ہندوستان
گورکھپور میں سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گرجانے سے دو بھائیوں کی موت، پانچ زخمی
نینی تال، اتر پردیش کے گورکھپور سے نینی تال کی سیر کرنے آئے سیاحوں کی کار اتوار کی دیر رات گہری کھائی میں گرجانے سے دو بھائیوں کی المناک موت ہو گئی جبکہ کنبہ کے پانچ دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
کالاڈونگی پولیس اسٹیشن کے سربراہ نندن سنگھ راوت کے مطابق گورکھپور کے بارگدوا کے رہنے والے پریم چند سریواستو اپنے پورے کنبہ کے ساتھ نینی تال گھومنے آئے تھے۔ اتوار کی رات تقریباً 11.30 بجے واپس جاتے وقت ان کی کار نینی تال-کالاڈونگی روڈ پر پریا بینڈ کے نزدیک گہری کھائی میں گر گئی۔
کار میں سات افراد سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ایک گاڑی ڈرائیور نے پولیس کو دی۔ اس کے بعد کالاڈونگی کے علاقائی افسر بی ایل بھکونی پولیس اور ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ فورس کے اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچے۔
رات کے اندھیرے میں راحت اور بچاؤ کا کام کیا گیا۔ تمام کو بمشکل کھائی سے نکالا گیا۔ اس حادثے میں دو بھائی راہل سریواستو اور راجیو شریواستو کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ پریم چندر سریواستو، ان کی بیوی رانی سریواستو، آکاش سریواستو، شالو شریواستو اور مسٹھی زخمی ہو گئے۔
پولیس کی جانب سے تمام زخمیوں کو رات ہی ہلدوانی کے سشیلا تیواری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
مسٹر راوت کے مطابق حادثہ انتہائی دور دراز ہونے کی وجہ سے آج صبح تقریباً 6 بجے تک راحت اور بچاؤ کا کام چلایا گیا۔
پنچنامے کی کارروائی کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ تمام افراد کا تعلق ایک ہی کنبہ سے ہے۔ مسٹر راوت کے مطابق حادثے کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔
یواین آئی۔ م ع۔ 1530
ہندوستان
مودی نے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر لولا کو مبارک باد دی، ہندوستان-برازیل اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانے کا عزم
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز برازیل کے صدر اور بائیں بازو کے رہنما لوئیز اناسیو لولا دا سلوا کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔
مسٹر مودی نے ہندوستان اور برازیل کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور گلوبل ساؤتھ کی مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری ایک پیغام میں مسٹر لولا کو اپنا ‘عزیز دوست’ قرار دیتے ہوئے ان کی شاندار انتخابی کامیابی پر ‘دلی مبارک باد’ پیش کی۔
مسٹر مودی نے ہندوستان اور برازیل کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”میں کثیرجہتی ہندوستان-برازیل اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا اور وسیع بنانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ ہم مل کر مختلف شعبوں میں اپنے تعاون کو مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، عالمی جنوب کی مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھائیں گے اور ایک زیادہ جامع دنیا کی تعمیر کے لیے کام کریں گے۔”
ہندوستان اور برازیل کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، دفاع، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تعاون، صحت کی دیکھ بھال اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مختلف شعبوں میں وسیع اسٹریٹجک شراکت داری قائم ہے۔ ‘عالمی جنوب’ میں اہم اثر و رسوخ رکھنے والی دو بڑی ترقی پذیر معیشتوں کی حیثیت سے دونوں ممالک نے ہمیشہ بین الاقوامی فورموں پر ترقی پذیر ممالک کی آواز کو مضبوطی سے اٹھانے اور عالمی اقتصادی و سیاسی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بہتر تال میل کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برکس، جی-20 اور اقوام متحدہ میں دونوں ممالک کی رکنیت عالمی حکمرانی، پائیدار ترقی، کثیرجہتی اداروں میں اصلاحات اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ ‘جنوب-جنوب تعاون’ کو مضبوط بنانے اور زیادہ نمائندہ عالمی نظام کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے۔
