تازہ ترین
صبروایثار،وپرہیزگاری روزے کا بنیادی فلسفہ…
ندیم احمد خان:
آپؐ نے ارشاد فرمایا: روزہ رکھ کر بھی جو شخص جھوٹ اور فریب کے کام نہ چھوڑے، تو اللّٰہ کو اس کی ضرورت نہیں کہ انسان اپنا کھانا پینا چھوڑ دے۔
اسلامی عبادت میں “روزے” کو مرکزی مقام اور بنیادی اہميت حاصل ہے، جب کہ اسے ارکان دین میں تیسرا رکن ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ “روزہ” درحقیقت صبر وضبط اور تزکیۂ نفس کا بہترین مظہر ہے۔ یہ ایک ایسی عبادت ہے، جس کا تصور الہامی اور غیر الہامی مذاہب کی تاریخ میں ملتا ہے۔ قرآن کریم میں ارشادِ باری تعالی ہے:” اے ایمان والو، تم پر روزے فرض کیے گئے ہیں، جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تھے، تاکہ تم پرہیزگار بنو۔” (سورۃ البقرہ:183) قرآنِ کریم کی اس ہدایت زبانی سے یہ معلوم ہوا کہ روزے کا حقیقی مقصد ” تقویٰ ” کا حصول ہے، تقویٰ اور پرہیزگاری اسلامی عبادات کی بنیادی روح ہے، قرآن کریم اور احادیث نبویؐ میں کم وبیش ہر عبادت اور نیک عمل کا بنیادی مقصد “تقویٰ” ہی کو قرار دیا گیا ہے۔ خواہشاتِ نفس کی پیروی سے اپنے آپ کو روکنا، نفس کے بےلگام گھوڑے کو لگام دینا اور دین کی اتباع میں مصروفِ عمل رہنا، روزے کی حقیقی روح ہے، جو درحقیقت تقویٰ اور پرہیزگاری کے حصول کے بعد ہی ممکن ہے۔
اس سلسلے میں رسولؐ کا درج ذیل ارشادِ گرامی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اکرمؐ نے ارشاد فرمایا:” روزہ ڈھال ہے، لہٰذا روزہ رکھنے والا نہ بےہودہ بات کرے اور نہ جاہلوں والے کام کرے، اگر کوئی اس سے جھگڑا کرے یا برا بھلا کہے، تو کہہ دے کہ ” میں روزے دار ہوں”۔ رمضان المبارک میں عموماً ایسے مناظر عام دیکھنے میں آتے ہیں کہ لوگ راہ چلتے ایک دوسرے سے الجھ پڑتے ہیں، بےصبری کا مظاہرہ کرتے ہیں اور بسا اوقات نوبت دست و گریباں ہونے تک پہنچ جاتی ہے۔ راستے میں سفر کرتے وقت یا خریداری کے موقع پر جس عجلت اور بےصبری کا مظاہرہ کیا جاتا ہے، یہ بھی درحقیقت ضبطِ نفس کے منافی عمل اور روزے کی حقیقی روح کے برخلاف ہے۔ آپؐ نے ایک موقع پر تاکید کے طور پر دو مرتبہ ارشاد فرمایا:” اس پروردگار کی قسم، جس کے قبضے میں میری جان ہے، روزے دار کے منہ کی بو، اللّٰہ تعالیٰ کے ہاں مشک کی خوشبو سے زیادہ عمدہ اور پاکیزہ ہے۔” (اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے) وہ روزے دار اپنا کھانا، پینا اور شہوت میری وجہ سے چھوڑتا ہے، روزہ تو میرے لیے ہے اور میں اس کا بدلہ دوں گا اور ایک نیکی کا اجر دس گنا ہے۔” (بخاری/ الجامع النصحیح) صحابی رسولؐ حضرت سہل بن عاعدیؓ سے روایت ہے کہ رسولؐ نے ارشاد فرمایا:” جنت کے دروازوں میں ایک خاص دروازہ ہے، جسے “باب الریان” کہا جاتا ہے، اس دروازے سے قیامت کے روز صرف روزے داروں کا داخلہ ہوگا، ان کے سوا اس دروازے سے کوئی اور داخل نہیں ہوسکے گا، اس دن پکارا جائے گا کہ کہاں ہیں وہ بندے جو اللّٰہ کے لیے روزے رکھا کرتے تھے (اور بھوک پیاس کی تکلیف اٹھایا کرتے تھے) ان کے سوا اس دروازے سے کسی اور کا داخلہ نہیں ہوسکے گا۔جب وہ روزے دار اس دروازے سے جنت میں پہنچ جائیں گے تو یہ دروازہ بند کردیا جائے گا، پھر کسی کا اس سے داخلہ نہیں ہوسکے گا” (صحیح بخاری).
