تازہ ترین
مشترکہ مزاحمتی قیادت کی کال پر 15 اگست کو وادی بھر میں مکمل ہڑتال اور سیول کرفیو رہا نافذ
خبر اردو :
مزاحمتی لیڈران کی کال پر 15اگست بدھوار کو وادی بھر میں مکمل ہڑتال اور سیول کرفیو جیسی صورتحال رہی جس دوران یہاں زندگی کی جملہ سرگرمیاں مکمل طور پر ٹھپ ہوکر رہ گئیں۔ اطلاعات کے مطابق مزاحمتی لیڈران کی جانب سے ہڑتالی کال کے نتیجے میں شمال و جنوب میں سناٹا چھایا رہا جس دوران تجارتی، عوامی، کاروباری اور غیر سرکاری سرگرمیاں مکمل طور پر مفلوج رہیں۔ ہڑتال کی وجہ سے سڑکیں سنسان اور بازار ویران رہے ۔سرینگر شہر کے تمام علاقوں میں فورس کو چوکنا رکھا گیا تھا اور انہیں کسی بھی طرح کی صورتحال کا مقابل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔ ہڑتال کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کی سرگرمیاں ٹھپ رہیں جس کے نتیجے میں سڑکیں ویران اور سنسان دکھائی دے رہی تھیں۔ اس دوران شہر میں سیول کرفیو جیسی صورتحال نظر آرہی تھی اور بیشتر لوگوں نے اپنے گھروں میں رہنے میں ہی ترجیح دی۔
شہر کی سڑکوں پر صرف فورسز اور پولیس کی گاڑیاں چلتی رہیں جبکہ فورسز اور پولیس اہلکارگشت کرتے نظر آئے ۔ سڑکوں پر حفاظتی نقطہ نگاہ سے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں اور حساس مقامات پر سیکورٹی کا پہر ہ سخت کر دیا گیا تھا جبکہ کئی ایک جگہوں پر بکتر بند گاڑیوں کو سڑکوں پر کھڑی کر کے راستوں کو مسدود کیا گیا تھا جبکہ خار دار تاروں کا استعمال بھی عمل میں لایا گیا ۔ دوپہر کے بعدسڑکوں پر راہ گیر چلتے دیکھے گئے تاہم انہیں جگہ جگہ جامہ تلاشی کا سامنا کرنا پڑا اور سخت پوچھ تاچھ اور شناختی کارڈ دکھانے کے بعد ہی انہیں آگے جانے کی اجازت دی گئی۔ شہر کی اونچی عمارتوں پر فورسز اہلکاروں نے مورچہ سنبھال کر رہائشی مکانوں پر بھی پوزیشن سنبھال لی تھی جس کے نتیجے میں لوگوں میں خوف وہراس پایا جاتا رہا ۔
واضح رہے 15اگست کے حوالے سے ریاست میں منعقد ہونی والی سب سے بڑی تقریب کے لئے حفاظت کے غیر معمولی بند وبست کئے گئے تھے جس کے دوران شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سونہ وار کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو سیل کر دیا گیا تھا۔اسٹیڈیم کو دو روزقبل ہی سیکورٹی ایجنسیوں نے اپنی تحویل میں لے رکھا تھا ۔زبردست سیکورٹی انتظامات کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا تھا کہ سونہ وار اور ملحقہ علاقوں میں جنگی پیمانے پر فورسز کو تعینات کیا گیاتھا ۔ نمائندے کے مطابق شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سونہ وارکے ارد گرد 3دائروں والی سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے تھے جس کے دوران پرندوں کو بھی پر مارنے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔ ادھر وادی کے دیگر اضلاع میں بھی جن میں بارہمولہ، کپوارہ، سوپور، بانڈی پورہ، بڈگام، پلوامہ، شوپیان ، گاندربل او ر دیگر علاقے بھی شامل ہیں میں مکمل ہڑتال رہی جسکی وجہ سے زندگی کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ۔ ہڑتال کی وجہ سے دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے۔ اس دوران سڑکوں پر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے چوراہوں پر بکتربند گاڑیاں کو تیاری کی حالت میں رکھا گیا تھا۔ شمالی کشمیر کے بارہمولہ، کپوارہ، اوڑی، بانڈی پورہ، ہندوارہ اور سوپور میں بھی مکمل طور پر ہڑتال رہی اور سڑکیں صحرائی منظر پیش کر رہی تھیں اور اس دوران کسی بھی شخص کو سڑکوں پر چلتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔کاروباری و نجی ادارے، اسکول و کالج، دکانیں ، بینک ،پیٹرول پمپ اور دیگر کاروباری مراکز بھی مکمل طور پر بند رہے۔ جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام، اسلام آباد، شوپیان، پلوامہ میں بھی 15اگست کے پیش نظر حریت دھڑوں،لبریشن فرنٹ اور دیگرعلیحدگی پسندجماعتوں کی طرف سے دی گئی ہڑتالی کال کا اثر دیکھنے کو ملا اوراس دوران مکمل ہڑتال کی وجہ سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ۔ اس دوران سڑکوں پر سیکورٹی اہلکاروں کے علاوہ اور کوئی بھی شخص نظر نہیںآیا جبکہ انتہائی حساس والے علاقوں اور اہم تنصیبات پر فورسز کا کڑا پہرہ بٹھا دیا گیا تھا۔ تاہم کسی بھی جگہ سے آخری اطلاع ملنے تک کوئی بھی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
