تازہ ترین
مودی ملکی مفادات کے ساتھ سمجھوتہ کر رہے ہیں: راہل گاندھی
نئی دہلی، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریند مودی پر براہِ راست حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیسہ خرچ کر کے جو شبیہ بنائی گئی تھی وہ اب خراب ہو رہی ہے، اسی خوف کے باعث مودی نے ہند–امریکہ تجارتی معاہدے اور دیگر معاملات میں ملک کے مفادات سے سمجھوتہ کر لیا ہے مسٹر راہل گاندھی نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور دیگر کانگریس اراکینِ پارلیمنٹ کے ساتھ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو پارلیمنٹ میں بولنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا اور یہ سب اس لیے ہو رہا ہے کہ وزیر اعظم نے ہندوستان کے مفادات سے سمجھوتہ کر کے ملک کو بیچ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’میں تین باتیں کہنا چاہتا ہوں لیکن بولنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی گھبرائے ہوئے ہیں۔
امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ چار ماہ سے رکا ہوا تھا۔ اس بارے میں جو کچھ میں جانتا ہوں وہ وزیر اعظم بھی جانتے ہیں۔ کل شام وزیر اعظم نے ہندوستان–امریکہ تجارتی معاہدے پر دستخط کیے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے امیج کا جو غبارہ ہزاروں کروڑ روپے دے کر بنایا گیا تھا، وہ اب پھٹ سکتا ہے۔‘‘
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ’’مسئلہ سابق فوجی سربراہ کا نہیں ہے، یہ تو محض ایک سائڈ شو ہے۔ یہ بات میں بھی جانتا ہوں اور مودی بھی جانتے ہیں۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے وزیر اعظم نے ملک کے مفادات سے سمجھوتہ کیا ہے۔ یہ کس نے اور کیسے کیا، اس پر ملک کی عوام کو غور کرنا چاہیے۔ لیکن تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن لیڈر کو صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بولنے نہیں دیا گیا۔ ہند–امریکہ تجارتی معاہدے میں مودی نے عوام کی محنت اور خون پسینہ بیچ دیا ہے۔
اسی لیے وہ خوف زدہ ہیں۔ جن لوگوں نے ان کی شبیہ بنائی ہے، وہی اب اسے خراب کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ امریکہ میں صنعت کار اڈانی سے متعلق جو معاملہ ہے، دراصل وہ اڈانی کے خلاف نہیں بلکہ مودی کو نشانہ بنانے کے مترادف ہے۔ ان کے مطابق مودی کے مالی معاونین کو نشانا بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ حقیقتاً وزیر اعظم کے خلاف ہے، کیونکہ اڈانی بھارتیہ جنتا پارٹی کو مالی معاونت فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایپسٹین معاملہ ابھی پوری طرح سامنے نہیں آیا ہے اور ملک کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ وزیر اعظم قومی مفادات سے سمجھوتہ کر رہے ہیں۔
ہندوستان
ویشنو اور اوستھی نے کانپور-دہلی (آنند وہار) ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائی
نئی دہلی، ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو اور کانپور کے رکن پارلیمنٹ رمیش اوستھی نے پیر کو کانپور-دہلی (آنند وہار) ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
ریلوے نے بتایا کہ 428 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے والی اس ٹرین میں جدید ایل ایچ بی زمرے کے 22 ڈبے ہوں گے اور یہ کانپور سینٹرل اور آنند وہار ٹرمینل کے درمیان چلے گی۔ یہ نئی یومیہ ریل سروس اتر پردیش اور قومی راجدھانی خطے (این سی آر) کے درمیان ریل رابطے کو مضبوط بنائے گی۔ اس سے کانپور اور دہلی کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو آمدورفت کا ایک اضافی متبادل دستیاب ہوگا۔
ریلوے کے مطابق یہ نئی ریل سروس اتر پردیش کے اہم صنعتی، چمڑے کی صنعت اور تعلیمی مراکز میں شامل کانپور کو دہلی کے آنند وہار ٹرمینل سے براہ راست جوڑے گی۔ اس ریل رابطے سے دونوں اہم شہری مراکز کے درمیان سفر کرنے والے تاجروں، طلبہ، مزدوروں اور دیگر مسافروں کو آمدورفت کی سہولت حاصل ہوگی۔
اس ریل سروس سے اوریا کے صنعتی علاقوں کو خدمات فراہم کرنے والے پھپھوند کے مسافروں کو فائدہ ہوگا۔ ان صنعتی علاقوں میں نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن (این ٹی پی سی) اوریا اور گیل پاتا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس سے زرعی اعتبار سے اہم مرکز اٹاوہ اور شیشے کی صنعت کے لیے مشہور فیروزآباد علاقے سے رابطہ فراہم کرنے والے ٹنڈلا کے مسافروں کو بھی سہولت ملے گی۔