مسٹر مودی کے پیغام میں مسٹر لولا کی قیادت میں برازیل کے ساتھ ہندوستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ہندوستان کے ارادے پر زور دیا گیا۔ امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے، بین الاقوامی مسائل پر اپنے مؤقف میں تال میل پیدا کرنے اور ترقی و عالمی حکمرانی سے متعلق مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔
یواین آئی ۔ ایف اے
ہندوستان
آپریشن پرہار: پولیس کارروائی میں 10 لیٹر غیر قانونی کچی شراب کے ساتھ 64 سالہ ملزم گرفتار
ٹہری، تہواروں کے موسم میں غیر قانونی شراب کے کاروبار پر روک لگانے کے لیے اتراکھنڈ میں ٹہری پولیس کی کارروائی مسلسل جاری ہے۔ آپریشن پرہار کے تحت دیر رات چھام پولیس نے 10 لیٹر غیر قانونی کچی شراب کے ساتھ 64 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق، کارروائی کے دوران غیر قانونی کچی شراب کے ساتھ ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے خلاف ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹہری گڑھوال کی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی شراب کی فروخت اور اسمگلنگ پر مؤثر روک لگانے کے لیے بڑے پیمانے پر جانچ مہم چلائی جا رہی ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
اس کارروائی میں سب انسپکٹر شیو شنکر اونیال، کانسٹیبل مکیش چمولی، کانسٹیبل انوپ بھٹ اور کانسٹیبل امریش راوت شامل تھے۔
یو این آئی۔ ایم جے
ہندوستان
راہل گاندھی کے قافلے کی گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں، کانگریس رہنما بال بال بچے
سلطان پور، کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے قافلے کی کئی گاڑیاں پیر کو اتر پردیش کے سلطان پور میں پوروانچل ایکسپریس وے پر آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے وقت راہل گاندھی سلطان پور میں ہتک عزت کے ایک مقدمے کی سماعت کے لیے جا رہے تھے۔ حادثے میں راہل گاندھی محفوظ ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، قافلے میں شامل گاڑیوں کے اچانک بریک لگانے کے بعد پیچھے چل رہی کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں کانگریس کے کچھ کارکنوں، پارٹی عہدیداروں اور حفاظتی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ تاہم، زخمیوں کی تعداد اور ان کی حالت کے بارے میں تفصیلی معلومات کا انتظار ہے۔
راہل گاندھی کو سال 2018 کے ایک ہتک عزت کے مقدمے میں سلطان پور کی خصوصی ایم پی۔ایم ایل اے عدالت میں پیش ہونا تھا۔ یہ معاملہ بی جے پی کے اس وقت کے صدر امیت شاہ کے خلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض تبصرے سے متعلق ہے۔ حادثے کے بعد موقع پر افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور صورت حال کا جائزہ لیا۔
یو این آئی۔ ایم جے
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: اے ایس آئی کو ایک ماہ کے لیے نشہ چھڑانے کے مرکز بھیجنے کا حکم
-
دنیا1 week agoآج ہم اپنی توانائی کی تاریخ میں ایک نیا صفحہ کھول رہے ہیں : طيب ایردوان
-
ہندوستان1 week agoجی ٹی ٹی سی آئی اور شری دھرمک لیلا کمیٹی نے لال قلعے میں ‘عالمی یومِ خوراک’ منایا
-
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز پر امریکہ اور ایران دونوں کا کنٹرول کا دعویٰ، بحری جہازوں پر حملوں میں اضافہ
-
ہندوستان1 week agoگیانیش کمار سرکاری گواہ بنیں: راہل
-
ہندوستان1 week agoسی جے پی بانی ابھیجیت دیپکے کو ملی ضمانت
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: رام بن میں چرس اور ہیروئن کے ساتھ تین افراد گرفتار
-
ہندوستان1 week agoسپریم کورٹ نے انٹرنیٹ تک رسائی کو بچوں سمیت سب کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے سی- سم کو ایڈریس کرنے کے لیے ڈیٹا بیس بنانے…
-
دنیا6 days agoایران اور روس کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط، ، دونوں ملکوں کے رشتے تاریخی بلندی پر: عراقچی
-
دنیا1 week ago“نتن یاہو، جیل سے بچنے کے لیے امریکہ کو جنگ میں دھکیل رہا ہے: عراقچی
-
پاکستان7 days agoحوثی حملوں کے بعد سعودی عرب کے دفاع کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے: پاکستان
-
دنیا1 week agoٹرمپ نے روس پر پابندیوں میں نرمی کا دفاع کیا، زیلنسکی پر سخت تنقید
