ہندوستان
دسمبر 2029 تک ملک کو نشے کی لعنت سے پاک کرنے کا ہدف: شاہ
نئی دہلی، مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کو نشے کی لت سے محفوظ رکھنے اور ملک دشمن سرگرمیوں پر لگام لگانے کے لیے حکومت نے 31 دسمبر 2029 تک ملک کو نشے کی لعنت سے مکمل طور پر آزاد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے سال 2026 کے بقیہ ایام اور سال 2027، 2028 نیز 2029 کے دوران ملک بھر کی پولیس فورسز کو باہم مل کر منشیات کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑنی ہوگی۔ مسٹر شاہ نے بدھ کے روز یہاں ‘پولیس یادگاری دن ‘ کے موقع پر قومی پولیس یادگار پر شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد یہ باتیں کہیں۔ اس موقع پر انہوں نے نشے کے خلاف بیداری پیدا کرنے کے لیے ملک گیر موٹر سائیکل ریلی کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ نشے کی لعنت آنے والی نسلوں کو کھوکھلا اور کمزور کرتی ہے، معیشت پر بوجھ بنتی ہے اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تنظیموں کو مالی امداد بھی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے ملک بھر کی پولیس فورسز سے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں تیار کردہ ‘نشہ مکت بھارت’ کی اسکیم کو زمینی سطح پر نافذ کرنے اور نئی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی اپیل کی۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ سال 2026 ہندوستانی پولیس کے لیے انتہائی اہم اور تاریخی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 31 مارچ 2026 کو ملک کو کئی دہائیوں پرانی نکسل ازم کی لعنت سے نجات مل گئی۔ سال 1981 سے مارچ 2026 کے درمیان نکسل ازم کی پرتشدد کارروائیوں کی وجہ سے 3,600 سے زائد جوان شہید ہوئے اور تقریباً 13,700 بے گناہ شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک اگر ترقی کی راہ پر گامزن ہے، تو اس کی بنیادوں میں شہید جوانوں کی عظیم قربانیاں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر، شمال مشرق اور نکسل سے متاثرہ علاقوں میں اب امن اور ترقی کا خوشگوار ماحول قائم ہو چکا ہے۔ کشمیر میں دہشت گردی پر قابو پانے میں بڑی کامیابی ملی ہے، جبکہ مختلف معاہدوں کے بعد شمال مشرق میں بھی پائیدار امن کا راستہ کھلا ہے۔ نکسل ازم کے خاتمے میں پولیس اور مرکزی نیم فوجی دستوں (سی اے پی ایف) کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے بالخصوص سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، کوبرا بٹالین اور چھتیس گڑھ پولیس کی بے مثال بہادری کا خصوصی ذکر کیا۔
مسٹر شاہ نے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں اور فرض شناسی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی خدمت ملک کی مشکل ترین خدمات میں سے ایک ہے۔ جب عام شہری اپنے اہل خانہ کے ساتھ رکھشا بندھن، ہولی، دیوالی اور عید جیسے تہوار منا رہے ہوتے ہیں، تب پولیس اہلکار داخلی سلامتی، ٹریفک اور عوام کے تحفظ کی ڈیوٹی میں مصروف رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندرونی امن و امان اور سلامتی میں پولیس کا کردار سب سے اہم ہے۔
پولیس یادگاری دن کی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ 21 اکتوبر 1959 کو لداخ کے ‘ہاٹ اسپرنگس’ کے علاقے میں چینی فوج کے حملے کا جرأت مندانہ مقابلہ کرتے ہوئے سی آر پی ایف کے 10 جوان شہید ہوئے تھے۔ انہی بہادر جوانوں کی یاد میں ہر سال 21 اکتوبر کو پولیس یادگاری دن منایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سال 2018 میں وزیرِ اعظم مودی نے قومی پولیس یادگار کا افتتاح کیا تھا، تاکہ پولیس کی آنے والی نسلیں شہداء کی زندگی سے تحریک حاصل کریں۔ اس یادگار پر فرض کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔
