ہندوستان
انکیتا بھنڈاری کے والدین کو انڈیا گیٹ سے حراست میں لیے جانے پر کانگریس کی شدید مذمت
نئی دہلی، انکیتا بھنڈاری کو انصاف دلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے نئی دہلی کے انڈیا گیٹ پر دھرنے پر بیٹھے ان کے والدین کو جمعرات کو علی الصبح چار بجے پولیس نے حراست میں لے لیا، حالانکہ بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا۔ ان کے ساتھ دھرنے پر بیٹھے کانگریس کے کچھ دیگر رہنماؤں کو بھی پولیس نے حراست میں لیا تھا لیکن انہیں بھی بعد میں چھوڑ دیا گیا۔
انکیتا کے والدین بدھ کے روز اتراکھنڈ کے اپنے گاؤں سے دہلی آئے تھے اور بیٹی کو انصاف دلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے انڈیا گیٹ پر دھرنے پر بیٹھ گئے تھے۔ وہ اپنی بیٹی کے قتل کے ذمہ دار مانے جا رہے ‘وی آئی پی’ کو گورنر بنائے جانے کی مخالفت میں دھرنے پر بیٹھے تھے۔ دیر رات کانگریس رہنما راہل گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا اور دیگر رہنما ان سے ملنے دھرنا گاہ پہنچے تھے۔ پولیس نے آج صبح تقریباً چار بجے انکیتا کے والدین اور کچھ دیگر کانگریس رہنماؤں کو حراست میں لے لیا، جنہیں بعد میں رہا کر دیا گیا۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی نے انکیتا بھنڈاری کے والدین کو انڈیا گیٹ سے حراست میں لیے جانے کی شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مسٹر کھرگے نے کہا، “وزیر اعظم نریندر مودی نے صبح چار بجے پولیس بھیج کر انکیتا کے والدین کو گرفتار کروا دیا۔ ‘وی آئی پی’ دشینت گوتم کو بچانے کے لیے وزیر اعظم نے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ انصاف کی فریاد لگا رہے انکیتا کے والدین کو حراست میں لیا جا رہا ہے، جب کہ بی جے پی کے ‘وی آئی پی’ کو گورنر بنایا جا رہا ہے۔” انہوں نے اسے اقتدار کے جبر اور سوالوں سے بھاگنے کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک بیٹی کو کھو چکے والدین کے ساتھ ایسا رویہ شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی انکیتا کو انصاف دلانے کے لیے مسلسل جدوجہد کرتی رہے گی۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ چار سال سے انکیتا کے خاندان کو انصاف نہیں ملا لیکن ایک ‘وی آئی پی’ ملزم کو تحفظ اور آئینی عہدے کا انعام ضرور ملا ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر خواتین مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انکیتا کے والدین اپنی بیٹی کے لیے انصاف کی مانگ کرتے ہوئے گھر سے میلوں دور انڈیا گیٹ پر بیٹھنے پر مجبور ہوئے ہیں، لیکن وہاں سے بھی انہیں صبح چار بجے ہٹا دیا گیا۔
دریں اثنا، پارٹی نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل ‘ایکس’ پر لکھا کہ انکیتا کے والدین انڈیا گیٹ پر پرامن طریقے سے مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی بیٹی کے لیے انصاف مانگ رہے تھے، لیکن انہیں رات کے اندھیرے میں حراست میں لے لیا گیا۔ پارٹی نے اس کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی پولیس کو ذمہ دار ٹھہرایا اور مسٹر مودی اور مسٹر شاہ سے سوال کیا کہ کیا اپنی بیٹی کے قتل کے معاملے میں انصاف مانگنا جرم ہے اور بزرگ والدین کو آدھی رات میں حراست میں لینے کی آخر کیا ضرورت پیش آئی۔
پارٹی نے یہ بھی سوال کیا کہ دشینت گوتم بی جے پی کے لیے اتنے اہم کیوں ہیں کہ انہیں بچانے کے لیے رنجیدہ والدین کو ذلیل کیا جا رہا ہے۔ کانگریس نے کہا کہ انکیتا کو انصاف ملنا چاہیے، ان کے والدین کو جواب ملنا چاہیے اور ملک کی حکومت کو بیٹیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، نہ کہ ان کے خلاف۔
