جموں و کشمیر
دراندازی اور ملک دشمن سرگرمیوں کے خلاف چوکس رہیں، جموں و کشمیر پولیس نے پونچھ کے سرحدی باشندوں کو آگاہ کیا
جموں، جموں و کشمیر پولیس نے پونچھ کے سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو دراندازی اور ملک دشمن سرگرمیوں کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے چوکس رہنے کی اپیل کی ہے۔
ایڈیشنل ایس پی پونچھ ڈاکٹر اجے شرما کی نگرانی میں بالاکوٹ کے زیرو لائن علاقے میں پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پولیس حکام نے پولیس اور عوام کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے، سلامتی سے متعلق معاملات میں مقامی لوگوں کی شمولیت بڑھانے اور سرحدی آبادی کی جائز شکایات دور کرنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس کے دوران سرحدی دیہات کے رہنے والوں کو موجودہ سکیورٹی چیلنجز اور دراندازی، دہشت گردی، ملک دشمن سرگرمیوں، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر جرائم کے خلاف چوکس رہنے کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
لوگوں سے کہا گیا کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص، گاڑی، چیز یا غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس اور سکیورٹی اداروں کو دیں۔ متعلقہ افسران کے موبائل نمبر بھی مقامی باشندوں کے ساتھ شیئر کیے گئے۔
سرکاری بیان کے مطابق اجلاس میں منشیات اور ان کی اسمگلنگ کے خطرے پر بھی بات ہوئی اور لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ منشیات سے متعلق سرگرمیوں کے بارے میں قابل اعتماد معلومات پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔ انہیں سائبر فراڈ سے بھی آگاہ کیا گیا، جن میں جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس، جعل سازی پر مبنی روابط، ون ٹائم پاس ورڈ اور پن کے ذریعے دھوکہ دہی اور بینکنگ لین دین میں فراڈ شامل ہیں۔ لوگوں کو آن لائن لین دین کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا۔
مقامی باشندوں نے سرحدی دیہات تک رسائی، سکیورٹی جانچ، اسمارٹ فینس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی نگرانی کے نظام کی تنصیب کے علاوہ جنگلی سؤروں کی جانب سے زرعی فصلوں کو پہنچائے جانے والے مسلسل نقصان سے متعلق مسائل بھی اٹھائے۔
پولیس حکام نے ان کے مسائل غور سے سنے اور یقین دلایا کہ جائز شکایات کو متعلقہ حکام کے سامنے مناسب کارروائی کے لیے اٹھایا جائے گا، تاہم سکیورٹی تقاضوں کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔
مقامی باشندوں کو زیرو لائن اور بالاکوٹ کے سرحدی علاقوں میں امن، سلامتی اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اجلاس میں پولیس اور عوام کے درمیان مسلسل رابطے، کمیونٹی کی چوکسی اور بروقت معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
یو این آئی۔ م ع
جموں و کشمیر
سماجی اور سیاسی تنظیموں پر عائد پابندیوں کی پالیسی پر مرکز ثانیِ نظر کرے: میرواعظ عمر فاروق
سری نگر، حریت کانفرنس کے چیئرمین اور کشمیر کے اہم مذہبی رہنما میرواعظ عمر فاروق نے منگل کے روز مرکزی حکومت سے جموں و کشمیر میں سماجی اور سیاسی تنظیموں پر مبینہ پابندیاں عائد کرنے کی پالیسی پر ازسرنو غور کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی سخت پابندیاں مقامی شہریوں اور تنظیموں کے لیے ہراسانی اور ڈرانے دھمکانے کا ذریعہ نہیں بننی چاہئیں۔
میرواعظ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ امن بحالی اور استحکام کے لیے یہ ضروری ہے کہ مرکزی حکومت عوامی جذبات اور اپیلوں کو سنے اور پابندیوں کی پالیسی پر دوبارہ غور کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب ایسی پابندیوں کو عدالتوں میں چیلنج کیا جاتا ہے، تو قانونی عمل کو شفافیت اور غیر جانبداری کے ساتھ چلنے دینا چاہیے اور حکام کو کسی بھی ایسی یکطرفہ کارروائی سے گریز کرنا چاہیے جو قانونی راستوں کو بے معنی بنا دے۔ انہوں نے ضبط کی گئی جائدادوں اور تعلیمی اداروں کے حوالے سے ضبط و تحمّل برتنے اور قانون و عدالتی عمل کی مکمل پاسداری کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حقیقی عوامی حمایت رکھنے والی آوازوں کو نظر انداز کر کے یا ان کی جگہ سہولت بخش متبادل کھڑے کر کے کوئی بھی پائیدار سیاسی عمل شروع نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی سماجی اور سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے گروہوں کو جگہ دی جانی چاہیے اور ان کے ساتھ بات چیت کے عمل سے جڑنا چاہیے۔
قابلِ ذکر ہے کہ میرواعظ کا یہ بیان پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی کے بیان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ محبوبہ مفتی نے بھی جماعتِ اسلامی سے منسوب جائیدادوں کے معاملے میں حکومت سے مناسب قانونی طریقۂ کار اختیار کرنے کی اپیل کی تھی۔
وزارتِ داخلہ نے یو اے پی اے قانون کے تحت اس تنظیم پر 2019 میں پانچ سال کی پابندی عائد کی تھی، جسے فروری 2024 میں مزید پانچ سال کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔
یو این آئی۔ م ع
جموں و کشمیر
میڈیکل انٹرنز نے بھوک ہڑتال شروع کردی، عمر عبداللہ نے مسئلے کے جلد حل پر زور دیا
سری نگر، احتجاج کرنے والے میڈیکل انٹرنز کی جانب سے 48 گھنٹے کی بھوک ہڑتال شروع کیے جانے کے درمیان جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو اس مسئلے کے جلد حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کے صحت خدمات اور انٹرنز کی تربیت پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے پر پہلا فیصلہ محکمہ صحت کو ہی کرنا ہوگا۔
سری نگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ مسئلہ بنیادی طور پر محکمہ صحت کے دائرۂ کار میں آتا ہے اور دیگر سرکاری محکمے اسی وقت کارروائی کرسکتے ہیں جب محکمہ صحت اس سلسلے میں فیصلہ کرے۔
عمر عبداللہ نے کہاکہ ’’یہ افسوسناک ہے۔ معاملہ اس مرحلے تک نہیں پہنچنا چاہیے تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کو اس معاملے میں پہلا فیصلہ کرنا ہوگا۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ وزیر صحت سکینہ ایتو نے احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں سے بات کی ہے اور ان کی معلومات کے مطابق انہیں یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’لیکن اس کے بعد کیا ہوگا، یہ آپ کو سکینہ سے پوچھنا چاہیے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جائے، کیونکہ یہ تعطل کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’سب سے پہلے تو ان کا کام متاثر ہو رہا ہے۔ ان کی انٹرن شپ متاثر ہو رہی ہے۔ اور ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے بچے اس طرح کی صورت حال سے گزریں۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے ایک بار پھر کہا کہ پہلے محکمہ صحت کو فیصلہ کرنا ہوگا، جس کے بعد حکومت کے دیگر محکمے اس معاملے میں کارروائی کرسکیں گے۔
جموں و کشمیر کے مختلف میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس انٹرنز گزشتہ ایک ہفتے سے کام معطل کیے ہوئے ہیں اور اپنے اسٹائپنڈ میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ تقریباً سات برس سے وظیفے میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ فی الحال انٹرنز کو تقریباً 12,300 روپے ماہانہ یعنی تقریباً 400 روپے یومیہ وظیفہ ملتا ہے، جسے بڑھا کر 30,000 روپے ماہانہ کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
کچھ میڈیکل کالجوں کے انٹرنز نے آج سے 48 گھنٹے کی بھوک ہڑتال بھی شروع کردی ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر پولیس نے بین ریاستی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، کٹھوعہ میں افیون سمیت 4 گرفتار
