کھیل
ہندوستانی خواتین ٹیم نے آئرلینڈ کو 436 رنز کا ریکارڈ ہدف دیا
راجکوٹ، پرتیکا راول (154) اور کپتان اسمرتی مندھانا (135) کی طوفانی سنچری اننگز کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے بدھ کو تیسرے ون ڈے میں جیت کے لیے آئرلینڈ کو 436 رنز کا ریکارڈ ہدف دیا ہے۔
آج یہاں ہندوستانی ٹیم کی کپتان اسمرتی مندھانا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی پرتیکا راول اور کپتان اسمرتی مندھانا کی اوپننگ جوڑی نے طوفانی انداز میں آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 233 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔
اورلا پرینڈرگاسٹ نے 27ویں اوور میں اسمرتی مندھانا کو آؤٹ کرکے آئرلینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ مندھانا نے 80 گیندوں پر 135 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے اور سات چھکے شامل تھے۔ اس دوران انہوں نے اپنی 10ویں ون ڈے سنچری بھی صرف 70 گیندوں میں مکمل کی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی ریچا گھوش نے پرتیکا راول کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 104 رنز کی شراکت قائم کی۔ 39ویں اوور میں آرلین کیلی نے ریچا گھوش کو بولڈ کر کے پویلین بھیج دیا۔ ریچا گھوش نے 42 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے (59) رنز بنائے۔
ڈبل سنچری کی طرف بڑھنے والی پرتیکا راول 44ویں اوور میں فرییا سارجنٹ کے ہاتھوں ڈیمپسی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئیں۔ پرتیکا راول نے 129 گیندوں میں 20 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 154 رنز بنائے۔ راول 150 کا ہندسہ عبور کرنے والے تیسرے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ تیجل ہسبانیس (28)، ہرلین دیول (15) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔
دیپتی شرما (11) اور جمائمہ روڈریگس (چار) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستانی خواتین ٹیم کی بلے بازوں نے آئرش گیند بازوں کے چتھڑے اڑادیے اور مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 435 رنز کا بڑا اسکور کھڑاکیا۔
آئرلینڈ کی جانب سے اورلا پرینڈرگاسٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ آرلین کیلی، فرییا سارجنٹ اور جارجینا ڈیمپسی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
یواین آئی۔ ظ ا
کھیل
قومی اسکول کھیلوں کے انڈر 17 گرلز کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے جموں میں تیاریاں مکمل، ڈی جی یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس نے مقامات کا معائنہ کیا
جموں، جموں شہر میں پہلی مرتبہ رات کے وقت کرکٹ میچوں کے انعقاد کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
محکمہ امورِ نوجوانان و کھیل (ڈی وائی ایس ایس) 15 سے 20 نومبر تک یہاں 70ویں قومی اسکول کھیلوں کے انڈر 17 گرلز کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق، پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے بیشتر میچ جموں یونیورسٹی کے میدانوں اور شہر کے مضافات میں واقع توہ کرکٹ گراؤنڈ پر فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔
اس باوقار ٹورنامنٹ کا انعقاد جموں و کشمیر کے وزیر برائے امورِ نوجوانان و کھیل میر سیف اللہ اور محکمہ امورِ نوجوانان و کھیل کے کمشنر سکریٹری سرمد حفیظ کی سرپرستی میں کیا جارہا ہے، جبکہ محکمہ کی ڈائریکٹر جنرل انورا دھا گپتا کی مجموعی نگرانی میں تمام انتظامات مکمل کیے جارہے ہیں۔
محکمہ امورِ نوجوانان و کھیل، جموں کے جوائنٹ ڈائریکٹر اندر جیت پریہار کی موجودگی میں انورا دھا گپتا نے ٹورنامنٹ کے مختلف مقامات کا معائنہ کیا اور اہم کمیٹیوں، بشمول ٹیکنیکل کمیٹی، کے کنوینروں کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تیاریوں کا جائزہ لیا اور ایونٹ کے خوش اسلوبی سے انعقاد کو یقینی بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس کے دوران کمیٹیوں کے کنوینروں نے ڈائریکٹر جنرل کو بتایا کہ تمام مقامات تیار ہیں اور تکنیکی، انتظامی، رسدی اور دیگر متعلقہ انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
انورا دھا گپتا نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ہورڈنگز، بینروں اور تشہیر کے دیگر مواد کی تنصیب بروقت یقینی بنائی جائے، تاکہ قومی سطح کے اس کھیلوں کے مقابلے کو اس کی اہمیت کے مطابق نمایاں تشہیر اور پیشہ ورانہ انداز دیا جاسکے۔
انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ غیر متزلزل عزم، باریک بینی اور باہمی تال میل کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور کھیل کے جذبے، اس کے تقدس اور وقار کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد نہ صرف جموں کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں کرے گا بلکہ قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے ایک قابلِ اعتماد اور ممتاز مقام کے طور پر جموں و کشمیر کی بڑھتی ہوئی شناخت کو بھی مزید مستحکم کرے گا۔
