جموں و کشمیر
جموں وکشمیر میں شعبہ سیاحت بام عروج پر، ہوم سٹے کی سہولیت کار گر ثابت ہو رہی ہے
سری نگر، جموں و کشمیر میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد کا لا متناہی سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شعبہ سیاحت بام عروج پر ہے۔وادی کشمیر کے شہرہ آفاق سیاحتی مقامات، ہوٹل و ریستوران، باغات و پارکوں میں ہر سو نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاح نظر آ رہے ہیں۔ جموں وکشمیر کے سرحدوں پر قائم پُر امن و پُر سکون فضا سے سرحدی و دیہی ٹورزم کو بھی فروغ مل رہا ہے اور سیاح ان علاقوں میں جا کر وہاں کے دلفریب و دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کو بھی ترجیح دے رہے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال رواں کے ماہ جولائی کے اواخر تک ایک کروڑ 27 لاکھ سیاحوں نے جموں و کشمیر کی سیر کی ہے اور امسال یہ تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کرنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
متعلقہ محکمے نے سیاحوں کی زیادہ سے زیادہ آمد کو یقینی بنانے کے لئے جہاں نئے سیاحتی مقامات کو منصہ شہود پر لایا ہے اور بنیادی انفراسٹریکچر کو بھی مضبوط بنایا جا رہا ہے وہیں سال گذشتہ سرحدی ٹورزم کے فروغ اور نوجوانوں کے موثر روزگار کے لئے ہوم سٹے کا قیام عمل میں لایا گیا جو انتہائی ثمر ثابت ہو رہا ہے۔ہوم سٹیز میں قیام کرنے والے سیاح انتہائی آرام و سکون محسوس کرتے ہیں اور کشمیر کی شاندار تہذیب یہاں تک کہ بنیادی سطح پر کشمیریوں کے زندگی کے گذر اوقات سے بھی بخوبی واقف ہوجاتے ہیں۔
متعلقہ محکمے کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ ہوم سٹے محکمے کی ایک نئی پہل ہے جس سے سیاحوں کے قیام و طعام کی گنجائش وسیع تر ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ ہوم سٹیز سے ماحولیات پر منفی اثرات بھی مرتب نہیں ہوتے ہیں اور اس سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے موثر مواقع میسر ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا: ‘گھروں میں قیام کرنے سے ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے سیاح کشمیر کے شاندار تہذیب، رہن سہن اور زندگی کے گذر اوقات سے بخوبی واقف ہوجاتے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ اس پہل سے شعبہ سیاحت میں روز گار حاصل کرنے کا وسیلہ وسیع تر ہو کر عام لوگوں تک پہنچ گیا۔
موصوف عہدیدار نے کہا کہ ہوم سٹیز سے سیاحوں کے قیام و طعام کا مسئلہ حل ہوا ہے۔انہوں نے کہا: ‘حکومت نے جموں وکشمیر میں نئے سیاحتی مقامات متعارف کئے ہیں جہاں ابھی ہوٹل و ریستوران کا بھر پور انتظام نہیں ہے ایسی جگہوں کے لئے ہوم سٹیز زیادہ اہمیت کے حامل ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘ان جگہوں پر ہوٹلوں وغیرہ کے لئے تعمیراتی کام سے وہاں کا ماحولیات متاثر ہوسکتا ہے ہوم سٹیز کے قیام سے ایسے مسائل بھی سامنے نہیں آئے۔ایک ہوم سٹے زیادہ سے زیادہ چار کمروں پر مشتمل ہوتا ہے جس کو متعلقہ محکمے میں رجسٹر کرنا لازمی ہے۔
جموں و کشمیر حکومت نے سال 2022 میں یوم مشن کے تحت 5 سو نوجوانوں کو 50 ہزار روپیے کی ترغیب سے ہوم سٹے کے قیام کے لئے مدد کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔اس کا مقصد جہاں دیہی سیاحت کے فروغ و استحکام کو یقینی بنانا تھا وہیں نوجوانوں کے لئے زیادہ سے زیادہ روز گار کے مواقع فراہم کرنا بھی اس کا ایک مدعا تھا۔
محکمے کے عہدیدار نے بتایا کہ اب تک قریب ساڑھے 9 ہزار بیڈس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ساڑھے نو ہزار بیڈس قریب پانچ ہزار کمروں پر مشتمل ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے تمام اضلاع میں ہوم سٹیز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں سیاح قیام کرکے آرام و سکون محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے سیاحتی مقامات اور دور افتادہ علاقوں میں ہوم سٹیز کے قیام پر زیادہ ترجیح دی جاتی ہے تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی پریشانی لاحق نہ ہوسکے۔
