جموں و کشمیر
بدھ کی رات افراتفری ، جہلم اور مختلف ندی نالوںمیں ٹھہراﺅ، پانی کی سطح میں بتدریج کمی،سیلاب کاخطرہ ٹلنے کے آثار
جنوبی کشمیر ،سری نگر اور بڈگام کی 2درجن سے زیادہ بستیاں زیرآب
سیلاب زدہ علاقوں ،بستیوں اور کالونیوں سے تقریباً15000ہزار لوگ محفوظ مقامات پر منتقل،انخلاءکی مہم جاری
بچاﺅ کاری مہم میں پولیس،دریائی پولیس ،فوج ،این ڈی آرایف ،ایس ڈی آر ایف اور دیگر ایجنسیوںکی ٹیمیں شامل
سری نگر: جے کے این ایس : دوران شب گرچہ دریائے جہلم اور مختلف ندی نالوںمیں ٹھہراﺅ آگیا اورجمعرات کی صبح سے پانی کی سطح میں بتدریج کمی آنے لگی ،لیکن موسم بہتر ہونے کے باوجود جہلم میں سنگم اور رام منشی باغ کے مقام پر پانی کو خطرے کے نشان سے نیچے آنے میں شام تک لگنے کاامکان ہے ۔اس دوران جنوبی کشمیر ،سری نگر اور بڈگام کے سیلاب زدہ اور زیرآب دو درجن سے زیادہ علاقوں ،بستیوں اور کالونیوں سے تقریباً15000ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا ،اوراس بچاﺅ کاری مہم میں پولیس،دریائی پولیس ،فوج ،این ڈی آرایف ،ایس ڈی آر ایف ،محکمہ مال اور دیگرکئی ایجنسیوںکی 2درجن سے زیادہ ٹیموںنے بھی حصہ لیا۔صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ اور آئی جی پی کشمیر وی کے بردی نے دیگر حکام کے ہمراہ سری نگر اور بڈگام اضلاع کے سیلاب زدہ اورزیرآب علاقوںکا دورہ کرکے تازہ صورتحال اور بچاﺅ و امداد کاری کا جائزہ لیا۔سری نگرکے کئی علاقوں بشمول مہجور نگر اورپادشاہی باغ سمیت کئی نزدیکی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا۔اُدھر کرسو راجباغ کی بستی مسلسل دوسرے روز بھی زیرآب رہی اور یہاں گلی کوچوں اور صحنوںمیں کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے لوگ گھروںمیں ہی محصور ہوکررہ گئے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق بدھ کی شام دریائے جہلم میں کئی مقامات بشمول سنگم بجبہاڑہ،پانپور اوررام منشی باغ سری نگرمیں پانی کی سطح یکایک خطرے کے نشانات سے تجاوز کرگئی ،تو پورے شہر سری نگر اور جنوبی کشمیرمیں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔انتظامیہ کی جانب سے جہلم کے نزدیک واقع رہائشی علاقوں کے لوگوں کو محفوظ جگہوں پر جانے کوکہا گیا ،اوراس مقصد کیلئے گاڑیوںمیں لاﺅڈ اسپیکر اور مساجد سے اعلانات کئے گئے ۔لالچوک سمیت پورے سیول لائنز میں بدھ کو دیررات تک افراتفری کاعام رہا ،کیونکہ کوٹ روڑ، گونی کھن ،مہاراج بازار،گھنٹہ گھر،ریگل چوک سمیت کئی اہم بازاروں کے دکانداروںنے 2014کے تباہ کن سیلاب کو یاد کرتے ہوئے دکانات اور گوداموںسے اضافی سامان منتقل کرنے کیلئے گاڑیوں اور لوڈ کیریئروں کا استعمال کیا۔سیول اور پولیس حکام نے بتایاکہ سری نگر کے سیلاب زدہ اور زیرآب آئے علاقوں سے تقریباً ایک سے دو ہزار افراد کو محفوظ جگہوں پر منتقل کرنے کیلئے انخلاءمہم شروع کی گئی ،جس میں پولیس،دریائی پولیس ،این ڈی آرایف ،ایس ڈی آر ایف ،محکمہ مال اور دیگرکئی ایجنسیوںکی ٹیموںنے بھی حصہ لیا۔اس دوران جہلم ،فلڈچینل ،اورکئی بڑے نالوںکے نزدیک واقع کئی رہائشی علاقوںسے لوگوںنے بدھ کی رات سے ہی نقل مکانی شروع کردی۔