قابل ذکر ہے کہ انکیتا بھنڈاری کی 18 ستمبر 2022 کو رشی کیش میں قتل کر دیا گیا تھا۔ وہ وننترا ریزورٹ میں ریسیپشنسٹ کے طور پر کام کرتی تھیں۔ اس معاملے میں ریزورٹ کے مالک پلکت آریہ، اسسٹنٹ مینیجر انکت گپتا اور مینیجر سوربھ بھاسکر کو پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ ان ملزمان نے اپنا جرم قبول کیا تھا اور مئی 2025 میں عدالت کی جانب سے قصوروار پائے جانے کے بعد وہ عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
یو این آئی ایف اے
ہندوستان
سونیا گاندھی کی خودنوشت کا 10 نومبر کوہوگا اجرا، انسٹاگرام پر بھی ہوئیں سرگرم
نئی دہلی، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی کی خودنوشت کتاب کا اجراء’بیلونگنگ: اے جرنی آف لو’ 10 نومبر کو عمل میں آئیگا۔
محترمہ گاندھی کی یہ کتاب باضابطہ طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بھی پیش کی گئی ہے اور اسی کے ساتھ محترمہ گاندھی نے بھی انسٹاگرام پر اپنی موجودگی درج کرائی ہے۔
محترمہ گاندھی نے اپنی کتاب کی پہلی جھلک شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ محبت، فرض، جدائی اور اپنائیت کی تلاش کی کہانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کتاب کو سب کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔
محترمہ گاندھی نے انسٹاگرام پر لکھا، ”نمسکار، آپ سب کے ساتھ یہ لمحہ شیئر کرتے ہوئے مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ یہ میری کتاب کی پہلی جھلک ہے۔ یہ محبت، فرض، کھونے کے درد اور اپنائیت کی تلاش کی کہانی ہے۔ میں اسے آپ سب کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے پُرجوش ہوں۔”
شیئر کی گئی ریل میں محترمہ گاندھی کافی خوش نظر آ رہی ہیں۔ وہ اپنی کتاب کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ اس میں کئی تصاویر بھی شامل ہیں۔ ریل میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا بھی دکھائی دیتی ہیں، جو سونیا گاندھی کو مٹھائی کھلاتی نظر آ رہی ہیں۔
کتاب میں اٹلی میں ان کے بچپن، راجیو گاندھی سے ملاقات، شادی اور ہندوستانی سیاست میں ان کی آمد تک کے سفر کا ذکر کیا گیا ہے۔ یہ کتاب ان کی نجی زندگی، خاندانی رشتوں اور ہندوستان میں ان کے طویل سیاسی سفر کی جھلک پیش کرے گی۔
کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ محترمہ گاندھی کی یادداشتوں پر مبنی کتاب کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ یہ کتاب 10 نومبر کو جاری کی جائے گی۔
یواین آئی ۔ ایف اے
ہندوستان
راہل گاندھی ”پارٹ ٹائم لیڈر، فل ٹائم سیاح” ہیں: شیوراج سنگھ چوہان
نئی دہلی، زراعت اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے جمعرات کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست داں کم اور سیاح زیادہ ہیں۔
مسٹر چوہان ایک پروگرام کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس دوران الیکشن کمیشن کے خلاف یکم نومبر کو اپوزیشن کے احتجاجی پروگرام سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یہ تبصرہ کیا۔
انہوں نے کہا، ”راہل گاندھی پارٹ ٹائم سیاست داں اور فل ٹائم سیاح ہیں۔ جب ملک خوشی سے سرشار ہوتا ہے اور دسہرہ جیسے تہوار منا رہا ہوتا ہے، تو اس وقت وہ ملک سے باہر چلے جاتے ہیں۔ وہ مسئلہ ہیں، حل نہیں۔ ملک کو حل کی ضرورت ہے۔”
