تازہ ترین
روبینہ تبسم: ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ کامیاب تجارت پیشہ خاتون
سری نگر،5 مئی (یو این آئی) وسطی ضلع بڈگام کے قصبہ چاڑورہ سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ تعلیم یافتہ روبینہ تبسم گل فروش، تجارت پیشہ خاتون اور خواتین کے لئے ایک رول ماڈل ہونے پر فخر محسوس کر رہی ہیں چاڑورہ کے دیو باغ گائوں میں پیدا ہونے والی روبینہ تبسم کی بارہویں جماعت پاس کرنے کے فوراً بعد شادی خانہ آبادی انجام دی گئی لیکن اس کے باوصف انہوں نے عزم مصمم اور عمل پیہم کے فارمولا پر عمل کرکے نہ صرف اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے شوق کو پورا کیا بلکہ تجارت کے زینوں کو بھی کامیابی سے طے کیا۔
انہوں نے یو این آئی کے ساتھ گفتگو میں کہا: ‘بارہویں جماعت پاس کرنے کے فوراً بعد میری شادی ہوئی لیکن مستقبل میں کچھ کرنے کے جذبے کی موجیں میرے دل میں ہمیشہ موجزن رہیں جنہوں نے مجھے اپنی تعلیم جاری رکھنے کا حوصلہ دیا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘میں ڈاکٹر بننا چاہتی تھی لیکن شاید یہ خدا کو منظور نہیں تھا، تعلیمی سفر جاری رکھنے میں میرے شوہر اور دیگر اہلخانہ نے میری حوصلہ افزائی کی جس کی وجہ سے ہی ممکن ہوسکا کہ میں نے گریجویشن کی ڈگری مکمل کی اور بعد میں اندار گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (آئی جی این او یو) سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی’۔
روبینہ تبسم نے اپنی کاروباری سرگرمیوں کی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ سال 2006 میں، میں نے جموں وکشمیر انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (جے کے ای ڈی آئی) سے دس دنوں پر محیط کمرشل فلوریکلچر ٹریننگ کی۔
انہوں نے کہا: ‘اسی سال میں نے کٹ پھولوں کا کاروبار شروع کیا جس کے لئے میں نے گھر سے دو کلو میٹر دور ایک رقبہ اراضی کرایے پر لے لیا’۔
روبینہ نے اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے کے لئے گرین ہائوس اور مختلف قسم کے پھول اگانے شروع کئے جس کے لئے انہیں بیرون وادی سے اعلیٰ قسم کے پودے لانے پڑے اور مزید زمین کرایہ پر لینا پڑی۔
انہوں نے کہا: ‘ای ڈی آئی کی طرف سے ضروری جانکاری ملتی رہی جن پر عمل کرکے میں نے اپنا منصوبہ جاری رکھا’۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد میں میں نے کٹ پھول اگانے کے لئے چاڑورہ میں مزید زمین کرایے پر لے لی اور اس کے ساتھ ساتھ لیوینڈر اور گلاب کے خوشبو دار پھولوں کے لئے نرسری بنائی۔
موصوفہ نے کہا کہ بعد ازاں میں نے آرای گام علاقے میں ڈھائی سو کنال زمین کرایے پر لے لئے جس پر مختلف قسموں کے پھولوں کے پودے لگائے گئے ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘چار سے پانچ سو کنال اراضی پر لیوینڈر اور گلاب پھول زیر کاشت ہیں جن سے عرق گلاب اور تیل تیار کیا جائے گا’۔
انہوں نے کہا کہ ان چیزوں کو ملک بھر کے بازاروں میں آروما کے نام کے تحت فروخت کیا جا رہا ہے۔
روبینہ نے تیل نکالنے کا ایک یونٹ بھی قائم کیا ہے جہاں ‘آروما پور اینڈ نیچرل’ نام کے تحت تیل کو بوتلوں میں بھر کے ملک اور مقامی بازاروں میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو چیزیں تیار کی جا رہی ہیں ان میں گلاب عرق، لیوینڈر آئیل، جیرانیم آئیل ،تھیم اور کلیری سیج آئیل شامل ہیں۔
موصوف پھول فروش نے کہا کہ پہلے انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا دفعہ370 کی تنسیخ اور بعد میں کورونا وبا پھیلنے سے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔
انہوں نے کہا: ‘ تجارت میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں لیکن میں نے مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنے منصوبے کو جاری رکھا’۔
