جموں و کشمیر
سال 2025: اے سی بی کی بد عنوانی کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں، 78 مقدمے درج، 13 ملزموں کو سزائیں سنائی گئیں
سری نگر، جموں و کشمیر انسداد بدعنوانی بیورو (جے کے اے سی بی) نے سال 2025 کے دوران بدعنوانی کے خلاف بھر پور مہم کو جاری رکھتے ہوئے مختلف معاملوں میں 78 ایف آئی آر درج کئے جن میں بڑے ٹریپ کیسز اور بڑے اراضی دھوکہ دہی کے کیسز شامل ہیں جبکہ 13 ملزموں کو سزائیں بھی سنائی گئیں۔
بیورو کے ایک ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سال 2025 کے دوران اے سی بی نےبعد عنوانی سے متعلق بڑی تعداد میں مقدمات درج کرکے ان کی تحقیقات کیں جن میں رشوت طلب کرنے او قبول کرنے پر سرکاری ملازمین کے خلاف ٹریپ کیسز،غیر متناسب اثاثہ جات معاملات اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے مقدمات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیورو نے مجموعی طور پر 78 مقدمات کی تحقیقات کیں جن میں 36 ٹریپ کیسز، 18 غیر متناسب اثاثہ جات کیسز، 15 اختیارات کے ناجائز استعمال کیسز، اراضی کی جعلی منتقلی سے متعلق بڑے اراضی گھپلے کے 8 کیسز اور غیر قانونی تقرریوں سے متعلق ایک کیس شامل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 43 مقدمات میں مجاز عدالتوں کے سامنے چارج شیٹ داخل کئے گئے جو بروقت اور پیشہ ورانہ تحقیقات کے لئے بیورو کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
بیان کے مطابق عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں سے 7 کیسز سال 2025 میں سزائوں پر منتج ہوئے جن کے نتیجے میں 13 ملزموں کو سزا سنائی گئی۔
بیورو نےاحتیاطی نگرانی اور نظامی اصلاحات پر بھی خصوصی توجہ دی۔ ان اقدامات میں شکایات کی تصدیق، مشتبہ لین دین کی جانچ اور ان طریقہ کار میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لئے مشاورتی ہدایات کا اجرا شامل تھا جو بدعنوانی کا سبب بن سکتی تھیں۔
سال 2025 کے دوران بیورو میں 703 تصدیقی کارروائیاں(بشمول متفرق امور) انجام دی گئیں جن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 764 معاملات نمٹائے گئے جن میں گذشتہ سال کے زیر التوا معاملات بھی شامل تھے۔
اے سی بی نے سال 2025 میں حکومت کو 41 الرٹ نوٹس اور 91 ایڈوائزریز جاری کیں جن کا مقصد تصدیقی کارروائیوں، اچانک معائنوں اور شکایات کے جائزے کے دوران سامنے آنے والی اہم نظامی خامیوں، طریقہ کار کی کوتاہیوں اور بدعنوانی کے امکانات والے شعبوں کی نشاندہی کرتا تھا۔ ان اقدامات کا مقصد داخلی کنٹرول کو مضبوط بنانا، شفافیت میں اضافہ کرنا اور عوامی انتظامیہ میں جوابدہی کو بہتر بنانا تھا تاکہ بد عنوانی کے مواقع کو کم کیا جا سکے۔
اے سی بی کے مطابق ضلع ویجیلنس افسروں نے جموں وکشمیر اینٹی کورپشن بیورو کے انسداد بد عنوانی ڈھانچے کو محکمہ جاتی سطح پر مضبوط بنانے میں اہم رول ادا کیا۔
جاری۔یو این آئی۔ ایم افضل
جموں و کشمیر
لداخ کے چیف سکریٹری نے پنچایت، میونسپل اور ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا
سری نگر، مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کے چیف سکریٹری آشیش کندرا نے پیر کو آئندہ پنچایت، میونسپل اور لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) انتخابات کی تیاریوں اور انتخابی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ انتخابات کے پُرامن اور خوش اسلوبی سے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات اور لاجسٹک تیاریاں مقررہ وقت پر مکمل کی جائیں۔
لداخ کی کئی تنظیموں کی مخالفت کے باوجود، علاقے میں پنچایت اور لیہ و کرگل میونسپل کونسلوں کے انتخابات 21 نومبر کو منعقد ہونے والے ہیں، جبکہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کی تمام آٹھ ایل اے ایچ ڈی سیز کے انتخابات 4 دسمبر کو ہوں گے۔ ان انتخابات میں پورے لداخ کے 100 انتخابی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
لداخ انتظامیہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں انتخابی انتظامات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان میں بیلٹ بکس کی دستیابی اور انتظام، بیلٹ پیپرس کی چھپائی، ای وی ایم سے متعلق انتظامات، مخصوص مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، ہیٹنگ کی سہولت، نقل و حمل اور انتخابات کے ہموار انعقاد کے لیے دیگر ضروری انتظامات شامل تھے۔
چیف سکریٹری نے تمام زمینی اور ڈیجیٹل انتظامات مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام ضروری سہولتیں کافی پہلے فراہم کردی جائیں۔
انہوں نے سروس ووٹرس، ووٹروں کی تعلیم اور انتخابی شرکت سے متعلق منظم پروگرام (ایس وی ای ای پی) کی سرگرمیوں اور ووٹوں کی گنتی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس دوران ووٹوں کی گنتی کی تاریخ کے سلسلے میں تال میل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیف سکریٹری نے تمام متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاستی الیکشن کمیشن کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں، ضلعی سطح پر نگرانی کے نظام کو مضبوط بنائیں اور آئندہ ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ اور خوش اسلوبی سے منعقد کرانے کے لیے تمام انتظامات مقررہ مدت میں مکمل کریں۔
