تازہ ترین
قدرتی وسائل کا تحفظ: شوپیان پولیس کا غیر قانونی کان کنی مافیا کے خلاف سخت کارروائی
سری نگر، شوپیان پولیس نے غیر قانونی کان کنی کے خلاف اپنی کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے جمعرات کو کیگام علاقے میں دو جے سی بیز اور ایک ڈمپر ضبط کر کے متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ ضلع پولیس کے مطابق یہ کارروائی مسلسل نگرانی اور غیر قانونی معدنیات نکالنے کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔
پولیس بیان کے مطابق پولیس پوسٹ کیگام کی ٹیم معمول کے گشت پر تھی جب انہوں نے ایک ڈمپر اور دو جے سی بیز کو مشکوک حالت میں دیکھا۔ ابتدائی جانچ کے دوران یہ مشینری بغیر کسی رائلٹی دستاویز کے غیر قانونی کان کنی اور معدنیات کی نقل و حمل میں مصروف پائی گئی۔ اس کے فوراً بعد پولیس نے مشینری ضبط کرتے ہوئے معاملے کے متعلق کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ضلع میں غیر قانونی کان کنی سے ماحولیات کو شدید نقصان پہنچتا ہے اور اس عمل سے سرکاری خزانے کو بھی بھاری نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوپیان پولیس نے اس عمل کے خاتمے کے لیے سخت پالیسی اپنائی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی بلاامتیاز کی جائے گی۔
ایک سینئر افسر نے کہا، ’قدرتی وسائل کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ غیر قانونی کان کنی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی کان کنی یا معدنیات کی غیر مجاز نقل و حمل کی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس پوسٹ کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی ضلع بھر میں اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شفافیت قائم رہے، ماحولیات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور قانون کی سختی سے عمل درآمد ہو۔
شوپیان پولیس نے واضح کیا ہے کہ قدرتی وسائل کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف ان کی مہم مزید تیزی کے ساتھ جاری رہے گی۔
یو این آئی۔ ارشید بٹ
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر بی جے پی صدر کی خواتین کے درمیان پارٹی کی سرگرمیاں بڑھانے اور سیاست میں ان کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر زور
جموں، جموں و کشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ست شرما نے پیر کو پارٹی کے مہیلا مورچہ کو نچلی سطح پر مزید مضبوط بنانے، خواتین کے درمیان اس کی سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کرنے اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ست شرما ضلع کٹھوعہ کے بلاور میں بی جے پی مہیلا مورچہ کی ایک تنظیمی میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے۔ میٹنگ سے جموں و کشمیر بی جے پی مہیلا مورچہ کی صدر نیہا مہاجن، ضلع انچارج امر سنگھ، ضلع صدر گوپال کرشن، سابق ڈی ڈی سی چیئرمین کرنل مہان سنگھ اور ضلع مہیلا مورچہ کی صدر کاجل راجپوت نے بھی خطاب کیا۔
ست شرما نے کہا کہ بی جے پی کی تنظیم کو مضبوط بنانے اور جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لیے مہیلا مورچہ کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو سیاست، فیصلہ سازی اور عوامی زندگی میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جانی چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ پارٹی کارکنان ہر گھر تک پہنچیں، خصوصاً کمزور اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین سے رابطہ قائم کریں، تاکہ نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی جانب سے خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کی گئی مختلف اسکیموں کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت تمام برادریوں کی خواتین کو سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں خواتین کے وقار، مالی خود مختاری اور ملک کی تعمیر میں ان کی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ست شرما نے مہیلا مورچہ کی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت اور نچلی سطح پر خواتین کے درمیان ایک مؤثر رابطے کا ذریعہ بنیں۔