ان کا ماننا ہے کہ ہمت اور جوش و جذبہ ہو تو کسی بھی مشکل کو سرکیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘میرے شوہر اور دیگر اہلخانہ نے مجھے کافی سپورٹ کیا آج میں ایک ماں ہوں اور میرے بچوں کو بھی مجھ پر فخر ہے’۔
روبینہ نے کہا کہ میرے پھول دلی کے فلور مارکیٹ میں فروخت کئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ ہمارے چیزوں کو ہر جگہ کافی پذیرائی مل رہی ہے اور لوگ ان کے آنے کا انتظار کرتے ہیں’۔
موصوفہ مستقبل میں ایک ایسا بزنس ماڈل تیار کرنا چاہتی ہے جس سے اس کی مصنوعات نہ صرف ملک میں بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچ جائے۔
انہوں نے کہا: ‘قومی ہارٹی کلچر بورڈ نے پہلے میرے پروجیکٹوں کو سپانسر کیا اور جموں وکشمیر بینک نے مالی معاونت فراہم کی’۔
گھریلو ذمہ داریوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘ گھریلو کاموں اور تجارت کے ساتھ مصروف رہنے کے باوجود بھی میں اپنے بچوں کو خود ٹیویشن کلاسز دیتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تجارت کے ساتھ مصروف رہنے کے لئے باوجود بھی میں نے ایک ماں اور اہلیہ کا رول بخوبی انجام دیا۔
روبینہ کو شاندار کام انجام دینے کے اعزاز میں کئی اعزازات و اسناد سے نوزا گیا ہے ۔
دنیا
روبیو نے میکسیکو پر ہجرت، فینٹانائل اور منشیات فروش گروہوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے پر زور دیا
واشنگٹن، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے میکسیکو پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہجرت، فینٹانائل کی اسمگلنگ اور منشیات فروش گروہوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق روبیو نے واشنگٹن میں میکسیکو کے وزیر خارجہ روبرٹو ویلاسکو کے ساتھ مذاکرات کے دوران یہ مطالبہ کیا۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے کہا کہ روبیو نے غیر قانونی ہجرت کے خاتمے، فینٹانائل اور دیگر غیر قانونی منشیات کی امریکہ میں اسمگلنگ روکنے، غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں اور منشیات فروش گروہوں کو ختم کرنے اور ان کی ہتھیاروں تک رسائی روکنے کے لیے اقدامات پر زور دیا۔
یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ٹرمپ انتظامیہ میکسیکو کے ساتھ تعلقات میں سرحدی سکیورٹی اور غیر قانونی منشیات کے خلاف جنگ کو اہم ترجیحات قرار دے رہی ہے۔
واشنگٹن میکسیکو پر ان جرائم پیشہ تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے جو منشیات، خصوصاً فینٹانائل، کی تیاری اور اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ فینٹانائل امریکہ اور میکسیکو کے درمیان سکیورٹی تعاون میں ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے۔
میکسیکو سرحدی سکیورٹی، منظم جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں امریکہ کا ایک اہم شراکت دار ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔
ہندوستان
گجرات میں زہریلی شراب سے 13 اموات کے معاملے میں بھرت پور سے دو ملزمان گرفتار
بھرت پور، گجرات کے بھاو نگر میں زہریلی شراب سے 13 افراد کی موت کے معاملے میں گجرات پولیس نے راجستھان کے بھرت پور میں نقلی اور زہریلی شراب بنانے کے کاروبار سے مبینہ طور پر وابستہ دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گجرات پولیس نے مَتھرا گیٹ تھانہ علاقے کی ہاؤسنگ بورڈ کالونی میں چھاپہ مار کر شیر سنگھ کو گرفتار کیا، جبکہ وجے نگر سے کومل نامی شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یو این آئی۔ م س
دنیا
ایران جنگ کے دوران ٹرمپ کے سرمایہ کاری اکاؤنٹس میں تیل اور گیس کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت جاری رہی
