ہندوستان
مودی گجرات، دادرا اور نگر حویلی، دمن اور دیو میں 21,700 کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو گجرات اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں دادرا اور نگر حویلی اور دمن اور دیو کا دورہ کریں گے اور سڑکوں، صحت کی دیکھ بھال، ہوا بازی، صنعتی بنیادی ڈھانچے، سیاحت اور سمندری رابطے سے جڑے 21,700 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح، وقف اور سنگِ بنیاد رکھیں گے جمعرات کو جاری ایک سرکاری ریلیز کے مطابق وزیر اعظم کا دورہ سورت سے شروع ہوگا، جہاں وہ ہجیرہ میں جاری صنعتی کاموں اور بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کا جائزہ لیں گے۔ اس کے بعد وہ تقریباً 18,800 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کے افتتاح کے لیے ایک عوامی پروگرام میں حصہ لیں گے۔ مسٹر مودی اس کے بعد دمن جائیں گے، جہاں وہ نمو ہوائی اڈے کی نئی ٹرمینل عمارت کا افتتاح کریں گے، نمو ہسپتال کو قوم کے نام وقف کریں گے اور تقریباً 2,970 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کی نقاب کشائی کریں گے۔ وہ لکشدیپ میں 885 کروڑ روپے کے بندرگاہی بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔
ریلیز کے مطابق سورت میں پروجیکٹوں کا مقصد سڑکوں کے رابطے، صحت کی خدمات، بجلی کے بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی کو مضبوط بنانا ہے۔ پروگرام کی ایک اہم خصوصیت آٹھ لین والے وڈودرا-ممبئی ایکسپریس وے کے پیکیج چھ اور سات کو وقف کرنا ہوگا، جس سے گجرات اور مہاراشٹر کے درمیان رابطے میں بہتری آنے کی امید ہے۔ وزیر اعظم قومی شاہراہ-56 کے اہم حصوں کو چار لین کا بنانے کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔ اس پروجیکٹ کا مقصد قبائلی علاقوں میں رابطے کو بہتر بنانا اور ملک کے اہم ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ‘اسٹیچو آف یو نٹی’ تک رسائی کو بڑھانا ہے۔ صحت کی دیکھ بھال کے اقدامات میں، مسٹر مودی سورت میں 200 بستروں والے ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) ہسپتال کا افتتاح کریں گے۔
ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مسٹر مودی اہم یوٹیلیٹی اور صنعتی پروجیکٹوں کا بھی افتتاح کریں گے، جس میں بین ریاستی ٹرانسمیشن نظام کے تحت گجرات کے ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی توسیع شامل ہے۔ دیگر اقدامات میں ولساد میں بجلی کی تقسیم کاری کی جدید کاری، دہیج میں پیٹرولیم کا بنیادی ڈھانچہ، سری گام جی آئی ڈی سی میں فضلے کی صفائی کا بنیادی ڈھانچہ اور جمبوسر بلک ڈرگ پارک میں یوٹیلیٹی کا بنیادی ڈھانچہ شامل ہے۔ وزیر اعظم دمن میں تقریباً 1,340 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور وقف کریں گے، جس میں نمو ہوائی اڈے کی نئی ٹرمینل عمارت اور نمو ہسپتال شامل ہیں۔ ہوائی اڈے کے ٹرمینل سے علاقائی فضائی رابطے میں کافی بہتری آنے اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی امید ہے، جبکہ ضلع ہسپتال کو روزانہ تقریباً 1,500 بیرونی مریضوں (او پی ڈی) کی خدمت کرنے اور صحت کی خدمات تک رسائی کو مضبوط بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تقریباً 1,630 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔ ان میں ایک تاریخی پل، دمن کنونشن سینٹر اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی (نِفٹ) کیمپس شامل ہیں۔ حکومت نے کہا کہ ان پروجیکٹوں سے سیاحت کو فروغ ملنے، سرمایہ کاری راغب کرنے، روزگار پیدا ہونے اور شہری بنیادی ڈھانچے میں بہتری آنے کی امید ہے۔ اس کے علاوہ، مسٹر مودی لکشدیپ کے لیے تقریباً 885 کروڑ روپے کے اہم سمندری بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کی شروعات کریں گے۔ ان پروجیکٹوں میں کلپینی جزیرے اور کدمت جزیرے دونوں کے مشرقی اور مغربی کناروں پر بندرگاہ کی سہولیات کی ترقی شامل ہے۔