ایک اور حدیثِ قدسی ہے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسولؐ نے ارشاد فرمایا:” ابنِ آدم کے ہر عمل کا ثواب بڑھتا رہتا ہے، اسے ایک نیکی کا ثواب دس گنا سے سات سو تک ملتا ہے، اور اس سے زائد اللّٰہ جتنا چاہے، اتنا ملتا ہے، مگر روزے کے متعلق اللّٰہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ” وہ تو میرے لیے ہے، اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا۔روزے دار اپنی خواہشات اور کھانے پینے کو میری وجہ سے چھوڑتا ہے۔” روزے دار کے لیے دو خوشیاں ہیں، ایک خوشی اسے افطار کے وقت ملتی ہے اور ایک خوشی اپنے رب سے ملاقات کے وقت ملے گی، روزے دار کے منہ کی بو اللّٰہ کے ہاں مشک کی خوشبو سے زیادہ پسندیدہ ہے،” ( ابنِ ماجہ السنن باب فضل الصیام) یہ کہنا بالکل درست ہے کہ تقویٰ اور پرہیزگاری روزے کی حقیقی روح ہیں۔
اگر ان عظیم مقاصد کا حصول نہیں ہوتا تو یہ سمجھا جائے، گویا روزہ رکھا ہی نہیں گیا، یا یہ کہا جائے کہ جسم کا روزہ ہوگیا، تاہم روح کا روزہ نہیں ہوا، اس حقیقت کی وضاحت کے لیے رسولؐ کے ارشاد مبارک کو پیش نظر رکھا جائے کہ آپؐ نے ارشاد فرمایا:” روزہ رکھ کر بھی جو شخص جھوٹ اور فریب کے کام نہ چھوڑے، تو اللّٰہ کو اس کی ضرورت نہیں کہ انسان اپنا کھانا پینا چھوڑ دے۔” (ترمذی/ باب الصوم) اسی اخلاص، پرہیزگاری اور بےریائی کا نتیجہ ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ فرماتا ہے:” الصوم لی وانا اجزی بہ۔” روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کی جزا دوں گا۔” اجر، جزا اور نیکیوں پر بدلہ تو اللّٰہ تعالیٰ ہی دیتا ہے، تاہم میں اس کی عظمت و اہمیت کے اظہار کے لیے اس کے اجر اور جزا کو اللہ تعالیٰ نے اپنی جانب منسوب فرمایا ہے۔ تقویٰ اور پرہیزگاری کی بدولت ہی بندہ ان اعمال سے باز رہتا ہے، جو خواہشات کو بڑھانے والی اور انسانی جزبات کو بےلگام کرنے والی ہیں۔ روزے میں جن اعمال اور امور سے بچنے اور باز رہنے کا حکم دیا گیا، ان پر عمل کرکے درحقیقت نفس اور جسم دونوں کی تربیت کی جاتی ہے، نیکیوں پر عمل اور گناہ اور بد اعمالیوں سے باز رہنے کا حقیقی جزبہ بیدار ہوتا ہے۔ یہی درحقیقت تقویٰ کی حقیقت اور روزے کی حقیقی روح ہے۔ باالفاظ دیگر روزہ تزکیۂ نفس، تطہیر قلب اور تربیت کا بہترین اور مثالی ذریعہ ہے۔ یہ روح اور جسم دونوں کے تزکیے اور تطہیر میں موثر کردار ادا کرتا ہے۔
اسلام میں “زکوٰۃ” کی حقیقت یہ بیان کی گئی ہے کہ یہ درحقیقت جمع شدہ مال کی تطہیر اور پاکیزگی کا ذریعہ ہے، جب کہ سرکارِ دوعالم ﷺ کے ارشاد گرامی کے بمو جب ” ہر شے کی زکوٰۃ ہوتی ہے اور روزہ جسم کی زکوٰۃ ہے۔” اس طرح ہر سال رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جو رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا موسم بہار ہے، اہل ایمان اس ماہ مقدس کے روزے رکھ کر صبر و ایثار، ضبط نفس، ایثار و ہمدردی، تزکیۂ باطن اور تطہیر قلوب کی باقاعدہ تربیت حاصل کرتے ہیں۔ یہ عبادت و ریاضت درحقیقت تقویٰ اور تزکیۂ نفس سے عبادت ہے۔ عرب دنیا کے نامور مؤلف اور معروف مزہبی اسکالر علامہ ڈاکٹر یوسف القرضاوی اپنی کتاب ” العبادۃ فی الاسلام” میں روزے کی حقیقت اور اس کے فلسفے کے متعلق لکھتے ہیں: روزے میں عزم و ارادے کی تقویت اور صبر و برداشت کی تربیت ہوتی ہے، چنانچہ روزے کی حالت میں بندہ بھوکا رہتا ہے، جب کہ اس کے سامنے لذیز غذا موجود ہوتی ہے، وہ پیاسا رہتا ہے، حالانکہ اس کے سامنے ٹھنڈا پانی موجود ہوتا ہے، اس کو رب کے سوا کوئی دیکھنے والا نہیں ہوتا اور اس کے ضمیر کے علاوہ اس پر دیگر کسی چیز کا غلبہ بھی نہیں ہوتا، اس کے بیدار مضبوط ارادے کے سوا کوئی دیگر سہارا بھی نہیں ہوتا، وہ روزانہ پندرہ پندرہ گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ روزے سے رہتا ہے اور ہر سال 29 یا 30 دن مسلسل روزے رکھتا ہے، تو روزوں کے علاوہ کون سا دوسرا ارادہ ہے جو انسان کے تربیت کا کام کرتا اور اسے صبر و برداشت کی تعلیم دیتا ہے، وہ صرف روزہ ہے، جسے اسلام نے مسلمانوں کے لیے ماہ رمضان میں فرض اور لازم قرار دیا ہے۔
دنیا
روبیو نے میکسیکو پر ہجرت، فینٹانائل اور منشیات فروش گروہوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے پر زور دیا
واشنگٹن، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے میکسیکو پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہجرت، فینٹانائل کی اسمگلنگ اور منشیات فروش گروہوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق روبیو نے واشنگٹن میں میکسیکو کے وزیر خارجہ روبرٹو ویلاسکو کے ساتھ مذاکرات کے دوران یہ مطالبہ کیا۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے کہا کہ روبیو نے غیر قانونی ہجرت کے خاتمے، فینٹانائل اور دیگر غیر قانونی منشیات کی امریکہ میں اسمگلنگ روکنے، غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں اور منشیات فروش گروہوں کو ختم کرنے اور ان کی ہتھیاروں تک رسائی روکنے کے لیے اقدامات پر زور دیا۔
یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ٹرمپ انتظامیہ میکسیکو کے ساتھ تعلقات میں سرحدی سکیورٹی اور غیر قانونی منشیات کے خلاف جنگ کو اہم ترجیحات قرار دے رہی ہے۔
واشنگٹن میکسیکو پر ان جرائم پیشہ تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے جو منشیات، خصوصاً فینٹانائل، کی تیاری اور اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ فینٹانائل امریکہ اور میکسیکو کے درمیان سکیورٹی تعاون میں ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے۔
میکسیکو سرحدی سکیورٹی، منظم جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں امریکہ کا ایک اہم شراکت دار ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔
ہندوستان
گجرات میں زہریلی شراب سے 13 اموات کے معاملے میں بھرت پور سے دو ملزمان گرفتار
بھرت پور، گجرات کے بھاو نگر میں زہریلی شراب سے 13 افراد کی موت کے معاملے میں گجرات پولیس نے راجستھان کے بھرت پور میں نقلی اور زہریلی شراب بنانے کے کاروبار سے مبینہ طور پر وابستہ دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گجرات پولیس نے مَتھرا گیٹ تھانہ علاقے کی ہاؤسنگ بورڈ کالونی میں چھاپہ مار کر شیر سنگھ کو گرفتار کیا، جبکہ وجے نگر سے کومل نامی شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یو این آئی۔ م س
دنیا
ایران جنگ کے دوران ٹرمپ کے سرمایہ کاری اکاؤنٹس میں تیل اور گیس کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت جاری رہی
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سرمایہ کاری اکاؤنٹس نے ایران کے ساتھ جنگ کے دوران بھی تیل اور قدرتی گیس کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت جاری رکھی۔ 2026 کی دوسری سہ ماہی تک کے مالیاتی گوشواروں کے مطابق، ان لین دین میں توانائی کے شعبے کے حصص کی لاکھوں ڈالر مالیت کی خرید و فروخت شامل تھی۔
