ہندوستان
ملن پردھان کی گرفتاری جمہوریت کا قتل: راہل ، کھرگے، نندی گرام میں بی جے پی پر ‘ووٹ چوری’ کا الزام
نئی دہلی، کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے ہفتہ کو نندی گرام اسمبلی ضمنی انتخاب کے سلسلے میں کانگریس امیدوار ملن پردھان کی گرفتاری پر بھارتیہ جنتا پارٹی پر شدید حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ کارروائی ”ووٹ چوری“ اور ”چناو چوری“ کی ایک کھلی کوشش کا حصہ ہے اور انہوں نے حکمراں جماعت پر مغربی بنگال میں جمہوریت کے قتل کا الزام لگایا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک سخت پوسٹ میں، کھرگے نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپوزیشن امیدوار کو نشانہ بنانے کے لیے ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے، اور دعویٰ کیا کہ حکمراں جماعت اتنی غیر محفوظ ہو چکی ہے کہ وہ ضمنی انتخاب میں بھی اس طرح کے ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہی ہے۔
کھرگے نے کہا، ”نندی گرام میں کانگریس امیدوار ملن پردھان کی گرفتاری ووٹ چوری اور چناو چوری کی ایک کھلی کوشش ہے۔“ انہوں نے مزید کہا، ”بی جے پی اتنی غیر محفوظ ہے کہ ضمنی انتخاب میں بھی وہ اپوزیشن امیدوار کو نشانہ بنانے اور گرفتار کرنے کے لیے ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔“ کھرگے نے وزیراعظم نریندر مودی پر بھی ہندوستان کو ”جمہوریت کی ماں“ کے طور پر بیان کرنے پر نشانہ بنایا، اور اس جملے کا موازنہ اس سے کیا جو انہوں نے الزام لگایا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی کا طرز عمل ہے۔
کانگریس صدر نے کہا، ”وزیراعظم ہندوستان کے ‘جمہوریت کی ماں’ ہونے کی ڈینگ مارتے ہیں۔ بی جے پی مغربی بنگال میں جو کر رہی ہے وہ جمہوریت کا قتل ہے۔“
گرفتاری کے باوجود کانگریس کے پیچھے نہ ہٹنے کا اعلان کرتے ہوئے، کھرگے نے سیاسی خوف و ہراس کا مقابلہ کرنے کے پارٹی کے عزم کا اعادہ کیا جسے انہوں نے سیاسی دھمکی قرار دیا اور متحدہ اپوزیشن کے ردعمل کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا، ”کانگریس نہ ڈرے گی اور نہ ہی خاموش رہے گی۔ ایک متحدہ انڈیا اس کا مقابلہ کرے گا۔“
پردھان کی گرفتاری کے ارد گرد پیدا ہونے والے تنازع نے نندی گرام اسمبلی ضمنی انتخاب سے قبل سیاسی کشیدگی کو تیز کر دیا ہے۔ کانگریس رہنماوں نے الزام لگایا ہے کہ پولیس کی کارروائی سیاسی انتقام کو ظاہر کرتی ہے اور اس کے وقت پر سوال اٹھائے ہیں۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج آرگنائزیشن کے سی وینوگوپال نے اس سے قبل بی جے پی پر ”جمہوریت کو ہائی جیک“ کرنے کی کوشش کا الزام لگایا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ اس کیس کو کانگریس امیدوار کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ کانگریس نے اس واقعہ کو ریاستی اداروں کے مبینہ غلط استعمال پر ایک وسیع تر سیاسی تصادم کے طور پر پیش کیا ہے۔ جبکہ کھرگے اور پارٹی کے دیگر رہنماوں نے بی جے پی پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں، پردھان کی گرفتاری کے حالات، کیس کی تفصیلات اور بعد میں ہونے والی قانونی کارروائی سرکاری ریکارڈ اور عدالتی عمل کے ذریعے تصدیق کے معاملات ہیں۔
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
ترقی یافتہ ہندوستان کے سفر کے مرکز میں ہے ملک کی نوجوان طاقت: مودی
نئی دہلی، وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 20 ویں روزگار میلے میں مختلف سرکاری تنظیموں میں نو منتخب ملازمین میں 51,000 سے زائد تقرر نامے تقسیم کیے اور کہا کہ ملک کی نوجوان طاقت ترقی یافتہ ہندوستان کے سفر کے مرکز میں ہے۔