ادھر نزدیکی ضلع بڈگام کے کئی دیہات اور بستیوں میں لوگوںنے بدھ کی رات سے ہی نقل مکانی شروع کردی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے جمعرات کو کہا کہ وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں سیلاب سے 35 افراد کو بچایا گیا ہے۔ڈاکٹر بلال محی الدین نے کہا کہ ضلع بڈگام میں متاثرہ علاقوں سے9000 افراد کو نکالا گیا ہے اور 35 لوگوں کو سیلاب کے پانی سے بچایا گیا ہے۔ تمام35 افراد کو امدادی مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی مدد کے لیے ہر قسم کی ضروری سہولیات پہلے ہی قائم کر دی گئی ہیں۔انہوںنے بتایاکہ ہمارے پاس ایس ڈی آر ایف کی11 ٹیمیں اور این ڈی آر ایف کی5ٹیمیں سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے میں مصروف ہیں۔ ڈپٹی کمشنربڈگام نے کہاکہ ہماری پوری افرادی قوت اور آلات سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے زمین پر تعینات ہیں۔ڈاکٹر بلال کا کہنا تھا کہ سیلاب میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ سمر بگ اور ٹانگان کے علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر کے طور پر انخلاءاور قریبی محفوظ مقام کی تلاش کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔انہوںنے مزیدکہاکہ ہم نے متاثرہ علاقوں میں پہلے ہی چھ ریسکیو مراکز کو فعال کر دیا ہے، جن میں جی ایچ ایس واگورہ، جی ایچ ایس ایس کھنڈہ، شیخ العالم ایچ ایس واگورہ، جی ایچ ایس ایس بی کے پورہ، اسلامک پبلک ایچ ایس کرالپورہ، اور دار الفتح ڈانگر پورہ شامل ہیں، جہاں سیلاب سے متاثرہ افراد کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے شہریوں کو مزید چوکس رہنے کا مشورہ دیا لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
جموں و کشمیر
انتخابی شکست کے خوف سے جموں و کشمیر میں پنچایت انتخابات ٹال رہی ہے نیشنل کانفرنس: سنیل شرما
سری نگر، جموں و کشمیر اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما سنیل شرما نے جمعرات کو نیشنل کانفرنس حکومت پر انتخابی شکست کے خوف سے پنچایت اور بلدیاتی انتخابات میں جان بوجھ کر تاخیر کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکمراں جماعت نہیں چاہتی کہ دوسری جماعتوں کو زمینی سطح پر نمائندگی ملے۔
بی جے پی کے سابق تنظیمی جنرل سکریٹری اشوک کول کے اعزاز میں پارٹی کی جموں و کشمیر شاخ کی جانب سے منعقدہ الوداعی تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر شرما نے کہا کہ مقامی بلدیاتی انتخابات عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے لیے ‘لٹمس ٹیسٹ’ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے حکومت پر بجلی، ایل پی جی سلنڈر، ملازمتوں اور راشن کے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا۔
مسٹر شرما نے کہاکہ ”عبداللہ خاندان کے تکبر اور ‘دبنگئی’ کی وجہ سے جموں و کشمیر میں پنچایت انتخابات نہیں ہونے دیے جا رہے ہیں۔ یہاں تک کہ وزیر اعلیٰ نے اسمبلی میں کہا کہ وہ انتخابات نہیں کرائیں گے۔ ان کے والد فاروق عبداللہ صاحب بھی 2 سے 3 بار کہہ چکے ہیں کہ پنچایت انتخابات نہیں ہوں گے۔ نیشنل کانفرنس نہیں چاہتی کہ کوئی اور یہاں کے عوام کی نمائندگی کرے۔ وہ جانتے ہیں کہ انہیں منہ کی کھانی پڑے گی اور انہیں ڈر ہے کہ عوام ان سے ان کے دھوکے کا حساب مانگیں گے۔”