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سرمایہ کاری اکاؤنٹس نے ایران کے ساتھ جنگ کے دوران بھی تیل اور قدرتی گیس کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت جاری رکھی۔ 2026 کی دوسری سہ ماہی تک کے مالیاتی گوشواروں کے مطابق، ان لین دین میں توانائی کے شعبے کے حصص کی لاکھوں ڈالر مالیت کی خرید و فروخت شامل تھی۔
سی بی ایس نیوز کی جانب سے جائزہ لیے گئے مالیاتی گوشواروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع کے دوران، جنگ میں عارضی جنگ بندی اور پھر دوبارہ جنگ شروع ہونے کے مرحلے میں ٹرمپ کے اکاؤنٹس نے ایکسون موبل، شیورون اور کونکو فلپس سمیت مختلف کمپنیوں کے حصص خریدے اور فروخت کیے۔
ٹرمپ کا مجموعی سرمایہ کاری پورٹ فولیو وسیع ہے۔ سی بی ایس نیوز کے مطابق سال کے پہلے تین ماہ کے دوران ان کے سرمایہ کاری اکاؤنٹس نے تقریباً 3,600 اسٹاک اور سیکیورٹیز لین دین کیے، جن کی مجموعی مالیت 21 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے 69 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے درمیان تھی۔
جوائنٹ اکنامک کمیٹی کے ڈیموکریٹ ارکان نے الگ سے اندازہ لگایا ہے کہ 2026 کے آغاز میں ٹرمپ کے تیل اور گیس کے اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ 30 لاکھ سے 4 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے درمیان تھی، جو اگست کے وسط تک بڑھ کر ایک کروڑ 70 لاکھ سے 6 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے درمیان ہوگئی۔
یہ اندازے لازمی طور پر غیر حتمی ہیں کیونکہ وفاقی مالیاتی گوشواروں کے قواعد کے تحت حکام کو لین دین کی درست رقم کے بجائے مالیت کی ایک حد ظاہر کرنا ہوتی ہے۔ ان اعداد و شمار میں 2025 کے بعد ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے تمام لین دین بھی شامل نہیں ہیں۔
گوشواروں میں نمایاں کیے گئے ایک لین دین کے مطابق 7 اپریل کو، جس روز ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ میں جنگ بندی کا اعلان کیا، ان کے اکاؤنٹس نے 5 لاکھ سے 10 لاکھ ڈالر مالیت کے ایکسون موبل کے حصص فروخت کیے۔
ایکسون موبل کا حصص اس روز 163.91 ڈالر پر بند ہوا تھا، جبکہ ٹرمپ نے اسی شام جنگ بندی کا اعلان کیا۔ اگلے روز کمپنی کے حصص 6.5 فیصد کمی کے ساتھ 153.52 ڈالر پر کھلے۔
ٹرمپ کے اکاؤنٹس نے سال کی پہلی ششماہی کے دوران شیورون، کونکو فلپس اور دیگر تیل و گیس کمپنیوں کے حصص میں بھی لاکھوں ڈالر کی خرید و فروخت کی۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا ان لین دین کے وقت یا فیصلوں میں کوئی کردار نہیں۔ ترجمان ڈیوس انگل نے کہا کہ صدر کا پورٹ فولیو “تیسرے فریق کے مالیاتی اداروں کی جانب سے آزادانہ طور پر منظم کیا جاتا ہے” اور ان کے اثاثے ایسے اختیاری اکاؤنٹس میں رکھے گئے ہیں جن میں کمپیوٹر پر مبنی ماڈل پورٹ فولیو استعمال ہوتے ہیں اور جو خودکار طور پر معروف انڈیکسز کی نقل کرتے ہیں۔
انگل کے مطابق نہ تو ٹرمپ اور نہ ہی ان کے خاندان کے ارکان سرمایہ کاری کے فیصلوں کو “براہ راست ہدایت، متاثر یا ان میں رائے شامل” کرسکتے ہیں۔
اس کے باوجود ان لین دین پر اس لیے بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں کہ جنگ کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے توانائی کمپنیوں کے حصص کو فائدہ پہنچا تھا۔ ٹرمپ نے اپنے اثاثے بلائنڈ ٹرسٹ میں رکھنے سے انکار کیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ وہ انفرادی کمپنیوں کے حصص بدستور رکھتے ہیں، بجائے اس کے کہ اپنی سرمایہ کاری کو صرف انڈیکس فنڈز، میوچل فنڈز یا دیگر وسیع پیمانے پر متنوع سرمایہ کاری تک محدود کریں۔
