ہندوستان
ہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے بارے میں راہل گاندھی گمراہ کن باتیں پھیلاتے ہیں، مودی سے نفرت کے باعث ملک کو بدنام کرتے ہیں: بی جے پی
نئی دہلی، 18 نومبر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی پر امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی میں ہندوستانی معیشت، جمہوریت اور میڈیا کے حوالے سے جھوٹے اور گمراہ کن بیانات دینے کا الزام لگایا ہے اور انہیں عادتاً ایسا کرنے والا شخص قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے نفرت کے باعث بیرون ملک ہندوستان کی شبیہ خراب کرنے کا کام کرتے ہیں۔
بی جے پی کے قومی ترجمان گورو بھاٹیہ نے بدھ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر گاندھی اپنے بیرونی دوروں کے دوران ہندوستان کو بدنام کرنے کے لیے بے بنیاد بیانات دیتے ہیں۔ اسی سلسلے میں انہوں نے امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی میں ایک بار پھر جھوٹے، حقائق سے عاری اور بے بنیاد بیانات دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مسٹر مودی کی قیادت میں ہندوستان جمہوریت، معیشت، نوجوانوں کی طاقت اور عالمی وقار کے میدان میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ گزشتہ 12 برسوں کے دوران ملک نے اپنی داخلی طاقت اور بین الاقوامی شناخت کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ دوسری طرف مسٹر گاندھی انتشار، ناپختگی اور ہندوستان سے نفرت کی علامت بن چکے ہیں۔ وہ بیرون ملک جا کر ہندوستان کی ترقی اور اس کی مضبوط ہوتی شبیہ کو نقصان پہنچانے کے لیے جھوٹے بیانات دیتے ہیں۔ ان کی حرکتیں ان کی ہندوستان مخالف ذہنیت کو بے نقاب کرتی ہیں۔ وہ ایک شاطر شخص ہیں اور ہندوستان کے میر جعفر ہیں۔
مسٹر بھاٹیہ نے کہا کہ مسٹر گاندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان ایک اقتصادی بحران کے دہانے پر کھڑا ہے۔ شاید وہی ایسے لیڈر اور شہری ہیں جنہیں ہندوستان کی معیشت لڑکھڑاتی ہوئی نظر آتی ہے۔ ان کے اس دعوے کی اعداد و شمار کی بنیاد پر جانچ ضروری ہے۔ بی جے پی ترجمان نے کہا کہ گزشتہ اپریل سے جون تک ہندوستان کی حقیقی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 7.8 فیصد رہی۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے گزشتہ 26 اکتوبر کو مالی سال 2027 میں ہندوستانی معیشت کی سات فیصد شرح نمو کا اندازہ لگایا تھا۔ دنیا کی بڑی معیشتوں میں ہندوستان سب سے تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے شرح نمو سے متعلق اندازوں کے مطابق ہندوستان کی شرح نمو سات سے 7.1 فیصد، چین کی 4.4 فیصد، امریکہ کی 2.3 فیصد، روس کی 0.9 فیصد، جاپان کی 0.75 فیصد، جرمنی کی 1.32 فیصد اور برطانیہ کی 1.27 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی بیرون ملک دورے کے دوران ہندوستان کو چین سے سیکھنے کا مشورہ دیتے ہیں، جبکہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ہندوستان کی متوقع شرح نمو چین کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ انہیں بتانا چاہیے کہ وہ کس بنیاد پر ہندوستان کو اقتصادی بحران کے دہانے پر کھڑا قرار دے رہے ہیں۔
بی جے پی ترجمان نے سوال کیا کہ مسٹر گاندھی کو مسٹر مودی سے اتنی نفرت کیوں ہے، جن کی قیادت میں ہندوستان کی معیشت اور جمہوریت مسلسل مضبوط ہو رہی ہے؟ کانگریس کی قیادت والی ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت کی تین بڑی خامیاں تھیں۔ پہلی یہ کہ مہنگائی کی شرح دوہرے ہندسے تک پہنچ گئی تھی۔ دوسری، پالیسی سے متعلق فیصلے کرنے میں بے عملی تھی۔ فائلیں وزیر اعظم کے دفتر سے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کے پاس جاتی تھیں اور رشوت دیے بغیر کوئی فیصلہ نہیں ہوتا تھا۔ تیسری خامی 2جی ، کوئلہ گھوٹالے، دولت مشترکہ کھیلوں (سی ڈبلیو جی) اور جیجا جی سے متعلق گھوٹالوں کی طویل فہرست تھی۔