سی بی ایس نیوز کی جانب سے جائزہ لیے گئے مالیاتی گوشواروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع کے دوران، جنگ میں عارضی جنگ بندی اور پھر دوبارہ جنگ شروع ہونے کے مرحلے میں ٹرمپ کے اکاؤنٹس نے ایکسون موبل، شیورون اور کونکو فلپس سمیت مختلف کمپنیوں کے حصص خریدے اور فروخت کیے۔
ٹرمپ کا مجموعی سرمایہ کاری پورٹ فولیو وسیع ہے۔ سی بی ایس نیوز کے مطابق سال کے پہلے تین ماہ کے دوران ان کے سرمایہ کاری اکاؤنٹس نے تقریباً 3,600 اسٹاک اور سیکیورٹیز لین دین کیے، جن کی مجموعی مالیت 21 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے 69 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے درمیان تھی۔
جوائنٹ اکنامک کمیٹی کے ڈیموکریٹ ارکان نے الگ سے اندازہ لگایا ہے کہ 2026 کے آغاز میں ٹرمپ کے تیل اور گیس کے اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ 30 لاکھ سے 4 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے درمیان تھی، جو اگست کے وسط تک بڑھ کر ایک کروڑ 70 لاکھ سے 6 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے درمیان ہوگئی۔
یہ اندازے لازمی طور پر غیر حتمی ہیں کیونکہ وفاقی مالیاتی گوشواروں کے قواعد کے تحت حکام کو لین دین کی درست رقم کے بجائے مالیت کی ایک حد ظاہر کرنا ہوتی ہے۔ ان اعداد و شمار میں 2025 کے بعد ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے تمام لین دین بھی شامل نہیں ہیں۔
گوشواروں میں نمایاں کیے گئے ایک لین دین کے مطابق 7 اپریل کو، جس روز ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ میں جنگ بندی کا اعلان کیا، ان کے اکاؤنٹس نے 5 لاکھ سے 10 لاکھ ڈالر مالیت کے ایکسون موبل کے حصص فروخت کیے۔
ایکسون موبل کا حصص اس روز 163.91 ڈالر پر بند ہوا تھا، جبکہ ٹرمپ نے اسی شام جنگ بندی کا اعلان کیا۔ اگلے روز کمپنی کے حصص 6.5 فیصد کمی کے ساتھ 153.52 ڈالر پر کھلے۔
ٹرمپ کے اکاؤنٹس نے سال کی پہلی ششماہی کے دوران شیورون، کونکو فلپس اور دیگر تیل و گیس کمپنیوں کے حصص میں بھی لاکھوں ڈالر کی خرید و فروخت کی۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا ان لین دین کے وقت یا فیصلوں میں کوئی کردار نہیں۔ ترجمان ڈیوس انگل نے کہا کہ صدر کا پورٹ فولیو “تیسرے فریق کے مالیاتی اداروں کی جانب سے آزادانہ طور پر منظم کیا جاتا ہے” اور ان کے اثاثے ایسے اختیاری اکاؤنٹس میں رکھے گئے ہیں جن میں کمپیوٹر پر مبنی ماڈل پورٹ فولیو استعمال ہوتے ہیں اور جو خودکار طور پر معروف انڈیکسز کی نقل کرتے ہیں۔
انگل کے مطابق نہ تو ٹرمپ اور نہ ہی ان کے خاندان کے ارکان سرمایہ کاری کے فیصلوں کو “براہ راست ہدایت، متاثر یا ان میں رائے شامل” کرسکتے ہیں۔
اس کے باوجود ان لین دین پر اس لیے بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں کہ جنگ کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے توانائی کمپنیوں کے حصص کو فائدہ پہنچا تھا۔ ٹرمپ نے اپنے اثاثے بلائنڈ ٹرسٹ میں رکھنے سے انکار کیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ وہ انفرادی کمپنیوں کے حصص بدستور رکھتے ہیں، بجائے اس کے کہ اپنی سرمایہ کاری کو صرف انڈیکس فنڈز، میوچل فنڈز یا دیگر وسیع پیمانے پر متنوع سرمایہ کاری تک محدود کریں۔
کچھ سرمایہ کاری ماہرین نے کہا ہے کہ کم از کم بعض لین دین کا تعلق مخصوص کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں پر شرط لگانے کے بجائے ٹیکس مینجمنٹ سے ہوسکتا ہے۔
