ہندوستان
ہندوستان نے نیپال کی ترقی کے لیے 24 ہزار کروڑ نیپالی روپے کے پیکیج کا اعلان کیا
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے نیپال کی تعمیر نو اور طویل مدتی ترقی کو مضبوط بنانے کے لیے 24 ہزار کروڑ نیپالی روپے کے ترقیاتی تعاون پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
مسٹر مودی نے ہندوستان کے دورے پر آئے نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کے بعد مشترکہ پریس بیان میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور نیپال کا رشتہ محض پڑوسی ہونے کا نہیں، بلکہ اپنائیت اور اٹوٹ اعتماد کا ہے۔ دونوں ممالک کی خوشیاں اور چیلنجز مشترک ہیں اور وہ ایک دوسرے کی ترقی میں شریک ہیں۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان آٹھ معاہدوں پر دستخط کیے گئے اور ریل، سڑک، توانائی اور پیٹرولیم سے متعلق چھ منصوبوں کا آغاز اور افتتاح بھی کیا گیا۔
دونوں وزرائے اعظم نے ورچوئل طریقے سے ایودھیا اور جنک پور کے درمیان سریو۔کملا ایکسپریس ریل سروس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
مسٹر مودی نے اگست میں نیپال میں آنے والے بھیانک سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مشکل وقت میں نیپال کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی تعمیر نو میں تعاون کرے گا۔
ہندوستان اور نیپال کے درمیان تعلیم، پولیس تربیت، انتظامیہ، صحت، روایتی طریقہ علاج ، خلائی ٹیکنالوجی اور شہری ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے آٹھ مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے۔
ان میں گاندھی نگر واقع نیشنل فارینسک سائنسز یونیورسٹی اور نیپال پولیس کے جرائم کی تحقیقات کے محکمے کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی تعاون کا معاہدہ شامل ہے۔
اس کے علاوہ ہندوستان کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور نیپال کی نیشنل پولیس اکیڈمی کے درمیان بھی معاہدہ ہوا ہے۔
نیپال کے سرکاری ملازمین کی تربیت اور صلاحیت سازی کے لیے ہندوستان کے نیشنل سینٹر فار گڈ گورننس اور نیپال کے ایڈمنسٹریٹو اسٹاف کالج کے درمیان معاہدہ کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے آیوروید اور دیگر روایتی طریقہ علاج، صحت اور طب، مویشی پروری اور ماہی پروری کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے لیے بھی معاہدے کیے ہیں۔
ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) اور نیپال کی وزارت اطلاعات و مواصلات کے درمیان جنوبی ایشیا سیٹلائٹ کے استعمال کے لیے سیٹلائٹ مواصلاتی نیٹ ورک قائم کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔
اس کے ساتھ ہی پائیدار شہری ترقی کے شعبے میں تکنیکی تعاون کے سلسلے میں بھی دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ کیا گیا ہے۔
مشترکہ بیان میں دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے چھ منصوبوں کے آغاز، افتتاح اور پیش رفت سے متعلق اعلانات کیے گئے۔ ان میں ایودھیا اور جنک پور کے درمیان سریو۔ کملا ایکسپریس ریل سروس کا آغاز شامل ہے۔
ہندوستان کے بنبسا میں نئی انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ کی بنیاد رکھی جائے گی۔ وہیں، بھیروہوا، سونولی اور دودھارا چاندنی میں انٹیگریٹڈ چیک پوسٹوں کی تعمیر میں ہوئی پیش رفت کا بھی ذکر کیا گیا۔
دھارچولا (ہندوستان) اور دارچولا (نیپال) کے درمیان نئے سرحد پار موٹر گاڑی پل کا افتتاح کیا گیا۔ توانائی کے شعبے میں 669 میگاواٹ کے لوئر ارون پن بجلی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔
اس کے علاوہ موتیہاری۔املیکھ گنج پیٹرولیم پائپ لائن کے دوسرے مرحلے کو قوم کے نام وقف کیا گیا۔ مجوزہ سلی گوڑی۔جھاپا پیٹرولیم پائپ لائن سے متعلق جھاپا پیٹرولیم ٹرمینل کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔
مسٹر مودی نے نیپال میں اسٹارٹ اَپ انکیوبیٹر، اختراعی مرکز اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کا ایک غیر ملکی کیمپس قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیپالی طلبہ کے لیے ہندوستان میں قانون اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اسکالرشپ کے مواقع بڑھائے جائیں گے۔