نشے کے خلاف بیداری پھیلانے والی اس موٹر سائیکل ریلی میں مختلف ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں، مرکزی مسلح پولیس فورسز اور مرکزی پولیس تنظیموں کے تقریباً 90 سوار حصہ لے رہے ہیں۔ ‘نشے کے خلاف جنگ’ کے پیغام کے ساتھ نکالی جا رہی یہ ریلی ملک گیر مہم کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس میں شامل سوار گجرات کے ایکتا نگر پہنچ کر ‘ایکتا پریڈ-2026’ میں حصہ لیں گے۔
یو این آئی ایف اے
ہندوستان
سونیا گاندھی کی خودنوشت کا 10 نومبر کوہوگا اجرا، انسٹاگرام پر بھی ہوئیں سرگرم
نئی دہلی، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی کی خودنوشت کتاب کا اجراء’بیلونگنگ: اے جرنی آف لو’ 10 نومبر کو عمل میں آئیگا۔
محترمہ گاندھی کی یہ کتاب باضابطہ طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بھی پیش کی گئی ہے اور اسی کے ساتھ محترمہ گاندھی نے بھی انسٹاگرام پر اپنی موجودگی درج کرائی ہے۔
محترمہ گاندھی نے اپنی کتاب کی پہلی جھلک شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ محبت، فرض، جدائی اور اپنائیت کی تلاش کی کہانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کتاب کو سب کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔
محترمہ گاندھی نے انسٹاگرام پر لکھا، ”نمسکار، آپ سب کے ساتھ یہ لمحہ شیئر کرتے ہوئے مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ یہ میری کتاب کی پہلی جھلک ہے۔ یہ محبت، فرض، کھونے کے درد اور اپنائیت کی تلاش کی کہانی ہے۔ میں اسے آپ سب کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے پُرجوش ہوں۔”
شیئر کی گئی ریل میں محترمہ گاندھی کافی خوش نظر آ رہی ہیں۔ وہ اپنی کتاب کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ اس میں کئی تصاویر بھی شامل ہیں۔ ریل میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا بھی دکھائی دیتی ہیں، جو سونیا گاندھی کو مٹھائی کھلاتی نظر آ رہی ہیں۔
کتاب میں اٹلی میں ان کے بچپن، راجیو گاندھی سے ملاقات، شادی اور ہندوستانی سیاست میں ان کی آمد تک کے سفر کا ذکر کیا گیا ہے۔ یہ کتاب ان کی نجی زندگی، خاندانی رشتوں اور ہندوستان میں ان کے طویل سیاسی سفر کی جھلک پیش کرے گی۔
کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ محترمہ گاندھی کی یادداشتوں پر مبنی کتاب کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ یہ کتاب 10 نومبر کو جاری کی جائے گی۔
یواین آئی ۔ ایف اے
ہندوستان
راہل گاندھی ”پارٹ ٹائم لیڈر، فل ٹائم سیاح” ہیں: شیوراج سنگھ چوہان
نئی دہلی، زراعت اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے جمعرات کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست داں کم اور سیاح زیادہ ہیں۔
مسٹر چوہان ایک پروگرام کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس دوران الیکشن کمیشن کے خلاف یکم نومبر کو اپوزیشن کے احتجاجی پروگرام سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یہ تبصرہ کیا۔
انہوں نے کہا، ”راہل گاندھی پارٹ ٹائم سیاست داں اور فل ٹائم سیاح ہیں۔ جب ملک خوشی سے سرشار ہوتا ہے اور دسہرہ جیسے تہوار منا رہا ہوتا ہے، تو اس وقت وہ ملک سے باہر چلے جاتے ہیں۔ وہ مسئلہ ہیں، حل نہیں۔ ملک کو حل کی ضرورت ہے۔”
