مطابق رفتار میں اس اضافے سے اودھم پور-سرینگر-بارہمولہ ریل لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ کے تحت ریل آپریشن مزید آسان ہوگا اور سفر کا وقت کم ہوگا۔ اس سے مسافروں کو تیز رفتار، محفوظ اور زیادہ آرام دہ ریل سفر کی سہولت ملے گی۔ یہ دن ریل رابطہ کے شعبے میں ایک تاریخی حصولیابی کے طور پر درج ہوا ہے۔
یواین آئی۔الف الف
-
دنیا1 week agoایران کی وارننگ، امریکہ کے دوبارہ حملے کی صورت میں جنگ بحر ہند تک پھیل سکتی ہے
-
ہندوستان1 week agoلداخ میں چھٹے شیڈول کو نافذ کر کے پولیس فائرنگ میں شہید نوجوانوں کو ملے انصاف: کانگریس
-
دنیا1 week agoایرانی صدر مسعود پزشکیان کا امریکہ سے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار، طاقت کے دباؤ کو مسترد کردیا
-
دنیا1 week agoایران جنگ کے ساتویں ماہ میں عالمی تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد اضافہ، برینٹ 106.24 ڈالر فی بیرل
-
ہندوستان1 week agoہندوستان دنیا کے لیے بھی مصنوعات تیار کرسکتا ہے : مودی
-
دنیا1 week agoہم فتح کے قریب : نیتن یاہو نے بڑے پیمانے پر واک آؤٹ کے باوجود نسل کشی کے الزام کو مسترد کردیا
-
جموں و کشمیر1 week agoبی جے پی نے عمر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کی قرارداد کی مخالفت کی، 2000 کی خود مختاری قرارداد کے حوالہ پر سوال اٹھایا
-
دنیا1 week agoامریکہ-چین سربراہ اجلاس کے آغاز پر ٹرمپ کا شی جن پنگ کا شاندار استقبال
-
دنیا1 week agoکینیڈین وزیراعظم کارنی کا امریکہ کی ممکنہ فوجی کارروائی کے خطرے پر غور
-
دنیا1 week agoحوثیوں کے حملے بڑھنے پر سعودی عرب کے اتحادی مدد کے لیے آگے آئے
-
دنیا1 week agoیو ایس ایس ابراہم لنکن اسٹرائیک گروپ میں خودکشی کی آٹھ سے زائد کوششیں
-
کھیل1 week agoسروچی سنگھ اور کمل جیت سنگھ نے ہندوستان کو ایشیائی کھیلوں میں دوسرا طلائی تمغہ دلایا