ہیج آئی ایسٹ مینجمنٹ کے پورٹ فولیو مینیجر ڈیوڈ سیلم نے اس سے قبل ان لین دین کو “روایتی ٹیکس لاس ہارویسٹنگ سرگرمی” قرار دیا تھا، جس میں ایک جگہ ہونے والے منافع کو دوسری جگہ کے نقصان سے متوازن کرنے کے لیے بعض سیکیورٹیز نقصان پر فروخت کی جاتی ہیں۔ ان کے مطابق جدید ڈائریکٹ انڈیکسنگ سسٹمز کے ذریعے ایسی حکمت عملی خودکار طور پر بھی اختیار کی جاسکتی ہے۔
آفس آف گورنمنٹ ایتھکس کے قواعد کے تحت حکام کو مقررہ مدت کے اندر 1,000 ڈالر سے زیادہ مالیت کے اسٹاک کی خرید و فروخت ظاہر کرنا ہوتی ہے، تاہم ان گوشواروں میں اصل لین دین کے مقابلے میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ ٹرمپ نے 2026 میں کیے گئے بعض لین دین کی اطلاع بھی مقررہ وقت کے بعد دی۔
اس معاملے پر سرکاری اخلاقیات کے حامیوں نے بھی تنقید کی ہے۔ سِٹیزنز فار ریسپانسبلٹی اینڈ ایتھکس اِن واشنگٹن کے صدر ڈونلڈ شرمن نے کہا کہ ٹرمپ کو ایران جنگ کے نتائج سے مالی فائدہ نہیں اٹھانا چاہیے۔
شرمن نے کہا، “ٹرمپ کے بروکرز ان کی جانب سے تیل اور گیس کے حصص کی خرید و فروخت کررہے ہیں،” اور ان کا مؤقف تھا کہ صدر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مالی مفادات اور امریکی عوام کے مفادات کے درمیان ممکنہ تضاد سے گریز کریں۔
امریکہ میں صدر، کانگریس کے ارکان اور دیگر تمام وفاقی حکام کو قانونی طور پر انفرادی کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری اور ان کی خرید و فروخت کی اجازت ہے، اگرچہ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قانون ساز اس عمل پر پابندی عائد کرنے کی تجاویز بارہا پیش کرچکے ہیں۔
امریکی تاریخ کے دولت مند ترین صدور میں شمار ہونے والے ٹرمپ نے اپنے حالیہ پیش روؤں کے مقابلے میں بالکل مختلف طریقہ اختیار کیا ہے۔ مثال کے طور پر جارج ڈبلیو بش نے اپنے اثاثے بلائنڈ ٹرسٹ میں رکھے تھے، جبکہ بارک اوباما نے زیادہ تر انڈیکس اور میوچل فنڈز اور امریکی ٹریژری سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری رکھی۔ دوسری جانب جو بائیڈن کے پاس انفرادی کمپنیوں کے حصص نہیں تھے۔
یو این آئی۔ ع ا
-
ہندوستان1 week agoشاہ کے کہنے پر ہوئی ستییندر کی گرفتاری : کیجریوال
-
ہندوستان1 week agoچار ریاستوں میں ریل پٹریوں کی تعداد بڑھانے والے منصوبوں کو منظوری
-
جموں و کشمیر1 week agoکٹھوعہ کے تمام 216 سرحدی گاؤں اب سڑک سے منسلک، مکمل برق کاری : منوج سنہا
-
دنیا6 days agoایران کے صدر کا امریکہ کے ساتھ جنگ ختم کرنے پر زور، مذاکرات تعطل کا شکار
-
ہندوستان7 days agoوندے ماترم پر کانگریس کا فیصلہ غیر آئینی اور مستقبل میں سنگین بحران پیدا کرنے والا: راج ناتھ
-
دنیا6 days agoتیونس کے ساحل کے قریب کشتی ڈوب گئی، 13 افراد لاپتہ
-
دنیا6 days agoکانگریس پر ڈیموکریٹس کا قبضہ ہوا تو میرے خلاف مواخذے کی کوشش ہوگی: ٹرمپ
-
دنیا7 days agoامریکی قرضہ 40 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے پر وانس کا کہنا ہے کہ بیسنٹ کے پاس ’’انتہائی خفیہ منصوبہ‘‘ ہے
-
دنیا1 week agoنیتن یاہو کا شام پر اسرائیلی حملے کا دفاع، ترکی کو فوجی تیاریوں پر خبردار کردیا
-
دنیا1 week agoکانگریس ایف-35 طیاروں کی فروخت کی منظوری دے:ترک-امریکی تنظیمیں
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر کے مسائل مرکزی حکومت حل کرے گی، امریکہ نہیں: عمرعبداللہ
-
ہندوستان7 days agoطلبہ پر پیلٹ گن کے استعمال کے میرے پاس ہیں ثبوت: راہل