حکومت نے کہا کہ بندرگاہ کے پروجیکٹوں سے سمندری رابطہ مضبوط ہوگا، مقامی ماہی گیر برادریوں کے روزگار کو سہارا ملے گا، سیاحت کو فروغ ملے گا اور جزیرے کے خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران سورت اور دمن دونوں جگہوں پر عوامی جلسوں سے بھی خطاب کریں گے۔
یواین آئی۔ایف اے
ہندوستان
جرمنی کے ایک مطالعاتی و تحقیقی ادارے میں ہندوستان کے لیے خصوصی مرکز قائم
نئی دہلی، جرمنی میں بین الاقوامی تعلقات کے مطالعے اور تحقیق کرنے والے برلن کے خودمختار ادارے کونسل آن فارن ریلیشنز (ڈی جی اے پی) میں ہندوستان سے متعلق ایک مرکز قائم کیا گیا ہے۔
‘انڈیا سینٹر’ کے نام سے قائم اس مرکز کی افتتاحی تقریب میں ہندوستان کے وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل اور جرمنی کی وزیر برائے اقتصادی امور و توانائی کیتھرینا ریشے نے شرکت کی۔ مسٹر گوئل اس وقت جرمنی اور نیدرلینڈز کے سرکاری دورے پر ہیں۔
مسٹر گوئل نے کہا کہ ڈی جی اے پی میں ہندوستان کے لیے قائم کیا گیا یہ مرکز ہندوستان اور جرمنی کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیر تجارت نے کہا، ”ہماری ایک دوسرے کی تکمیل کرنے والی صلاحیتیں ہمارے بلند حوصلہ اقتصادی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ اس شراکت داری کو مزید رفتار دینے کا کام کرے گا۔”
اس موقع پر مسٹر گوئل نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں سے اپیل کی کہ وہ باہمی خوشحالی اور ترقی کو مزید آگے بڑھانے کے لیے تعاون کے نئے راستے تلاش کریں۔
یو این آئی۔ ایم جے
ہندوستان
اگلے 30 سال تک اپوزیشن کی حکومت نہیں بنے گی: شاہ
نئی دہلی، مرکزی وزیر داخلہ و امدادباہمی امت شاہ نے کہا کہ اپوزیشن جس طرح کی منفی سیاست کررہی ہے، اس کے پیش نظر اگلے 30 سال تک اس کی حکومت بننے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
مسٹر شاہ یہاں یمنا کی بحالی سے متعلق 8,941 کروڑ روپے کے منصوبوں کے افتتاح اور سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ اپوزیشن جماعتیں انتخابات میں شکست کے بعد ای وی ایم، ووٹ چوری اور الیکشن کمیشن کو لے کر بہانے بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جس طرح کی منفی سیاست کررہی ہے، اس سے اگلے 30 سال تک اس کی حکومت بننے کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں کبھی ای وی ایم تو کبھی ووٹ چوری کا بہانہ بناتی ہیں۔ جب وہ کہتے ہیں کہ اگلے 30 سال تک ان کی پارٹی کی حکومت رہے گی تو اپوزیشن جماعتیں عوام سے کہتی ہیں کہ ووٹ چوری ہورہی ہے، ورنہ امت شاہ جی کو یہ بات کیسے معلوم ہوئی۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ وہ یہیں پیدا ہوئے ہیں، یہیں رہتے ہیں اور ملک کے عوام کے درمیان رہتے ہیں۔ انہیں ہر چھ ماہ میں بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جس طرح کی منفی سیاست کررہی ہے، اس کے پیش نظر اگلے 30 سال تک اس کی حکومت نہیں بنے گی۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں منتخب ہونے سے اپوزیشن جماعتیں پریشان ہیں اور اسی وجہ سے وہ ووٹ چوری کا مسئلہ اٹھارہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اپوزیشن جماعتیں ووٹ چوری کا شور مچا کر دراندازوں کے ووٹ بچانا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن انتخابات میں شکست کے بعد الیکشن کمیشن اور ووٹر لسٹ پر سوال اٹھاتی ہے، جب کہ جیتنے پر انہی انتظامات کو درست قرار دیتی ہے۔ انہوں نے کیرالہ، تلنگانہ، ہماچل پردیش اور تمل ناڈو کے انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے اپوزیشن پر دوہرے معیار اپنانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں آس پاس کی ریاستوں سے اپنے کارکنوں کو جمع کرکے دہلی میں مظاہرے کرنے کے ذریعے عوام کے فیصلے کو جھٹلا نہیں سکتیں۔ جمہوریت میں انتخابات جیتنے کے لیے عوام کے درمیان جانا، ان کے مسائل کو سمجھنا اور انہیں حل کرنا ضروری ہے۔ دھرنے، مظاہروں اور سیاسی ہتھکنڈوں کے ذریعے عوامی فیصلے کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے بوتھ سطح کے کارکنوں سے لے کر وزیر اعظم نریندر مودی تک، پارٹی کے کروڑوں کارکن عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کرتے ہیں۔