مسٹر بھاٹیہ نے کہا کہ اس کے برعکس وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستانی معیشت ‘فریجائل 5’ سے نکل کر ‘فینٹاسٹک 4’ تک پہنچ گئی ہے۔ مسٹر گاندھی نوجوانوں کے مستقبل اور ملک کے تعلیمی نظام پر بھی سوال اٹھاتے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ہندوستان کے نوجوانوں کو اپنا مستقبل نظر نہیں آتا، جبکہ ملک کی 65 فیصد آبادی 35 سال سے کم عمر کی ہے۔ یہی ہماری سب سے بڑی پونجی اور آبادیاتی طاقت ہے۔ ہندوستان کے نوجوان اپنا مستقبل روشن دیکھتے ہیں۔ کانگریس پارٹی کے 56 سالہ ایک ناپختہ نوجوان کو بھلے ہی اپنا مستقبل تاریک نظر آتا ہو، لیکن اس سے ملک کے نوجوانوں کی حقیقت نہیں بدلتی۔
مسٹر بھاٹیہ نے کہا کہ ہندوستان میں بے روزگاری کی شرح پانچ فیصد سے گھٹ کر 4.9 فیصد ہو گئی ہے۔ پیریاڈک لیبر فورس سروے (پی ایل ایف ایس) کے تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار اس کی تصدیق کرتے ہیں۔ اکتوبر 2026 میں لیبر فورس کی شراکت کی شرح بڑھ کر 55.7 فیصد ہو گئی، جس کی اہم وجہ افرادی قوت میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت ہے۔
مسٹر بھاٹیہ نے کہا کہ مسٹر گاندھی ہندوستانی میڈیا کو کمزور اور جانبدار قرار دیتے ہیں اور الزام لگاتے ہیں کہ میڈیا ان کی پریس کانفرنسوں کو نہیں دکھاتا، جبکہ ہندوستانی میڈیا جمہوریت کا مضبوط چوتھا ستون ہے اور حکمراں و اپوزیشن، دونوں کی بات عوام تک پہنچاتا ہے۔ مسٹر گاندھی اس سے پہلے بیرون ملک ہندوستان کی جمہوریت، عدلیہ، معیشت اور انتخابی عمل پر بھی سوال اٹھا چکے ہیں۔ جب صحافی ان سے مشکل سوال پوچھتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ تم بی جے پی سے ہو، اپنے اوپر بی جے پی کا بیج لگا لو اور مجھ سے سوال مت پوچھو۔ ان کی سوچ ایسی ہے کہ صحافی پہلے سوالات کی فہرست دیں، تاکہ وہ اپنی ممی سے جواب پوچھ کر آئیں۔ لیکن جب وہ سوالوں کے جواب نہیں دے پاتے تو اس کا الزام میڈیا پر نہیں ڈالنا چاہیے۔ ہم جمہوریت کے چوتھے ستون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ میڈیا ہم سے بھی مشکل سوال پوچھتا ہے۔ اگر تیاری مکمل ہو، نیت واضح ہو اور ملک سے محبت ہو تو کوئی بھی سوال مشکل نہیں ہوتا۔ راہل گاندھی کی نیت میں ہی کھوٹ ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
مودی کل فکی کے سالانہ کنونشن کا افتتاح کریں گے
نئی دہلی، 18 نومبر وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو یہاں بھارت منڈپم میں فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فکی) کی سالانہ عام میٹنگ اور سالانہ کنونشن کا افتتاح کریں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم حاضرین سے خطاب بھی کریں گے۔
اس سال کنونشن کا مرکزی موضوع ‘انڈیا 2047’ رکھا گیا ہے۔ اس میں صنعت و تجارت کی دنیا کی اہم شخصیات، کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو افسران، سفیروں، سفارت کاروں اور پالیسی سازوں سمیت 2500 سے زائد نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔
سال 2026-27 میں فکی کے 100سال مکمل ہورہے ہیں ۔ اس تنظیم کی بنیاد 7 اپریل 1927 کو رکھی گئی تھی اور 7 اپریل 2027 کو اسے 100 سال مکمل ہو جائیں گے۔
فکی کا قیام ایسے وقت میں عمل میں آیا تھا جب ہندوستانی کمپنیوں کی اقتصادی پالیسیاں وضع کرنے کے عمل میں شرکت محدود تھی۔ آزادی کے بعد سے یہ تنظیم ہندوستان کی اقتصادی تبدیلی اور عالمی معیشت کے ساتھ ملک کے بڑھتے ہوئے روابط میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے۔
فکی سرکاری، نجی اور کثیر ملکی شعبوں کی ڈھائی لاکھ سے زیادہ کمپنیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ ان میں 300 سے زائد علاقائی اور ریاستی سطح کی صنعتی انجمنوں کے ذریعے اس سے وابستہ کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ تنظیم کے 100 سے زیادہ ممالک کی 250 قومی کاروباری تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے ہیں۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