لداخ میں پنچایت انتخابات کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر شرما نے سوال کیا کہ جموں و کشمیر میں ایسے انتخابات کیوں نہیں کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ”یہ اس حکومت کے لیے ایک سخت امتحان ہوگا۔ جس حکومت نے بجلی، سلنڈر، ملازمت اور راشن کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیا ہے، اس کا امتحان پنچایتی راج اور بلدیاتی انتخابات کے ذریعے لیا جانا چاہیے۔”
مرکزی وزیر داخلہ کے اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے، جس میں کہا گیا تھا کہ کشمیر میں دہشت گردی ختم ہو گئی ہے، مسٹر شرما نے کہا کہ گزشتہ 5 سال میں دہشت گردی میں زبردست کمی آئی ہے۔ انہوں نے اس کا سہرا مرکزی حکومت اور خاص طور پر وزارت داخلہ کے سر باندھا۔ مسٹر شرما نے کہا کہ ”گزشتہ 2 سال میں ایک بھی کشمیری نوجوان کسی دہشت گرد تنظیم میں شامل نہیں ہوا ہے، جو دہشت گردی کے خاتمے کی ایک بڑی علامت ہے۔”
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا لداخ کی طرح کشمیر میں بھی مظاہرین کے خلاف درج مقدمات واپس لیے جا سکتے ہیں، مسٹر شرما نے دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ملزم افراد کا لداخ کے مظاہرین سے موازنہ کرنے کی کوشش کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جو لوگ اس وقت جیل میں ہیں، ان کے خلاف سابقہ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس حکومتوں کے دور میں عوامی تحفظ قانون کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔
مسٹر شرما نے واضح کیا کہ بی جے پی بے گناہوں کو انصاف دلانے کی حمایت کرے گی، لیکن ملک کے خلاف تشدد کرنے والوں کو بے قصور نہیں کہا جا سکتا۔
یو این آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر
بارہمولہ میں 2 مشتبہ اوور گراؤنڈ کارکن گرفتار، آئی ای ڈی اور پستول برآمد
سری نگر، شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں سکیورٹی کارروائی کے دوران 2 مشتبہ اوور گراؤنڈ کارکنوں (او جی ڈبلیوز) کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ ان کے قبضے سے 2 دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی) اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ برآمدگیاں گزشتہ شام بارہمولہ کے ڈیلینا علاقے میں کی گئیں۔ گرفتار کیے گئے دونوں افراد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ شمالی کشمیر کے سوپور کے چنکی پورہ علاقے کے رہنے والے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایاکہ ”ان کے قبضے سے 2 آئی ای ڈی، ایک پستول، گولہ بارود کے 10 کارتوس اور 6500 روپے برآمد کیے گئے ہیں۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے مبینہ روابط کا پتہ لگانے اور معاملے کی دیگر تفصیلات معلوم کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
گرفتاریوں اور برآمدگی کے سلسلے میں پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔.