مرکزی وزیر نے کہا کہ مسٹر گاندھی اور ‘اقتدار کی تبدیلی’ کے خواہش مند گروہ کو یہ خواب آ رہا ہے کہ وہ ملک میں افراتفری پھیلا کر اقتدار حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا، ”میری ان سے (مسٹر گاندھی سے) اپیل ہے کہ وہ مسئلہ بننے کے بجائے حل بنیں۔ ملک اس واقعے کو کبھی نہیں بھول سکتا جو یکم نومبر (1984) کو پیش آیا تھا، جس دن ملک میں سکھوں کا قتلِ عام ہوا تھا۔ ایسے دن کانگریس کو ریلی نکالنے کے بجائے معافی مانگنی چاہیے۔”
واضح رہے کہ اپوزیشن ووٹر لسٹوں کی خصوصی تفصیل نظرثانی میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے، جبکہ الیکشن کمیشن اور حکمراں جماعت نے اپنے اپنے طور پر ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
یواین آئی۔ایف اے
ہندوستان
مودی نے امت شاہ کو سالگرہ کی مبارک باد دی
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو سالگرہ کی مبارک باد دی۔
وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پیغام میں لکھا، ”وزیر داخلہ امیت شاہ جی کو سالگرہ کی دلی مبارک باد۔ ان کی انتظامی صلاحیتوں نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہندوستان کا داخلی سلامتی کا نظام مزید مؤثر بنے۔”
وزیر اعظم نے خاص طور پر ماؤ نوازوں کے مسئلے سے نمٹنے اور منشیات کے غلط استعمال پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے طے کی گئی حکمت عملی پر زور دیا اور ان کوششوں کو ملک کی سلامتی اور سماجی مقاصد کے لیے ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ”ماؤ نوازوں کے خطرے کو ختم کرنے اور منشیات سے پاک معاشرے کے ہمارے خواب کو آگے بڑھانے میں حاصل ہونے والی کامیابیاں خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔”
انہوں نے امیت شاہ کی طویل اور صحت مند زندگی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا، ”میں تمنا کرتا ہوں کہ عوام کی خدمت کرتے ہوئے انہیں طویل اور صحت مند زندگی نصیب ہو۔”
انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے مرکزی حکومت کی داخلی سلامتی کی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس میں شورش کے خلاف کارروائیاں، ماؤ نوازوں کی سرگرمیوں پر روک لگانا اور منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنا شامل ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے
-
ہندوستان1 week agoمرکزی حکومت نے جنوبی بحر ہند ماہی گیری معاہدے میں شمولیت کو دی منظوری
-
دنیا1 week agoجاپانی صحافی کی روس میں گرفتاری: دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کیوں بڑھ رہی ہے
-
دنیا1 week agoامریکہ کے شکاگو کے قریب بڑے ہندو مندر پر اجتماعی فائرنگ کی سازش ناکام، سفید فام نسل پرست نوجوان گرفتار
-
ہندوستان1 week agoمظاہرین پر تشدد کرنے والوں کو ثبوتوں کی بنیاد پر سزا ملے گی: راہل
-
ہندوستان1 week ago16 سالہ معصوم لڑکی اور 50 سالہ دولہے کی پانچ لاکھ روپے میں منگنی، بروقت ٹیم نے شادی کو روک دیا
-
دنیا1 week agoگرین لینڈ میں تیل، گیس اور معدنیات کی بڑے پیمانے پر تلاش جلد شروع ہوگی: ٹرمپ
-
دنیا1 week agoروس سے ٹرمپ کی رعایتوں پر ریپبلکنز دفاعی پوزیشن میں، وسط مدتی انتخابات سے قبل دباؤ بڑھ گیا
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میں 15 اکتوبر سے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی
-
ہندوستان1 week agoپنجاب، ہریانہ اور دہلی میں بھاری بارش، ژالہ باری اور 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی
-
دنیا6 days agoٹرمپ کا ایران پر جوہری حملہ کرنے سے انکار
-
جموں و کشمیر5 days agoجموں و کشمیر: اے ایس آئی کو ایک ماہ کے لیے نشہ چھڑانے کے مرکز بھیجنے کا حکم
-
دنیا5 days agoآج ہم اپنی توانائی کی تاریخ میں ایک نیا صفحہ کھول رہے ہیں : طيب ایردوان
