ہندوستان
مودی۔ شاہ کی جوڑی کا پس پردہ کھیل جاننا چاہتا ہے ملک: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی جوڑی پارلیمنٹ اور حلقہ بندی کے معاملے پر پس پردہ جو کھیل کھیل رہی ہے، ملک کے عوام اس کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔
کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہا کہ اب تک ملک کو یہ معلوم ہو جانا چاہیے تھا کہ اگر پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس ہونا ہے تو عوام اس کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مانسون اجلاس، جسے اب تک غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی نہیں کیا گیا ہے، اسے دوبارہ کب طلب کیا جائے گا، یہ بات بھی اب تک واضح ہو جانی چاہیے تھی۔ اس کے ساتھ ہی لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے لیے مسٹر مودی اور مسٹر شاہ کی جوڑی کی مایوس کن کوششوں کو دیکھنے کے بعد ملک یہ جاننے کا حق رکھتا ہے کہ اگر وہ حلقہ بندی کے سلسلے میں کسی فارمولے پر کام کر رہے ہیں تو وہ فارمولا کیا ہے۔
مسٹر رمیش نے یہ بھی کہا کہ مسلسل برقرار رہنے والا یہ معمہ دو باتوں کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ یا تو وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی جوڑی الجھن کا شکار ہے اور اپنے ہی دعوؤں میں پھنس گئی ہے یا پھر کوئی انتہائی خطرناک منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا، ”مسٹر مودی اور مسٹر شاہ دونوں ‘جی ٹی اے’ (گیانیش تھیفٹ ارینجرز) معاملے میں پوری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں۔ بدقسمتی سے، پہلے ہی بری طرح متاثر پارلیمانی ادارے کو اس جوڑی کے اقدامات سے مزید کمزور کیا جا رہا ہے۔”
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
وزیر اعظم مودی نے اوم برلا کی سالگرہ پر انہیں مبارک باد پیش کی
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کو سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے خوش اخلاق رویے، آئینی اصولوں کی سمجھ بوجھ اور جمہوری اقدار کو مضبوط بنانے کے عزم کی تعریف کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مودی نے کہا کہ اوم برلا کا ہمدردانہ رویہ اور آئینی اصولوں کی سمجھ بوجھ لوک سبھا کی کارروائی کو بامقصد بنانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے، جبکہ جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے ان کا عزم لوگوں کو مسلسل ترغیب دے رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا، ”لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو سالگرہ پر دلی مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔” انہوں نے ان کی طویل عمر اور اچھی صحت کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مسٹرمودی نے پارلیمانی کارروائی کے تئیں اوم برلا کے طرز عمل اور جمہوری اصولوں سے ان کی وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایوان کی تعمیری اور بامقصد کارروائی کو یقینی بنانے میں ان دونوں باتوں کی اہمیت ہے۔ ان کے پیغام میں اسپیکر کے عہدے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، جو پارلیمانی روایات کو برقرار رکھنے، بامعنی بحث و مباحثے کو فروغ دینے اور قانون سازی کی کارروائی کو آئینی اقدار کے مطابق چلانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ہندوستان کی پارلیمانی جمہوریت میں اسپیکر کو ایک اہم مقام حاصل ہے۔ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایوان میں نظم و ضبط برقرار رکھیں، پارلیمانی قواعد و ضوابط اور روایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور قانون سازی کی کارروائی میں حکمراں جماعت اور اپوزیشن دونوں کی شرکت کو ممکن بنائیں۔
اوم برلا کئی مواقع پر پارلیمانی نظم و ضبط، تعمیری مکالمے اور جمہوری اداروں کے وقار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دے چکے ہیں۔ وزیر اعظم کے سالگرہ کے پیغام میں ان ادارہ جاتی ذمہ داریوں کا اعتراف کرتے ہوئے اسپیکر کی اچھی صحت، طویل عمر اور ملک کی پارلیمانی جمہوریت کے لیے ان کی مسلسل خدمات کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
