ہندوستان
تیزی سے بدلتی ہوئی آج کی دنیا میں اساتذہ کا کردار اور بھی اہم ہو گیا ہے: لوک سبھا اسپیکر
نئی دہلی؛ یوم اساتذہ کے موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج دہلی یونیورسٹی کے ہنس راج کالج کے طلباء اور اساتذہ سے خطاب کیا اس موقع پر اسپیکر نے سب سے پہلے عظیم ماہر تعلیم ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن اور تمام گرووں کو خراج عقیدت پیش کیا طلباء کی زندگیوں اور قوم کی تعمیر میں اساتذہ کے تعاون کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ہندوستانی علمی روایت میں گرو کا مقام سب سے اوپر ہے۔ گرو وشوامتر، درون، کوٹیلیہ، کالی داس، مہارشی دیانند سرسوتی، مہاتما ہنسراج، مہاتما جیوتیبا پھولے، سوامی وویکانند اور ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جیسی شخصیات کو یاد کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ان تمام گرووں نے ہمارے ملک کو اپنے علم سے مالا مال کیا ہے۔ یہ تمام عظیم انسان ہماری ہندوستانی علمی روایت کی روشنی کی مانند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کے تعلیمی ادارے ملک کی سمت اور مستقبل کا تعین کرتے ہیں۔ ایک استاد کا کردار صرف تعلیم دینے تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ وہ ہمیں تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ہماری شخصیت، اعتماد اور صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں اور ہماری زندگی کو ایک نئی شکل دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے قدیم فلسفے میں گرو کو نہ صرف تعلیم کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے بلکہ کردار سازی، شخصیت سازی، سماج کی تعمیر اور قوم کی تعمیر کا معمار بھی مانا جاتا ہے۔
یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ مہاتما ہنسراج کی زندگی آج بھی ہم سب کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے، لوک سبھا اسپیکر نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ مہاتما ہنسراج جیسے عظیم انسانوں کی سوانح حیات پڑھیں اور ان سے ترغیب حاصل کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان عظیم ہستیوں نے اپنی زندگی میں جن جدوجہد کا سامنا کیا ان سے سیکھتے ہوئے طلباء کو چاہیے کہ وہ لوگوں کی زندگیوں کی بہتری کے لیے کام کرنے کے لیے عہد کریں، خاص طور پر تعلیمی میدان میں کام کرنے کا عہد کریں ۔
برلا نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں چوتھا صنعتی انقلاب آئے گا اور مصنوعی ذہانت، بایو ٹکنالوجی اور دیگر نئے شعبوں میں نمایاں ترقی ہوگی۔ اس تناظر میں مسٹر برلا نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیق کے ان جدید مضامین میں ملک کو آگے رکھنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک سماجی و اقتصادی طور پر پوری طرح بدل چکا ہے اور یہ تبدیلیاں گرووں کی وجہ سے ممکن ہوئی ہیں۔ ہندوستان آج تیزی سے ترقی کر رہا ہے کیونکہ اس نے نسل در نسل طلباء کی صلاحیت، کارکردگی اور معیاری تعلیم دی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کی تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں اساتذہ کا کردار اور بھی اہم ہو گیا ہے۔ ہمارے نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز اور مواقع کے لیے تیار کرنے کی ذمہ داری اساتذہ کے کندھوں پر ہے۔ مسٹر برلا نے امید ظاہر کی کہ اساتذہ کی رہنمائی میں ہمارے نوجوان آنے والی تبدیلیوں کے مطابق نہ صرف خود کو ڈھالنا سیکھیں گے بلکہ تبدیلی کے اس انقلاب کی قیادت بھی کریں گے۔
