تازہ ترین
آرٹیکل 370 آئین میں آج بھی زندہ، بحالی ناگزیر: عمر عبداللہ
جموں، جموں وکشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ایک بار پھر واضح کیا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کی بحالی ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور نیشنل کانفرنس اپنے انتخابی وعدوں پر پوری طرح قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب میں آرٹیکل 370 کا براہِ راست ذکر نہ ہونے کو غیر ضروری تنازع بنایا جا رہا ہے، کیونکہ یہ دفعہ آج بھی آئین ہند میں موجود ہے، اگرچہ اسے عملی طور پر کھوکھلا کر دیا گیا ہے۔ بحث سمیٹتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا:’ہم نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا، ہم آج بھی اسی پر قائم ہیں۔ آرٹیکل 370 کو حذف نہیں کیا گیا، اسے صرف کمزور کیا گیا ہے۔ اگر یہ آئین سے مکمل طور پر نکال دیا گیا ہوتا، تو ہم اسے دوبارہ شامل کرانے کا مطالبہ کرتے۔ مگر یہ دفعہ آئین میں آج بھی زندہ ہے، اسی لیے اس کا ذکر نہ ہونا کوئی خلا نہیں۔‘
وزیراعلیٰ نے یاد دلایا کہ اسمبلی پہلے ہی آرٹیکل 370 کی بحالی کے حق میں قرار داد منظور کر چکی ہے، اس لیے ایوان کا موقف ریکارڈ پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا،’ایوان نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ آرٹیکل 370 قانون کی کتابوں میں درج ہے، چاہے اس کا بڑا حصہ چھینا گیا ہو۔ ہم اسے بحال کرانے کے لیے پابندِ عہد ہیں، اور اس پر کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی درجے کے خاتمے نے ریاست کی شناخت اور آئینی حیثیت کو شدید نقصان پہنچایا، اور اس کی تلافی صرف اسی وقت ممکن ہے جب دفعہ 370 اپنی اصل روح کے ساتھ بحال ہو۔
قابل ذکر ہے کہ 5 اگست 2019 کو مرکزی حکومت نے آرٹیکل 370 کے بیشتر اختیارات منسوخ کرتے ہوئے ریاست کو دو حصوں—جموں و کشمیر اور لداخ—میں تقسیم کرکے دونوں کو مرکز کے زیر انتظام علاقے قرار دیا تھا۔ عمر عبداللہ نے ایوان کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت عوامی مینڈیٹ کے مطابق سیاسی، قانونی اور عوامی سطح پر کوششیں جاری رکھے گی تاکہ ریاست کی آئینی شناخت دوبارہ بحال ہو سکے۔
یو این آئی۔ ارشید بٹ
جموں و کشمیر
ہندوستان بدل چکا ہے، ہماری قیادت مضبوط ہے: کرن رجیجو
سرینگر، مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کرن رجیجو نے پیر کو کہا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران ہندوستان میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک اقتصادی، فوجی اور مالیاتی شعبوں میں دنیا کے سرکردہ ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔
سرینگر میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رجیجو نے کہاکہ ”ہندوستان بدل چکا ہے، ہماری قیادت مضبوط ہے۔”
بین الاقوامی درجہ بندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے، جن میں لووی انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کردہ درجہ بندی بھی شامل ہے، مرکزی وزیر نے کہا کہ کئی عالمی اداروں نے مختلف شعبوں میں ہندوستان کو اعلیٰ مقام دیا ہے، جو گزشتہ ایک دہائی کے دوران ملک کی ترقی اور پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”یہ صرف لووی انسٹی ٹیوٹ نہیں ہے، بلکہ دنیا کے کئی درجہ بندی کرنے والے اداروں نے اقتصادیات، فوجی اور مالیاتی شعبوں میں ہندوستان کو اعلیٰ مقام دیا ہے۔”
