تازہ ترین
کابل اسپتال پر حملہ طالبان نے نہیں، داعش نے کیا تھا: امریکہ
امریکہ نے افغانستان کے درالحکومت کابل میں زچہ و بچہ اسپتال اور ننگرہار صوبے میں ایک جنازے پر رواں ہفتے ہونے والے حملوں کا ذمہ دار شدت پسند گروپ ‘داعش خراسان’ کو ٹھیراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے طالبان نے نہیں، داعش نے کیے تھے۔
امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے یہ بات اپنی متعدد ٹوئٹس میں ایک ایسے وقت کہی ہے کہ جب افغان صدر اشرف غنی نے کابل میں اسپتال اور ننگر ہار صوبے میں ایک جنازے پر ہونے والے خود کش حملوں کے بعد فوج کو طالبان کے خلاف جارحانہ کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا تھا۔
زلمے خلیل زاد نے افغان عوام پر زور دیا ہے کہ وہ شدت پسند گروپ کی چال میں نا آئیں اور امن کے حصول کی لیے متحد ہو جائیں۔
جمعرات کے روز خلیل زاد نے ٹوئٹس میں کہا کہ داعش افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کے خلاف ہے اوروہ عراق اور شام کی طرح افغانستان میں بھی فرقہ وارانہ جنگ کو ہوا دینا چاہتی ہے۔
خلیل زاد نے افغان حکومت اور طالبان پر زور دیا کہ انہیں داعش خراسان کے پھیلائے گئے جال میں پھنس کر افغان امن عمل میں تاخیر اور امن کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی بجائے اس عفریت کو کچلنے اور امن کے تاریخی موقع کے حصول کے لیے متحدہ ہونا چاہیے۔
یادر ہے کہ شدت پسند گروپ داعش سے منسلک ایک گروپ نے ننگر ہار صوبے میں ایک پولیس عہدیدار کے جنازے پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ تاہم کابل میں زچہ و بچہ اسپتال پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔
دوسری طرف طالبان نے بھی ان دونوں حملوں میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔ لیکن افغان حکومت نے طالبان پر ایسے گروپوں کے ساتھ مل کر حملے کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ جو ان دہشتگرد حملوں میں ملوث تھے۔ جس کے بعد افغان صدر اشرف غنی نے افغان سیکیورٹی فورسز کو طالبان کے خلاف جارحانہ حملے تیز کرنے کا حکم دیا تھا۔
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ امریکہ کے خصوصی نمائندے خلیل زاد کی طرف سے شدت پسند گروپ داعش کو حالیہ حملوں کا ذمہ دار قرار دینے کا مقصد افغان حکومت اور طالبان کے درمیان پیدا ہونے والے کشیدگی اور تناؤ کو کم کرنا ہے۔ جو افغان امن عمل کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
تاہم افغان حکومت کی طرف سے تاحال کوئی ایسا بیان سامنے نہیں آیا ہے کہ وہ طالبان کے خلاف حملے تیز کرنے کی فیصلے پر نظر ثانی کرے گی یا نہیں۔
یادر ہے کہ رواں سال امریکہ اور طالبان کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت افغانستان سے امریکی فورسز کے انخلا کا نظام الاوقات مقر ر کرنے کے ساتھ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان 10 مارچ سے پہلے قیدیوں کے تبادلے کے بعد افغان امن مذاکرات کا آغاز ہونا تھا۔ لیکن ابھی قیدیوں کے تبادلے کا عمل مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ جس کی وجہ سے افغان مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہیں۔
امریکہ اور بین الاقوامی برادری کی کوششوں کے باوجود تب تک طالبان بین الافغان مذاکرات میں شرکت پر تیار نہیں ہیں۔ جب تک طالبان کے تمام پانچ ہزار قیدی رہا نہیں ہو جاتے ہیں۔ جبکہ طالبان کی طرف سے بھی افغان حکومت کے ایک ہزار قیدیوں کی رہائی ہونا باقی ہے اور افغان حکومت کی طرف سے بھی طالبان سے پر تشدد کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