اس کے علاوہ غذائی اشیا کی پروسیسنگ اور زرعی مصنوعات کی قدر میں اضافے کو فروغ دینے کے لیے نیپال میں زرعی صنعتی پارکوں کی ترقی میں بھی ہندوستان تعاون کرے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کئی برسوں سے نیپال کو پیٹرولیم مصنوعات اور دیگر ضروری اشیا کی قابل اعتماد فراہمی کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال تیل کی فراہمی سے متعلق سنگین چیلنجز کے باوجود ہندوستان نے اپنی ‘پڑوسی مقدم ‘ پالیسی کے جذبے کے مطابق نیپال کو ایندھن، کھاد اور دیگر ضروری اشیا کی فراہمی برقرار رکھی۔
مسٹر مودی نے ہندوستان اور نیپال کے تعلقات کو مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور عوام کے درمیان گہرے رشتوں پر مبنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان رام اور ماتا سیتا دونوں ممالک کی مشترکہ تہذیب اور عقیدے کی علامت ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان اور نیپال ایک دوسرے کی ترقی میں شریک ہیں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بنتے ہیں۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
کانگریس اور ایس پی کے درمیان اتحاد پر اتفاق، دو سے تین دن میں نشستوں کی تقسیم کا فیصلہ
نئی دہلی، اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے درمیان اتحاد اور نشستوں کی تقسیم کے سلسلے میں پیر کو پہلی باضابطہ میٹنگ ہوئی، جس کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ بات چیت خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی اور جلد ہی نشستوں کی تقسیم پر فیصلہ ہو جائے گا۔
کانگریس اور ایس پی دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ اتحاد طے ہے اور نشستوں کی تقسیم دونوں جماعتوں کی طاقت، سیاسی صورتحال اور نشستیں جیتنے کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے گی۔
اتحاد کا ہدف دو تہائی اکثریت حاصل کرنا ہے اور اس کے لیے دونوں جماعتیں اپنی طاقت یکجا کرکے انتخاب لڑیں گی۔ انہوں نے اتر پردیش میں حکومت بنانے کا اعتماد بھی ظاہر کیا۔
میٹنگ کانگریس رہنما پرمود تیواری کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس میں دونوں جماعتوں کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔ میٹنگ کے بعد کانگریس اور ایس پی کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ بات چیت مثبت ماحول میں ہوئی ہے اور جلد ہی نشستوں کی تقسیم پر معاہدہ ہو جائے گا۔ تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں نشستوں کی تقسیم اور انتخابی مساوات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میٹنگ کے بعد کانگریس کے اتر پردیش انچارج راجندر پال گوتم نے صحافیوں سے کہا کہ بات چیت بہت اچھی اور مثبت رہی۔ دونوں جماعتیں مل کر انتخاب لڑنے پر متفق ہیں اور جلد ہی باہمی اتفاق رائے سے معاہدے پر پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نشستوں کی تقسیم کا معاملہ تقریباً حتمی شکل اختیار کر چکا ہے، لیکن فی الحال اس کی تفصیلات شیئر نہیں کی جائیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان کل منگل کو بھی میٹنگ ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس پی اور کانگریس کا اتحاد طے ہے اور جب دونوں جماعتوں میں سے کسی کو اس بارے میں کوئی تشویش نہیں ہے تو بی جے پی کیوں پریشان ہے۔
اتر پردیش کے سینئر کانگریسی رہنما پرمود تیواری نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے نمائندے ان انتخابی حلقوں کی نشاندہی کر رہے ہیں جہاں اتحاد کی جیت کے امکانات ہیں۔ نشستوں کی تقسیم کا فارمولہ دونوں جماعتوں کی طاقت اور جیتنے کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کا ہدف دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت بنانا ہے۔
مسٹر تیواری نے کہا کہ سیاست میں امکانات وقت کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں اور نئے انتخابی صورتحال میں کانگریس اور ایس پی کا اتحاد ہونا ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی 1984 کے لوک سبھا انتخابات میں محض دو نشستوں سے اپنے سفر کا آغاز کرکے موجودہ مقام تک پہنچ سکتی ہے تو ایس پی اور کانگریس اپنی طاقت یکجا کرکے اتر پردیش میں حکومت کیوں نہیں بنا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت خوشگوار ماحول میں ہو رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر منگل کو بھی میٹنگ ہوگی۔
مسٹر تیواری نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے رہنما اپنی اپنی طاقت اور انتخابی اعداد و شمار کی بنیاد پر نشستوں پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ اتحاد کا ہدف دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت بنانا ہے اور نشستوں کی تقسیم جیتنے کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کی جائے گی۔ دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت باہمی احترام اور خوشگوار ماحول میں ہو رہی ہے۔
