ہندوستان
چینی سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی سے حکومت لوگوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے: راہل
نئی دہلی، کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت چینی سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کر رہی ہے اور جن پر خود اس نے پابندی لگائی تھی، انہی سے نگرانی کروا کر عوام کی جان خطرے میں ڈال رہی ہے۔
مسٹر گاندھی نے ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جب انہوں نے پارلیمنٹ میں حکومت سے اس بارے میں سوال پوچھا تو کوئی ٹھوس جواب نہیں دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے حال ہی میں چینی سی سی ٹی وی کیمروں کے عوامی استعمال پر پابندی لگائی ہے لیکن سرکاری عمارتوں کے اندر چینی کیمرے اب بھی نصب ہیں۔ پابندی شدہ چینی ایپس بدلے ہوئے ناموں کے ساتھ دوبارہ سامنے آ رہی ہیں۔ غیر ملکی اے آئی پلیٹ فارمز حساس ڈیٹا پروسیس کر رہے ہیں اور حکومت کے پاس ان سب کے بارے میں کہنے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں الیکٹرانکس اور آئی ٹی کی وزارت سے سوال پوچھا، جواب میں بہت کچھ کہا گیا لیکن جو پوچھا گیا تھا اس کا کوئی جواب نہیں ملا۔ ہمارے کیمرے کن ممالک سے آئے؟ ان میں سے کتنے سکیورٹی کے لحاظ سے تصدیق شدہ ہیں؟ کون سے غیر ملکی اے آئی پلیٹ فارمز سرکاری ڈیٹا پروسیس کر رہے ہیں؟ کون سی پابندی شدہ ایپس بدلے ہوئے ناموں کے ساتھ اب بھی چل رہی ہیں؟ وزارت کے جواب میں نہ کوئی تعداد تھی، نہ کوئی ٹھوس بات اور نہ ہی کسی ایک پلیٹ فارم کا نام بتایا گیا۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ پانچ سال پہلے یہ تسلیم کرنے کے بعد کہ حکومت کی طرف سے استعمال کیے جا رہے 10 لاکھ چینی کیمرے ڈیٹا ٹرانسفر کے خطرات پیدا کرتے ہیں، آج بھی حکومت نے یہ نہیں بتایا کہ جو کیمرے ہم پر نظر رکھ رہے ہیں وہ محفوظ ہیں یا نہیں۔ یہ جان بوجھ کر ہندوستان کو اندھیرے میں رکھنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لیے غیر ملکی نگرانی کی سچائی چھپا کر ہر شہری کی حفاظت کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
یواین آئی ۔ایف اے
ہندوستان
ویشنو اور اوستھی نے کانپور-دہلی (آنند وہار) ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائی
نئی دہلی، ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو اور کانپور کے رکن پارلیمنٹ رمیش اوستھی نے پیر کو کانپور-دہلی (آنند وہار) ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
ریلوے نے بتایا کہ 428 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے والی اس ٹرین میں جدید ایل ایچ بی زمرے کے 22 ڈبے ہوں گے اور یہ کانپور سینٹرل اور آنند وہار ٹرمینل کے درمیان چلے گی۔ یہ نئی یومیہ ریل سروس اتر پردیش اور قومی راجدھانی خطے (این سی آر) کے درمیان ریل رابطے کو مضبوط بنائے گی۔ اس سے کانپور اور دہلی کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو آمدورفت کا ایک اضافی متبادل دستیاب ہوگا۔
ریلوے کے مطابق یہ نئی ریل سروس اتر پردیش کے اہم صنعتی، چمڑے کی صنعت اور تعلیمی مراکز میں شامل کانپور کو دہلی کے آنند وہار ٹرمینل سے براہ راست جوڑے گی۔ اس ریل رابطے سے دونوں اہم شہری مراکز کے درمیان سفر کرنے والے تاجروں، طلبہ، مزدوروں اور دیگر مسافروں کو آمدورفت کی سہولت حاصل ہوگی۔
اس ریل سروس سے اوریا کے صنعتی علاقوں کو خدمات فراہم کرنے والے پھپھوند کے مسافروں کو فائدہ ہوگا۔ ان صنعتی علاقوں میں نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن (این ٹی پی سی) اوریا اور گیل پاتا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس سے زرعی اعتبار سے اہم مرکز اٹاوہ اور شیشے کی صنعت کے لیے مشہور فیروزآباد علاقے سے رابطہ فراہم کرنے والے ٹنڈلا کے مسافروں کو بھی سہولت ملے گی۔
یہ ٹرین ہاتھرس کو بھی جوڑے گی، جو ہینگ کی پروسیسنگ، پیتل کے سامان اور زراعت پر مبنی صنعتوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ تالے کی صنعت کے اہم مرکز اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لیے مشہور علی گڑھ کو بھی جوڑے گی۔ ساتھ ہی چینی مٹی کے برتنوں اور مٹی کی صنعت کے لیے مشہور خورجہ تک ریل رابطہ بھی مضبوط ہوگا۔