رجیجو نے کہا کہ 12 سال پہلے ہندوستان مختلف عالمی درجہ بندیوں میں کافی نیچے تھا، لیکن اب اس نے نمایاں ترقی کرتے ہوئے اپنی پوزیشن بہتر بنائی ہے۔ ان کے مطابق، ہندوستان اب دنیا کے تین یا چار سرکردہ ممالک میں شامل ہے اور یقیناً پانچ یا دس بڑے ممالک کی فہرست میں اپنی جگہ رکھتا ہے۔
اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنے خیالات کے اظہار کا حق حاصل ہے، لیکن اس کی تنقید لازماً زمینی حقیقت کی عکاسی نہیں کرتی۔
انہوں نے کہاکہ ”اپوزیشن مختلف باتیں کرے گی، کیونکہ وہ ہماری تعریف نہیں کرسکتی۔ لیکن صرف اس وجہ سے کہ اپوزیشن ہماری تعریف نہیں کرتی، اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس کی باتیں درست ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو اپنی رائے دینے کا حق ہے، تاہم ملک بدل چکا ہے اور ہندوستان بہت آگے بڑھ گیا ہے۔
لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے آئندہ انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر رجیجو نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) انتخابات کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہے، خواہ انتخابات ہوں یا نہ ہوں۔
انہوں نے کہاکہ ”بی جے پی ہمیشہ تیار رہتی ہے۔ پارٹی ہر وقت کام کرنے کے لیے تیار ہے، چاہے انتخابات ہوں یا نہ ہوں۔ ہم 24 گھنٹے کام کرنے کی حالت میں رہتے ہیں۔ بی جے پی کے کارکن کبھی آرام نہیں کرتے۔”
کونسل پر دوبارہ قبضہ برقرار رکھنے کے امکانات اور انتخابی تیاریوں کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ انتخابی حکمت عملی ظاہر نہیں کی جاسکتی اور اس سلسلے میں متعلقہ ذمہ داران ہی بات کریں گے۔
جموں و کشمیر میں طلبہ کی جانب سے مسابقتی امتحانات میں مبینہ بدعنوانی کے الزامات کے بارے میں پوچھے جانے پر مرکزی وزیر نے کہا کہ مکمل معلومات حاصل کیے بغیر وہ اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ان کی وزارت کے دائرہ کار میں نہیں آتا اور اگر وہ اس وقت اس پر بات کرتے ہیں تو معاملہ الجھ سکتا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ کو انصاف کی فراہمی کے مطالبے پر طلبہ کی جانب سے خط لکھے جانے کے بارے میں سوال پر رجیجو نے تسلیم کیا کہ یہ ایک اہم معاملہ ہے، تاہم انہوں نے نامکمل معلومات کی بنیاد پر کوئی جواب دینے سے گریز کیا۔
انہوں نے کہاکہ ”اگر مجھے کسی معاملے کے بارے میں مکمل معلومات یا علم نہیں ہے تو مجھے اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیے، ورنہ میری فراہم کردہ معلومات درست نہیں ہوسکتی ہیں۔”
رجیجو سری نگر میں جموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے منعقدہ مختلف پروگراموں میں شرکت کے لیے آئے تھے، جہاں انہوں نے بی بی حلیمہ کالج آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی، ایک عبادت گاہ اور نو تعمیر شدہ گیسٹ ہاؤس کا افتتاح کیا۔
مرکزی وزیر نے جموں و کشمیر وقف بورڈ کے ترقیاتی اقدامات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بورڈ کی چیئرپرسن درخشاں اندرابی کی قیادت میں انجام دیے جانے والے کام نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ملک کے لیے باعث فخر ہیں۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
امرناتھ یاترا کے بعد سڑکوں کی توسیع کا کام حفاظتی اور ماحولیاتی ضوابط کے مطابق جاری: بی آر او
جموں، بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے پیر کو کہا کہ سالانہ امرناتھ یاترا کے اختتام کے بعد امرناتھ غار کی جانب جانے والے راستوں پر سڑکوں کی توسیع کا کام مقررہ حفاظتی اصولوں اور ماحولیاتی تحفظ کے ضوابط کے مطابق انجام دیا جا رہا ہے۔