اجلاس کے دوران چیف سکریٹری نے انتخابی حلقوں اور اضلاع کے لحاظ سے نامزدگیوں کے عمل کی صورتِ حال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اب تک موصول ہونے والے نامزدگی فارموں کی تعداد، نامزدگی فارم حاصل کرنے والے امیدواروں اور آئندہ چند دنوں میں متوقع نامزدگیوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں موصول ہونے والی نامزدگیوں کی تفصیلات سے باقاعدگی کے ساتھ آگاہ کریں اور نامزدگیوں کے عمل کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھیں۔
اجلاس میں سینئر سول اور پولیس عہدیداروں نے شرکت کی۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر: ایل او سی کے قریب مشتبہ افراد کی نقل و حرکت، فوج نے فائرنگ کی
جموں، جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھے جانے کے بعد چوکس فوجی جوانوں نے فائرنگ کردی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، سرحد کی حفاظت پر مامور فوجی جوانوں نے پیر کی درمیانی شب تقریباً ڈیڑھ بجے ساوجیاں سیکٹر میں مشتبہ نقل و حرکت محسوس کی، جس کے بعد انہوں نے فائرنگ کی۔
ذرائع نے بتایا کہ ”چند راؤنڈ فائر کیے گئے اور دہشت گردوں کی جانب سے دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا۔” انہوں نے مزید بتایا کہ صبح کی پہلی روشنی کے ساتھ ہی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کردیا گیا۔
یواین آئی۔ طا
جموں و کشمیر
کولگام میں تصادم کے دوران مشتبہ دہشت گرد ہلاک، آپریشن جاری
سرینگر، جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں پیر کے روز جاری تصادم کے دوران ایک مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے، جبکہ علاقے میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق، کولگام کے لارو گاؤں میں اس وقت تصادم شروع ہوا جب سکیورٹی فورسز علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی (کاسو) انجام دے رہی تھیں۔ محاصرے کو مزید مضبوط بنانے اور کسی بھی مشتبہ شخص کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے اضافی فورسز کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے اور سکیورٹی فورسز کارروائی میں مصروف ہیں۔ تاہم، پولیس کی جانب سے اب تک کسی جانی نقصان کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
کشمیر پولیس زون نے اس سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا تھاکہ ”کولگام میں تصادم شروع ہوگیا ہے۔ پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس اور سکیورٹی فورسز کارروائی میں مصروف ہیں۔ مزید تفصیلات بعد میں دی جائیں گی۔”
یہ تصادم اتوار کے روز فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم کی جانب سے شروع کی گئی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران پیش آیا۔ یہ کارروائی علاقے میں لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے کے بعد شروع کی گئی تھی۔
گزشتہ ہفتے کولگام میں ایک تصادم کے دوران سی آر پی ایف کے تین اہلکار زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔
اس حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے ضلع کولگام کے مختلف علاقوں میں متعدد تلاشی کارروائیاں شروع کی تھیں۔
یواین آئی۔ ط ا
-
ہندوستان1 week agoوزیر اعظم مودی نے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر روحانی ورثے، قدرتی خوبصورتی اور ترقی کی ستائش کی
-
دنیا1 week agoٹرمپ کا اعتراف، ملک بدری کی سخت پالیسی حد سے زیادہ سخت تھی، وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کا سبب
-
دنیا1 week ago”خیمے ہمیں بارش سے نہیں بچاتے”: غزہ میں بارش سے بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب
-
دنیا1 week agoجزیرہ قشم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا: ایران
-
ہندوستان6 days agoیمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
-
دنیا1 week agoاین ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا چینی انٹیلی جنس سے مبینہ روابط رکھنے والی خاتون سے معاشقے کا اعتراف، امریکی کانگریس میں تحقیقات کا مطالبہ
-
ہندوستان5 days agoمودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش کا صاف ستھری ہوا کے لیے اصلاحات کا مطالبہ، کہا: کاروبار میں آسانی سے زیادہ صاف ہوامیں سانس لینے کاحق ہے
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں اسرائیل کی حمایت میں کمی کو بھی شامل کیا
-
دنیا6 days agoامریکی ایوانِ نمائندگان نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
-
دنیا1 week agoامریکی حملوں کی دھمکیوں کے درمیان ایران میں داخلی سلامتی کے سخت اقدامات
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: جموں پولیس نے پستول اور میگزین کے ساتھ ایک شخص کو گرفتار کیا