ایک خصوصی پیغام میں ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس جموں و کشمیر انورا دھا گپتا نے کہاکہ ”یہ ٹورنامنٹ محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ حوصلے، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور ہماری نوجوان کھلاڑیوں کی بے پناہ صلاحیتوں کا جشن ہے۔ جب فلڈ لائٹس جموں کے میدانوں کو روشن کریں گی تو امید ہے کہ ان کی روشنی ہر اس نوجوان لڑکی کے خوابوں کو بھی منور کرے گی جو بلند مقاصد حاصل کرنے کا حوصلہ رکھتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ امورِ نوجوانان و کھیل عالمی معیار کے مواقع فراہم کرنے، کھیلوں کے ذریعے لڑکیوں کو بااختیار بنانے اور جموں و کشمیر کو قومی سطح کے شاندار کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کرنے والے ایک قابلِ فخر خطے کے طور پر متعارف کرانے کے لیے پُرعزم ہے۔
چھ روزہ اس قومی کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد سات مقامات پر کیا جائے گا، جو قومی اہمیت کے حامل ایونٹس کی میزبانی کے لیے جموں کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کا مظہر ہے۔
ملک بھر سے تقریباً 30 ٹیموں کی شرکت متوقع ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد سے جموں نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں، مْسابقتی جذبے اور کھیلوں میں باہمی تعاون و دوستی کے ایک متحرک مرکز میں تبدیل ہوجائے گا۔
یواین آئی۔ ظ ا
کھیل
پاکستان کو 19 رن سے شکست دے کر ہندوستان نے ایشیائی کھیلوں کی کرکٹ کا طلائی تمغہ جیتا
نشین، (جاپان) ابھیشیک شرما (61)، تلک ورما (ناٹ آؤٹ 51) اور شیوم دوبے (27 رن/2 وکٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے ہفتہ کو ایشیائی کھیل 2026 کی کرکٹ مقابلے کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان کو 19 رن سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کر لیا۔
212 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری پاکستان کی ٹیم کے لیے کپتان صاحبزادہ فرحان اور ماجد صاداقت کی افتتاحی جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 33 رن جوڑے۔ چوتھے اوور میں واشنگٹن سندر نے صاحبزادہ فرحان (10) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اگلے ہی اوور میں اکشر پٹیل نے عثمان خان (3) کو آؤٹ کردیا۔ پاکستان کی تیسری وکٹ ساتویں اوور میں ماجد صاداقت (23) کے طور پر گری۔ اس کے بعد حسن نواز اور صائم ایوب کی جوڑی نے پاکستان کی اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 87 رن جوڑ کر پاکستان کی میچ میں واپسی کرائی۔ 15ویں اوور میں شیوم دوبے نے صائم ایوب (29) کو آؤٹ کرکے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ 18ویں اوور میں واشنگٹن سندر نے عبدالصمد (9) کو آؤٹ کرکے پاکستان کو پانچواں جھٹکا دیا۔ اس دوران حسن نواز نے ایک سرا سنبھالے رکھتے ہوئے تیزی سے رن بنائے۔
شیوم دوبے نے انہیں میچ کی آخری گیند پر وکٹ کیپر سنجو سیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ انہوں نے 51 گیندوں میں 5 چوکے اور 7 چھکوں کی مدد سے 96 رن کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں 6 وکٹ پر 192 رن ہی بنا سکی اور مقابلہ 19 رن سے ہار گئی۔ہندوستان کی جانب سے شیوم دوبے، واشنگٹن سندر اور اکشر پٹیل نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے پہلے آج یہاں ابھیشیک شرما (61) اور تلک ورما (ناٹ آؤٹ 51) کی جارحانہ نصف سنچری اننگز کی بدولت ہندوستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 212 رن کا ہدف دیا تھا۔ ہندوستانی کپتان شریئس ایئر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری ہندوستانی ٹیم کو تیسرے اوور کی پہلی گیند پر وائبھو سوریہ ونشی (15) کے طور پر پہلا جھٹکا لگا۔ اگلے ہی اوور میں سنجو سیمسن (2) رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کپتان شریئس ایئر نے ابھیشیک شرما کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 42 رن کی شراکت داری ہوئی۔ آٹھویں اوور میں عرفات منہاس نے ابھیشیک شرما کو اسٹمپ آؤٹ کرکے اس شراکت داری کو توڑا۔ ابھیشیک نے 28 گیندوں میں 3 چوکے اور 7 چھکے لگاتے ہوئے 61 رن کی اننگز کھیلی۔