مودی حکومت کا اقتصادی ماڈل ناکام، ملک سنگین بحران کی طرف بڑھ رہا ہے: راہل
نئی دہلی، 18 نومبر کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت کا اقتصادی ماڈل ناکام ہو چکا ہے اور ملک سنگین اقتصادی بحران کی جانب بڑھ رہا ہے۔
مسٹر گاندھی نے امریکہ کے نیویارک میں کولمبیا یونیورسٹی کے اسکول آف انٹرنیشنل اینڈ پبلک افیئرز میں منگل کو منعقدہ ایک مکالمے کے دوران کہا کہ بے روزگاری، نظام تعلیم کی خامیاں، مینوفیکچرنگ کے شعبے کی کمزوری اور چھوٹے و درمیانہ درجے کے کاروباری اداروں کی مشکلات ملک کے بڑے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا نہیں ہو رہے ہیں اور اقتصادی و سیاسی طاقت چند بڑے گروپوں کے ہاتھوں میں مرتکز ہوتی جا رہی ہے۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ ان مسائل کو شرح نمو کے اعداد و شمار یا خدمات کے شعبے کی توسیع کے ذریعے چھپایا نہیں جا سکتا۔ صحافی لیڈیا پولگرین کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے ‘میک اِن انڈیا’ اور ‘اسٹارٹ اَپ انڈیا’ جیسی اسکیموں کی افادیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات مینوفیکچرنگ کے شعبے کو مطلوبہ مضبوطی فراہم کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کامیاب نہیں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمات کا شعبہ اکیلے ہندوستان جیسے بڑی آبادی والے ملک میں روزگار کی ضرورت پوری نہیں کر سکتا۔ مینوفیکچرنگ کو اقتصادی ترقی کی اصل بنیاد بنانا ہوگا۔
مسٹر گاندھی نے زراعت اور چھوٹے و درمیانہ درجے کے کاروباری اداروں کو ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ توسیع نہیں ہو رہی ہے اور کاروبار کے مواقع چند بڑے صنعتی گروپوں تک محدود ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہندوستان میں نجی سرمایہ کاری کیوں نہیں ہو رہی ہے اور ملک میں صرف اڈانی اور امبانی کے کاروبار ہی کیوں ترقی کر رہے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے گزشتہ کئی دہائیوں میں تیار کیے گئے اقتصادی ڈھانچے کو کمزور کیا ہے اور دولت کے ساتھ سیاسی طاقت کا ارتکاز بھی بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق قبائلی، دلت، کسان اور اقلیتیں اقتصادی اور سیاسی نظام میں حاشیے پر دھکیلی جا رہی ہیں۔ روزگار کی کمی اور معیاری تعلیم تک غیر مساوی رسائی کے باعث نوجوانوں میں بے اطمینانی بڑھ رہی ہے۔
طلبہ کے احتجاجی مظاہروں اور نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی سیاسی بے اطمینانی سے متعلق سوال پر مسٹر گاندھی نے کہا کہ کئی مظاہرین متوسط طبقے کے خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں، جنہیں کبھی وزیر اعظم نریندر مودی سے کافی امیدیں وابستہ تھیں۔ اب نوجوان سوال کر رہے ہیں کہ کیا تعلیمی قابلیت اور ڈگریاں انہیں روزگار اور اقتصادی تحفظ کی ضمانت دے سکتی ہیں۔ انہوں نے اقتصادی اور سیاسی طاقت کے ارتکاز کو جمہوری اداروں کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ دہرایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے انتخابی بے ضابطگیوں کے ثبوت جمع کیے ہیں اور نظام کے اندر سے بھی لوگ معلومات فراہم کرکے سامنے آ رہے ہیں۔
امریکہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کے ہندوستانی طلبہ اور نوجوانوں پر اثرات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے ہندوستانیوں کی تعداد ملک میں روزگار کے بڑے چیلنج کا محض ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔ ملک میں روزگار پیدا کرنے، گھریلو پیداوار کو مضبوط بنانے اور تعلیم کے معیار اور اس تک رسائی کو بہتر بنانے پر توجہ دینا ضروری ہے۔