مرکزی وزیر نے کہا کہ مسٹر گاندھی اور ‘اقتدار کی تبدیلی’ کے خواہش مند گروہ کو یہ خواب آ رہا ہے کہ وہ ملک میں افراتفری پھیلا کر اقتدار حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا، ”میری ان سے (مسٹر گاندھی سے) اپیل ہے کہ وہ مسئلہ بننے کے بجائے حل بنیں۔ ملک اس واقعے کو کبھی نہیں بھول سکتا جو یکم نومبر (1984) کو پیش آیا تھا، جس دن ملک میں سکھوں کا قتلِ عام ہوا تھا۔ ایسے دن کانگریس کو ریلی نکالنے کے بجائے معافی مانگنی چاہیے۔”
واضح رہے کہ اپوزیشن ووٹر لسٹوں کی خصوصی تفصیل نظرثانی میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے، جبکہ الیکشن کمیشن اور حکمراں جماعت نے اپنے اپنے طور پر ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
یواین آئی۔ایف اے
ہندوستان
مودی نے امت شاہ کو سالگرہ کی مبارک باد دی
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو سالگرہ کی مبارک باد دی۔
وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پیغام میں لکھا، ”وزیر داخلہ امیت شاہ جی کو سالگرہ کی دلی مبارک باد۔ ان کی انتظامی صلاحیتوں نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہندوستان کا داخلی سلامتی کا نظام مزید مؤثر بنے۔”
وزیر اعظم نے خاص طور پر ماؤ نوازوں کے مسئلے سے نمٹنے اور منشیات کے غلط استعمال پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے طے کی گئی حکمت عملی پر زور دیا اور ان کوششوں کو ملک کی سلامتی اور سماجی مقاصد کے لیے ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ”ماؤ نوازوں کے خطرے کو ختم کرنے اور منشیات سے پاک معاشرے کے ہمارے خواب کو آگے بڑھانے میں حاصل ہونے والی کامیابیاں خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔”
انہوں نے امیت شاہ کی طویل اور صحت مند زندگی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا، ”میں تمنا کرتا ہوں کہ عوام کی خدمت کرتے ہوئے انہیں طویل اور صحت مند زندگی نصیب ہو۔”
انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے مرکزی حکومت کی داخلی سلامتی کی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس میں شورش کے خلاف کارروائیاں، ماؤ نوازوں کی سرگرمیوں پر روک لگانا اور منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنا شامل ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے
-
ہندوستان1 week agoمرکزی حکومت نے جنوبی بحر ہند ماہی گیری معاہدے میں شمولیت کو دی منظوری
-
دنیا1 week agoجاپانی صحافی کی روس میں گرفتاری: دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کیوں بڑھ رہی ہے
-
دنیا1 week agoامریکہ کے شکاگو کے قریب بڑے ہندو مندر پر اجتماعی فائرنگ کی سازش ناکام، سفید فام نسل پرست نوجوان گرفتار
-
ہندوستان1 week agoمظاہرین پر تشدد کرنے والوں کو ثبوتوں کی بنیاد پر سزا ملے گی: راہل
-
ہندوستان1 week agoانکیتا بھنڈاری کے والدین کو انڈیا گیٹ سے حراست میں لیے جانے پر کانگریس کی شدید مذمت
-
ہندوستان1 week ago16 سالہ معصوم لڑکی اور 50 سالہ دولہے کی پانچ لاکھ روپے میں منگنی، بروقت ٹیم نے شادی کو روک دیا
-
دنیا1 week agoروس سے ٹرمپ کی رعایتوں پر ریپبلکنز دفاعی پوزیشن میں، وسط مدتی انتخابات سے قبل دباؤ بڑھ گیا
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میں 15 اکتوبر سے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی
-
دنیا1 week agoگرین لینڈ میں تیل، گیس اور معدنیات کی بڑے پیمانے پر تلاش جلد شروع ہوگی: ٹرمپ
-
دنیا6 days agoٹرمپ کا ایران پر جوہری حملہ کرنے سے انکار
-
ہندوستان1 week agoپنجاب، ہریانہ اور دہلی میں بھاری بارش، ژالہ باری اور 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی
-
ہندوستان1 week agoویشالی میں کشتی الٹنے سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 2-2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا
