جموں و کشمیر
سرینگر کے باشندوں کی معاشی بہتری کے لیے حکومت مضبوط پالیسیاں بنائے: بخاری
سرینگر، جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے ہفتہ کو حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرینگر کے باشندوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے ٹھوس پالیسی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سرینگر کے لوگ گاؤں سے معاشی ترقی اور بااختیار بنانے کے معاملے میں نظر انداز کیے گئے ہیں، حالانکہ انہوں نے طویل عرصے تک روایتی سیاسی جماعتوں پر بھروسہ ظاہر کیا۔ انہوں نے سرینگر کے علاقے میسومہ میں منعقدہ ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں سرگرم شرکت کے باوجود میسومہ اور آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کی معاشی ترقی کے لیے کوئی ٹھوس پہل نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں بھاری پولنگ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ لوگوں نے تشدد کا راستہ چھوڑ کر امن کو اپنایا ہے، لیکن برسراقتدار جماعت کو اس کا مثبت جواب دینا چاہیے تھا۔ انہوں نے روایتی سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ گزشتہ 70 برسوں میں اقتدار میں رہنے کے باوجود انہوں نے سرینگر کی معاشی ترقی کے لیے کوئی معنی خیز کوشش نہیں کی، جس کی وجہ سے لوگ معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
مسٹر بخاری نے کہا کہ میسومہ، کوکر بازار اور پرانے سرینگر کے کئی علاقوں میں آج بھی غربت واضح طور پر دکھائی دیتی ہے اور رہائش کی کمی کی وجہ سے کئی خاندان ایک ہی گھر میں رہنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے جموں و کشمیر کے لوگوں، خاص طور پر نوجوانوں کے ساتھ بامقصد بات چیت شروع کرنے کا مطالبہ دہرایا تاکہ دوریوں کو کم کیا جا سکے۔ ان کا ماننا ہے کہ ان اقدامات سے خطے کی تعمیر نو اور اس کی اصل پہچان کی بحالی میں مدد ملے گی۔
یواین ائی۔ م س
جموں و کشمیر
عمر عبداللہ کا اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت کے عارضی اسٹاپ کو مستقل کرنے کا مطالبہ
سری نگر، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو سے مطالبہ کیا ہے کہ اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ایکسپریس کے عارضی اسٹاپ کو مستقل اسٹاپ میں تبدیل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسٹیشن جنوبی کشمیر کے مسافروں کے لیے انتہائی اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مسٹر ویشنو کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس کے عارضی اسٹاپ کا جموں و کشمیر کے لوگوں نے دل سے خیرمقدم کیا ہے اور اس سے مسافروں کو کافی سہولت حاصل ہوئی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ اننت ناگ جنوبی کشمیر کا ایک اہم تجارتی اور ٹرانسپورٹ مرکز ہے، جو آس پاس کے کئی اضلاع کی بڑی آبادی کی ضروریات پوری کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر مستقل اسٹاپ کی سہولت فراہم کیے جانے سے بڑی تعداد میں مسافروں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس سے ریل خدمات تک لوگوں کی رسائی بہتر ہوگی اور علاقے میں تجارت، سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
وزیر اعلیٰ نے جموں اور سری نگر کے درمیان وندے بھارت ایکسپریس سروس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سروس کا آغاز ریل رابطوں کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر میں معاشی ترقی کے نئے امکانات پیدا کرنے کی سمت ایک بڑی کامیابی ہے۔
عمر عبداللہ نے اپنے خط میں لکھاکہ ”لہٰذا میں آپ سے ذاتی طور پر مداخلت کرنے کی درخواست کرتا ہوں تاکہ اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت کے عارضی اسٹاپ کو مستقل اسٹاپ میں تبدیل کیا جاسکے۔ براہ کرم جنوبی کشمیر کے عوام کی حقیقی ضروریات اور ان کی توقعات کو مدنظر رکھیں۔”
انہوں نے اس درخواست پر مثبت غور کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس اسٹاپ کو مستقل طور پر جاری رکھنا عوامی مفاد کا ایک اہم معاملہ ہے۔
جموں و کشمیر میں ریل رابطوں کے فروغ کے حوالے سے وندے بھارت ایکسپریس سروس ایک اہم کامیابی ثابت ہوئی ہے۔ اپنی تیز رفتار کے باعث اس نے کشمیر وادی اور جموں خطے کے درمیان سفر کو کافی آسان اور سہل بنا دیا ہے۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
الطاف بخاری کا ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کے لیے عام معافی کا مرکز سے مطالبہ
سرینگر، اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے جمعرات کو مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ 1990 کی دہائی اور اس کے بعد ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث رہنے والے تمام افراد کے لیے عام معافی کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ جموں و کشمیر کے عوام اب امن اور معمول کے حالات کی راہ اختیار کرچکے ہیں، اس لیے ماضی میں گمراہ ہونے والے تمام افراد کو معاف کرکے معمول کی زندگی گزارنے کا ایک موقع دیا جانا چاہیے۔
مسٹر بخاری نے یہ اپیل سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ 1990 کی دہائی میں بعض نوجوانوں کو گمراہ کرکے ایسے بیانیے کی پیروی پر آمادہ کیا گیا تھا جو ملک کے امن اور استحکام کے خلاف تھا۔
انہوں نے کہاکہ ”تاہم اب حالات بدل چکے ہیں۔ ان میں سے بہت سے لوگ قومی دھارے میں واپس آچکے ہیں اور اس وقت سرگرم رہنے والے رہنماؤں کے بچے اور پوتے نواسے بھی اب قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں۔”
اپنی پارٹی کے صدر نے کہاکہ ”حالات میں اس تبدیلی کے پیش نظر میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے اپیل کرتا ہوں کہ ایسے تمام افراد کے لیے عام معافی دینے پر غور کیا جائے اور انہیں معاشرے کے قومی دھارے میں مکمل طور پر دوبارہ شامل ہونے کا موقع فراہم کیا جائے۔”
مسٹر بخاری نے کہا کہ ان افراد کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کی وجہ سے انہیں مسلسل مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقدمات کے باعث بہت سے افراد نہ تو سرکاری اور نجی شعبوں میں ملازمت حاصل کرپارہے ہیں اور نہ ہی پاسپورٹ بنوا سکتے ہیں، جس سے ان کی معمول کی زندگی متاثر ہورہی ہے۔
انہوں نے متعدد نوجوانوں کو پولیس ویریفکیشن سرٹیفکیٹ جاری نہ کیے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملازمت حاصل کرنے اور پاسپورٹ بنوانے کے لیے یہ سرٹیفکیٹ ضروری ہے، لیکن اس کی عدم دستیابی نوجوانوں کے لیے غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ”بہت سے نوجوانوں کو اس وجہ سے پولیس ویریفکیشن سرٹیفکیٹ نہیں دیا جارہا ہے کہ ان کے خاندان کے بعض افراد 1990 کی دہائی کے ہنگامہ خیز حالات میں ملوث رہے تھے۔ اس طریقہ کار پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو ان کے خاندان کے افراد کے اقدامات کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنے یا مواقع سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔”
اپنی پارٹی کے صدر نے موجودہ ریزرویشن پالیسی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر منصفانہ اور میرٹ کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ پالیسی موجودہ شکل میں جاری رہی تو جموں و کشمیر میں کشمیری نوجوان ملازمتوں کے مواقع سے بتدریج محروم ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 70 فیصد ملازمتیں مختلف زمروں کے لیے محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ریزرویشن پالیسی خاص طور پر وادی کشمیر کے لوگوں کے لیے ناانصافی پر مبنی ہے، جو گزشتہ کئی دہائیوں سے پہلے ہی بے پناہ مشکلات برداشت کرتے آئے ہیں۔
مسٹر بخاری نے کہاکہ ”دو لاکھ کشمیری قبرستانوں میں دفن ہیں، ہزاروں افراد جیلوں میں قید ہیں اور اب لوگوں کو روزگار کے مواقع سے بھی محروم کیا جارہا ہے۔ غیر منصفانہ ریزرویشن پالیسی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔”
یواین آئی۔ظ ا
جموں و کشمیر
کولگام میں سی آر پی ایف پر حملہ: دہشت گردوں کی تلاش میں بڑے پیمانے پر کارروائی جاری
