جموں و کشمیر
منتخب حکومت کو بدنام اور ذلیل کرنے کی بہت بڑی سازش رچائی جارہی ہے: عمر عبداللہ
سری نگر ، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز الزام عائد کیا کہ راج بھون کی جانب سے تعینات کردہ کچھ افسران حکومتی منظوری اور وزارتی اجازت کے بغیر من مانے انداز میں بلڈوزر کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اقدامات نہ صرف انتظامی اصولوں کی خلاف ورزی بلکہ منتخب عوامی حکومت کو بدنام اور کمزور کرنے کی ایک منظم سازش کے تحت کیے جا رہے ہیں۔
سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ترقیاتی اداروں، بالخصوص ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کے اہم عہدوں پر ہونے والی تقرریاں منتخب حکومت سے مشاورت کے بغیر کی گئی ہیں، جس کے باعث موجودہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹھیک ہے کمشنر سکریٹری اور پرنسپل سکریٹری آپ لگائیں، لیکن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او جیسے فیلڈ افسران کی تقرری کا اختیار منتخب حکومت کے پاس ہونا چاہئے۔ افسوس کہ ان پوسٹوں پر افسران بنا ہم سے بات کئے لگائے جاتے ہیں اور پھر وہ کہیں اور سے ڈکٹیشن حاصل کرکے کارروائیاں شروع کرتے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں میں حالیہ بلڈوزر کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جموں میں صرف ایک ہی مکان کو غیر قانونی کہہ کر گرایا گیا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پوری جے ڈی اے کی زمین پر ناجائز قبضوں کی متعدد شکایات موجود ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر صرف ایک ہی فرد کو کیوں ٹارگیٹ کیا گیا اور کیا اس شخص کے مذہب کا کردار اس کارروائی کے پیچھے کارفرما تھا
عمر عبداللہ نے کہا کہ انہوں نے جے ڈی اے سے فوری طور پر پوری لسٹ طلب کی ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ ناجائز قبضوں کا دائرہ صرف ’ایک گھر‘ تک محدود تھا یا پھر کارروائی جان بوجھ کر ایک مخصوص فرد کے خلاف انجام دی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر واقعی حکومت کے کام میں کوئی مداخلت نہیں، جیسا کہ بعض حلقے دعویٰ کرتے ہیں، تو پھر بلڈوزر کارروائی سے متعلق فائلیں، اجازت نامے اور وزرا کی سطح پر ہونے والی مشاورت دکھائی جائے۔
انہوں نے واضح کیا:’اگر ہمارا لگایا ہوا آفیسر ایسا کام کرتا تو میں فوراً اس کے خلاف کارروائی کرتا۔ لیکن یہاں تو ہمیں نہ اعتماد میں لیا جاتا ہے، نہ کوئی فائل دکھائی جاتی ہے۔
لگاتار ہو رہی ایسی کارروائیوں سے سازش کی بو آ رہی ہیں۔ الیکشن نتائج کو کچھ لوگ ہضم نہیں کر پا رہے، اس لیے حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘
وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت کسی بھی صورت میں غیر قانونی قبضہ برداشت نہیں کرتی، لیکن کارروائی کا طریقہ کار شفاف، منصفانہ اور یکساں ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ قبضہ ہٹانا ضروری ہے لیکن کسی مخصوص شخص یا برادری کو نشانہ بنا کر کارروائی کرنا بالکل غلط ہے۔ اگر آپ واقعی سنجیدہ ہیں تو جے ڈی اے کے تمام غیر قانونی قبضوں کی پوری لسٹ منظر عام پر لائیں۔
انہوں نے جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بے خوف اور غیر جانبدار ہیں تو تمام غیر قانونی تعمیرات کی فہرست عوام کے سامنے رکھیں۔
عمر عبداللہ کا مؤقف ہے کہ اگر انتظامیہ منتخب حکومت کی مشاورت کے بغیر کارروائیاں کرتی ہے تو یہ براہِ راست عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ اگر ایک بار ہوتا تو اسے غلطی سمجھا جا سکتا تھا لیکن مسلسل ایسی یکطرفہ کارروائیاں ایک منظم منصوبہ بندی کا حصہ محسوس ہو رہی ہیں۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ حکومت نے اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے اور غلط طریقے سے کی گئی کارروائیوں کو روکنے کے لیے آئندہ سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