بی آر او نے ایک بیان میں کہا کہ کھدائی کے دوران نکلنے والے ملبے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے، قدرتی آبی گزرگاہوں کے تحفظ اور اطراف کے قدرتی زمینی خدوخال کو کم سے کم نقصان پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تنظیم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں کیے گئے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ علاقے میں نئے تعمیراتی کام شروع کیے جا رہے ہیں۔ بی آر او نے ان الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے وضاحت کی کہ جاری کام دراصل پہلے سے موجود راستوں کی توسیع سے متعلق ہیں۔
بی آر او کے مطابق، گزشتہ برسوں کی امرناتھ یاترا کے تجربات اور یاتریوں کی جانب سے وسیع راستوں کی ضرورت کی نشاندہی کے پیش نظر ان کاموں کا آغاز کیا گیا ہے۔ ان کا بنیادی مقصد راستوں کے کمزور اور غیر مستحکم حصوں کو مضبوط بنانا، آمد و رفت کے دوران بھیڑ اور ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور یاتریوں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ یاتراؤں کے تجربات اور شری امرناتھ یاترا کے دوران وسیع راستوں کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے بی آر او نے پگڈنڈیوں اور موجودہ راستوں کی توسیع کا کام شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں خاص طور پر ان حصوں کو مستحکم بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے جہاں راستوں کے غیر محفوظ ہونے کا خدشہ ہے، تاکہ بھیڑ بھاڑ میں کمی لائی جا سکے اور لوگوں کی آمد و رفت کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔
بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ یہ تمام کام صرف پہلے سے موجود راستوں تک محدود ہیں اور ان کے دائرے میں کسی نئے راستے کی تعمیر شامل نہیں ہے۔
بی آر او نے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد امرناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ راستوں کو زیادہ محفوظ اور قابل رسائی بنانے کے ذریعے نہ صرف یاتریوں بلکہ یاترا کے انتظامات میں مصروف عملے اور ان راستوں سے گزرنے والے دیگر تمام افراد کو بھی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
تنظیم کے مطابق، یہ اقدامات وسیع تر عوامی مفاد کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔
یواین آئی۔ ط ا
دنیا
یوکرین کے ڈرون نے لیبیا کے ساحل کے قریب روسی جنگی جہاز کو ڈبویا: زیلنسکی
کیف، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پیر کے روز کہا کہ یوکرینی فوج نے مشرقی لیبیا کی بن غازی بندرگاہ پر روسی فوجی اثاثوں کو نشانہ بناتے ہوئے بحری ڈرون سے حملہ کیا، جس میں روس کا ایک جنگی جہاز (کارویٹ) ڈوب گیا اور ہتھیاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والا ایک مال بردار جہاز تباہ ہوگیا۔
مسٹر زیلنسکی نے ایک بیان میں روس کے حملے کے جواب میں کیے گئے یوکرین کے ایک شاندار فوجی آپریشن کی تعریف کی۔
مسٹر زیلنسکی نے بتایا کہ یوکرینی فوج نے بن غازی بندرگاہ پر روس کے جدید ترین بحری جہازوں میں سے ایک ‘مرکری’ کو نشانہ بنانے کے لیے یوکرین میں تیار کیے گئے 7 بحری ڈرون استعمال کیے۔ اس حملے میں ‘مرکری’ ڈوب گیا اور ہتھیاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والا ایک مال بردار جہاز تباہ ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں روس کا ایک کے اے 27 فوجی ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہوگیا۔
یوکرینی صدر کے مطابق، ایک دوسرے ہدف روسی مال بردار جہاز ‘ایم وی انگارا’ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