یو این آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے ‘میکانکی’ طریقے سے کی گئی احتیاطی حراست پر سوال اٹھائے، سری نگر کے ڈپٹی کمشنر کو طلب کیا
سری نگر، جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے عوامی تحفظ قانون (پی ایس اے) کے تحت ‘میکانکی’ (بغیر سوچے سمجھے) اور لاپروائی سے جاری کیے گئے احتیاطی حراست کے حکم پر سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ جسٹس وسیم صادق نرگل کی بنچ نے سری نگر کے ڈپٹی کمشنر کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ گزشتہ ہفتے ہیبیئس کارپس کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس نرگل نے کہا کہ سری نگر کے زبیر امین بنگرو کے خلاف حراست کی وجوہات میں ٹھوس معلومات موجود نہیں ہیں۔ عدالت نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا حراست کا حکم جاری کرنے والے افسر نے پولیس کی جانب سے فراہم کردہ مواد کا آزادانہ طور پر جائزہ لیا تھا یا نہیں۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ پولیس ڈوزیئر، حراست کا حکم جاری کرنے والے افسر کے سامنے پیش کیے گئے مواد اور متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ ذاتی طور پر پیش ہوں، تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ حراست کا حکم دیتے وقت کن بنیادوں پر غور کیا گیا اور افسر کس طرح مطمئن ہوا۔
عدالت نے سخت الفاظ میں افسر سے سوال کیا کہ ”انہوں نے مناسب غور و فکر کیے بغیر، اتنی لاپروائی اور میکانکی انداز میں حراست کا یہ حکم کیوں جاری کیا؟”
عدالت نے ایک اہم تشویش یہ بھی ظاہر کی کہ حراست کی وجوہات کے دوسرے پیراگراف میں ”مذکورہ دہشت گرد” کی اصطلاح استعمال کی گئی ہے، حالانکہ اس سے پہلے کسی دہشت گرد کی شناخت یا اس کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔
عدالت نے پایا کہ پہلے پیراگراف میں صرف رسمی طور پر یہ کہا گیا ہے کہ حراست کا حکم جاری کرنے والے افسر نے معاملے پر غور کیا ہے، لیکن اس میں کسی بھی دہشت گرد کی شناخت نہیں بتائی گئی ہے۔
اس تضاد کی جانب توجہ دلاتے ہوئے جسٹس نرگل نے تبصرہ کیا کہ الفاظ کی ترتیب سے ”واضح طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ حراست کی وجوہات تیار کرتے وقت پولیس ڈوزیئر (دستاویزات) میں دی گئی معلومات کو مناسب غور و فکر کے بغیر جوں کا توں نقل کر لیا گیا ہے۔” عدالت نے کہا کہ یہ بات ”اس شبے کو مضبوط کرتی ہے کہ آیا حراست کا حکم جاری کرنے والے افسر نے معاملے کی آزادانہ جانچ کرکے حراست کی وجوہات طے کیں یا محض پولیس ڈوزیئر میں درج باتوں کو دہرا دیا۔”
حراست کی وجوہات میں بنگرو پر الزام لگایا گیا تھا کہ ان کے دہشت گردوں کے ساتھ قریبی تعلقات تھے، وہ دہشت گردوں کو لاجسٹک اور اخلاقی مدد فراہم کرتے تھے، انہوں نے اپنے گھر اور دیگر مقامات کو دہشت گردوں کے چھپنے کے ٹھکانوں کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت دی تھی اور وہ ایک دہشت گرد نیٹ ورک کے ساتھیوں کے رابطے میں تھے۔ تاہم، عرضی گزار کی وکیل ندا نذیر نے دلیل دی کہ یہ الزامات مبہم ہیں اور ان میں ضروری تفصیلات کی کمی ہے۔ ان میں دہشت گردوں کی شناخت، نیٹ ورک کے ساتھیوں کے نام، چھپنے کے ٹھکانوں کے طور پر استعمال ہونے والی جگہوں کی تفصیلات اور ان مخصوص واقعات کا ذکر نہیں ہے جن میں مبینہ طور پر مدد فراہم کی گئی تھی۔
وکیل نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا کہ ان افراد کی شناخت کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں، جنہیں مبینہ طور پر بنگرو نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے لیے ترغیب دی تھی یا اکسایا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اس بات کی بھی کوئی واضح تفصیل موجود نہیں ہے کہ ان مبینہ کارروائیوں سے ریاست کی سلامتی پر کیا منفی اثر پڑا۔
