جموں و کشمیر
نیشنل کانفرنس اور بی جے پی کے احتجاجی مظاہروں سے قبل سری نگر میں سکیورٹی سخت
سری نگر، بی جے پی کے سول سکریٹریٹ گھیراؤ کے اعلان کے بعد نیشنل کانفرنس کے جوابی احتجاج کے پیشِ نظر سری نگر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی مظاہروں کے باعث امن و امان کا کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو، اس کے لیے سری نگر کی متعدد اہم سڑکوں پر پولیس اور سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کے اہلکاروں کو بڑی تعداد میں تعینات کیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ جواہر نگر میں بی جے پی دفتر کی طرف جانے والی سڑکوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ برسرِ اقتدار نیشنل کانفرنس نے منگل کی شام سری نگر اور جموں میں جوابی احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی نے اپنے کارکنوں کو بی جے پی دفتر کی طرف مارچ کرنے سے پہلے راج باغ میں گِنڈون اسپورٹس کمپلیکس کے باہر جمع ہونے کی ہدایت کی ہے۔
نیشنل کانفرنس کا کہنا ہے کہ وہ بی جے پی ہیڈکوارٹر کا گھیراؤ کرے گی اور جموں و کشمیر کی ریاست کا درجہ بحال کرنے کے اپنے وعدے پر مرکزی حکومت سے جوابدہی کا مطالبہ کرے گی۔
یو این آئی۔ م ع
جموں و کشمیر
ای او ڈبلیو نے جعلی ٹیچر کی تقرری کے معاملے میں پانچ افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی
سری نگر، جموں و کشمیر کرائم برانچ کے اکنامک آفینسز ونگ کشمیر نے محکمہ تعلیم میں جعلی ٹیچر کی تقرری کے حکم نامے کے معاملے میں پانچ افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔
حکام نے بدھ کے روز یہ معلومات دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ چارج شیٹ بڈگام کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں آر پی سی کی مختلف دفعات کے تحت داخل کی گئی تھی۔
جن افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے ان میں پلوامہ کی اقبال کالونی (ترال) کے رہنے والے نثار احمد بھٹ، شوپیاں کے کچدورا کے رہنے والے شاکر گل، شوپیاں کے تکی پورہ (رتنی پورہ) کے محمد ایاز راتھر، شوپیاں کے کچدورا کے رہنے والے شیخ روحیل احمد اور اننت ناگ کے خود پورہ مووگام کے رہنے والے تنویر احمد راتھر شامل ہیں۔
یہ معاملہ ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن، کشمیر سے ملنے والی اطلاع کے بعد شروع ہوا، جس میں تین افراد کے بارے میں بتایا گیا تھا جنہوں نے زون ناگام، چرار شریف (بڈگام) میں ٹیچر کے طور پر ملازمت شروع کی تھی۔ انہوں نے یہ ملازمت ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن، کشمیر کی جانب سے مبینہ طور پر جاری کردہ ٹرانسفر کے حکم کی بنیاد پر حاصل کی تھی۔
اس اطلاع کے بعد تحقیقات کے احکامات دیے گئے۔ کرائم برانچ نے بتایا کہ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ جن آرڈرز پر سوال اٹھائے گئے تھے، ان پر جعلی دستخط تھے اور ان پر درج آرڈر اور ڈسپیچ نمبرز بھی جعلی تھے۔
زونل ایجوکیشن افسر (ناگام) اور چیف ایجوکیشن افسر (بڈگام) سے حاصل کردہ ریکارڈز نے اس بات کی تصدیق کی کہ محمد ایاز راتھر، شیخ روحیل احمد اور تنویر احمد راتھر کا تبادلہ ان ہی مشکوک دستاویزات کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن، کشمیر کے ساتھ کی گئی چھان بین سے یہ بھی انکشاف ہوا کہ ان کی آرڈر بک 31 دسمبر 2019 کو بند کر دی گئی تھی، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مشکوک دستاویزات میں بتائے گئے آرڈر اور ڈسپیچ نمبرز جعلی تھے۔