مسٹر مودی نے نوجوان ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ روزگار میلہ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے حکومت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیت اور ہنر نے دنیا کا اعتماد حاصل کیا ہے اور دنیا کو ملک کی توانائی بخش نوجوان طاقت سے بڑی امیدیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد تجارت کے معاہدے نوجوانوں کے لیے مواقع کے نئے راستے کھول رہے ہیں، معاہدے ہمارے تاجروں کے لیے نئی شراکت داریوں اور منڈیوں کا راستہ بناتے ہیں، ساتھ ہی ہمارے نوجوانوں کے لیے کریئر کے نئے امکانات بھی پیدا کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان ابھی دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ نظام ہے۔
اس کے علاوہ، ہندوستان کی اسٹارٹ اپ کہانی اب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں ہے۔ آج تقریباً آدھے تسلیم شدہ اسٹارٹ اپ ٹیئر-2 اور ٹیئر-3 شہروں میں واقع ہیں۔
مسٹر مودی نے کہا، ”روزگار سے جڑی کامیابی ہزاروں خاندانوں کے لیے بڑی خوشی لے کر آتی ہے۔ یہ امیدواروں کی ذاتی محنت اور ان کے والدین کی طرف سے کی گئی بڑی قربانیوں، دونوں کو عزت دینے کا موقع ہے۔ میں زندگی کی اس نئی شروعات کے لیے آپ سب کو بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں۔“ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان 2047 تک ترقی یافتہ ملک بننے کے بڑے ہدف کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس میں نئے مقرر ہونے والے نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر انتظامی فیصلے کے ذریعے نوجوانوں کو مسلسل ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان کی دونوں مہمات کو مضبوط کرنا ہے۔
حال ہی میں ختم ہوئے برکس سربراہ اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی حکمت عملی بین الاقوامی تعاون کو صرف روایتی حکومت سے حکومت کے تعلقات سے بہت آگے لے جانے کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برکس کنیکٹ اور برکس ایم ایس ایم ای تعاون پورٹل جیسے اقدامات تاجروں، کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کو براہ راست عالمی شراکت داریوں سے جوڑنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”ہر شخص کو اس شراکت داری میں سرگرم حصہ دار بننا چاہیے۔“ گزشتہ کچھ برسوں کی اقتصادی سفارت کاری کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تقریباً 40 ممالک کے ساتھ کیے گئے آزادانہ تجارت کے معاہدے روزگار اور کریئر کے نئے امکانات کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے ملک کے تاجروں کے لیے نئی منڈیاں اور نئی شراکت داریاں بنا رہے ہیں اور نوجوانوں کے لیے کریئر کے مواقع کو وسعت دے رہے ہیں۔
مستقبل کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو ہنر مند بنانے پر حکومت کی مسلسل توجہ کے بارے میں بتاتے ہوئے وزیراعظم نے قومی تعلیمی پالیسی، اسکل انڈیا مشن، پی ایم کوشل وکاس یوجنا اور اپرنٹس شپ کو فروغ دینے کی کوششوں جیسے اہم اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے پی ایم سیتو یوجنا کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت 60,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ 1,000 سرکاری آئی ٹی آئیز کو جدید بنایا جا رہا ہے اور اس میں صنعتوں کی براہ راست شرکت بھی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کی تعلیم اور ہنر بدلتی معیشت کی ضروریات کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں۔ ملک میں اسٹارٹ اپ کے تیز تر نظام کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تقریباً آدھے تسلیم شدہ اسٹارٹ اپ ٹیئر-2 اور ٹیئر-3 شہروں سے ہیں۔
انہوں نے چھوٹے شہروں کے نوجوانوں کی بھی تعریف کی، جو اپنے خیالات پر سرگرمی سے کام کر رہے ہیں، کمپنیاں بنا رہے ہیں اور اپنے ساتھیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ نجی شعبے میں روزگار بڑھانے کی حکمت عملی بتاتے ہوئے وزیراعظم نے پردھان منتری وکست بھارت روزگار یوجنا کا ذکر کیا۔ یہ ایک لاکھ کروڑ روپے کا بڑا اقدام ہے، جس کا ہدف دو کروڑ نوجوانوں کو پہلی بار باضابطہ روزگار کے نظام میں شامل کرنا ہے۔ روزگار کی تخلیق کو معیشت کی مضبوط صورتحال سے جوڑتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع تب ہی پیدا ہوتے ہیں جب معیشت بڑھتی ہے، سرمایہ کاری بڑھتی ہے اور نئی صنعتوں کی توسیع ہوتی ہے۔