ایس پی کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ رام گوپال یادو نے کہا کہ میٹنگ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے خیالات سنے ہیں اور جلد ہی اتحاد کو حتمی شکل دے کر اس کی اطلاع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سے تین دن میں اتحاد کا عمل مکمل کر لیا جائے گا اور بات چیت کا اگلا دور منگل کو ہوگا۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
مودی نے بالیندر شاہ کا راشٹرپتی بھون میں خیرمقدم کیا
نئی دہلی، ہندوستان کے دو روزہ دورے پر آئے نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ کا پیر کو یہاں راشٹرپتی بھون میں روایتی خیرمقدم کیا گیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون کے احاطے میں مسٹر شاہ کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ نیپال کے وزیر اعظم کو تینوں افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
نیپال کے وزیر اعظم راشٹرپتی بھون سے راج گھاٹ کے لیے روانہ ہو گئے، جہاں انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس کے بعد دونوں وزرائے اعظم دو طرفہ بات چیت کریں گے۔
شام کو مسٹر شاہ راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم بننے کے بعد مسٹر شاہ کا ہندوستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
مودی۔ شاہ کی جوڑی کا پس پردہ کھیل جاننا چاہتا ہے ملک: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی جوڑی پارلیمنٹ اور حلقہ بندی کے معاملے پر پس پردہ جو کھیل کھیل رہی ہے، ملک کے عوام اس کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔
کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہا کہ اب تک ملک کو یہ معلوم ہو جانا چاہیے تھا کہ اگر پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس ہونا ہے تو عوام اس کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مانسون اجلاس، جسے اب تک غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی نہیں کیا گیا ہے، اسے دوبارہ کب طلب کیا جائے گا، یہ بات بھی اب تک واضح ہو جانی چاہیے تھی۔ اس کے ساتھ ہی لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے لیے مسٹر مودی اور مسٹر شاہ کی جوڑی کی مایوس کن کوششوں کو دیکھنے کے بعد ملک یہ جاننے کا حق رکھتا ہے کہ اگر وہ حلقہ بندی کے سلسلے میں کسی فارمولے پر کام کر رہے ہیں تو وہ فارمولا کیا ہے۔
مسٹر رمیش نے یہ بھی کہا کہ مسلسل برقرار رہنے والا یہ معمہ دو باتوں کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ یا تو وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی جوڑی الجھن کا شکار ہے اور اپنے ہی دعوؤں میں پھنس گئی ہے یا پھر کوئی انتہائی خطرناک منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا، ”مسٹر مودی اور مسٹر شاہ دونوں ‘جی ٹی اے’ (گیانیش تھیفٹ ارینجرز) معاملے میں پوری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں۔ بدقسمتی سے، پہلے ہی بری طرح متاثر پارلیمانی ادارے کو اس جوڑی کے اقدامات سے مزید کمزور کیا جا رہا ہے۔”
یواین آئی۔ ایف اے
-
ہندوستان7 days agoآسیان- ہندوستان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے مودی منیلا پہنچے
-
ہندوستان6 days agoملک کی باغبانی میں بہار، پھلوں، سبزیوں سے لے کر پھولوں تک ہر شعبے میں زبردست اضافہ: شیوراج سنگھ چوہان
-
تجزیہ7 days agoایران۔امریکہ۔اسرائیل جنگ اورعالمی سطح پرفوسل فیول کے اخراج میں کمی
-
دنیا1 week agoنیتن یاہو کی گادی آئزن کوٹ سے ایران پر دوبارہ حملوں کے امکان پر بات چیت
-
جموں و کشمیر5 days agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان7 days agoدسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں انتخابی مہم تیز کرے گی کانگریس، راہل اور پرینکا گاندھی بھی سنبھالیں گے محاذ
-
جموں و کشمیر5 days agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
ہندوستان5 days agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
دنیا7 days agoہندستان، امریکہ سمیت 10 ممالک نے سپر انٹیلی جنس دور کی سپلائی چین کو محفوظ بنانے کے لیے اعلامیے پر دستخط کیے
-
دنیا6 days agoآبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا
-
جموں و کشمیر5 days agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان5 days ago