کرائم برانچ کے مطابق تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ان تینوں افراد کو محکمہ تعلیم میں کبھی کہیں بھی مقرر نہیں کیا گیا تھا۔ ای او ڈبلیو نے کہا کہ تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملزم نثار احمد بھٹ اور شاکر گل نے مبینہ طور پر اس معاملے میں دلالی کی تھی۔ نثار احمد بھٹ پر جعلی سرکاری دستاویزات بنانے اور چھاپنے کے لیے ضروری وسائل اور مشینری کا انتظام کرنے کا بھی الزام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران الزامات درست پائے گئے اور اس کے بعد عدالتی فیصلے کے لیے عدالت میں چارج شیٹ پیش کر دی گئی۔
یو این آئی۔ م ع
جموں و کشمیر
التجا مفتی کی جموں و کشمیر کے سراپا احتجاج میڈیکل انٹرنز کی حمایت، وظیفہ بڑھا کر 30,000 روپے کرنے کا مطالبہ
سرینگر، جموں و کشمیر کے میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس انٹرنز کے ماہانہ وظیفے میں اضافے کے لیے جاری احتجاج کے دوران پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی رہنما التجا مفتی نے منگل کے روز گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سرینگر میں مظاہرین سے یکجہتی کا اظہار کیا اور موجودہ 12,300 روپے کے وظیفے کو بڑھا کر 30,000 روپے کرنے کے ان کے مطالبے کی بھرپور حمایت کی۔
التجا مفتی نے کہا کہ یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ جموں و کشمیر کے میڈیکل انٹرنز کو سخت ڈیوٹی اور کام کے بھاری بوجھ کے باوجود ملک بھر میں سب سے کم وظیفہ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، “انٹرنز کو معمول کے مطابق 12 سے 48 گھنٹے تک کی ڈیوٹیاں انجام دینا پڑتی ہیں اور جموں و کشمیر میں اکثر انہیں بنیادی اور ضروری چھٹیوں سے بھی محروم رکھا جاتا ہے۔”
انہوں نے 30,000 روپے ماہانہ وظیفے کے مطالبے کو معقول اور جائز قرار دیتے ہوئے نشاندہی کی کہ کئی ریاستیں اپنے انٹرن شپ کے وظیفے میں نمایاں اضافہ کر چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اوڈیشہ اور مغربی بنگال تقریباً 45,000 روپے فراہم کرتے ہیں، جب کہ اتر پردیش نے اپنا وظیفہ 12,000 سے بڑھا کر 25,000 روپے کر دیا ہے اور بہار نے بھی اس پر نظر ثانی کی ہے۔ التجا مفتی نے کہا کہ حکومت کو اپنی ترجیحات پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے جموں و کشمیر حکومت پر زور دیا کہ وہ احتجاج کرنے والے انٹرنز کے ساتھ فوری طور پر بامقصد مذاکرات شروع کرے، ان کے خدشات کو دور کرے اور بغیر کسی تاخیر کے وظیفہ بڑھا کر 30,000 روپے کرے۔ ساتھ ہی ان کے کام کے حالات کو بہتر بنانے، مناسب رخصت اور تحفظات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
ادھر جموں و کشمیر کی وزیر صحت سکینہ اِتو نے کہا کہ حکومت نے میڈیکل انٹرنز کے وظیفے میں اضافے کا عمل پہلے ہی شروع کر دیا ہے۔
دریں اثنا، جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق قرہ نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو خط لکھ کر انٹرنز کے مطالبات پر ان کی “فوری توجہ” مبذول کرانے کی درخواست کی۔ طارق قرہ نے کہا کہ میڈیکل انٹرنز نظامِ صحت کا ایک لازمی حصہ ہیں اور وہ معمول کے مطابق 36 گھنٹے طویل شفٹوں میں کام کرتے ہیں۔ جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (جے کے ایس اے) نے بھی عمر عبداللہ کو خط لکھ کر ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس انٹرنز کے دیرینہ مطالبات پر فوری مداخلت کی اپیل کی اور خبردار کیا کہ مسلسل انتظامی تاخیر سے صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے اور پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں صحت کی خدمات متاثر ہو سکتی ہیں۔
یو این آئی ۔ م ع
جموں و کشمیر
سرینگر میں اپنی پارٹی کی خواتین رہنماؤں اور کارکنوں کا حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