کچھ سرمایہ کاری ماہرین نے کہا ہے کہ کم از کم بعض لین دین کا تعلق مخصوص کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں پر شرط لگانے کے بجائے ٹیکس مینجمنٹ سے ہوسکتا ہے۔
ہیج آئی ایسٹ مینجمنٹ کے پورٹ فولیو مینیجر ڈیوڈ سیلم نے اس سے قبل ان لین دین کو “روایتی ٹیکس لاس ہارویسٹنگ سرگرمی” قرار دیا تھا، جس میں ایک جگہ ہونے والے منافع کو دوسری جگہ کے نقصان سے متوازن کرنے کے لیے بعض سیکیورٹیز نقصان پر فروخت کی جاتی ہیں۔ ان کے مطابق جدید ڈائریکٹ انڈیکسنگ سسٹمز کے ذریعے ایسی حکمت عملی خودکار طور پر بھی اختیار کی جاسکتی ہے۔
آفس آف گورنمنٹ ایتھکس کے قواعد کے تحت حکام کو مقررہ مدت کے اندر 1,000 ڈالر سے زیادہ مالیت کے اسٹاک کی خرید و فروخت ظاہر کرنا ہوتی ہے، تاہم ان گوشواروں میں اصل لین دین کے مقابلے میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ ٹرمپ نے 2026 میں کیے گئے بعض لین دین کی اطلاع بھی مقررہ وقت کے بعد دی۔
اس معاملے پر سرکاری اخلاقیات کے حامیوں نے بھی تنقید کی ہے۔ سِٹیزنز فار ریسپانسبلٹی اینڈ ایتھکس اِن واشنگٹن کے صدر ڈونلڈ شرمن نے کہا کہ ٹرمپ کو ایران جنگ کے نتائج سے مالی فائدہ نہیں اٹھانا چاہیے۔
شرمن نے کہا، “ٹرمپ کے بروکرز ان کی جانب سے تیل اور گیس کے حصص کی خرید و فروخت کررہے ہیں،” اور ان کا مؤقف تھا کہ صدر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مالی مفادات اور امریکی عوام کے مفادات کے درمیان ممکنہ تضاد سے گریز کریں۔
امریکہ میں صدر، کانگریس کے ارکان اور دیگر تمام وفاقی حکام کو قانونی طور پر انفرادی کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری اور ان کی خرید و فروخت کی اجازت ہے، اگرچہ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قانون ساز اس عمل پر پابندی عائد کرنے کی تجاویز بارہا پیش کرچکے ہیں۔
امریکی تاریخ کے دولت مند ترین صدور میں شمار ہونے والے ٹرمپ نے اپنے حالیہ پیش روؤں کے مقابلے میں بالکل مختلف طریقہ اختیار کیا ہے۔ مثال کے طور پر جارج ڈبلیو بش نے اپنے اثاثے بلائنڈ ٹرسٹ میں رکھے تھے، جبکہ بارک اوباما نے زیادہ تر انڈیکس اور میوچل فنڈز اور امریکی ٹریژری سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری رکھی۔ دوسری جانب جو بائیڈن کے پاس انفرادی کمپنیوں کے حصص نہیں تھے۔
یو این آئی۔ ع ا
-
ہندوستان1 week agoشاہ کے کہنے پر ہوئی ستییندر کی گرفتاری : کیجریوال
-
ہندوستان6 days agoوندے ماترم پر کانگریس کا فیصلہ غیر آئینی اور مستقبل میں سنگین بحران پیدا کرنے والا: راج ناتھ
-
دنیا6 days agoتیونس کے ساحل کے قریب کشتی ڈوب گئی، 13 افراد لاپتہ
-
جموں و کشمیر1 week agoکٹھوعہ کے تمام 216 سرحدی گاؤں اب سڑک سے منسلک، مکمل برق کاری : منوج سنہا
-
دنیا6 days agoایران کے صدر کا امریکہ کے ساتھ جنگ ختم کرنے پر زور، مذاکرات تعطل کا شکار
-
ہندوستان1 week agoچار ریاستوں میں ریل پٹریوں کی تعداد بڑھانے والے منصوبوں کو منظوری
-
دنیا6 days agoکانگریس پر ڈیموکریٹس کا قبضہ ہوا تو میرے خلاف مواخذے کی کوشش ہوگی: ٹرمپ
-
دنیا1 week agoکانگریس ایف-35 طیاروں کی فروخت کی منظوری دے:ترک-امریکی تنظیمیں
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر کے مسائل مرکزی حکومت حل کرے گی، امریکہ نہیں: عمرعبداللہ
-
ہندوستان6 days agoطلبہ پر پیلٹ گن کے استعمال کے میرے پاس ہیں ثبوت: راہل
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں-سری نگر کے درمیان نئی وندے بھارت ٹرین، ادھم پور میں بھی اسٹاپ ہوگا
-
دنیا6 days agoامریکی قرضہ 40 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے پر وانس کا کہنا ہے کہ بیسنٹ کے پاس ’’انتہائی خفیہ منصوبہ‘‘ ہے
