تازہ ترین
تھائی لینڈ – کمبوڈیا کی سرحد پر جھڑپ جاری، دونوں جانب سے ہلاکتوں میں اضافہ
بنکاک / نوم پنہ، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی سرحد پر جاری سرحدی تنازعہ کے نتیجے میں دونوں ممالک کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ تھائی لینڈ نے نو فوجیوں کی ہلاکت اور تقریباً دو لاکھ شہریوں کے بے گھر ہونے کی اطلاع دی ہے جب کہ کمبوڈیا نے دس شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
تھائی لینڈ کے وزارت دفاع کے ترجمان سرسنت کونگسیری نے جمعرات کو کہا کہ سرحد پر جاری جھڑپوں میں تھائی لینڈ کے 9 فوجی ہلاک اور 120 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ چھڑپ کی وجہ سے تقریباً دو لاکھ تھائی شہری بے گھر ہوئے ہیں، جنہوں نے کیمپوں میں پناہ لی ہے۔ اب تک تین پناہ گزینوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے اور کل 849 پناہ گزین کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق، تقریباً 200 اسپتال اور کلینک بھی تنازعات سے مختلف سطحوں تک متاثر ہوئے ہیں۔ تھائی آرمی ایریا کمانڈ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ جھڑپیں ابھی بھی جاری ہیں، جس میں کمبوڈین فورسز تھائی لینڈ کے ابون رتچاتھانی اور سسکیٹ صوبوں میں کئی مقامات پر فائرنگ کر رہی ہے۔
دوسری جانب کمبوڈیا نے بھی ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔ کمبوڈیا کی وزارت دفاع کے انڈر سکریٹری اور ترجمان لیفٹیننٹ جنرل مالے سوچیتا نے جمعرات کو کہا کہ تھائی لینڈ کے ساتھ سرحدی جھڑپوں کے تازہ ترین دور میں کمبوڈیا کے کم از کم 10 شہری ہلاک اور 60 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
سوچیتا نے ایک پریس بریفنگ میں کہا، “ہلاک ہونے والے 10 شہریوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے اور 60 شہری زخمی ہوئے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا-تھائی لینڈ سرحدی تنازعہ اتوار کی دو پہر دوبارہ بھڑک اٹھا اور جمعرات کی صبح تک جاری رہا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تھائی فوج کمبوڈیا کے علاقے میں کئی مقامات پر توپ کے گولے داغ رہی ہے۔
بدھ کی شب جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں، کمبوڈیا کی وزارت داخلہ نے کہا کہ 56،000 سے زیادہ خاندانوں کے تقریباً 190,000 شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں کے لیے اپنے گھروں سے بھاگنا پڑا ہے۔
یواین آئی/ ژنہوا۔الف الف
جموں و کشمیر
کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں تازہ برف باری سے درجہ حرارت میں کمی
سرینگر، وادیِ کشمیر کے میدانی علاقوں میں جمعرات کو ہونے والی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کے باعث پورے خطے کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج کی گئی ہے۔ شمالی کشمیر میں نسبتاً زیادہ بارش ہوئی۔
سرینگر میں واقع محکمہ موسمیات کے مرکز کے مطابق، صبح 8:30 بجے سے شام 5:30 بجے کے درمیان گلمرگ سب سے زیادہ بارش والے مقامات میں شامل رہا، جہاں 14.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ کپواڑہ میں 14.3 ملی میٹر، پہلگام میں 3.4 ملی میٹر اور سری نگر میں 1.6 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ قاضی گنڈ اور کوکرناگ میں ہلکی بوندا باندی درج کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ گلمرگ، سونمرگ، بانڈی پورہ، گریز، تلیل اور مغل روڈ کے آس پاس کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ہے۔
بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث دن کا درجہ حرارت معمول سے کافی نیچے آ گیا ہے۔
سرینگر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 10.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو معمول سے 5.5 ڈگری کم ہے۔ وادی کے میدانی اسٹیشنوں میں کپواڑہ سب سے سرد رہا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 7.6 ڈگری نیچے گر کر 8.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 4.0 ڈگری سیلسیس رہا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ پہلگام میں رات کا درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق، 13 نومبر کی دوپہر سے قبل تک بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
یواین آئی۔الف الف
ہندوستان
