جموں و کشمیر
پڑوسی ملک نوجوانوں کو منشیات کی طرف راغب کرنے کی خاطر ‘پنجاب ماڈل’ اپنانے کی کوشش کررہا ہے:پولیس سربراہ
سری نگر، جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) دلباغ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ پڑوسی ملک جموں و کشمیرکے نوجوانوں کو منشیات کی طرف راغب کرنے کی خاطرپنجاب ماڈل اپنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں امن و امان واپس لوٹ رہا ہے اور ملی ٹینسی کا لگ بھگ خاتمہ ہو چکا ہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا ۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی اب لگ بھگ ختم ہو چکی ہے اور اب پاکستان یہاں کے نوجوانوں کو منشیات کی طرف مائل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان جموں وکشمیر میں پنجاب ماڈل کے طرز پر نوجوانوں کو منشیات کی لت میں مبتلا کرکے ان کے مستقبل کو تباہ کرنے کا خواہاں ہے۔
ڈی جی پی نے بتایا کہ جب پنجاب میں ملی ٹینسی کا خاتمہ ہوا تو وہاں پر نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کرنے کی خاطر انہیں منشیات کی اور راغب کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان پنجاب ماڈل کو جموں وکشمیر میں بھی اپنانے کی خاطر سازشیں کر رہا ہے۔
پولیس سربراہ نے کہاکہ گزشتہ سال جموں وکشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف زیر وٹالرنس پر عمل کرتے ہوئے 8ہزار کلو گرام منشیات کو تباہ کیا ، دو ہزار مقدمات درج کئے گئے اور تین ہزار لوگوں کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ۔
ان کے مطابق جس طرح سے دراندازی کے ذریعے ملی ٹینٹوں کو اس طرف دھکیلا جا رہا تھا اسی طرح اب منشیات کی کھیپ کو بھی یہاں پر پہنچایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمسایہ ملک جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے خلاف سازشیں رچا رہا ہے کہ کس طرح سے ان کے مستقبل کو تاریک بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ سرحد پار سے ہونے والی سازشوں سے جموں وکشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے لیکن آج یہاں پر امن و امان واپس لوٹ آیا ہے۔
ڈی جی پی نے بتایا کہ ملی ٹینسی لگ بھگ ختم ہو چکی ہے ، دہشت گردی کے واقعات میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر میں اس وقت پر امن ماحول ہے ،پتھروں کو اب چوٹ پہنچانے کے لئے نہیں بلکہ عمارتوں کی تعمیر کے لئے استعمال میں لایا جارہا ہے۔
سالانہ امر ناتھ یاترا کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈی جی پی نے کہاکہ اب تک زائد از تین لاکھ یاتریوں نے پوترا گھپا کے درشن کئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امر ناتھ یاترا پر آنے والے لوگ سیاحتی مقامات کا بھی رخ کر رہے ہیں ۔
آٹھ اور دس محرم الحرام کے جلوس کو نکالنے کی اجازت دینے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ شیعہ برادری کے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کی خاطر وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم شیعہ برادری کے ساتھ ہر سطح پر تعاون فراہم کر رہے ہیں اور محرم کے پر امن جلوسوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات کئے گئے ہیں۔
یو این آئی، ارشید بٹ
جموں و کشمیر
جموں توی ریلوے اسٹیشن کے باہر آگ لگنے سے تقریباً 35 دکانیں جل کر خاکستر
جموں، جموں توی ریلوے اسٹیشن کے باہر واقع شیو مارکیٹ میں اتوار کی دیر رات لگی بھیانک آگ میں تقریباً 35 دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔
افسران نے بتایا کہ اتوار کی دیر رات بازار میں آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کچھ ہی وقت میں تقریباً 30 سے 35 دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
افسران کے مطابق، ہوشیار دکانداروں نے آگ لگنے کی اطلاع دی اور فوراً فائر بریگیڈ اور ہنگامی خدمات کے محکمے کو فون کیا۔ اس کے بعد 12 سے زیادہ فائر بریگیڈ گاڑیوں اور بڑی تعداد میں فائر فائٹرز کو جائے حادثہ پر بھیجا گیا۔
افسران نے کہا، ”آگ بہت بھیانک تھی اور اس پر قابو پانا انتہائی مشکل تھا۔” انہوں نے بتایا کہ فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں تک آگ بجھانے کی کوشش کی اور صبح تک اس پر قابو پا لیا۔ اس بازار میں بنیادی طور پر کپڑوں، خشک میووں اور دست کاری کی دکانیں ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں مقامی ڈھابے اور کھانے پینے کی دکانیں بھی ہیں۔ متاثرہ دکانداروں کا اندازہ ہے کہ آگ میں کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔
آگ لگنے کی صحیح وجہ کی جانچ کے لیے فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں۔ افسران نے بتایا کہ حادثے میں کسی کے زخمی ہونے یا جان گنوانے کی اطلاع نہیں ہے۔ آگ پوری طرح بجھانے کو ترجیح دیے جانے کے باعث فی الحال مالی نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی وکرم رندھاوا نے اتوار کی دیر رات جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیو مارکیٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک اہم تجارتی مرکز ہے۔
مسٹر رندھاوا نے کہا، ”جب تک فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچیں، تب تک پورا بازار آگ کی لپیٹ میں آ چکا تھا۔” انہوں نے اندازہ ظاہر کیا کہ تقریباً 35 سے 40 دکانیں پوری طرح جل گئی ہیں۔ انہوں نے دکانداروں کو یقین دلایا کہ آگ پوری طرح بجھنے کے بعد نقصان کا مناسب اندازہ لگایا جائے گا۔ انہوں نے کہا، ”ہم بعد میں انتظامیہ کے ساتھ معاوضے کے معاملے پر بات کریں گے۔ نقصان یقیناً بہت زیادہ ہوا ہے۔”