مسٹر شاہ نے مسٹر کیجریوال کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ انتخابات میں شکست کے بعد پنجاب میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں اور وہاں کے وزیر اعلیٰ کو کام نہیں کرنے دے رہے ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں منشیات کے کاروبار کے معاملے پر ریاستی حکومت کو نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں پنجاب کے عوام بی جے پی کو اقتدار میں لانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی 2029 تک پنجاب سے منشیات کے کاروبار کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دہلی کی سابقہ حکومت نے تحریک کے نام پر اقتدار حاصل کیا، لیکن جمنا کی صفائی اور بنیادی شہری سہولتوں کی فراہمی کے لیے خاطر خواہ کام نہیں کیا۔
یمنا کی بحالی کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ دہلی میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد وزیر اعظم مودی نے دریا کو آلودگی سے پاک بنانے کے لیے ایک لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ منصوبے کا 40 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہوچکا ہے اور مرکز کے ساتھ دہلی، ہریانہ اور اتر پردیش کی حکومتوں نے یمنا کو صاف کرنے کے لیے مقررہ مدت پر مبنی لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ مئی 2029 سے پہلے یمنا کو صاف و شفاف بنانے کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔
یواین آئی ۔ ایف اے
ہندوستان
مودی اور نیتن یاہو کے درمیان فون پر بات چیت، مغربی ایشیا میں امن کی بحالی پر زور
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی اور اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے جمعرات کو مغربی ایشیا کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، مسٹر مودی نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
اس دوران دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور اسرائیل کے تعلقات میں مسلسل برقرار رفتار کا خیرمقدم کیا اور باہمی شراکت داری کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم مودی نے مغربی ایشیا میں امن کی بحالی کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے کی ہندوستان کی اپیل کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ بھی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
یواین آئی ۔ ایف اے
-
ہندوستان1 week agoمرکزی حکومت نے جنوبی بحر ہند ماہی گیری معاہدے میں شمولیت کو دی منظوری
-
دنیا1 week agoجاپانی صحافی کی روس میں گرفتاری: دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کیوں بڑھ رہی ہے
-
ہندوستان1 week agoمظاہرین پر تشدد کرنے والوں کو ثبوتوں کی بنیاد پر سزا ملے گی: راہل
-
دنیا1 week agoامریکہ کے شکاگو کے قریب بڑے ہندو مندر پر اجتماعی فائرنگ کی سازش ناکام، سفید فام نسل پرست نوجوان گرفتار
-
ہندوستان1 week agoانکیتا بھنڈاری کے والدین کو انڈیا گیٹ سے حراست میں لیے جانے پر کانگریس کی شدید مذمت
-
دنیا7 days agoٹرمپ کا ایران پر جوہری حملہ کرنے سے انکار
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میں 15 اکتوبر سے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی
-
جموں و کشمیر6 days agoجموں و کشمیر: اے ایس آئی کو ایک ماہ کے لیے نشہ چھڑانے کے مرکز بھیجنے کا حکم
-
ہندوستان1 week ago16 سالہ معصوم لڑکی اور 50 سالہ دولہے کی پانچ لاکھ روپے میں منگنی، بروقت ٹیم نے شادی کو روک دیا
-
دنیا1 week agoگرین لینڈ میں تیل، گیس اور معدنیات کی بڑے پیمانے پر تلاش جلد شروع ہوگی: ٹرمپ
-
ہندوستان1 week agoپنجاب، ہریانہ اور دہلی میں بھاری بارش، ژالہ باری اور 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی
-
ہندوستان1 week agoسی جے پی کے سورو داس اور آشوتوش رانکا پانچ دنوں کی عدالتی تحویل میں