یو این آئی۔ارشید بٹ
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر کے پونچھ میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
جموں، جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں سکیورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے جمعہ کو دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مخصوص خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں واقع کس بلاری میں تلاشی مہم شروع کی اور دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کیا۔
تلاشی کے دوران ٹیم نے ایک بیگ، ٹیپ سے لپٹے ہوئے چھ کنٹینر، جن میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی) ہونے کا شبہ ہے، ایک جنگی سازوسامان کا پاؤچ، ایک لوہے کا ڈبہ جس میں میگزین ہونے کا امکان ہے، ٹیپ سے لپٹا ایک اور کنٹینر، 7.62 ایم ایم لائٹ مشین گن (ایل ایم جی) کا ایک میگزین، ایک ایلومینیم کنٹینر، دو اڈاپٹر اور ایک ٹفن برآمد کیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
انتخابی شکست کے خوف سے جموں و کشمیر میں پنچایت انتخابات ٹال رہی ہے نیشنل کانفرنس: سنیل شرما
سری نگر، جموں و کشمیر اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما سنیل شرما نے جمعرات کو نیشنل کانفرنس حکومت پر انتخابی شکست کے خوف سے پنچایت اور بلدیاتی انتخابات میں جان بوجھ کر تاخیر کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکمراں جماعت نہیں چاہتی کہ دوسری جماعتوں کو زمینی سطح پر نمائندگی ملے۔
بی جے پی کے سابق تنظیمی جنرل سکریٹری اشوک کول کے اعزاز میں پارٹی کی جموں و کشمیر شاخ کی جانب سے منعقدہ الوداعی تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر شرما نے کہا کہ مقامی بلدیاتی انتخابات عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے لیے ‘لٹمس ٹیسٹ’ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے حکومت پر بجلی، ایل پی جی سلنڈر، ملازمتوں اور راشن کے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا۔
مسٹر شرما نے کہاکہ ”عبداللہ خاندان کے تکبر اور ‘دبنگئی’ کی وجہ سے جموں و کشمیر میں پنچایت انتخابات نہیں ہونے دیے جا رہے ہیں۔ یہاں تک کہ وزیر اعلیٰ نے اسمبلی میں کہا کہ وہ انتخابات نہیں کرائیں گے۔ ان کے والد فاروق عبداللہ صاحب بھی 2 سے 3 بار کہہ چکے ہیں کہ پنچایت انتخابات نہیں ہوں گے۔ نیشنل کانفرنس نہیں چاہتی کہ کوئی اور یہاں کے عوام کی نمائندگی کرے۔ وہ جانتے ہیں کہ انہیں منہ کی کھانی پڑے گی اور انہیں ڈر ہے کہ عوام ان سے ان کے دھوکے کا حساب مانگیں گے۔”
لداخ میں پنچایت انتخابات کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر شرما نے سوال کیا کہ جموں و کشمیر میں ایسے انتخابات کیوں نہیں کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ”یہ اس حکومت کے لیے ایک سخت امتحان ہوگا۔ جس حکومت نے بجلی، سلنڈر، ملازمت اور راشن کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیا ہے، اس کا امتحان پنچایتی راج اور بلدیاتی انتخابات کے ذریعے لیا جانا چاہیے۔”
مرکزی وزیر داخلہ کے اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے، جس میں کہا گیا تھا کہ کشمیر میں دہشت گردی ختم ہو گئی ہے، مسٹر شرما نے کہا کہ گزشتہ 5 سال میں دہشت گردی میں زبردست کمی آئی ہے۔ انہوں نے اس کا سہرا مرکزی حکومت اور خاص طور پر وزارت داخلہ کے سر باندھا۔ مسٹر شرما نے کہا کہ ”گزشتہ 2 سال میں ایک بھی کشمیری نوجوان کسی دہشت گرد تنظیم میں شامل نہیں ہوا ہے، جو دہشت گردی کے خاتمے کی ایک بڑی علامت ہے۔”