دوسری طرف پاکستان نے توقع کا اظہار کیا ہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر پور ی طرح عمل درآمد سے بین الافغان امن مذاکرات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے جمعرات کے روز معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان یہ سمجھتا ہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان معاہدے نے افغان عوام کو افغانستان میں امن و مصالحت کے حتمی مقصد کے لیے مل کر کام کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
ترجمان کے بقول پاکستان نے ہمیشہ ایک جمہوری ، مستحکم اور خوشحال افغانستان کی حمایت کی ہے اور پاکستان توقع کرتا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن قائم ہو گا۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی سے جب سوال کیا گیا کہ کیا پاکستان بین الافغان مذاکرات کی میزبانی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے؟۔ تو ان کا کہنا تھا کہ ابھی بین الافغان مذاکرات شروع کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔ جو امریکہ طالبان معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد پہلا منطقی اقدام ہے۔
ان کے بقول پاکستان یہ توقع کرتا ہے کہ یہ کوششیں جلد کامیاب ہوں گی اور اس وقت اسلام آباد کی طرف سے بین الااٖفغان مزاکرات کی میزبانی کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے
دنیا
اسرائیلی انتخابات سے قبل نیتن یاہو کی لیکوڈ اور آئزنکوٹ کی یاشار پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ
یروشلم، اسرائیل میں منگل کو ہونے والے انتخابات سے قبل وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کی حمایت کرنے والے اور ان کی مخالفت کرنے والے جماعتی اتحادوں کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ تاہم، زمان اسرائیل کے ایک تازہ ترین سروے کے مطابق، کسی بھی اتحاد کو 120 رکنی کنیسٹ (اسرائیلی پارلیمان) میں اکثریت حاصل ہوتی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔
14 اور 15 اکتوبر کو 500 یہودی اور عرب افراد کے درمیان کیے گئے اس سروے میں یہودی قیادت والے دونوں بڑے سیاسی اتحادوں کو 51، 51 نشستیں ملنے کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے، جو حکومت تشکیل دینے کے لیے درکار 61 نشستوں سے کافی کم ہے۔
عرب قیادت والی جماعتوں کو مجموعی طور پر 14 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ کسی اتحاد کا حصہ نہ بننے والی ریزروسٹس پارٹی کو چار نشستیں ملنے کی توقع ہے۔
دونوں میں سے کسی بھی اتحاد کے لیے بعض حریف جماعتوں کے ساتھ حکومت نہ بنانے سے متعلق انتخابی وعدوں سے پیچھے ہٹے بغیر اکثریت حاصل کرنا مشکل ہوگا۔
اگر کوئی اتحاد حکومت تشکیل دینے میں ناکام رہتا ہے تو 2027 کے اوائل میں دوبارہ انتخابات کرائے جا سکتے ہیں اور اس دوران نیتن یاہو نگراں وزیر اعظم برقرار رہیں گے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے ایک الگ سروے کے مطابق، تقریباً 60 فیصد جواب دہندگان چاہتے ہیں کہ اگر نیتن یاہو حکومت بنانے میں ناکام رہتے ہیں تو وہ سیاست سے سبکدوش ہوجائیں۔
ٹائمز آف اسرائیل کے جماعت وار اندازوں کے مطابق، اپوزیشن رہنما گادی آئزنکوٹ کی یاشار پارٹی 23 نشستوں کے ساتھ پہلے مقام پر ہے، اگرچہ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں اس کی متوقع نشستوں میں تین کی کمی آئی ہے۔