نئے حکام کو مسلسل انتظامی تبدیلیوں کے دور کو اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیراعظم نے ٹیکس قوانین کی تعمیل کو آسان بنانے، کاروبار کو آسان بنانے، تعلیم اور ہنر مندی کے شعبے میں اصلاحات نافذ کرنے اور نئے شعبوں کو جدت طرازی کے لیے کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نوجوان حکام کو ذمہ داری دی کہ ان کے دورِ ملازمت کے دوران حکومت میں اصلاحات کی رفتار رکنی نہیں چاہیے۔ مسٹر مودی نے کہا، ”یہ ضروری ہے کہ ملک میں اصلاحات کی ایکسپریس مسلسل پوری رفتار سے چلتی رہے۔“
وزیراعظم نے کہا کہ ہر فائل پر کیا گیا دستخط اور ہر انتظامی فیصلہ ایسا ہونا چاہیے جو رکاوٹوں کو دور کرے، خیالات کو آگے بڑھنے کا موقع دے اور جدت طرازی پر مبنی سرمایہ کاری کو فروغ دے، جس سے بالآخر روزگار پیدا ہو۔ وزیراعظم نے ان سے حکومت کے نظام میں ملنے والی نئی طاقت کا استعمال گہری حساسیت کے ساتھ کرنے کو کہا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ سروس میں آنے سے پہلے انہوں نے جن انتظامی رکاوٹوں کا سامنا کیا، انہیں خود دور کرنے کی کوشش کریں۔ مسٹر مودی نے کہا، ”آپ کی کوشش ایسی ہونی چاہیے کہ جن مشکلات سے آپ گزرے ہیں، دوسرے نوجوانوں کو ان مشکلات سے نہ گزرنا پڑے۔“
تیزی سے بدلتی دنیا میں زندگی بھر سیکھتے رہنے کی سوچ کو فروغ دیتے ہوئے وزیراعظم نے نئے ملازمین کو مسلسل اپنے ہنر کو بہتر بنانے اور مشن کرم یوگی کے ذریعے نئی ٹیکنالوجیز میں مہارت حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ نئے حکام تمام شعبوں میں مکمل لگن اور سچی لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ مسٹر مودی نے کہا، ”آپ کی کامیابی تب اور بڑی ہوگی، جب آپ کے کام سے کسی شہری کی زندگی آسان ہوگی۔“
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
ہندوستان کی ترقی میں رفتار، صحت مند فطرت دونوں موجود ہیں : مودی
نئی دہلی، وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ ہندوستان نے اپنی اقتصادی ترقی کو رفتار دینے کے ساتھ ساتھ فطرت کی صحت کا بھی پورا خیال رکھا ہے۔ ہندوستان پیرس موسمیاتی کانفرنس میں اعلان کردہ اپنے اہداف کو وقت سے پہلے پورا کرنے والا ملک ہے۔
مسٹر مودی دارالحکومت میں نیشنل گرین ٹربیونل (این جی ٹی) کی جانب سے منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ ماحولیات اورآب وہوا کی رفتار کے مستقبل پر منعقدہ اس کانفرنس میں 17 ممالک کے جج، عدالتی حکام، وکلا، ماہرین ماحولیات اور ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔ افتتاح میں چیف جسٹس سوریہ کانت، ماحولیات و جنگلات کے وزیر بھوپیندر یادو اور این جی ٹی کے چیئرمین پرکاش شریواستو کی موجودگی میں وزیراعظم نے این جی ٹی ایپ کا بٹن دبا کر افتتاح کیا جس میں صارف این جی ٹی کے تمام معاملات کی صورتحال اور پیشرفت وغیرہ کی معلومات اپنے موبائل پر حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا، ”ہماری ترقی تیز رفتار بھی ہے اور صحت مند بھی۔“ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 12 سال میں ان کی حکومت نے شمسی توانائی اور گرین انرجی کے شعبے میں بے مثال کام کیے ہیں، آبی گزرگاہوں اور ریلوے لائنوں کی ترقی اور برق کاری، میٹرو ریلوے نیٹ ورک کی توسیع اور الیکٹرک گاڑیوں کے تیز تر استعمال سے کاربن کے اخراج میں کمی آئی ہے۔ گھنے جنگلاتی علاقوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اتھر وید کے منتر ”ماتا بھومی : پترو اہم پرتھویا :“ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی تہذیب میں زمین کو ماں کے روپ میں دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہندوستان، جی-20 میں واحد ایسا ملک ہے جس نے پیرس موسمیاتی کانفرنس (کاپ-21) میں کیے گئے تمام وعدوں (قومی عہدبستگیوں) کو وقت سے پہلے پورا کر کے دکھایا ہے۔“