یو این آئی۔ ایم جے
ہندوستان
شری جھولے لال مندر پٹیل نگر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات، 15 سال کے حسابات کا آڈٹ پیش کرنے کا مطالبہ
ووٹر لسٹ میں شفافیت کی کمی اور انتخابی عمل پر بھی سوالات، غیر جانبدارانہ جانچ کا مطالبہ
نئی دہلی، شری بھگوان جھولے لال مندر، پٹیل نگر کے انتخابی عمل اور انتظامی نظام کو لے کر سندھی سماج میں تنازع گہرا ہوگیا ہے۔ مندر کے اراکین، سابق عہدیداروں اور سندھی سماج کے نمائندوں نے انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں، ووٹر لسٹ میں شفافیت کی کمی اور گزشتہ تقریباً 15 برسوں کے حسابات کا آڈٹ فراہم نہ کیے جانے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔اس سلسلے میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مندر انتظامیہ سے کئی سوالات پوچھے گئے اور انتخابی عمل کی غیر جانبدارانہ جانچ کا مطالبہ کیا گیا۔
پریس کانفرنس میں سندھی کونسل آف انڈیا (شمالی ہند) کے صدر اشوک لالوانی نے الزام لگایا کہ مندر میں تقریباً 11 برسوں تک انتخابات نہیں کرائے گئے، جب کہ ادارے کے آئین کے مطابق عہدیداروں کی مدت کار ایک یا دو سال مقرر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تقریباً 15 برسوں کے آڈٹ شدہ حسابات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ مندر میں چڑھاوے، عطیات اور عمارت کے کرائے سے ہونے والی آمدنی کا شفاف حساب عوام کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سابق انتظامی کمیٹی سے نئی کمیٹی کو تمام ضروری دستاویزات سونپنے کا مطالبہ بھی کیا۔
صدر کے عہدے کی امیدوار سمیرہ چگانی نے الزام لگایا کہ انتخابات کے اعلان کے باوجود ووٹر لسٹ فراہم نہیں کی گئی۔ کہا گیا کہ سال 2018 کی پرانی فہرست کی بنیاد پر انتخابات کرائے جائیں گے، جب کہ اس دوران کئی ارکان کی موت ہوچکی ہے یا وہ دوسری جگہ منتقل ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب سال 2018 کے بعد نئے بنائے گئے کئی ارکان کے نام بھی فہرست میں شامل نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ اور انتخابی افسر کی تقرری پر بھی سوالات اٹھائے۔ سندھی سماج کے رکن گوتم تھوانی نے بتایا کہ انہیں پریزائیڈنگ افسر مقرر کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ جب انہوں نے نئے ارکان کی فہرست اور بیلنس شیٹ طلب کی تو انہیں بعد میں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ان کا الزام ہے کہ انہیں اطلاع دیے بغیر کسی دوسرے شخص کو پریزائیڈنگ افسر مقرر کرکے انتخابات کرا دیے گئے۔
وہیں نائب صدر کے عہدے کی امیدوار سونیا کیشوانی نے الزام لگایا کہ انتخابات کے آغاز سے لے کر ووٹنگ تک کا پورا عمل غیر منصفانہ رہا۔ ان کے مطابق بار بار اعتراضات درج کرانے کے باوجود ان پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے ووٹنگ کے دوران رائے دہندگان کو پرچیوں پر نمبر دینے اور انہیں رجسٹر میں درج کرنے کے انتظام پر سوال اٹھاتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ اس سے ووٹنگ کی رازداری متاثر ہوسکتی ہے۔ انہوں نے فرضی ووٹنگ کا الزام بھی لگایا۔ پریس کانفرنس میں اشوک ہیمراجانی، رشمی انڈیا سمیت دیگر سماجی کارکنان اور نمائندے بھی موجود تھے۔ تمام مقررین نے انتخابی عمل کی جانچ کرانے، ووٹر لسٹ کو عوام کے سامنے پیش کرنے اور گزشتہ برسوں کے حسابات کا آزادانہ آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مندر اور ادارے کی جائیداد اور آمدنی کا استعمال ذاتی مفادات کی بجائے پورے سندھی سماج کے مذہبی، سماجی اور فلاحی کاموں کے لیے ہونا چاہیے۔
یو این آئی۔ م س
ہندوستان
آئی آئی ٹی کھڑگپور کے 100 سال مکمل ہونے تک وکست بھارت کی تعمیر کا عزم کریں: مودی
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے اگلے 20 برسوں میں ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے طلبہ سے پوری محنت کے ساتھ کام کرنے کا عزم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے میں نوجوانوں کا اہم کردار ہوگا۔