جموں، بین ریاستی منشیات اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں جموں و کشمیر پولیس نے پیر کو کٹھوعہ ضلع میں ایک بین ریاستی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے افیون کی بڑی مقدار کے ساتھ چار افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ کٹھوعہ کی ایس ایس پی موہیتا شرما کی مجموعی نگرانی میں لکھن پور میں پولیس کی ایک ٹیم نے ایک کمرشل گاڑی کو روک کر اس میں سے 2.672 کلو گرام منشیات (افیون) برآمد کی اور سپلائی چین میں ملوث چار افراد کو گرفتار کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ منشیات کی نقل و حرکت سے متعلق قابلِ اعتماد اطلاع ملنے پر پولیس اسٹیشن لکھن پور کی ایک خصوصی ٹیم نے فرسٹ کلاس ایگزیکٹو مجسٹریٹ (ای ایم آئی سی) کی موجودگی میں لکھن پور کے شمشان گھاٹ کے قریب بائی پاس روڈ پر ناکہ لگایا اور ایک ٹرک کو روکا۔
ترجمان کے مطابق گاڑی کی مکمل تلاشی کے دوران 1.026 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات کے تحت منشیات اور ٹرک کو موقع پر ہی قبضے میں لے لیا گیا۔
گاڑی میں سوار ڈرائیور اور اس کے ساتھی ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان کی شناخت گروِندر سنگھ اور سکھ دیو سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، جو دونوں پنجاب کے ضلع ترن تارن کے رہنے والے ہیں۔
مسلسل پوچھ گچھ کے دوران ملزم سکھ دیو سنگھ نے انکشاف کیا کہ یہ کھیپ گجرات سے روانہ ہوئی تھی اور راجستھان میں ایک نامعلوم شخص نے اسے اس کے حوالے کیا تھا۔ اسے ہدایت دی گئی تھی کہ کھیپ کا ایک حصہ پنجاب میں موجود ایک وصول کنندہ تک پہنچایا جائے۔
اس انکشاف کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک خصوصی چھاپہ مار ٹیم کو مقررہ مقام پر روانہ کیا، جو گاؤں نکی، پرمانند، پٹھان کوٹ میں واقع تھا۔
مطلوبہ وصول کنندہ پٹھان کوٹ کے گاؤں نکی کے رہائشی راکیش کمار کا سراغ لگانے کے دوران معلوم ہوا کہ منشیات کا پیکٹ اس کے پڑوسی اجے کمار کے گھر میں چھپایا گیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں اجے کمار کے گھر کی تلاشی لی گئی، جہاں چھپائی گئی منشیات کا پیکٹ فوری طور پر برآمد کرکے ضبط کرلیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس طرح مجموعی طور پر 2.672 کلو گرام افیون برآمد کی گئی اور دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن لکھن پور لایا گیا۔
ترجمان نے کہا، ’’متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ بین ریاستی منشیات کے اس سنڈیکیٹ کے آگے اور پیچھے کے روابط کا پردہ فاش کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔‘‘
یواین آئی۔ ط ا
-
جموں و کشمیر3 days agoبڈگام انکاؤنٹر میں مارے گئے لشکر طیبہ کے دہشت گرد کی شناخت پاکستانی شہری کے طور پرہوئی
-
جموں و کشمیر6 days agoیاسین ملک کا سرلا بھٹ کے قتل میں ملوث ہونے سے انکار، کہا وہ بے قصور تھیں
-
دنیا6 days agoامریکہ-ایران جنگ: لڑائی میں شدت کے ساتھ ایران نے میزائلوں اور ڈرونز سے اردن اور بحرین کو نشانہ بنایا
-
دنیا1 week agoایرانی فوج نے متحدہ عرب امارات کے المِنہاد فضائی اڈے پر امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں کے مضافات میں پتنگ کی ’مانجھا‘ ڈور نے سابق فوجی کی جان لے لی
-
جموں و کشمیر3 days agoاین سی بی نے جموں و کشمیر میں ہیروئن سپلائی کے دو راستوں کا انکشاف کیا، ایک مہینے میں تقریباً سات کلوگرام ہیروئن ضبط
-
ہندوستان1 week agoدفاعی شعبے کے اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے راج ناتھ
-
دنیا6 days agoٹرمپ نے ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا امکان مسترد کردیا، تہران کو ’’مکمل فوجی شکست‘‘ دینے کا دعویٰ
-
دنیا6 days agoمصر کے سینا میں بس حادثے میں 16 افراد ہلاک
-
جموں و کشمیر1 week agoای او ڈبلیو کشمیر نے زمین پر قبضے کے دس سال پرانے معاملے میں فردِ جرم داخل کی
-
ہندوستان6 days agoجے رام رمیش نے 7.8 فیصد جی ڈی پی نمو کے دعوے کو چیلنج کیا، سابق فنانس سکریٹری کے 2.6 فیصد تخمینے کا حوالہ دیا
-
دنیا1 week agoامریکہ ایران کے ساتھ لین دین کرنے والے بینک پر پابندیاں عائد کرے گا – بیسنٹ