وزیر اعظم مودی 16 سے 18 نومبر تک منیلا میں آسیان۔ہندوستان اور مشرقی ایشیا سربراہان اجلاس میں شرکت کریں گے
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی 23ویں آسیان۔ہندوستان سربراہی اجلاس اور 21ویں مشرقی ایشیا سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے 16 سے 18 نومبر تک فلپائن کی راجدھانی منیلا کے دورے پر رہیں گے۔ علاقائی اور عالمی جغرافیائی سیاسی حالات میں تبدیلی کے درمیان ہندوستان جنوب مشرقی ایشیا کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزارت خارجہ کے سکریٹری (مشرق) رودریندر ٹنڈن نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ اس دورے کے دوران وزیر اعظم کئی عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے اور فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں منعقدہ سرکاری عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ، برادری کی درخواست پر وزیر اعظم کے فلپائن میں مقیم ہندوستانی تارکین وطن سے بھی بات چیت کرنے کا امکان ہے۔
مسٹر مودی کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب فلپائن 49ویں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) سربراہی اجلاس اور اس سے متعلقہ اجلاسوں کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، جن میں کم از کم 19 ممالک کے اعلیٰ رہنما اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان شرکت کریں گے۔ اس سال آسیان کی صدارت فلپائن کے پاس ہے، جس کا مرکزی موضوع ”مل کر اپنے مستقبل کی راہ متعین کرنا” (نیویگیٹنگ آور فیوچر، ٹوگیدر) رکھا گیا ہے۔ سربراہی اجلاس میں رہنماؤں کی جانب سے علاقائی تعاون، اقتصادی استحکام اور میانمار میں جاری بحران سمیت دیگر اہم چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیے جانے کی امید ہے۔
مسٹر ٹنڈن نے اقتصادی تعلقات کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے بارے میں بتایا کہ آسیان خطے کے ساتھ ہندوستان کی تجارت تقریباً 122 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس سے یہ گروپ ہندوستان کا ایک اہم تجارتی شراکت دار بن گیا ہے۔ ہندوستان چاہتا ہے کہ آسیان۔ہندوستان اشیا کی تجارت کے معاہدے (اے آئی ٹی آئی جی اے) پر نظرثانی کا عمل جلد از جلد مکمل ہو، تاہم 10 مذاکراتی فریقوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا اب بھی ایک چیلنج بنا ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان دونوں فریقوں کے کاروباری اداروں کے لیے تجارتی مواقع بڑھانے کے مقصد سے کثیر فریقی مذاکرات کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تجارت کو آسان بنانے کے اقدامات اور معاہدوں کو بھی آگے بڑھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحر ہند کا ملک ہونے کے ناطے ہندوستان علاقائی امن اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے آسیان کے ساتھ قریبی تعاون کو انتہائی ضروری سمجھتا ہے۔ ہندوستان تزویراتی اعتبار سے اہم جنوب مشرقی ایشیائی سمندری علاقے سے متصل ہے اور سمندری تعاون اس تعلقات کا ایک اہم ستون بنا رہے گا۔ اسی سلسلے میں ہندوستان اور آسیان نے مشترکہ سمندری جغرافیے اور اسٹریٹجک مفادات کو اجاگر کرنے کے لیے سال 2026 کو ‘سمندری تعاون کا سال’ قرار دیا ہے۔
آسیان۔ہندوستان سربراہان اجلاس کے بعد مشرقی ایشیا سربراہی اجلاس منعقد ہوگا۔ یہ آسیان کی قیادت میں قائم ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جس میں علاقائی رہنما اور 8 شراکت دار ممالک بین الاقوامی سلامتی اور مشترکہ تشویش کے دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔ ‘پلس ون سربراہی اجلاس’ کے نام سے ہونے والے متعلقہ اجلاس 16 اور 17 نومبر کو طے ہیں، جن میں ہندوستان، چین، آسٹریلیا، جاپان، جنوبی کوریا، نیوزی لینڈ، روس، اقوام متحدہ اور امریکہ سمیت مذاکراتی شراکت دار شرکت کریں گے۔ اس سربراہی اجلاس میں چین کے وزیر اعظم لی چیانگ، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس جیسے اہم عالمی رہنماؤں کی بھی شرکت متوقع ہے۔
وزارت خارجہ کے سکریٹری نے آسیان کے ساتھ قریبی روابط کو ہندوستان کی ‘ایکٹ ایسٹ پالیسی’ کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اس شراکت داری کو اپنی وسیع تر ہند۔بحرالکاہل حکمت عملی کا مرکزی حصہ سمجھتا ہے۔
یو این آئی۔ الف الف۔ م الف
ہندوستان