کیرن سے تعلق رکھنے والے ایک ہوم سٹے کے مالک ادریس خان نے بتایا کہ امسال سیاحوں کے رش میں اضافہ درج ہوا ہے۔انہوں نے کہا: ‘میں نے سیاحوں کے لئے 13 کمروں پر مشتمل ہوم سٹے سہولیت دستیاب رکھی ہے جس میں سیاحوں کے لئے تمام تر سہولیات کو بہم رکھا گیا’۔ان کا کہنا تھا کہ سیاح ایسی سہولیات میں قیام کرکے خوشی و اطمینان محسوس کرتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سال گذشتہ دسمبر 2022 کے اواخر تک ایک کروڑ 88 لاکھ سیاح جموں وکشمیر کی سیر سے لطف اندوز ہوئے جو گذشتہ 75 برسوں یعنی ملک کی آزادی سے سب سے بڑی تعداد تھی اور امسال یہ ریکارڈ ٹوٹ جانے کی توقع ہے۔علاوہ ازیں امسال غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ درج ہو رہا ہے۔
یو این آئی ایم افضل، ارشید بٹ
جموں و کشمیر
سینٹرل ایشیا کے دورے پر مودی کی روانگی سے قبل محبوبہ نے خطے سے دوبارہ جڑنے کے لیے جموں و کشمیر کے تاریخی راستوں کی وکالت کی
سری نگر، وزیراعظم نریندر مودی کے 29 اگست سے شروع ہونے والے سینٹرل ایشیا کے چار روزہ دورے سے قبل پی ڈی پی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعہ کے روز اس خطے کے سینٹرل ایشیا سے جڑنے والے تاریخی راستوں کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جموں و کشمیر کی اہم جغرافیائی موقعیت اسے تجارت، رابطے اور تعاون کا ایک بڑا ذریعہ بنا سکتی ہے۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں محبوبہ نے کہا کہ مودی اپنے دورے کے دوران جنوبی ایشیا کو سینٹرل ایشیا سے دوبارہ جوڑنے کے لیے جموں و کشمیر کے تاریخی راستوں کو استعمال کرنے کے تصور پر بات کریں۔ انہوں نے کہا، “جب وزیراعظم مودی سینٹرل ایشیا کے دورے پر جا رہے ہیں، تو انہیں جنوبی ایشیا کو سینٹرل ایشیا سے دوبارہ جوڑنے کے لیے جموں و کشمیر کے تاریخی راستوں کو استعمال کرنے کی تجویز پر بات چیت کرنی چاہیے۔
جموں و کشمیر کا اہم جغرافیائی موقع نہ صرف اس خطے بلکہ پورے ملک کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ثابت ہو سکتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا، “خوتان، یارقند اور کاشغر کی طرف راستے کھولنے سے جموں و کشمیر تنازع کے علاقے سے بدل کر تجارت، رابطے اور تعاون کا ایک مرکزی ذریعہ بن سکتا ہے۔ جغرافیائی مواقع کو امن اور خوشحالی کے لیے استعمال کرنے دیں تاکہ کشمیر میں ایک نیا سورج طلوع ہو۔”
واضح رہے کہ وزیراعظم مودی ایس سی او سمٹ کے لیے ازبکستان کے ساتھ ساتھ کرغزستان کے دورے پر جا رہے ہیں۔
یو این آئی۔ ایف اے۔ م الف
جموں و کشمیر
ایم کے سنہا نے جموں و کشمیر کے نئے انٹیلی جنس چیف کا عہدہ سنبھال لیا
سری نگر، 1996 بیچ کے آئی پی ایس افسر ایم کے سنہا نے جمعہ کو جموں و کشمیر کے نئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی)، کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کا عہدہ سنبھال لیا۔ انہوں نے نتیش کمار کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے، جنہیں اے ڈی جی پی آرمڈ پولیس، جموں و کشمیر مقرر کیا گیا ہے۔
ایم کے سنہا اس سے قبل جموں و کشمیر پولیس ہیڈکوارٹرز (پی ایچ کیو) میں اے ڈی جی پی (ہیڈکوارٹرز) کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں اب سی آئی ڈی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد ایم کے سنہا نے سی آئی ڈی کے سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور محکمہ کے انٹیلی جنس ونگ کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہیں محکمہ کی مختلف شاخوں کے کام کاج اور سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو ایم کے سنہا کو مرکز کے زیر انتظام علاقے کا نیا انٹیلی جنس چیف مقرر کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