اپنی تقریر کے دوران اسپیکر نے اس بات کا بھی تذکرہ کیا کہ آج قدیم زمانے سے تعلیم پر زور دینے کی وجہ سے ہندوستان ترقی کر رہا ہے۔ اس وقت ہندوستان کے نوجوان تقریباً تمام شعبوں میں آگے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال اور تعلیم کے میدان میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی طاقت کے ساتھ ہمارے نوجوان جلد ہی ترقی یافتہ ممالک میں اقتصادی ترقی کی قیادت کریں گے۔
ہنس راج کالج کی تاریخ اور تعلیم کے میدان میں اس کی نمایاں کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ہنسراج کالج جو 1948 میں قائم ہوا تھا، تعلیم کے میدان میں پیش پیش رہا ہے اور اس نے ملک کے اعلیٰ ادارے کے طور پر اپنی شناخت بنائی ہے۔ دہائیوں کے دوران، ہنسراج کالج نے تحقیق اور اختراع کی مسلسل حوصلہ افزائی کی ہے اور اپنے طلباء کو ایک ایسا تعلیمی ماحول فراہم کیا ہے جو قدر پر مبنی علم سکھاتا اور ذاتی ترقی کو فروغ دیتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہنس راج کالج اپنی شاندار وراثت کے مطابق ملک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔
اس موقع پر لوک سبھا اسپیکر کو مہاتما ہنسراج ایوارڈ سے نوازا گیا۔
لوک سبھا کے رکن نوین جندل نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
یو این آئی ۔ ع خ
ہندوستان
آپریشن پرہار: پولیس کارروائی میں 10 لیٹر غیر قانونی کچی شراب کے ساتھ 64 سالہ ملزم گرفتار
ٹہری، تہواروں کے موسم میں غیر قانونی شراب کے کاروبار پر روک لگانے کے لیے اتراکھنڈ میں ٹہری پولیس کی کارروائی مسلسل جاری ہے۔ آپریشن پرہار کے تحت دیر رات چھام پولیس نے 10 لیٹر غیر قانونی کچی شراب کے ساتھ 64 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق، کارروائی کے دوران غیر قانونی کچی شراب کے ساتھ ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے خلاف ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹہری گڑھوال کی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی شراب کی فروخت اور اسمگلنگ پر مؤثر روک لگانے کے لیے بڑے پیمانے پر جانچ مہم چلائی جا رہی ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
اس کارروائی میں سب انسپکٹر شیو شنکر اونیال، کانسٹیبل مکیش چمولی، کانسٹیبل انوپ بھٹ اور کانسٹیبل امریش راوت شامل تھے۔
یو این آئی۔ ایم جے
ہندوستان
راہل گاندھی کے قافلے کی گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں، کانگریس رہنما بال بال بچے
سلطان پور، کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے قافلے کی کئی گاڑیاں پیر کو اتر پردیش کے سلطان پور میں پوروانچل ایکسپریس وے پر آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے وقت راہل گاندھی سلطان پور میں ہتک عزت کے ایک مقدمے کی سماعت کے لیے جا رہے تھے۔ حادثے میں راہل گاندھی محفوظ ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، قافلے میں شامل گاڑیوں کے اچانک بریک لگانے کے بعد پیچھے چل رہی کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں کانگریس کے کچھ کارکنوں، پارٹی عہدیداروں اور حفاظتی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ تاہم، زخمیوں کی تعداد اور ان کی حالت کے بارے میں تفصیلی معلومات کا انتظار ہے۔
راہل گاندھی کو سال 2018 کے ایک ہتک عزت کے مقدمے میں سلطان پور کی خصوصی ایم پی۔ایم ایل اے عدالت میں پیش ہونا تھا۔ یہ معاملہ بی جے پی کے اس وقت کے صدر امیت شاہ کے خلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض تبصرے سے متعلق ہے۔ حادثے کے بعد موقع پر افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور صورت حال کا جائزہ لیا۔