مستقبل کی جنگ میں ٹیکنالوجی، دشمن کو حیران کرنے کی صلاحیت اور تینوں افواج کے درمیان تال میل اہم ہوگا: راجناتھ
نئی دہلی، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ تیزی سے تبدیل ہوتی جنگی ٹیکنالوجی اور نئے سکیورٹی خطرات کے پیش نظر ہندوستانی مسلح افواج کو اپنی جارحانہ اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہوگا۔
یہاں فضائیہ کے اعلیٰ کمانڈروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ مستقبل کی جنگ میں دشمن کو جوابی حملے کا موقع نہ دینا اور خود ہر غیر متوقع حملے کے لیے تیار رہنا انتہائی ضروری ہوگا۔
اس مقصد کے لیے انہوں نے خفیہ نگرانی، تکنیکی برتری اور تینوں افواج کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید جنگیں اب روایتی میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہ گئی ہیں۔ میزائل، ڈرون اور جدید ہتھیاروں کے نظام جنگ کا رخ بدل رہے ہیں۔ انہوں نے کامیکازی ڈرون، نگرانی اور ڈرون مخالف کارروائیوں جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
مسٹر سنگھ نے فضائیہ کو الیکٹرانک، سائبر اور خلائی شعبوں میں جنگ کی نئی حکمت عملی اور نظام تیار کرنے کی ضرورت بتائی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی کامیابی کا فیصلہ صرف طیاروں کی تعداد سے نہیں ہوگا، بلکہ تکنیکی صلاحیت، ردعمل کی رفتار اور درست تیاری بھی فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔
وزیر دفاع نے آپریشن سندور کے دوران اور اس کے بعد فضائیہ کی کارکردگی کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں بری فوج، بحریہ اور فضائیہ کے درمیان بہتر تال میل دیکھنے کو ملا۔ اس آپریشن سے حاصل ہونے والے اسباق کی بنیاد پر ڈرون اور فضائی دفاعی نظام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
کانفرنس کے دوران مسٹر سنگھ نے فضائیہ کے فلائنگ یونٹ کے اے آئی سینٹر آف ایکسی لینس کے تیار کردہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپلی کیشنز کا آغاز کیا۔ یہ ایپلی کیشنز آپریشنل، انتظامی اور ایرو اسپیس سکیورٹی سے متعلق کاموں کو خودکار بنانے اور تیز کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ انہیں فضائیہ کے محفوظ نیٹ ورک پر استعمال کیا جائے گا۔
وزیر دفاع نے جوانوں کو نئی ٹیکنالوجیز کی تربیت دینے اور نوجوان اگنی ویروں کی تکنیکی سمجھ بوجھ سے بہتر طور پر فائدہ اٹھانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج سے موصول ہونے والی تجاویز کی بنیاد پر اگنی ویروں کے لیے سروس کی دوسری مدت (سیکنڈ ٹور آف ڈیوٹی) کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دو روزہ کانفرنس کا موضوع ‘دی ایئرآف امپاورمنٹ : میکسیمائزنگ ایفیشی اینسی تھرو ڈی سنٹرلائزیشن’ ہے۔ اس میں فضائیہ کے سینئر افسران آپریشنز، دیکھ بھال اور انتظامیہ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
یواین آئی۔ ایف اے
-
دنیا1 week agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
دنیا1 week agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
دنیا1 week agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
دنیا1 week agoامریکی انتخابات کے نتائج کے بعد اسرائیلی سیاست دانوں نے زور دیا کہ نیتن یاہو بطور وزیرِاعظم اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے
-
ہندوستان1 week agoریلوے نے اکتوبر میں مال برداری کا نیا ریکارڈ قائم کیا
-
دنیا5 days agoوسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی جیت کے باعث امریکہ کو 3 لاکھ کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا: ٹرمپ
-
جموں و کشمیر6 days agoامریکی سینیٹر کے انتخاب پر خوشی کے اظہار کے درمیان انجینئر رشید کی قید پر سیاسی رہنماؤں کی خاموشی: اے آئی پی
-
دنیا1 week agoزیلنسکی کو امید، امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت سے یوکرین کو مزید مدد ملے گی
-
ہندوستان6 days ago2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا پہلا پڑاؤ اتراکھنڈ ہوگا: امت شاہ
-
جموں و کشمیر1 week agoجعلی دستخط والے چیک جاری کرنے کے الزام میں پلوامہ کے شخص کے خلاف جرم داخل
-
دنیا1 week agoوسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ پر ریپبلکن پارٹی کا دباؤ بڑھ گیا
-
ہندوستان6 days agoووٹ چوری کا دفاع نہیں کر سکتے، اسی لیے مودی راہل کا چیلنج قبول نہیں کر رہے: کانگریس