13ویں اوور میں ایشان کشن (20) رن اور اگلے اوور میں شریئس ایئر (21) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ شیوم دوبے نے 15 گیندوں میں 2 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 27 رن بنائے۔ ہندوستان نے مقررہ 20 اوور میں 6 وکٹ پر 211 رن کا چیلنجنگ اسکور کھڑا کیا۔ تلک ورما نے 22 گیندوں میں 3 چوکے اور 4 چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 51 رن کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور احمد دانیال نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔ صائم ایوب اور ابرار احمد نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
یو این آئی۔ ایم جے
کھیل
ڈوگرا اور مظفر نے جموں و کشمیر کی اننگز کو سنبھالا
سری نگر، موجودہ رنجی ٹرافی چیمپئن جموں و کشمیر نے سری نگر میں ایرانی کپ کے دوسرے دن زبردست حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو مشکل حالات سے نکل کر ’ریسٹ آف انڈیا‘ کے خلاف پہلی اننگز میں 41 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
صبح 37 رنز پر چار وکٹ اور لنچ کے بعد 166 رنز پر آٹھ وکٹ کے مشکل مرحلے سے گزرنے والی موجودہ رنجی ٹرافی چیمپئن ٹیم کو تجربہ کار پارس ڈوگرا (75 رنز) اور نمبر 10 پر کھیلنے والے لون ناصر مظفر (58 گیندوں پر جارحانہ 64 رنز) نے سنبھالا اور ٹیم کو 278 رنز تک پہنچا دیا۔
’ریسٹ آف انڈیا‘ کی ٹیم پہلے دن 237 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ جموں و کشمیر کی برتری حاصل کرنے کی امیدوں کو اس وقت ابتدائی دھچکا لگا جب مکیش چودھری نے اوور نائٹ بلے باز شبھم کھجوریہ اور کامران اقبال کو پہلے ہی پانچ اووروں میں آؤٹ کر دیا۔
اس کے بعد ڈوگرا اور عبدالصمد نے 97 رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کو سنبھالا اور لنچ تک جموں و کشمیر کا اسکور 134 رنز پر چار وکٹ تک پہنچا دیا۔ صمد (57 رنز) اس جوڑی میں زیادہ جارحانہ رہے اور وقفے سے عین قبل انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی 12ویں نصف سنچری مکمل کی۔
تاہم لنچ کے بعد ’ریسٹ آف انڈیا‘ نے واپسی کرتے ہوئے صمد کو آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد کنہیا ودھاون، عابد مشتاق اور ساحل لوٹرا بھی 11 اوور کے دوران آؤٹ ہوگئے۔ 166 رنز پر آٹھ وکٹ گرنے کے بعد بھی جموں و کشمیر 71 رنز پیچھے تھی۔
اس کے بعد ڈوگرا اور مظفر نے نویں وکٹ کے لیے 64 رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کا رخ بدل دیا۔
ڈوگرا 75 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے ساتھ ہی چودھری نے اننگز میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی، لیکن مظفر نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور آخری وکٹ کے لیے سنیل کمار کے ساتھ 48 رنز جوڑ کر جموں و کشمیر کو برتری دلا دی۔ مظفر بالآخر 64 رنز پر آؤٹ ہوئے اور جموں و کشمیر کی پوری ٹیم 278 رنز پر سمٹ گئی۔ چودھری نے 78 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کیے، جبکہ آکاش دیپ نے 43 رنز دے کر تین وکٹ لیے۔
جواب میں ’ریسٹ آف انڈیا‘ نے اسٹمپس تک ایک وکٹ پر 24 رنز بنا لیے تھے اور وہ اب بھی 17 رنز پیچھے تھی۔ سودیپ گھرامی اور سَنَت سانگوان ناٹ آؤٹ تھے، جبکہ سست اوور ریٹ کے باعث 15 اوورز کا کھیل نہیں ہو سکا۔
مختصر اسکور:
ریسٹ آف انڈیا: 237 اور 1/24 (سنیل کمار 1/9)، جموں و کشمیر: 278 (پارس ڈوگرا 75، لون ناصر مظفر 64، عبدالصمد 57؛ مکیش چودھری 5/78، آکاش دیپ 3/43) — 17 رنز پیچھے۔
یواین آئی۔ ظ ا
-
دنیا1 week agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
دنیا1 week agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
دنیا1 week agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
دنیا1 week agoامریکی انتخابات کے نتائج کے بعد اسرائیلی سیاست دانوں نے زور دیا کہ نیتن یاہو بطور وزیرِاعظم اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے
-
ہندوستان6 days ago2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا پہلا پڑاؤ اتراکھنڈ ہوگا: امت شاہ
-
ہندوستان1 week agoریلوے نے اکتوبر میں مال برداری کا نیا ریکارڈ قائم کیا
-
دنیا5 days agoوسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی جیت کے باعث امریکہ کو 3 لاکھ کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا: ٹرمپ
-
جموں و کشمیر6 days agoامریکی سینیٹر کے انتخاب پر خوشی کے اظہار کے درمیان انجینئر رشید کی قید پر سیاسی رہنماؤں کی خاموشی: اے آئی پی
-
جموں و کشمیر1 week agoجعلی دستخط والے چیک جاری کرنے کے الزام میں پلوامہ کے شخص کے خلاف جرم داخل
-
دنیا1 week agoزیلنسکی کو امید، امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت سے یوکرین کو مزید مدد ملے گی
-
دنیا1 week agoوسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ پر ریپبلکن پارٹی کا دباؤ بڑھ گیا
-
ہندوستان6 days agoووٹ چوری کا دفاع نہیں کر سکتے، اسی لیے مودی راہل کا چیلنج قبول نہیں کر رہے: کانگریس