دریں اثنا، 1999 بیچ کے آئی پی ایس افسر نتیش کمار، جو اس سے قبل اے ڈی جی پی سی آئی ڈی اور جموں و کشمیر اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) کے ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز تھے، کو اے ڈی جی پی آرمڈ پولیس، جموں و کشمیر مقرر کیا گیا ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
کشتواڑ ضلع کے سینکڑوں بااثر اساتذہ کئی برس سے ایک ہی جگہ اپنی من مرضی سے اسکولوں میں بیٹھے ہوئے ہیں: اجیت بھگت
کشتواڑ، جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور چناب ویلی کے ترجمان اجیت بھگت نے الزام عائد کیا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن عملاً بدعنوانی کا گڑھ بن چکا ہے، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کشتواڑ ضلع کے ساتھ ساتھ ڈوڈہ اور رامبن اضلاع میں سینکڑوں اساتذہ ہیں۔ جو کہ اپنی من مرضی سے اسکولوں میں بیٹھے ہوۓ ہیں۔
سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر نے یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ٹرانسفر پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وہ اپنی مرضی کی جگہ پر بیٹھے ہیں، حیرت کی بات یہ ہے کہ ان میں سے کئی رہائشی اساتذہ جو دور دراز علاقوں میں تعینات ہیں، بغیر کوئی کام کیے محکمہ سے تنخواہ لے رہے ہیں،
مسٹر بھگت نے کہا کہ بہت سے ایسے اساتذہ ہیں جو پچھلے کئی سالوں سے اعلیٰ حکام سے رابطہ کر رہے ہیں جب کہ حقیقی اساتذہ جو اسٹریم لائن جگہوں پر پوسٹنگ کے مستحق ہیں، وہ محکمے میں گہرے گٹھ جوڑ کی وجہ سے ہیں،
مسٹر بھگت نے الزام لگایا کہ شہر میں اسکول سب سے پسندیدہ جگہ ہیں جہاں صرف بااثر اساتذہ ہی تعینات ہیں جب کہ شہر میں بہت سے اچھے اساتذہ کو کبھی موقع نہیں دیا جاتا۔
سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر نے کہا کہ تبادلوں میں غیر جانبداری کے مسائل سامنے آئے لیکن اعلیٰ حکام کی دانستہ لاعلمی اور انتظامیہ کے کمزور عزم کی وجہ سے اس لعنت پر قابو نہیں پایا جا سکا۔
انھوں نے کہا کہ انتظامیہ اساتذہ کے مسائل سے بخوبی واقف ہے، جنہیں گٹھ جوڑ کا خمیازہ بھگتنا پڑا جس نے انہیں اپنے آبائی علاقوں میں واپس جانے کی اجازت نہیں دی، اس لیے انہوں نے اپنی زیادہ تر خدمات دور دراز علاقوں میں گزاریں۔
یو این آئی۔ ظ ا۔م الف
-
ہندوستان1 week agoوندے ماترم پر کانگریس کا فیصلہ غیر آئینی اور مستقبل میں سنگین بحران پیدا کرنے والا: راج ناتھ
-
دنیا1 week agoتیونس کے ساحل کے قریب کشتی ڈوب گئی، 13 افراد لاپتہ
-
ہندوستان1 week agoایف آئی آر درج کرا دی، لگے آٹھ گھنٹے، انصاف کی سمت میں کامیابی کا میرا پہلا قدم: راہل
-
دنیا1 week agoایران کے صدر کا امریکہ کے ساتھ جنگ ختم کرنے پر زور، مذاکرات تعطل کا شکار
-
دنیا1 week agoکانگریس پر ڈیموکریٹس کا قبضہ ہوا تو میرے خلاف مواخذے کی کوشش ہوگی: ٹرمپ
-
ہندوستان1 week agoطلبہ پر پیلٹ گن کے استعمال کے میرے پاس ہیں ثبوت: راہل
-
تازہ ترین1 week agoیوم آزادی اور مسلمان
-
دنیا1 week agoامریکی قرضہ 40 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے پر وانس کا کہنا ہے کہ بیسنٹ کے پاس ’’انتہائی خفیہ منصوبہ‘‘ ہے
-
ہندوستان1 week agoمودی نے خلائی شعبے کے اسٹارٹ اپس کے سربراہان اور بانیوں سے بات چیت کی
-
ہندوستان1 week agoہندستان اور سنگاپور نے اسٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ لیا، ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور
-
جموں و کشمیر1 week agoلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نوجوانوں سے مقامی ضروریات کے مطابق زرعی حل تیار کرنے کی اپیل کی
-
ہندوستان1 week agoراہل پیلیٹ گن متاثرہ کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کے مطالبے کے حق میں ڈی سی پی دفتر کے باہر دھرنے پر بیٹھے