ریلوے نے بتایا کہ یہ ریل سروس اہم مال برداری اور صنعتی مرکز دادری اور این سی آر کے بڑے صنعتی مراکز میں سے ایک غازی آباد کو جوڑتے ہوئے دہلی کے اہم کثیر ذرائع نقل و حمل کے مرکز آنند وہار ٹرمینل پہنچے گی۔
اس موقع پر مسٹر ویشنو نے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انور گنج اور مندھنا کے درمیان 16 کلومیٹر طویل بلند ریلوے لائن کی تعمیر سے کانپور میں ریلوے پھاٹکوں پر لگنے والے جام کے کئی دہائیوں پرانے مسئلے کا مستقل حل نکل آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) تیار ہو چکی ہے اور اس کے لیے ضروری منظوری بھی مل گئی ہے۔ تعمیراتی کام جلد شروع ہونے کی امید ہے۔
مجوزہ بلٹ ٹرین منصوبے کے بارے میں ریلوے کے وزیر نے کہا کہ بلٹ ٹرین کا شمالی کوریڈور کانپور کی ترقی میں ایک نیا باب کھولے گا۔ مجوزہ کوریڈور دہلی، آگرہ، کانپور، وارانسی، لکھنؤ اور ایودھیا کو جوڑے گا۔ اس کے بعد اسے پٹنہ، سلی گوڑی اور گوہاٹی تک توسیع دی جائے گی۔ اس کوریڈور پر بلٹ ٹرین سروس شروع ہونے کے بعد دہلی اور کانپور کے درمیان سفر کا وقت کم ہو کر تقریباً ایک گھنٹہ 45 منٹ رہ جائے گا۔ وہیں لکھنؤ اور کانپور کے درمیان سفر تقریباً 27 منٹ میں اور کانپور و پریاگ راج کے درمیان سفر تقریباً ایک گھنٹہ 15 منٹ میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ریل سروس سے کانپور کا بڑے شہروں کے ساتھ رابطہ مضبوط ہوگا اور علاقائی و اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔
کانپور سینٹرل ریلوے اسٹیشن کی ازسرنو ترقی کے بارے میں مسٹر ویشنو نے بتایا کہ اس کا کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیشن کی ازسرنو ترقی کا کام جاری ہے اور آنے والے وقت میں کانپور میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے کئی دیگر اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
مسٹر اوستھی نے کہا کہ کانپور کا کھویا ہوا وقار واپس دلانے کا عزم اب زمینی سطح پر پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانپور میں بلٹ ٹرین کا ٹھہراؤ اعلان کیے جانے سے شہر کے لوگوں میں کافی خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے نے کانپور کے لوگوں کے انور گنج-مندھنا ریلوے سیکشن پر بلند ریلوے کوریڈور تعمیر کرنے کے دیرینہ مطالبے کو منظوری دے دی ہے۔ یہ مطالبہ سال 2017-18 میں اٹھایا گیا تھا۔ مسٹر اوستھی نے کانپور سینٹرل ریلوے اسٹیشن کی ازسرنو ترقی اور کانپور کے نام سے نئی ٹرین شروع کیے جانے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر کانپور میونسپل کارپوریشن کی میئر پرمیلا پانڈے، اکبرپور کے رکن پارلیمنٹ دیویندر سنگھ بھولے سمیت دیگر معزز شخصیات اور ریلوے کے سینئر افسران موجود تھے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
آسیان- ہندوستان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے مودی منیلا پہنچے
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی 23ویں آسیان- ہندوستان سربراہ اجلاس اور 21ویں مشرقی ایشیا سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے پیر کے روز فلپائن کی راجدھانی منیلا پہنچ گئے۔
منیلا پہنچنے پر فلپائن کے محکمہ اطلاعات و مواصلاتی ٹیکنالوجی کے سکریٹری رابرٹ جوزف ‘جے’ مونٹیس ڈی کلارو نے منیلا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔
منیلا میں مقیم ہندوستانی برادری کے لوگوں نے بھی وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ مسٹر مودی کے استقبال میں مختلف ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔
مسٹر مودی شام کو منیلا میں صدر کی جانب سے دیے جانے والے عشائیے میں شرکت کریں گے۔
منگل کے روز وہ 23ویں آسیان-ہندوستان سربراہ اجلاس اور 21ویں مشرقی ایشیا سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیر اعظم کا یہ دورہ ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی اور ہند-بحرالکاہل خطے کے حوالے سے اس کے نقطہ نظر میں آسیان کے ساتھ شراکت داری کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
دسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں انتخابی مہم تیز کرے گی کانگریس، راہل اور پرینکا گاندھی بھی سنبھالیں گے محاذ