عدالت نے اپنی ابتدائی جانچ میں اس دلیل میں ”خاصا وزن” پایا کہ ان وجوہات میں اس وضاحت اور تفصیل کا فقدان ہے، جس کی توقع کسی شخص کی شخصی آزادی سلب کرنے والے حکم میں کی جاتی ہے۔
عدالت نے تبصرہ کیا کہ ”محض الزام کی سنگینی متعلقہ مواد اور آزادانہ غور و فکر کی ضرورت کی جگہ نہیں لے سکتی۔” عدالت نے احتیاطی حراست کے احکامات کے حوالے سے ایک وسیع تر تشویش بھی ظاہر کی۔
عدالت نے اس معاملے سے عین پہلے فہرست میں شامل ایک اور ہیبیئس کارپس کی عرضی کا بھی ذکر کیا۔ اس معاملے میں بھی حراست کا ایسا حکم سامنے آیا تھا جو بادی النظر میں ایسا معلوم ہوتا تھا کہ حراست کا حکم جاری کرنے والے افسر نے خود کوئی آزادانہ جائزہ لینے کے بجائے صرف پولیس رپورٹ (ڈوزیئر) کو جوں کا توں نقل کر دیا ہو۔
عدالت نے کہا کہ اس مماثلت نے ”ایک تشویش ناک سوال” پیدا کر دیا ہے: کیا احتیاطی حراست کے اختیارات کا استعمال مواد کے آزادانہ اور غیر جانب دارانہ جائزے کے ذریعے کیا جا رہا ہے، یا محض پولیس کے دعوؤں کو بغیر سوچے سمجھے دہرایا جا رہا ہے؟
تاہم، عدالت نے تسلیم کیا کہ پولیس رپورٹ (ڈوزیئر) پر غور کیا جا سکتا ہے، لیکن اس کے ساتھ اس بات پر زور دیا کہ یہ حراست کا حکم جاری کرنے والے افسر کی اس ذمہ داری کا متبادل نہیں ہو سکتی کہ وہ مواد کی آزادانہ جانچ کرے، اس کی مطابقت کا جائزہ لے اور قانون کے مطابق خود مطمئن ہو۔
احتیاطی حراست سے متعلق آئینی تحفظات کو دہراتے ہوئے عدالت نے کہا کہ کسی شخص کو باقاعدہ فوجداری مقدمے کے بغیر حراست میں رکھنے کے غیر معمولی اختیار کے استعمال کے لیے اعلیٰ ترین درجے کی آئینی ذمہ داری اور طریقۂ کار سے متعلق احتیاط برتنا ضروری ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ ”ہندوستانی آئین کے آرٹیکل 21 اور 22 میں شامل تحفظات محض دکھاوے کی رسمی کارروائیاں نہیں ہیں۔” عدالت نے واضح کیا کہ محض فوجداری مقدمہ نہ ہونے سے احتیاطی حراست کی قانونی حیثیت کا فیصلہ نہیں ہو جاتا۔ تاہم، متعلقہ اتھارٹی کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ قانونی تقاضے آزادانہ طور پر اور قانون کے مطابق پورے کیے گئے ہیں۔
یو این آئی۔ این یو۔
-
ہندوستان1 week agoمرکزی حکومت نے جنوبی بحر ہند ماہی گیری معاہدے میں شمولیت کو دی منظوری
-
دنیا1 week agoجاپانی صحافی کی روس میں گرفتاری: دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کیوں بڑھ رہی ہے
-
ہندوستان1 week agoانکیتا بھنڈاری کے والدین کو انڈیا گیٹ سے حراست میں لیے جانے پر کانگریس کی شدید مذمت
-
ہندوستان1 week agoمظاہرین پر تشدد کرنے والوں کو ثبوتوں کی بنیاد پر سزا ملے گی: راہل
-
دنیا1 week agoامریکہ کے شکاگو کے قریب بڑے ہندو مندر پر اجتماعی فائرنگ کی سازش ناکام، سفید فام نسل پرست نوجوان گرفتار
-
ہندوستان1 week ago16 سالہ معصوم لڑکی اور 50 سالہ دولہے کی پانچ لاکھ روپے میں منگنی، بروقت ٹیم نے شادی کو روک دیا
-
جموں و کشمیر6 days agoجموں و کشمیر: اے ایس آئی کو ایک ماہ کے لیے نشہ چھڑانے کے مرکز بھیجنے کا حکم
-
ہندوستان1 week agoپنجاب، ہریانہ اور دہلی میں بھاری بارش، ژالہ باری اور 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی
-
دنیا7 days agoٹرمپ کا ایران پر جوہری حملہ کرنے سے انکار
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میں 15 اکتوبر سے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی
-
ہندوستان1 week agoدیش کے 13.3 کروڑ لوگوں کو گھس پیٹھیا بتانا ہندوستانیت کی توہین: کھرگے
-
دنیا1 week agoگرین لینڈ میں تیل، گیس اور معدنیات کی بڑے پیمانے پر تلاش جلد شروع ہوگی: ٹرمپ