مسٹر زیلنسکی نے ٹیلی گرام پر جاری ایک بیان میں کہاکہ ”ہم طے شدہ سمندری علاقوں میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔” یہ واقعہ اتوار کی صبح سامنے آیا، جب مشرقی لیبیا کے حکام نے بن غازی کے بحری اڈے پر ایک روسی جنگی جہاز سے وابستہ دھماکے کی تصدیق کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ جہاز روس واپس جانے سے پہلے ایندھن اور دیگر ضروری سامان لینے کے لیے بندرگاہ پر رکا ہوا تھا۔
اس حملے سے لیبیا کی خودمختاری کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے اور اس بات کا خطرہ بھی پیدا ہوگیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ بحیرہ روم تک پھیل سکتی ہے۔
لیبیا کی وزارت صحت نے بتایا کہ ساحل کے قریب نشانہ بنائے گئے ایک تجارتی جہاز پر سوار کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ وہی جہاز ہے جس کا ذکر یوکرین کے صدر کر رہے ہیں یا جس کی شناخت ‘ایم وی انگارا’ کے طور پر کی گئی ہے۔
روس نے ان حملوں پر براہ راست کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا اور سوالات کے جواب کے لیے روسی وزارت دفاع سے رابطہ کرنے کو کہا۔ لیبیا کے ساحل کے قریب یہ حملہ ہفتے کے روز خلیج فن لینڈ کے مشرقی حصے میں ایک دوسرے روسی مال بردار جہاز ‘اسپارٹا 2’ پر ہوئے ڈرون حملے کے ٹھیک ایک دن بعد ہوا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ جہاز روس کے بالٹک خطے کالینن گراڈ کی طرف جا رہا تھا، تبھی اس پر حملہ کیا گیا۔ فن لینڈ کی دفاعی افواج نے کہا کہ اس حملے کے لیے ممکنہ طور پر یوکرین ذمہ دار ہے، حالانکہ کیف نے اس واقعے پر عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے بالٹک خطے میں حملوں میں اضافے کو ایک خطرناک پیش رفت قرار دیا، جس سے علاقائی کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔
مسٹر پیسکوف نے نامہ نگاروں سے کہا کہ بالٹک میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کا پھیلاؤ ایک خطرناک رجحان ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
-
ہندوستان6 days agoملک کی باغبانی میں بہار، پھلوں، سبزیوں سے لے کر پھولوں تک ہر شعبے میں زبردست اضافہ: شیوراج سنگھ چوہان
-
ہندوستان1 week agoآسیان- ہندوستان سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے مودی منیلا پہنچے
-
تجزیہ1 week agoایران۔امریکہ۔اسرائیل جنگ اورعالمی سطح پرفوسل فیول کے اخراج میں کمی
-
دنیا1 week agoنیتن یاہو کی گادی آئزن کوٹ سے ایران پر دوبارہ حملوں کے امکان پر بات چیت
-
جموں و کشمیر5 days agoیو این آئی کمپنی لوگو خبریں تصویر ویڈیو انفوگرافکس آرکائیو ڈاؤن لوڈ سینٹر پریس ریلیز اے آئی سرچ لوگو Khabar Urdu 251077 Srinagar پلوامہ میں 70 سالہ خاتون کے قتل کا معاملہ بے نقاب، بہو سمیت دو افراد گرفتار
-
جموں و کشمیر5 days agoاین آئی اے عدالت نے منشیات سے وابستہ دہشت گردی کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد کردی
-
ہندوستان1 week agoدسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں انتخابی مہم تیز کرے گی کانگریس، راہل اور پرینکا گاندھی بھی سنبھالیں گے محاذ
-
ہندوستان5 days agoووٹ چور، گدی چھوڑ’ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
-
دنیا1 week agoہندستان، امریکہ سمیت 10 ممالک نے سپر انٹیلی جنس دور کی سپلائی چین کو محفوظ بنانے کے لیے اعلامیے پر دستخط کیے
-
دنیا6 days agoآبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا
-
جموں و کشمیر5 days agoاے پی ایس سی سی نے جون 2027 میں گرودوارہ انتخابات کے لیے تیاریوں کا مطالبہ کیا
-
ہندوستان5 days ago