دوسری طرف وسطی کشمیر کے اضلاع بڈگام اور گاندربل میں بھی مکمل ہڑتال ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں جس دوران لوگوں نے گھروں میں بیٹھنے کو ہی ترجیح دی جبکہ تناؤ اور کشیدگی کا عالم صاف نظر آرہا تھا۔ کڑے سیکورٹی انتظامات کے پیش نظر لوگوں کو بھی کئی جگہوں پر گھروں سے باہر آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس دوران ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر2روز قبل ہی بیشتر حریت لیڈران اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے انہیں تھانہ و خانہ نظر بند رکھا گیا۔حریت(گ) چیئرمین سید علی شاہ گیلانی جو گزشتہ کئی برسوں سے حیدپورہ میں اپنے ہی گھر میں نظر بندہیں،کے گھر کے ارد گرد مزید پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا اور سخت پہرہ بٹھا دیا گیا۔ادھر ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر حریت(ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کو بھی2روز قبل ہی نگین میں اپنی رہائش گاہ میں نظر بند رکھا گیا۔اس دوران پولیس نے بدھوار علی الصبح لبریشن فرنٹ چیرمین محمد یاسین ملک کو اپنے گھر واقع مائسمہ سے گرفتار کرکے تھانہ کوٹھی باغ میں نظر بندکردیا جبکہ فرنٹ سے وابستہ شوکت بخشی اور بشیر کشمیر ی کو بھی پولیس نے حراست میں لیتے ہوئے کوٹھی باغ تھانہ میں نظر بند کردیا۔
جموں و کشمیر
اننت ناگ میں دھوکہ دہی اور فراڈ کے الزام میں بی جے پی لیڈر کے خلاف مقدمہ درج
سری نگر، بی جے پی کے اننت ناگ ضلع جنرل سکریٹری عابد ننگرو کے خلاف جموں و کشمیر پولیس نے سرکاری ملازمت دلانے اور امرناتھ یاترا کے دوران پہلگام میں خیمے لگانے کی اجازت دلانے کے نام پر مبینہ طور پر دھوکہ دہی اور فراڈ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔
پولیس اسٹیشن اننت ناگ میں دھوکہ دہی اور فراڈ کی شکایت پر تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ اسے وحید احمد ایتو، عیشمقام، جو فی الحال جی ڈی سی بوائز ہاسٹل، خانہ بل میں مقیم ہیں، کی جانب سے تحریری شکایت موصول ہوئی، جس میں الزام لگایا گیا کہ کرندی گام، بیج بہارا کے عابد ننگرو نے ان کے ساتھ دھوکہ کیا۔
پولیس کے مطابق شکایت میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے شکایت کنندہ کو یہ یقین دلا کر اپنے جال میں پھنسایا کہ وہ محکمہ پولیس میں ایس پی او (اسپیشل پولیس آفیسر) کی حیثیت سے اسے سرکاری ملازمت دلوا سکتا ہے اور اپنے سیاسی اثر و رسوخ کی مدد سے شری امرناتھ جی یاتریوں کے لیے پہلگام میں خیمے لگانے کی اجازت بھی دلوا سکتا ہے۔
شکایت کنندہ نے مزید الزام لگایا کہ ان یقین دہانیوں اور دعووں کی بنیاد پر اس سے مجموعی طور پر 8,25,000 روپے لے لیے گئے۔
شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن اننت ناگ میں بی این ایس کی دفعات 318(4) اور 351(3) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
اننت ناگ پولیس نے ایک بار پھر کہا ہے کہ دھوکہ دہی، فراڈ یا سرکاری ملازمت یا دیگر سرکاری فوائد دلانے کے جھوٹے وعدوں کے ذریعے لوگوں کا استحصال کرنے میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یو این آئی، ایم جے
ہندوستان
وزیر اعظم مودی نے رکشا بندھن پر عوام کو مبارکباد دی
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو رکشا بندھن کے موقع پر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ یہ ۔تہوار تمام شہریوں کی زندگیوں میں خوشی، خوشحالی اور کامیابی لائے۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے رکشا بندھن کو محبت اور مضبوط انسانی رشتوں کی علامت قرار دیا۔
مسٹر مودی نے کہا، ’’رکشا بندھن پر دلی مبارکباد۔ یہ تہوار آپ سب کی زندگیوں میں خوشی، خوشحالی اور کامیابی لائے۔‘‘