جموں کے ڈپٹی کمشنر منگا شیرپا، پولیس سپرنٹنڈنٹ (جنوبی) ورون جندیال اور شہری و پولیس انتظامیہ کے کئی دیگر سینئر افسران بھی جائے حادثہ پر پہنچے اور راحت رسانی اور آگ بجھانے کے کاموں کی نگرانی کی۔
یو این آئی۔ ایم جے
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر پولیس نے 500 گرام گانجا کے ساتھ منشیات کے اسمگلر کو گرفتار کیا
جموں، جموں و کشمیر پولیس نے فوجی کالونی کے علاقے میں منشیات کے 3 اسمگلروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تقریباً 500 گرام گانجا برآمد کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔
حکام کے مطابق، معمول کی گشت کے دوران پولیس کی ایک ٹیم نے دشہرہ میدان کے قریب سینک پبلک اسکول کے سامنے 3 افراد کو روکا۔ اس کے بعد ان کی تلاشی لی گئی، جس میں تقریباً 500 گرام گانجا برآمد ہوا۔
ملزمین کی شناخت مغربی بنگال کے رہنے والے ایشَر علی اور مدھیہ پردیش کے چھترپور کے رہنے والے اجے اہروار اور منوج بنسل کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے تینوں کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا۔ برآمد شدہ منشیات کو مقررہ قانونی کارروائی کے تحت ضبط کرلیا گیا ہے اور ملزمین کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس یہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے کہ برآمد شدہ منشیات کہاں سے لائی گئی تھی۔ اس کے علاوہ منشیات کی مبینہ سپلائی کے نیٹ ورک سے وابستہ تمام رابطوں کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے۔ جموں پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ پر روک لگانے اور جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے کے اپنے عزم کو دہرایا ہے۔
پولیس نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں مستند معلومات ڈائل 112 یا 9858034100 پر فراہم کریں۔ حکام نے کہا کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔
یو این آئی۔ ایم جے
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر پولیس نے جے کے آئی ایم کے خفیہ نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، چار خواتین سمیت چھ افراد گرفتار
سری نگر، جموں و کشمیر پولیس نے ہفتہ کے روز ممنوعہ تنظیم ‘جموں و کشمیر اتحاد المسلمین’ (جے کے آئی ایم) کے ایک خفیہ نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے چار خواتین سمیت چھ افراد کو گرفتار کرلیا۔
بانڈی پورہ ضلع پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نیٹ ورک کو پاکستان میں موجود ایک ہینڈلر چلا رہا تھا۔ پولیس کے مطابق، یہ نیٹ ورک علیحدگی پسند نظریات اور گمراہ کن پروپیگنڈے کو فروغ دے رہا تھا، جس میں خاص طور پر خواتین کو نشانہ بنایا جارہا تھا۔
پولیس نے گرفتار افراد میں کاچلو قاضی پورہ کے رہنے والے وحید احمد بھٹ کو اس معاملے کا مرکزی ملزم قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ بانڈی پورہ کے دچی گام کی رہائشی مبینہ بانو، چیک پنجی گام کی خوشبو جان، مہک جان اور عالیہ جان، نیز ہندواڑہ کے انن وان کے رہنے والے عرفان احمد ریشی عرف رئیس کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور نیٹ ورک کی سرگرمیوں، اس سے وابستہ دیگر افراد اور اس کے مبینہ رابطوں کے بارے میں معلومات جمع کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے 2025 میں جے کے آئی ایم پر پانچ سال کے لیے پابندی عائد کردی تھی۔ تنظیم پر ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے، دہشت گردی کی حمایت کرنے اور علیحدگی پسند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے الزامات ہیں۔
یواین آئی۔ ظ ا
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: اے ایس آئی کو ایک ماہ کے لیے نشہ چھڑانے کے مرکز بھیجنے کا حکم
-
دنیا1 week agoآج ہم اپنی توانائی کی تاریخ میں ایک نیا صفحہ کھول رہے ہیں : طيب ایردوان
-
ہندوستان1 week agoجی ٹی ٹی سی آئی اور شری دھرمک لیلا کمیٹی نے لال قلعے میں ‘عالمی یومِ خوراک’ منایا
-
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز پر امریکہ اور ایران دونوں کا کنٹرول کا دعویٰ، بحری جہازوں پر حملوں میں اضافہ
-
ہندوستان1 week agoسی جے پی بانی ابھیجیت دیپکے کو ملی ضمانت
-
ہندوستان1 week agoگیانیش کمار سرکاری گواہ بنیں: راہل
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: رام بن میں چرس اور ہیروئن کے ساتھ تین افراد گرفتار
-
ہندوستان1 week agoسپریم کورٹ نے انٹرنیٹ تک رسائی کو بچوں سمیت سب کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے سی- سم کو ایڈریس کرنے کے لیے ڈیٹا بیس بنانے…
-
دنیا1 week ago“نتن یاہو، جیل سے بچنے کے لیے امریکہ کو جنگ میں دھکیل رہا ہے: عراقچی
-
پاکستان7 days agoحوثی حملوں کے بعد سعودی عرب کے دفاع کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے: پاکستان
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے روس پر پابندیوں میں نرمی کا دفاع کیا، زیلنسکی پر سخت تنقید
-
دنیا7 days agoروسی ڈیزل سے متعلق امریکی فیصلے پر کشیدگی کے درمیان زیلنسکی کی ٹرمپ کے ایلچیوں سے بات چیت