یہ ٹرین ہاتھرس کو بھی جوڑے گی، جو ہینگ کی پروسیسنگ، پیتل کے سامان اور زراعت پر مبنی صنعتوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ تالے کی صنعت کے اہم مرکز اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لیے مشہور علی گڑھ کو بھی جوڑے گی۔ ساتھ ہی چینی مٹی کے برتنوں اور مٹی کی صنعت کے لیے مشہور خورجہ تک ریل رابطہ بھی مضبوط ہوگا۔
ریلوے نے بتایا کہ یہ ریل سروس اہم مال برداری اور صنعتی مرکز دادری اور این سی آر کے بڑے صنعتی مراکز میں سے ایک غازی آباد کو جوڑتے ہوئے دہلی کے اہم کثیر ذرائع نقل و حمل کے مرکز آنند وہار ٹرمینل پہنچے گی۔
اس موقع پر مسٹر ویشنو نے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انور گنج اور مندھنا کے درمیان 16 کلومیٹر طویل بلند ریلوے لائن کی تعمیر سے کانپور میں ریلوے پھاٹکوں پر لگنے والے جام کے کئی دہائیوں پرانے مسئلے کا مستقل حل نکل آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) تیار ہو چکی ہے اور اس کے لیے ضروری منظوری بھی مل گئی ہے۔ تعمیراتی کام جلد شروع ہونے کی امید ہے۔
مجوزہ بلٹ ٹرین منصوبے کے بارے میں ریلوے کے وزیر نے کہا کہ بلٹ ٹرین کا شمالی کوریڈور کانپور کی ترقی میں ایک نیا باب کھولے گا۔ مجوزہ کوریڈور دہلی، آگرہ، کانپور، وارانسی، لکھنؤ اور ایودھیا کو جوڑے گا۔ اس کے بعد اسے پٹنہ، سلی گوڑی اور گوہاٹی تک توسیع دی جائے گی۔ اس کوریڈور پر بلٹ ٹرین سروس شروع ہونے کے بعد دہلی اور کانپور کے درمیان سفر کا وقت کم ہو کر تقریباً ایک گھنٹہ 45 منٹ رہ جائے گا۔ وہیں لکھنؤ اور کانپور کے درمیان سفر تقریباً 27 منٹ میں اور کانپور و پریاگ راج کے درمیان سفر تقریباً ایک گھنٹہ 15 منٹ میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ریل سروس سے کانپور کا بڑے شہروں کے ساتھ رابطہ مضبوط ہوگا اور علاقائی و اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔
کانپور سینٹرل ریلوے اسٹیشن کی ازسرنو ترقی کے بارے میں مسٹر ویشنو نے بتایا کہ اس کا کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیشن کی ازسرنو ترقی کا کام جاری ہے اور آنے والے وقت میں کانپور میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے کئی دیگر اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
مسٹر اوستھی نے کہا کہ کانپور کا کھویا ہوا وقار واپس دلانے کا عزم اب زمینی سطح پر پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانپور میں بلٹ ٹرین کا ٹھہراؤ اعلان کیے جانے سے شہر کے لوگوں میں کافی خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے نے کانپور کے لوگوں کے انور گنج-مندھنا ریلوے سیکشن پر بلند ریلوے کوریڈور تعمیر کرنے کے دیرینہ مطالبے کو منظوری دے دی ہے۔ یہ مطالبہ سال 2017-18 میں اٹھایا گیا تھا۔ مسٹر اوستھی نے کانپور سینٹرل ریلوے اسٹیشن کی ازسرنو ترقی اور کانپور کے نام سے نئی ٹرین شروع کیے جانے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر کانپور میونسپل کارپوریشن کی میئر پرمیلا پانڈے، اکبرپور کے رکن پارلیمنٹ دیویندر سنگھ بھولے سمیت دیگر معزز شخصیات اور ریلوے کے سینئر افسران موجود تھے۔
یواین آئی۔ ایف اے
دنیا
آبنائے ہرمز کے مشرق میں بارودی سرنگ سے ٹکرایا تیل ٹینکر: ایرانی بحریہ
تہران، ایرانی بحریہ نے اتوار کی دیر رات کہا کہ آبنائے ہرمز کے مشرق میں تیل کا ایک ٹینکر سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں اس میں آگ لگ گئی۔
بحریہ کے مطابق، یہ واقعہ چند گھنٹے قبل پیش آیا اور متعلقہ جہاز سمندری پابندیوں کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔ اس نے وارننگ دی کہ ایرانی مسلح افواج کے ساتھ ہم آہنگی کے بغیر اس اسٹریٹجک آبی گزرگاہ یا آس پاس کے ممنوعہ علاقوں سے گزرنے کی کوشش کرنے والے جہاز بارودی سرنگوں کی زد میں آ سکتے ہیں اور ان میں آگ لگ سکتی ہے۔
اس سے قبل اتوار کو ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے کے جنوبی حصے سے غیر مجاز راستے پر گزرنے کی کوشش کے دوران تیل کے دو ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔
آئی آر جی سی نے کہا کہ ان میں سے ایک سپر ٹینکر، جس میں 20 لاکھ بیرل سے زیادہ خام تیل لدا تھا، جنوبی خلیج میں ڈوب گیا۔ تاہم اس نے جہازوں کی شناخت یا ان کے عملے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دی۔