وزیر اعظم نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ لوگوں کے درمیان محبت، اپنائیت اور باہمی اعتماد کے رشتے مضبوط اور پائیدار رہیں گے۔
انہوں نے کہا، ’’محبت، اپنائیت اور باہمی اعتماد کا دھاگا ہمیشہ اٹوٹ رہے، یہی میری دلی خواہش ہے۔‘‘
رکشا بندھن، جسے عام طور پر راکھی کے نام سے جانا جاتا ہے، پورے ہندستان میں محبت، خیال اور تحفظ کے رشتے کی عکاسی کرنے والے تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے، خاص طور پر بھائی بہن کے درمیان۔
بہنیں روایتی طور پر اپنے بھائیوں کی کلائی پر راکھی کے نام سے معروف مقدس دھاگا باندھتی ہیں، جبکہ بھائی اپنی بہنوں کی مدد اور حفاظت کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔
یہ تہوار خاندانوں اور برادریوں کو بھی ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے، جہاں لوگ تحائف، مٹھائیاں اور مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے محبت، اعتماد، اتحاد اور باہمی احترام کی پائیدار اقدار کا جشن مناتے ہیں۔
یو این آئی، ایم جے
دنیا
روبیو نے میکسیکو پر ہجرت، فینٹانائل اور منشیات فروش گروہوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے پر زور دیا
واشنگٹن، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے میکسیکو پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہجرت، فینٹانائل کی اسمگلنگ اور منشیات فروش گروہوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق روبیو نے واشنگٹن میں میکسیکو کے وزیر خارجہ روبرٹو ویلاسکو کے ساتھ مذاکرات کے دوران یہ مطالبہ کیا۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے کہا کہ روبیو نے غیر قانونی ہجرت کے خاتمے، فینٹانائل اور دیگر غیر قانونی منشیات کی امریکہ میں اسمگلنگ روکنے، غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں اور منشیات فروش گروہوں کو ختم کرنے اور ان کی ہتھیاروں تک رسائی روکنے کے لیے اقدامات پر زور دیا۔
یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ٹرمپ انتظامیہ میکسیکو کے ساتھ تعلقات میں سرحدی سکیورٹی اور غیر قانونی منشیات کے خلاف جنگ کو اہم ترجیحات قرار دے رہی ہے۔
واشنگٹن میکسیکو پر ان جرائم پیشہ تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے جو منشیات، خصوصاً فینٹانائل، کی تیاری اور اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ فینٹانائل امریکہ اور میکسیکو کے درمیان سکیورٹی تعاون میں ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے۔
میکسیکو سرحدی سکیورٹی، منظم جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں امریکہ کا ایک اہم شراکت دار ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔
-
ہندوستان1 week agoشاہ کے کہنے پر ہوئی ستییندر کی گرفتاری : کیجریوال
-
ہندوستان7 days agoوندے ماترم پر کانگریس کا فیصلہ غیر آئینی اور مستقبل میں سنگین بحران پیدا کرنے والا: راج ناتھ
-
جموں و کشمیر1 week agoکٹھوعہ کے تمام 216 سرحدی گاؤں اب سڑک سے منسلک، مکمل برق کاری : منوج سنہا
-
ہندوستان1 week agoچار ریاستوں میں ریل پٹریوں کی تعداد بڑھانے والے منصوبوں کو منظوری
-
دنیا6 days agoکانگریس پر ڈیموکریٹس کا قبضہ ہوا تو میرے خلاف مواخذے کی کوشش ہوگی: ٹرمپ
-
دنیا6 days agoتیونس کے ساحل کے قریب کشتی ڈوب گئی، 13 افراد لاپتہ
-
دنیا6 days agoایران کے صدر کا امریکہ کے ساتھ جنگ ختم کرنے پر زور، مذاکرات تعطل کا شکار
-
دنیا7 days agoامریکی قرضہ 40 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے پر وانس کا کہنا ہے کہ بیسنٹ کے پاس ’’انتہائی خفیہ منصوبہ‘‘ ہے
-
دنیا1 week agoکانگریس ایف-35 طیاروں کی فروخت کی منظوری دے:ترک-امریکی تنظیمیں
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر کے مسائل مرکزی حکومت حل کرے گی، امریکہ نہیں: عمرعبداللہ
-
ہندوستان7 days agoطلبہ پر پیلٹ گن کے استعمال کے میرے پاس ہیں ثبوت: راہل
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں-سری نگر کے درمیان نئی وندے بھارت ٹرین، ادھم پور میں بھی اسٹاپ ہوگا