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا لداخ کی طرح کشمیر میں بھی مظاہرین کے خلاف درج مقدمات واپس لیے جا سکتے ہیں، مسٹر شرما نے دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ملزم افراد کا لداخ کے مظاہرین سے موازنہ کرنے کی کوشش کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جو لوگ اس وقت جیل میں ہیں، ان کے خلاف سابقہ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس حکومتوں کے دور میں عوامی تحفظ قانون کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔
مسٹر شرما نے واضح کیا کہ بی جے پی بے گناہوں کو انصاف دلانے کی حمایت کرے گی، لیکن ملک کے خلاف تشدد کرنے والوں کو بے قصور نہیں کہا جا سکتا۔
یو این آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر
بارہمولہ میں 2 مشتبہ اوور گراؤنڈ کارکن گرفتار، آئی ای ڈی اور پستول برآمد
سری نگر، شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں سکیورٹی کارروائی کے دوران 2 مشتبہ اوور گراؤنڈ کارکنوں (او جی ڈبلیوز) کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ ان کے قبضے سے 2 دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی) اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ برآمدگیاں گزشتہ شام بارہمولہ کے ڈیلینا علاقے میں کی گئیں۔ گرفتار کیے گئے دونوں افراد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ شمالی کشمیر کے سوپور کے چنکی پورہ علاقے کے رہنے والے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایاکہ ”ان کے قبضے سے 2 آئی ای ڈی، ایک پستول، گولہ بارود کے 10 کارتوس اور 6500 روپے برآمد کیے گئے ہیں۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے مبینہ روابط کا پتہ لگانے اور معاملے کی دیگر تفصیلات معلوم کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
گرفتاریوں اور برآمدگی کے سلسلے میں پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔.
یو این آئی۔ این یو۔
-
ہندوستان1 week agoمرکزی حکومت نے جنوبی بحر ہند ماہی گیری معاہدے میں شمولیت کو دی منظوری
-
دنیا1 week agoجاپانی صحافی کی روس میں گرفتاری: دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کیوں بڑھ رہی ہے
-
ہندوستان1 week agoانکیتا بھنڈاری کے والدین کو انڈیا گیٹ سے حراست میں لیے جانے پر کانگریس کی شدید مذمت
-
دنیا1 week agoامریکہ کے شکاگو کے قریب بڑے ہندو مندر پر اجتماعی فائرنگ کی سازش ناکام، سفید فام نسل پرست نوجوان گرفتار
-
ہندوستان1 week agoمظاہرین پر تشدد کرنے والوں کو ثبوتوں کی بنیاد پر سزا ملے گی: راہل
-
دنیا1 week agoٹرمپ کا ایران پر جوہری حملہ کرنے سے انکار
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میں 15 اکتوبر سے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی
-
ہندوستان1 week ago16 سالہ معصوم لڑکی اور 50 سالہ دولہے کی پانچ لاکھ روپے میں منگنی، بروقت ٹیم نے شادی کو روک دیا
-
جموں و کشمیر6 days agoجموں و کشمیر: اے ایس آئی کو ایک ماہ کے لیے نشہ چھڑانے کے مرکز بھیجنے کا حکم
-
ہندوستان1 week agoپنجاب، ہریانہ اور دہلی میں بھاری بارش، ژالہ باری اور 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی
-
دنیا6 days agoآج ہم اپنی توانائی کی تاریخ میں ایک نیا صفحہ کھول رہے ہیں : طيب ایردوان
-
دنیا6 days agoآبنائے ہرمز پر امریکہ اور ایران دونوں کا کنٹرول کا دعویٰ، بحری جہازوں پر حملوں میں اضافہ