نئی دہلی، اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس پارٹی نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ پارٹی دسمبر کے پہلے ہفتے سے ریاست میں وسیع پیمانے پر انتخابی تشہیری مہم شروع کرے گی۔ اس دوران کانگریس کے سینئر رہنما ریاست کے مختلف حصوں میں ریلیاں اور پد یاترائیں کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا بھی انتخابی مہم میں اہم کردار ادا کریں گی۔
پیر کے روز کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی سرکاری رہائش گاہ پر اتر پردیش اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی کے حوالے سے پارٹی کی اہم میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا، اتر پردیش کانگریس کے انچارج راجندر پال گوتم، ریاستی کانگریس صدر آرادھنا مشرا (مونا) اور رکن پارلیمنٹ عمران مسعود سمیت پارٹی کے سینئر رہنما شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق، میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ دسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں کانگریس کی انتخابی مہم پوری رفتار سے شروع کی جائے گی۔ اس کے تحت پارٹی کے بڑے رہنما ریاست میں ریلیاں اور پد یاترائیں کریں گے۔ خواتین سے متعلق مسائل کو ترجیحی طور پر اٹھانے کے لیے پرینکا گاندھی واڈرا کو انتخابی مہم میں اہم ذمہ داری سونپنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
میٹنگ کے بعد اتر پردیش کانگریس کی صدر آرادھنا مشرا مونا نے کہا کہ دسمبر میں شروع ہونے والی انتخابی مہم کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انڈیا اتحاد کی میٹنگ راجدھانی میں منعقد کی جائے گی۔
اتر پردیش کانگریس کے انچارج راجندر پال گوتم نے کہا کہ کانگریس صدر کھرگے کے ساتھ ریاست میں انتخابی مہم کے حوالے سے میٹنگ ہوئی ہے۔ کانگریس دسمبر کے پہلے ہفتے سے اپنی وسیع تشہیری مہم شروع کرے گی۔ شام تک یہ واضح ہو جائے گا کہ اس مہم کے تحت کون کون سے رہنما کہاں اور کس پروگرام میں شرکت کریں گے۔
وہیں، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے کہا کہ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے سے انتخابی تشہیر شروع ہوگی۔ پارٹی کے سینئر رہنما ریلیاں اور یاترائیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی میٹنگ تنظیمی امور سے متعلق تھی۔ انڈیا اتحاد میں نشستوں کی تعداد سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ تمام جماعتیں متحد ہو کر انتخاب جیتیں۔
واضح رہے کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس پوری مضبوطی کے ساتھ میدان میں اترنے کی حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔ پارٹی رہنماؤں کو امید ہے کہ اس بار ریاست میں کانگریس کی کارکردگی بہتر رہے گی اور اسے گزشتہ انتخابات کے مقابلے زیادہ نشستیں مل سکتی ہیں۔ تاہم، اتحاد میں ابھی نشستوں کی تقسیم پر تذبذب برقرار ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
-
ہندوستان1 week agoوزیر اعظم مودی نے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر روحانی ورثے، قدرتی خوبصورتی اور ترقی کی ستائش کی
-
دنیا1 week agoجزیرہ قشم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا: ایران
-
دنیا1 week agoٹرمپ کا اعتراف، ملک بدری کی سخت پالیسی حد سے زیادہ سخت تھی، وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کا سبب
-
دنیا1 week ago”خیمے ہمیں بارش سے نہیں بچاتے”: غزہ میں بارش سے بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب
-
ہندوستان5 days agoمودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
-
ہندوستان6 days agoیمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
-
دنیا1 week agoاین ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کا چینی انٹیلی جنس سے مبینہ روابط رکھنے والی خاتون سے معاشقے کا اعتراف، امریکی کانگریس میں تحقیقات کا مطالبہ
-
ہندوستان1 week agoجے رام رمیش کا صاف ستھری ہوا کے لیے اصلاحات کا مطالبہ، کہا: کاروبار میں آسانی سے زیادہ صاف ہوامیں سانس لینے کاحق ہے
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں اسرائیل کی حمایت میں کمی کو بھی شامل کیا
-
دنیا6 days agoامریکی ایوانِ نمائندگان نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
-
دنیا1 week agoامریکی حملوں کی دھمکیوں کے درمیان ایران میں داخلی سلامتی کے سخت اقدامات
-
دنیا6 days agoترکی کے اسٹیل کارخانے میں دھماکہ، کم از کم 17 افراد ہلاک، 12 زخمی