ایران نے 12 جولائی کو امریکہ کی طرف سے دوبارہ حملے شروع کیے جانے کے بعد آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اس کے طے شدہ راستوں کے علاوہ دیگر راستوں کا استعمال کرنے یا بغیر اجازت گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی سطح پر خام تیل اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی سپلائی کا ایک اہم سمندری رستہ ہے۔ یہاں جہازوں کی آمد و رفت میں خلل پڑنے سے عالمی توانائی کی سپلائی کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے۔
یواین آئی۔الف الف
دنیا
یمنی فوج تعز میں فوجیوں کی دوبارہ تعینات کر رہی ہے
عدن، یمن کی فوج حوثی باغیوں کا محاصرہ توڑنے کے لیے تعز میں فوجیوں کی دوبارہ تعیناتی کر رہی ہے۔ وہیں، حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سرکاری افواج کو اسٹریٹجک آبنائے باب المندب کے آس پاس کے ٹھکانوں سے پیچھے ہٹنا پڑا ہے۔
یمنی فوج نے کہا کہ وہ خطرات کا مقابلہ کرنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے جنوبی اور جنوب مغربی محاذوں پر فوجیوں کی تعیناتی میں تبدیلی کر رہی ہے۔ اس نے بتایا کہ تعز، مآرب اور الجوف میں لڑائی جاری ہے۔
یہ بیان حکومت نواز افواج کی جانب سے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع باب المندب اور پڑوسی علاقے ذباب سے پیچھے ہٹنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔ وزیرِ اطلاعات سالم ابوبکر محمد ثابت العولقی نے کہا کہ اس اقدام سے حکومت کے عارضی دارالحکومت عدن اور آس پاس کے صوبوں کو حوثیوں کی عسکری سرگرمیوں سے بچانے میں مدد ملے گی۔ پیچھے ہٹنے والے فوجیوں نے کہا ہے کہ وہ خطرے والے محاذوں پر اپنی طاقت بڑھائیں گے اور تعز کا محاصرہ ختم کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
حوثیوں نے اس سے برعکس دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری افواج نے اپنے ٹھکانے اور رسد کے راستے کھو دیے ہیں اور دباؤ میں آ کر عدن کی جانب پیچھے ہٹ رہی ہیں۔
اس دوران، یمنی فوج نے ‘یمن ڈان’ آپریشن کے تحت 906 فضائی، ڈرون، توپ خانے اور راکٹ حملوں کی اطلاع دی ہے۔ تاہم، اس نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ حملے کس مدت کے دوران کیے گئے۔ فوج نے دعویٰ کیا کہ 201 حوثی جنگجوؤں اور کمانڈروں کو ہلاک یا ناکارہ بنایا گیا اور 121 فوجی گاڑیوں اور آلات کو تباہ یا نقصان پہنچایا گیا۔ سرکاری افواج نے اکتوبر کے اوائل میں باب المندب اور ذباب کے کچھ حصوں پر دوبارہ قبضہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے تقریباً ایک ماہ قبل حوثیوں نے اس علاقے پر قبضہ کیا تھا۔
آبنائے باب المندب بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے جوڑتی ہے اور نہر سوئز سے آنے جانے والے بحری جہازوں کے لیے ایک اہم سمندری گزرگاہ ہے۔ یمن میں 2014 سے خانہ جنگی جاری ہے، جب ایران نواز حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعاء اور کئی صوبوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد 2015 میں سعودی عرب کی قیادت والے اتحاد نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت میں مداخلت کی تھی۔
یواین آئی۔الف الف
-
ہندوستان1 week agoوزیر اعظم مودی نے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر روحانی ورثے، قدرتی خوبصورتی اور ترقی کی ستائش کی
-
دنیا1 week agoجزیرہ قشم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا: ایران
-
دنیا1 week agoٹرمپ کا اعتراف، ملک بدری کی سخت پالیسی حد سے زیادہ سخت تھی، وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کا سبب
-
ہندوستان6 days agoیمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
-
دنیا1 week ago”خیمے ہمیں بارش سے نہیں بچاتے”: غزہ میں بارش سے بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب
-
دنیا1 week agoاین ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا چینی انٹیلی جنس سے مبینہ روابط رکھنے والی خاتون سے معاشقے کا اعتراف، امریکی کانگریس میں تحقیقات کا مطالبہ
-
ہندوستان5 days agoمودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش کا صاف ستھری ہوا کے لیے اصلاحات کا مطالبہ، کہا: کاروبار میں آسانی سے زیادہ صاف ہوامیں سانس لینے کاحق ہے
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں اسرائیل کی حمایت میں کمی کو بھی شامل کیا
-
دنیا6 days agoامریکی ایوانِ نمائندگان نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
-
دنیا1 week agoامریکی حملوں کی دھمکیوں کے درمیان ایران میں داخلی سلامتی کے سخت اقدامات
-
دنیا6 days agoترکی کے اسٹیل کارخانے میں دھماکہ، کم از کم 17 افراد ہلاک، 12 زخمی