سرینگر، جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی چوکی پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش کے لیے جمعرات کو مسلسل دوسرے دن بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری رہی۔ اس حملے میں سی آر پی ایف کے تین اہلکار زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے ضلع کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے متعدد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کی ہیں۔ بدھ کے روز دہشت گردوں نے میر بازار میں اکھران پل کے قریب سی آر پی ایف کی ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی تھی اور اس کے بعد موقع سے فرار ہوگئے تھے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور ان کا سراغ لگانے کی کوششوں کے تحت سکیورٹی ایجنسیاں سرگرم ہوگئی ہیں اور کئی مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ سکیورٹی حکام کا خیال ہے کہ بدھ کے حملے میں لشکر طیبہ کا دہشت گرد محمد لطیف بھٹ بھی ملوث تھا، جس کے ساتھ ایک یا دو غیر ملکی دہشت گرد بھی شامل تھے۔
محمد لطیف بھٹ کو کشمیر میں سرگرم واحد زندہ بچ جانے والا مقامی ملی ٹینٹ بتایا جاتا ہے۔ اس پر جنوبی کشمیر میں ماضی کے کئی حملوں، جن میں رواں سال جولائی میں مہاجر مزدوروں کو نشانہ بنانے کے واقعات بھی شامل ہیں، میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ کولگام کے خریوان چادر گاؤں کا رہنے والا بھٹ گزشتہ سال ہی مبینہ طور پر دہشت گرد تنظیم میں شامل ہوا تھا۔
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک ٹیم نے جمعرات کو جائے واردات کا دورہ کیا اور وہاں سے فارنسک شواہد جمع کیے۔ ادھر فوج کی سرینگر میں قائم چنار کور کے کمانڈر نے بھی علاقے کا دورہ کرکے سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا اور جاری کارروائیوں کا معائنہ کیا۔
حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل سونبیر سنگھ، کانسٹیبل راکیش داس اور کانسٹیبل سنتانو چندرا کے طور پر کی گئی ہے۔ سونبیر سنگھ کے پیٹ اور ریڑھ کی ہڈی میں گولی لگی ہے۔ ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور وہ سرینگر کے فوجی 92 بیس اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
بدھ کے حملے کے فوراً بعد وادی کے دیگر علاقوں میں بھی سکیورٹی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کی شام سرینگر میں اعلیٰ حکام کے ساتھ سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے ”کھلی چھوٹ” دے دی گئی ہے۔
بدھ کا یہ حملہ کشمیر میں سکیورٹی فورسز پر بڑے حملوں کے ایک طویل وقفے کے بعد پیش آیا ہے۔ اس سے قبل 24 اکتوبر 2024 کو بارہمولہ کے بٹہ پتری علاقے میں، جو گلمرگ کے قریب واقع ہے، ایک دہشت گردانہ حملے میں دو فوجی اہلکار اور دو شہری پورٹر ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ تین دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔
دریں اثنا، سی آر پی ایف کے جموں و کشمیر زون کے اسپیشل ڈائریکٹر جنرل سندیپ کھروار نے جمعرات کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں موجودہ سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
یواین آئی۔ ظ ا
-
دنیا1 week agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
دنیا1 week agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
دنیا1 week agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
دنیا1 week agoامریکی انتخابات کے نتائج کے بعد اسرائیلی سیاست دانوں نے زور دیا کہ نیتن یاہو بطور وزیرِاعظم اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے
-
جموں و کشمیر6 days agoامریکی سینیٹر کے انتخاب پر خوشی کے اظہار کے درمیان انجینئر رشید کی قید پر سیاسی رہنماؤں کی خاموشی: اے آئی پی
-
ہندوستان6 days ago2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا پہلا پڑاؤ اتراکھنڈ ہوگا: امت شاہ
-
ہندوستان1 week agoریلوے نے اکتوبر میں مال برداری کا نیا ریکارڈ قائم کیا
-
دنیا5 days agoوسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی جیت کے باعث امریکہ کو 3 لاکھ کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا: ٹرمپ
-
جموں و کشمیر1 week agoجعلی دستخط والے چیک جاری کرنے کے الزام میں پلوامہ کے شخص کے خلاف جرم داخل
-
دنیا1 week agoزیلنسکی کو امید، امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت سے یوکرین کو مزید مدد ملے گی
-
دنیا1 week agoوسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ پر ریپبلکن پارٹی کا دباؤ بڑھ گیا
-
ہندوستان6 days agoووٹ چوری کا دفاع نہیں کر سکتے، اسی لیے مودی راہل کا چیلنج قبول نہیں کر رہے: کانگریس