نیہا مہاجن نے کہا کہ ہر گاؤں اور علاقے کی خواتین سے رابطہ قائم کرکے پارٹی کی تنظیمی بنیاد کو وسیع کرنے میں مہیلا مورچہ کی اہم ذمہ داری ہے۔
انہوں نے ضلع اور منڈل سطح کی ٹیموں کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ مودی حکومت کی فلاحی اسکیموں کے بارے میں معلومات عام کرنے میں سرگرم کردار ادا کریں۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر حکومت نے خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے اسکول کے لیے 5 کنال اراضی مختص کی
جموں، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی جموں و کشمیر حکومت نے ضلع بارہمولہ کی تحصیل واٹرگام کے علاقے اسٹیٹ ہادی پورہ میں پانچ کنال اراضی محکمہ سماجی بہبود کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اراضی پر خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے لیے ایک مخصوص اسکول قائم کیا جائے گا۔
یہاں جاری ایک سرکاری بیان میں ترجمان نے بتایا کہ مجوزہ ادارے میں ان بچوں کے لیے خصوصی تعلیمی سہولیات، علاج و معالجے سے متعلق معاون خدمات اور ہنر مندی کی تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ ایک سازگار اور جامع ماحول میں تعلیم حاصل کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ایسے بچوں میں خود اعتمادی، خود مختاری اور بااختیاری کو فروغ دینا ہے، تاکہ وہ معاشرے میں بامعنی کردار ادا کرسکیں۔
یہ پہل حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ ترقیاتی اور سماجی بہبود کی اسکیموں کے فوائد معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچائے جائیں، خصوصاً ان افراد تک جنہیں اضافی دیکھ بھال، تعاون اور ادارہ جاتی سہولیات کی ضرورت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت بزرگ شہریوں، معذور افراد اور معاشی طور پر کمزور طبقات کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کو مسلسل ترجیح دے رہی ہے۔
اس سلسلے میں سماجی بہبود کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، ضروری خدمات تک رسائی بہتر کرنے اور مستحق افراد کو ان کے جائز حقوق اور سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ مسلسل اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ ایک ایسا جامع اور ہمدردانہ معاشرہ تشکیل دیا جائے، جہاں ہر شہری کو، خواہ اس کی معاشی یا جسمانی حالت کچھ بھی ہو، باوقار زندگی گزارنے، ضروری سہولیات حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ضلع بارہمولہ میں مجوزہ اسکول کا قیام خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے لیے معاون نظام کو مضبوط بنانے اور ان کی تعلیم، بحالی اور سماجی انضمام کے مواقع وسیع کرنے کی سمت ایک اور اہم قدم ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا
ہندوستان
سیتارمن نے پیر کو دو بجٹ سے قبل مشاورتی اجلاسوں میں صحت، سماجی شعبہ، اعلیٰ تعلیم اور آر اینڈ ڈی شعبہ کے ماہرین کی تجاویز سنیں
ئی دہلی، وزیر خزانہ اور کارپوریٹ امور نرملا سیتارمن نے پیر کو سماجی شعبہ اور تحقیق و ترقی، اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کے ماہرین کے ساتھ دو الگ الگ بجٹ سے قبل اجلاس کیے اور آئندہ بجٹ 2027-28 کے بارے میں ان کی تجاویز اور سفارشات سنیں۔ محترمہ سیتارمن اس سے قبل مختلف شعبوں کے ماہرین کے ساتھ نو اجلاس کر چکی ہیں۔