سرینگر، اپنی پارٹی کے شعبۂ خواتین (ویمنز ونگ) نے منگل کے روز سرینگر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور 2024 کے اسمبلی انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے وعدوں کی عدم تکمیل کے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اس احتجاج کی قیادت پارٹی رہنما دلشاد شاہین نے کی۔ اپنی پارٹی کی خواتین رہنما اور کارکنان سرینگر کی پریس کالونی میں جمع ہوئیں اور زبردست نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے حکومت کی ناکامیوں، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور عوام کو درپیش دیگر بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکامی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے دلشاد شاہین نے الزام لگایا کہ جموں و کشمیر حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اور حکمران جماعت انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہا، “حکومت نے عوامی مینڈیٹ کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور 2024 کے اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران جھوٹے وعدے کر کے لوگوں کو گمراہ کیا۔ اپنی پارٹی حکومت کی ناکامیوں کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھے گی اور عوامی مسائل و شکایات کو مسلسل اٹھاتی رہے گی۔”
اس موقع پر بات کرتے ہوئے پارٹی ترجمان عشرت بھٹ نے الزام لگایا کہ حکمران جماعت نے ووٹ مانگتے وقت بلند بانگ دعوے کر کے عوام کو فریب دیا اور اب وہ اپنی ذمہ داریوں سے راہِ فرار اختیار کر رہی ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا، “حکمران این سی نے اقتدار سنبھالنے کے چھ ماہ کے اندر بے روزگار نوجوانوں کو ایک لاکھ نوکریاں فراہم کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ وہ نوکریاں کہاں ہیں؟” انہوں نے مزید کہا، “اس نے ڈیلی ویجرز کو مستقل کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا۔ وہ اس وعدے کو پورا کرنے میں کیوں ناکام رہی؟ آج ان ڈیلی ویجرز کو برائے نام تنخواہیں دی جا رہی ہیں۔ اتنی قلیل اجرت میں وہ اپنے خاندانوں کی کفالت کیسے کر سکتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مہنگائی اس قدر تیزی سے بڑھ رہی ہے؟”
یو این آئی ۔ م ع
-
دنیا1 week agoایرانی صدر مسعود پزشکیان کو ملک کو درپیش ’’بہت سے مسائل‘‘ کا اعتراف، امریکہ کے ساتھ معاہدہ جنگ سے نکلنے کا بہترین راستہ
-
دنیا1 week agoنئی اقتصادی پابندیوں سے قبل ایران ’’مکمل طور پر تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے‘‘:ٹرمپ کا دعویٰ
-
ہندوستان1 week agoہندستانی دفاعی صنعتوں کو ملے گی ڈی آر ڈی او کے روایتی میزائل نظام کی ٹیکنالوجی
-
دنیا1 week agoسعودی عرب کے ساحل کے قریب ٹینکر پر نامعلوم میزائل حملہ، جہاز میں آگ لگ گئی
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر میں بجلی کے نرخوں میں اضافے کے خلاف سیاسی جماعتوں کا احتجاج
-
ہندوستان1 week agoذات پرمبنی مردم شماری کے طریقۂ کار پر کھرگے اور راہل نے تشویش کا اظہار کیا، مودی کو لکھا مشترکہ خط
-
دنیا7 days agoایران، عمان آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے قریب، تہران کا امریکہ سے بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ
-
جموں و کشمیر1 week agoبجلی کے کرایوں میں اضافہ “غیر منصفانہ، بوجھل اور مکمل طور پر ناقابل برداشت:طارق قرہ
-
دنیا1 week agoنئی امریکی پابندیوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار، اثرات سے نمٹنے کا دو سالہ منصوبہ موجود:ایران
-
ہندوستان6 days agoہفتے کے روز ازبکستان اور کرغزستان کے چار روزہ دورے پر جائیں گے مودی
-
ہندوستان7 days agoتہواروں پر بڑھتی مہنگائی سے عام آدمی کی رسوئی کا بجٹ بگڑا: کھرگے
-
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز توجہ کا مرکز، عمان کے وزیر خارجہ مذاکرات کے لیے تہران روانہ ہوں گے