یو این آئی۔ ایم جے
ہندوستان
وزیر اعظم مودی نے مہارشی والمیکی جینتی پر عوام کو مبارک باد دی
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو مہارشی والمیکی جینتی کے موقع پر عوام کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے ہندوستان کے ثقافتی ورثے میں قابل احترام رشی کے تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال تعلیمات نسل در نسل انسانیت کے لیے مشعل راہ بنی رہیں گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں مسٹر مودی نے کہا، ”مہارشی والمیکی جینتی کے موقع پر سبھی کو دلی مبارک باد۔ ان کے نیک خیالات ہندوستانی ثقافت اور ورثے کی بنیاد رہے ہیں اور ہر دور میں ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انسانیت کے لیے ان کے بیش قیمتی پیغامات ہمیشہ ملک کے لوگوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوں گے۔”
مہارشی والمیکی کو آدی کوی یعنی اولین شاعر کے طور پر عقیدت و احترام سے یاد کیا جاتا ہے۔ روایتی طور پر انہیں رامائن کا مصنف مانا جاتا ہے، جو ہندوستانی ادب اور روحانی روایت کی اہم ترین رزمیہ تصانیف میں سے ایک ہے۔ اس رزمیہ میں بھگوان رام کی زندگی بیان کی گئی ہے اور سچائی، راست بازی، فرض، ہمدردی اور عقیدت جیسی لازوال اقدار کو اجاگر کیا گیا ہے۔
والمیکی جینتی، ادب، فلسفے اور روحانی فکر میں اس رشی کے تعاون کے احترام میں منائی جاتی ہے۔ ان کی وراثت رامائن کی تصنیف تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس رزمیہ میں پیش کی گئی اقدار آج بھی ہندوستان کی ثقافتی روایات، مذہبی رسومات اور سماجی زندگی کو متاثر کر رہی ہیں۔
وزیر اعظم مودی کے پیغام میں والمیکی کی تعلیمات کی مسلسل اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تعلیمات نہ صرف ہندوستان کی ثقافتی شناخت بلکہ پوری انسانیت کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہیں۔ وزیر اعظم کے خراج عقیدت نے اس بات کو نمایاں کیا کہ اس رشی کی ادبی اور فلسفیانہ وراثت آج بھی نسل در نسل لوگوں کو تحریک دے رہی ہے۔
یو این آئی، ایم جے
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: اے ایس آئی کو ایک ماہ کے لیے نشہ چھڑانے کے مرکز بھیجنے کا حکم
-
دنیا1 week agoآج ہم اپنی توانائی کی تاریخ میں ایک نیا صفحہ کھول رہے ہیں : طيب ایردوان
-
دنیا1 week agoایران نے حوثی حملوں پر سعودی بیانات کو مسترد کیا اور ثالثی کی پیشکش کا اعادہ کیا
-
ہندوستان1 week agoجی ٹی ٹی سی آئی اور شری دھرمک لیلا کمیٹی نے لال قلعے میں ‘عالمی یومِ خوراک’ منایا
-
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز پر امریکہ اور ایران دونوں کا کنٹرول کا دعویٰ، بحری جہازوں پر حملوں میں اضافہ
-
ہندوستان1 week agoگیانیش کمار سرکاری گواہ بنیں: راہل
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: رام بن میں چرس اور ہیروئن کے ساتھ تین افراد گرفتار
-
ہندوستان1 week agoسی جے پی بانی ابھیجیت دیپکے کو ملی ضمانت
-
پاکستان1 week agoپاکستان کے صوبہ بلوچستان میں 5.8 شدت کا زلزلہ
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ مؤخر کردیا
-
ہندوستان1 week agoیوپی، اتراکھنڈ اور پنجاب انتخابات سے پہلے بی ایس پی کے خلاف ‘فرضی سروے’ کی تشہیر، کارکنان ہوشیار رہیں: مایاوتی
-
ہندوستان1 week agoگروپ ‘سی’ کے ریلوے ملازمین اب ریاستی حکومتوں، مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی انتظامیہ کے تحت غیر کیڈر عہدوں پر نہیں لے سکیں گے ڈپوٹیشن