مسٹر گاندھی نے امریکہ اور یورپی ممالک کے اقتصادی چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی نسبتاً کم لاگت اسے عالمی اقتصادی دباؤ کے درمیان کچھ مضبوطی فراہم کر سکتی ہے، لیکن اس کے لیے گھریلو اقتصادی کمزوریوں کو دور کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان کے طویل مدتی امکانات کے بارے میں پرامید ہیں، لیکن ملک وقت گنوا رہا ہے۔ اگر موجودہ اقتصادی سمت اگلے پانچ سے دس سال تک برقرار رہی تو ہندوستان سنگین مشکلات میں گھر سکتا ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
راجناتھ نے جاپان کے بحری اڈے کا دورہ کیا، جنگی جہاز کا بھی معائنہ کیا
نئی دہلی، 18 نومبر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بدھ کے روز جاپان کے یوکوسوکا میں جاپان میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے بحری اڈے کا دورہ کیا۔
اس موقع پر جاپان کے وزیر دفاع شن جیرو کوئزومی بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے جاپان کے موگامی کلاس کے کثیر المقاصد جنگی جہاز ‘جے ایس ناتوری’ کا معائنہ کیا۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان اور جاپان کے درمیان بڑھتا ہوا بحری تعاون آزاد، کھلے اور ضابطوں پر مبنی ہند بحرالکاہل خطے کے تئیں دونوں ممالک کے گہرے اعتماد اور مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے پہلے جاپان پہنچنے پر مسٹر سنگھ کا وزارت دفاع میں استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس کے بعد دونوں وزرائے دفاع نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بحری اڈے کا دورہ کیا۔
ٹوکیو میں ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ عالمی چیلنجوں کے باوجود ہندوستان دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشتوں میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں دفاعی پیداوار ایک دہائی قبل کے 48 ہزار کروڑ روپے سے بڑھ کر 1.80 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہو گئی ہے۔ وہیں دفاعی برآمدات 600 کروڑ روپے سے بڑھ کر ریکارڈ 38 ہزار کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں۔
مسٹر سنگھ دو روزہ دورے پر جاپان میں ہیں۔ جمعرات کو وہ ٹوکیو میں ہندوستان اور جاپان کے وزرائے خارجہ اور دفاع کی سطح پر ہونے والے چوتھے مذاکرات (ٹو پلس ٹو) میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی موجود رہیں گے۔ مسٹر سنگھ جاپان کے وزیر دفاع کے ساتھ دوطرفہ بات چیت بھی کریں گے۔
یواین آئی۔ ایف اے
-
ہندوستان1 week agoیمنا کے تئیں ہماری عقیدت عہد بستگی کی علامت: ریکھا گپتا
-
ہندوستان1 week agoمودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
-
دنیا1 week agoامریکی ایوانِ نمائندگان نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
-
دنیا1 week agoترکی کے اسٹیل کارخانے میں دھماکہ، کم از کم 17 افراد ہلاک، 12 زخمی
-
جموں و کشمیر1 week agoگاندربل میں سڑک حادثے میں گجرات اور مغربی بنگال کے آٹھ سیاح زخمی
-
دنیا1 week agoٹرمپ کی تجویز کردہ 250 فٹ اونچی فتح یادگار کے خلاف کینیڈی خاندان عدالت پہنچ گیا
-
دنیا1 week agoکوپ 31 میں امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں سے ماحولیاتی نقصان کا معاملہ اٹھائیں گے: پزشکیان
-
ہندوستان1 week agoحیدرآباد میں 13 اور 14 نومبر کو ‘بھارت سمٹ’، 70 ممالک کے تقریباً ایک ہزار نمائندے شریک ہوں گے: خورشید
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ ادھم پور اور ریاسی میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ اور نئے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری، مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی
-
ہندوستان1 week agoسونیا گاندھی کی ‘بیلونگنگ’: ایک محبت کی داستان جو ہندوستان کی سیاسی تاریخ بن گئی
-
ہندوستان1 week agoمدر ڈیری کے دودھ کی قیمتوں میں جمعرات سے فی لیٹر 2 سے 4 روپے تک اضافہ ہوگا