وزیر خزانہ کی صدارت میں آج 10ویں بجٹ سے قبل مشاورتی اجلاس میں صحت اور سماجی شعبہ کے ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تبادلہ خیال ہوا۔ اس اجلاس کا مقصد دونوں شعبوں کے نمائندوں سے تجاویز اور خیالات حاصل کرنا تھا، تاکہ آئندہ مالی سال کے لیے حکومت کی بجٹ ترجیحات اور پالیسی اقدامات کو طے کرنے میں مدد مل سکے۔
اس اجلاس میں محکمہ اقتصادی امور (ڈی ای اے) اور وزارت قبائلی امور کے سیکرٹریوں کے علاوہ وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے سینئر حکام اور حکومت ہندوستان کے چیف اکنامک ایڈوائزر نے بھی شرکت کی۔
صحت اور سماجی شعبہ حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کے اہم حصے ہیں۔ ان شعبوں میں ہونے والے تبادلہ خیال سے صحت خدمات کو مضبوط بنانے، ضروری خدمات تک عام لوگوں کی رسائی کو بہتر بنانے اور سماجی ترقی سے جڑے وسیع چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تجاویز ملنے کی امید ہے۔
محترمہ سیتارمن کی صدارت میں 11ویں بجٹ سے قبل مشاورتی اجلاس میں تحقیق و ترقی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کے ماہرین کی تجاویز درج کی گئیں۔ ان شعبوں کو ہندوستان کی علم پر مبنی معیشت کو مضبوط بنانے، جدت طرازی کو فروغ دینے، تحقیقی صلاحیتوں میں اصلاح کرنے اور عالمی سطح پر مسابقتی تعلیمی نظام تیار کرنے کے لحاظ سے انتہائی اہم مانا جاتا ہے۔
اس اجلاس میں وزارت خزانہ کے محکمہ اقتصادی امور، وزارت تعلیم اور محکمہ بایوٹیکنالوجی کے سیکرٹریوں کے ساتھ ساتھ حکومت ہندوستان کے چیف اکنامک ایڈوائزر بھی موجود تھے۔ حکومت تحقیقی نظام کو مضبوط بنانے، جدت طرازی کی حوصلہ افزائی کرنے، تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان بہتر تعاون کو فروغ دینے اور سائنسی تحقیق اور تکنیکی ترقی میں سرمایہ کاری بڑھانے پر خصوصی زور دے رہی ہے۔ اس نقطہ نظر سے ان شعبوں کے ماہرین کے ساتھ اس اجلاس کی اپنی الگ اہمیت ہے۔
اعلیٰ تعلیم اور تحقیق ہندوستان کی طویل مدتی اقتصادی اور ترقیاتی حکمت عملی کے اہم حصے بن کر ابھرے ہیں۔ حکومت کا مقصد تعلیمی اداروں کے معیار میں بہتری لانا، اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو وسعت دینا، نجی شعبے کی شراکت داری کی حوصلہ افزائی کرنا اور جدت طرازی اور کاروباری صلاحیت کے لیے سازگار ماحول تیار کرنا ہے۔
بجٹ سے قبل مشاورت کا عمل ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز کو وزارت خزانہ کے سامنے اپنی سفارشات رکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس کے ذریعے وہ پالیسی ترجیحات، مالی ضروریات اور شعبے سے متعلق مخصوص چیلنجز کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات پر اپنی تجاویز پیش کر سکتے ہیں۔
یو این آئی۔ الف الف۔ م الف
-
تجزیہ1 week agoایران۔امریکہ۔اسرائیل جنگ اورعالمی سطح پرفوسل فیول کے اخراج میں کمی
-
ہندوستان1 week agoآسیان- ہندوستان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے مودی منیلا پہنچے
-
ہندوستان7 days agoملک کی باغبانی میں بہار، پھلوں، سبزیوں سے لے کر پھولوں تک ہر شعبے میں زبردست اضافہ: شیوراج سنگھ چوہان
-
ہندوستان1 week agoدسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں انتخابی مہم تیز کرے گی کانگریس، راہل اور پرینکا گاندھی بھی سنبھالیں گے محاذ
-
جموں و کشمیر6 days agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
جموں و کشمیر6 days agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
دنیا1 week agoہندستان، امریکہ سمیت 10 ممالک نے سپر انٹیلی جنس دور کی سپلائی چین کو محفوظ بنانے کے لیے اعلامیے پر دستخط کیے
-
ہندوستان6 days agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
دنیا7 days agoآبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا
-
جموں و کشمیر6 days agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان6 days agoہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
-
ہندوستان6 days ago