انہوں نے کہا، ”گزشتہ 12 سال میں ماحولیات سے جڑے ہر شعبے میں… ہندوستان نے غیر معمولی پیشرفت کی ہے۔ ہندوستان یہ دکھا رہا ہے کہ ترقی اور ماحولیاتی استحکام ساتھ ساتھ کیسے چل سکتے ہیں۔“ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے قابل تجدید توانائی کے ذرائع کی ترقی پر بڑی توجہ دی ہے اور اس سمت میں اٹھائے گئے اقدامات نے ماحولیاتی تحفظ میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔
مسٹر مودی نے بین الاقوامی مندوبین کے سامنے یہ بھی کہا، ”اکثر کاربن کے اخراج کی ذمہ داری غلط طریقے سے ترقی پذیر ممالک پر ڈالی جاتی رہی ہے۔ جبکہ تاریخی سچائی یہ ہے… آج بھی فی کس کاربن کے اخراج میں ہندوستان کا حصہ عالمی اوسط کے آدھے سے بھی کم ہے!“ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کانفرنس عدالتی نقطہ نظر، سائنسی معلومات، ماحولیاتی گورننس کے نظام اور تمام عدالتوں میں ادارہ جاتی تجربات کے تبادلے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ یہ پالیسی سازی، نفاذ اور تعمیل میں حائل خلا سمیت اہم ماحولیاتی اور موسمیاتی چیلنجوں پر بات چیت کی سہولت فراہم کرے گی اور ماحولیاتی گورننس اور ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں کو تلاش کرے گی۔
یواین آئی ایف اے
ہندوستان
خواتین کو تحفظ دینے میں معاشرہ اور حکومت دونوں ناکام: پرینکا
نئی دہلی، کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے دہلی میں 17 سالہ لڑکی کے ساتھ بے رحمی کے بعد اس کے قتل اور ایک دیگر نابالغ لڑکی کے ساتھ عصمت دری کے واقعے پر خواتین کی سلامتی کے معاملے میں معاشرے اور حکومت دونوں کو ناکام قرار دیا ہے۔ محترمہ گاندھی نے ہفتہ کو سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ ملک میں خواتین کی سلامتی کی ذمہ داری لینے کے لیے کوئی تیار نہیں ہے اور خواتین کی ترقی کی صرف کھوکھلی باتیں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکڑوں خواتین پر ظلم اور تشدد ہوتا ہے اور مجرموں کے خلاف ٹھوس کارروائی کی امید نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان معاملات میں ایف آئی آر تک درج نہیں ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ اور حکومت دونوں خواتین کو تحفظ، آزادی اور مساوات کا حق دینے میں پوری طرح ناکام ہیں۔
یو این آئی۔ این یو۔
-
جموں و کشمیر1 week agoسرحد پار دہشت گردی کی سازش کے معاملے میں این آئی اے نے کشمیر کے کئی مقامات پر تازہ تلاشی لی
-
جموں و کشمیر1 week agoاین آئی اے نے حافظ سعید کے خلاف دوسرا غیر ضمانتی وارنٹ حاصل کیا
-
دنیا1 week agoسعودی عرب کی حوثیوں کے خلاف جنگ میں مداخلت کی درخواست امریکہ نے مسترد کردی
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: ایس آئی اے کی ٹیم نے پونچھ، اودھم پور کے کئی علاقوں میں چھاپے مارے
-
دنیا1 week agoلبنان سے انخلاء تک اسرائیل کے ساتھ کوئی نئی مذاکرات نہیں: عون
-
ہندوستان1 week agoپوتن نے استعماری سوچ والے ممالک پر کثیر قطبی دنیا کے ابھار کو متاثر کرنے کا الزام لگایا
-
دنیا1 week agoسعودی تیل پائپ لائن پر ڈرون حملوں کے بعد عراق نے متعدد سرحدی گزرگاہیں بند کردیں
-
کھیل1 week agoفٹنس ٹیسٹ نہ دینے پر امام اور رضوان ڈومیسٹک کرکٹ سے باہر
-
ہندوستان1 week agoگوئل نے برکس ممالک کے درمیان مارکیٹ تک رسائی بڑھانے پر زور دیا
-
دنیا5 days agoہم حوثی حملوں کا ‘سخت’ جواب دیں گے:سعودی عرب
-
دنیا1 week agoامریکہ کے پاس چین کے خلاف اے آئی تحفظات ہیں: ٹرمپ
-
جموں و کشمیر1 week agoکشمیر میں لشکر سے جڑی سرحد پار دہشت گردانہ سازش کے معاملے میں این آئی اے نے 10 مقامات پر چھاپے مارے