دوسری جانب نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی 21 نشستوں کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے نیتن یاہو کی حمایت کے چند روز بعد لیکوڈ کی متوقع نشستوں میں ایک کا اضافہ ہوا ہے۔
اسرائیل کے سابق وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کی جماعت بی یاخاد کو 11 نشستیں ملنے کا امکان ہے، جبکہ سخت گیر موقف رکھنے والی یسرائیل بیتینو کو نو نشستیں مل سکتی ہیں۔ عرب قیادت والے جوائنٹ لسٹ اتحاد کو بھی نو نشستیں ملنے کی توقع ہے۔
انتہائی قدامت پسند مذہبی جماعتوں شاس اور یونائیٹڈ توراہ جوڈازم، بائیں بازو کی ڈیموکریٹس اور انتہائی دائیں بازو کی اوتسما یہودیت، ہر ایک کو آٹھ نشستیں ملنے کا اندازہ ہے۔ مذہبی صہیونیت پارٹی کو چھ، تاریخی طور پر اسلام پسند جماعت راعم کو پانچ اور ریزروسٹس پارٹی کو چار نشستیں ملنے کی توقع ہے۔
اوفیر ونٹر کی قیادت والی دائیں بازو کی پیپلز آف اسرائیل پارٹی کے بارے میں اندازہ ہے کہ وہ انتخابی حد عبور نہیں کر پائے گی۔ اس جماعت نے وعدہ کیا ہے کہ وہ
جاری ۔ یو این آئی۔ ع ا۔
دنیا
سرائیلی فوج کے سربراہ نے کنیسٹ انتخابات سے قبل ایران پر حملے کی ضرورت مسترد کردی
یروشلم، اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال زامیر نے فی الحال ایران پر حملے کے لیے کسی عملی ضرورت سے انکار کیا ہے۔ چینل 13 نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ ان کا یہ بیان اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے کنیسٹ انتخابات سے قبل ایران کے ساتھ جنگ دوبارہ شروع ہونے کے خدشات کے درمیان سامنے آیا ہے۔
چینل 13 کے مطابق، زامیر نے حالیہ ایک نجی اجلاس میں کہا، ”ہمیں ایسے کوئی اشارے نہیں ملے ہیں جن سے ظاہر ہو کہ انتخابات سے پہلے ایران پر حملہ ضروری ہے۔ اگر ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ ایران پر حملہ ضروری ہے تو ہم ایسا کریں گے۔”
وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے اہم حریف اور یاشار پارٹی کے سربراہ گادی آئزنکوٹ نے بھی جمعرات کو اسی طرح کا موقف ظاہر کیا۔ انہوں نے چینل 13 سے کہا، ”ایران کی جانب سے کوئی ایسا براہ راست اور فوری خطرہ نہیں ہے جو انتخابات سے پہلے جنگ شروع کرنے کو ضروری بنائے۔”
نیتن یاہو کو ناقدین کی جانب سے ان الزامات کا سامنا ہے کہ وہ اسرائیلی انتخابات پر اثرانداز ہونے یا انہیں ملتوی کرانے کے لیے ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم، انہوں نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔
جموں و کشمیر
عمر عبداللہ کی لوگوں سے باغِ گلِ داؤد کی خوب صورتی سے لطف اندوز ہونے کی اپیل
سری نگر، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو کہا کہ سری نگر کا پہلا مخصوص گلِ داؤدی باغ، ‘باغِ گلِ داؤد’، سیاحوں کو پھولوں کی ایک منفرد دل کشی فراہم کرکے کشمیر میں سیاحتی موسم کو وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
باغ کا دوسری مرتبہ افتتاح کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کشمیر کے سیاحتی موسم کے آغاز اور اختتام، دونوں ادوار میں سیاحوں کے لیے خصوصی کشش کے مقامات تیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”اس باغ کو تیار کرنے کے پیچھے ہمارا مقصد سیاحتی موسم کو فروغ دینا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ محکمۂ گل کاری نے باغِ گلِ داؤد کو اس لیے تیار کیا ہے تاکہ ایسے عرصے میں سیاحوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کیا جا سکے، جب سیاحت کے لیے خاص کشش رکھنے والے مقامات نسبتاً کم ہوتے ہیں۔
زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع اور ڈل جھیل کے چمکتے پانیوں کا نظارہ پیش کرنے والا یہ خوب صورت، زینہ دار باغ سری نگر کے مشہور ٹیولپ گارڈن کے قریب واقع ہے۔
عمر عبداللہ نے لوگوں کو باغ کی سیر کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ ”میں نہ صرف ملک بھر کے ان لوگوں کو کشمیر آنے کی دعوت دیتا ہوں جو یہاں کی سیر کے خواہش مند ہیں، بلکہ اس سے بھی بڑھ کر سری نگر اور آس پاس کے علاقوں میں رہنے والے اپنے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آئیں اور اس باغ کی خوب صورتی سے لطف اندوز ہوں۔”
انہوں نے سیاحوں پر زور دیا کہ وہ باغ میں تصاویر کھینچیں اور یہاں کی خوب صورتی کی یادیں ہمیشہ کے لیے محفوظ کریں۔
گزشتہ سال باغ کے افتتاح کے بعد ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ باغ میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اسے مزید دل کش بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہاکہ ”آپ میں سے جو لوگ گزشتہ سال افتتاح کے موقع پر میرے ساتھ تھے اور جنہوں نے اس مرتبہ یہاں آنے کا موقع حاصل کیا ہے، انہوں نے خود دیکھا ہوگا کہ اس باغ نے کتنی ترقی کی ہے۔”
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پائیداری کے اعتبار سے بھی اس باغ کو ایک فائدہ حاصل ہے، کیونکہ اس کے پودوں کو مقامی طور پر افزائش دے کر بڑھایا جا سکتا ہے، جب کہ ٹیولپ کے بلب بار بار درآمد کرنے پڑتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ”اس باغ کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ ٹیولپ گارڈن کے برعکس، جس کے لیے ہمیں بار بار بیرونِ ملک سے بلب منگوانے پڑتے ہیں، باغِ گلِ داؤد کے پودوں کا مواد ہمارے اپنے پاس موجود ہے۔ ہم خود ان کی افزائش کرتے ہیں اور ان کی تعداد بڑھاتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر سال باغ میں نئی خصوصیات متعارف کرانے کی کوشش کرے گی تاکہ اس کی کشش برقرار رہے اور سیاحتی مقام کے طور پر اس کا کردار مزید مستحکم ہو۔
یواین آئی۔ ظ ا
-
ہندوستان1 week agoانکیتا بھنڈاری کے والدین کو انڈیا گیٹ سے حراست میں لیے جانے پر کانگریس کی شدید مذمت
-
دنیا1 week agoامریکہ کے شکاگو کے قریب بڑے ہندو مندر پر اجتماعی فائرنگ کی سازش ناکام، سفید فام نسل پرست نوجوان گرفتار
-
جموں و کشمیر6 days agoجموں و کشمیر: اے ایس آئی کو ایک ماہ کے لیے نشہ چھڑانے کے مرکز بھیجنے کا حکم
-
دنیا6 days agoآج ہم اپنی توانائی کی تاریخ میں ایک نیا صفحہ کھول رہے ہیں : طيب ایردوان
-
دنیا1 week agoٹرمپ کا ایران پر جوہری حملہ کرنے سے انکار
-
ہندوستان1 week agoپنجاب، ہریانہ اور دہلی میں بھاری بارش، ژالہ باری اور 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی
-
پاکستان1 week agoپاکستان کے شمال مغربی علاقے میں اسکول کی چھت گرنے سے کم از کم 29 افراد ہلاک
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری، وادی میں بارش سے سردی میں اضافہ
-
دنیا7 days agoایران نے حوثی حملوں پر سعودی بیانات کو مسترد کیا اور ثالثی کی پیشکش کا اعادہ کیا
-
دنیا6 days agoآبنائے ہرمز پر امریکہ اور ایران دونوں کا کنٹرول کا دعویٰ، بحری جہازوں پر حملوں میں اضافہ
-
ہندوستان6 days agoگیانیش کمار سرکاری گواہ بنیں: راہل
-
جموں و کشمیر1 week agoسری نگر کے قالین باف کو ہاتھ سے بنے قالینوں کے لیے قومی ایوارڈ