مسٹر مودی نے ہفتہ کو مغربی بنگال میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کھڑگپور کے قیام کے 75ویں سال کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے گزشتہ چند برسوں میں اپنی سوچ کی حدود کو توڑ کر کئی شعبوں میں نئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے غربت کے خاتمے، سیمی کنڈکٹر کی تیاری اور خلائی شعبے میں ہونے والی تبدیلیوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جو کام پہلے ناممکن سمجھے جاتے تھے، وہ آج ممکن ہو رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ عالمی بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 12 سے 13 برسوں کے دوران ہندوستان میں 50 کروڑ افراد غربت سے باہر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے غریبوں کو بااختیار بنانے اور ان کی زندگی آسان کرنے کے لیے کئی اسکیمیں شروع کی ہیں۔
سیمی کنڈکٹر کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مشن شروع کیے جانے کے وقت کئی لوگوں نے سوال اٹھائے تھے کہ ہندوستان کو اس کی کیا ضرورت ہے اور اب اس شعبے میں بہت دیر ہو چکی ہے۔
لیکن حکومت نے اس سمت میں کام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ چار برسوں کے اندر ملک میں سیمی کنڈکٹر کی کئی سہولیات شروع ہو چکی ہیں اور ہندوستان چِپ برآمد کرنے لگا ہے۔
خلائی شعبے میں تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے اسرو سے باہر کے نوجوانوں کے لیے اس شعبے میں مواقع محدود تھے۔ حکومت نے خلائی شعبے کو نوجوانوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے آئی آئی ٹی کھڑگپور کے سابق طالب علم پون کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسکائی روٹ ایرو اسپیس کی بنیاد رکھ کر ہندوستان کے پہلے نجی راکٹ لانچ میں تعاون کیا۔
مسٹر مودی نے طلبہ سے کہا کہ آنے والی دو دہائیاں ان کی زندگی کے سب سے اہم برس ہوں گے۔ 2047 تک ان میں سے کئی افراد قیادت کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہوں گے۔ انہوں نے نوجوانوں سے ملک کے چیلنجوں کی شناخت کرنے اور ان کے حل میں اپنا تعاون دینے کی اپیل کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ طلبہ کو ہمیشہ ”نیشن فرسٹ” یعنی ملک مقدم کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی آئی ٹی کھڑگپور کے 100 سال مکمل ہونے کی تقریب ترقی یافتہ ہندوستان میں منعقد ہوگی۔
اپنے خطاب کے اختتام پر وزیر اعظم نے سوامی وویکانند کے پیغام ”اٹھو، جاگو اور اس وقت تک مت رکو جب تک ہدف حاصل نہ ہو جائے” کو دہراتے ہوئے نوجوانوں سے ہدف کے حصول کے لیے مسلسل محنت کرنے کی اپیل کی۔
یواین آئی۔ ایف اے
-
ہندوستان7 days agoآسیان- ہندوستان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے مودی منیلا پہنچے
-
ہندوستان6 days agoملک کی باغبانی میں بہار، پھلوں، سبزیوں سے لے کر پھولوں تک ہر شعبے میں زبردست اضافہ: شیوراج سنگھ چوہان
-
دنیا1 week agoنیتن یاہو کی گادی آئزن کوٹ سے ایران پر دوبارہ حملوں کے امکان پر بات چیت
-
تجزیہ7 days agoایران۔امریکہ۔اسرائیل جنگ اورعالمی سطح پرفوسل فیول کے اخراج میں کمی
-
جموں و کشمیر5 days agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
جموں و کشمیر5 days agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان7 days agoدسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں انتخابی مہم تیز کرے گی کانگریس، راہل اور پرینکا گاندھی بھی سنبھالیں گے محاذ
-
ہندوستان5 days agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
جموں و کشمیر5 days agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان5 days ago -
دنیا7 days agoہندستان، امریکہ سمیت 10 ممالک نے سپر انٹیلی جنس دور کی سپلائی چین کو محفوظ بنانے کے لیے اعلامیے پر دستخط کیے
-
دنیا6 days agoآبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا
